آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
کورونا وائرس کے دوران پابندیوں میں رہنے والی ’لاک ڈاؤن جینریشن‘ کئی دہائیوں تک متاثر رہ سکتی ہے
دنیا میں کورونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 56 لاکھ 18 ہزار سے زیادہ جبکہ ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے تین لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ پاکستان میں متاثرین کی تعداد 60 ہزار کے قریب ہے۔ کراچی کے این آئی بی ڈی میں جمعرات سے کورونا اینٹی باڈی ٹیسٹنگ کا آغاز متوقع ہے جبکہ پنجاب میں عید کے بعد کاروبار صرف پیر تا جمعرات کھلیں گے۔
لائیو کوریج
'باندھ دینے والی بیماری' نے مشرقِ وسطیٰ کو کیسے برباد کیا؟
نیوزی لینڈ میں 100 افراد کے اجتماعات کے انعقاد کی اجازت
نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جسنڈا آرڈرن کے مطابق رواں ہفتے جمعہ کے روز دوپہر 12 بجے سے ملک کے باسی 100 افراد کے اجتماعات میں شرکت کر سکیں گے۔
اس فیصلے کے بعد ملک میں مذہبی اجتماعات کی مکمل اجازت ہو گی جبکہ جنازوں میں شرکت کرنے والے افراد کی تعداد کے حوالے سے کوئی حد مقرر نہیں کی جائے گی۔
تاہم سیاحتی مقامات پر سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے حوالے سے مروجہ قواعد لاگو رہیں گے۔
اپریل میں نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم نے اعلان کیا تھا کہ ملک سے کورونا وائرس کا ’خاتمہ‘ ہو چکا ہے۔
جمہوریہ چیک: ’ایک بیئر خریدیں دوسری مفت ملے گی‘
گذشتہ چند ہفتوں کے دوران یقیناً بہت سارے افراد کو شراب اور بیئر میسر نہیں آئی ہو گی۔ لیکن اگر آپ جمہوریہ چیک میں موجود ہیں تو آج کا دن غنیمت جانیں۔
ملک بھر میں پیر سے بارز اور ریستوران مکمل طور پر کھل رہے ہیں۔ تاہم مزید خوشی کی خبر یہ ہے کہ ملک میں شراب بنانے والی سب سے بڑی کمپنی پلسنر ارکوئیل نے ایک بیئر خریدنے والے کو دوسری مفت دینے کا اعلان کیا ہے۔
یقیناً یہ پڑھنے کے بعد آپ کی پیاس میں اضافہ ہو گیا ہو گا۔
سپین: بارسیلونا اور میڈرڈ میں پابندیوں میں نرمی
پیر سے سپین کےشہروں بارسیلونا اور میڈرڈ میں لاک ڈاؤن میں نرمی لائی جا رہی ہے۔
نئے قوانین کے مطابق لوگوں کو دس افراد کے گروہوں میں ملنے کی اجازت ہو گی، پارکس کھول دیے جائیں گے اور کچھ میوزیمز میں محدود افراد کو آنے کی اجازت ہو گی۔
جن عمارتوں میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ناممکن ہو وہاں لوگوں کے لیے ماسکس پہننا لازمی ہو گا۔
ملک کے دوسرے حصے جو کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں وہاں پہلے ہی پابندیوں میں نرمی لائی جا چکی ہے۔
سپین میں لاک ڈاؤن دراصل دنیا کے سخت ترین لاک ڈاؤنز میں سے ایک تھا۔ یہ دنیا میں اموات کے اعتبار سے چوتھا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اب تک 28700 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
بریکنگ, کورونا وائرس: پاکستان میں 1700 سے زائد نئے مریض، مزید 34 اموات, پاکستان میں کل متاثرین: 56349 | اموات: 1167 | صحتیاب: 17482
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس سے 1700 سے زائد نئے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ 34 اموات بھی ہوئی ہیں۔
اس طرح ملک میں متاثرین کی کل تعداد 56 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ اموات 1167 ہیں۔
اب تک 17482 افراد اس وائرس سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔
انڈیا میں اندرونِ ملک پروازیں بحال، متاثرین کی تعداد میں نمایاں اضافہ
دو ماہ کی بندش کے بعد انڈیا نے پیر کے روز اندرونِ ملک پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد پروازوں کی بحالی چند مروجہ اصولوں اور قواعد کی بنیاد پر کی گئی ہے۔ مسافروں کو حکومت کی جانب سے اجرا کردہ ’کانٹیکٹ ٹریسنگ ایپ‘ ڈاؤن لوڈ کرنا ہو گی اور ایئر پورٹ پر ان کی تھرمل سکیننگ بھی کی جائے گی۔
ریاست آسام اور اترپردیش نے اعلان کیا ہے کہ یہاں آنے والے مسافروں کو قرنطینہ میں رہنا ہو گا۔
ریاست پنجاب اور کرناٹک نے قرنطینہ کے مختلف اصولوں کا اعلان کیا ہے۔ نئی دلی حکومت کے مطابق وہ ان مسافروں کو قرنطینہ میں نہیں رکھیں گے جن میں علامات ظاہر نہیں ہو رہیں۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق جو افراد پیر کے روز پہلی پروازوں میں سفر کریں گے ان میں نیم فوجی دستوں کے اہلکار، طلبہ اور اپنے آبائی شہروں کو جانے والے افراد شامل ہیں۔
اس فیصلے کے بعد ملک میں ایوی ایشن کے شعبے کو یقیناً فائدہ پہنچے گا کیونکہ دو ماہ کی بندش کے باعث اسے شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
انڈیا میں اتوار کے روز چھ ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے تھے اور اب تک ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 30 ہزار کے قریب جبکہ اموات 3867 ہیں۔
کورونا وائرس: کیا پاکستان میں وبا پر قابو پانے کے لیے اجتماعی مدافعت کی تکنیک کارگر ثابت ہو سکتی ہے؟
’انسان ریوڑ نہیں ہے۔‘ عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر مائیکل رائن کے ان الفاظ کی بازگشت گذشتہ ہفتے میڈیا میں سنائی دیتی رہی ہے۔
ان کا اشارہ کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کے طریقہ علاج، یعنی ہرڈ ایمیونٹی، کی جانب تها۔
ہرڈ امیونٹی (اجتماعی مدافعت) سے مراد آبادی کے ایک بڑے حصے کو متعدی بیماری کی ویکسین یا اسی بیماری میں مبتلا کر کے ان کے جسم میں اس بیماری کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرنا ہے تاکہ وبا کے پهیلاؤ کا سلسلہ روکا جا سکے۔
ڈاکٹر رائن نے غصے میں کہا تها ’انسان ریوڑ نہیں ہے، میرے خیال میں ہمیں اس وقت ایسے الفاظ کے استعمال میں بہت محتاط ہونا چاہیے جب ہم انسانوں میں قدرتی انفیکشنز کی بات کرتے ہیں۔ کیونکہ یہ الفاظ (ہرڈ امیونٹی) ایک ایسی وحشیانہ مساوات کو جنم دے سکتے ہیں جس میں انسان، زندگی اور تکلیف مرکزِ نگاہ نہیں رہتے۔‘
پاکستان میں گذشتہ چند دنوں سے اجتماعی مدافعت کا ذکر سننے کو مل رہا ہے اور اس کا تعلق لاک ڈاؤن میں مرحلہ وار خاتمے کے فیصلے سے بهی جوڑا جا رہا ہے۔
کورونا وائرس: میکسیکو میں دس لاکھ نوکریاں ختم ہونے کا خدشہ
میکسیکو کے صدر آندریس مینوئیل اوبریڈر نے خبردار کیا ہے کہ غیرضروری کاروباروں کی بندش کے باعث ملک میں 10 لاکھ نوکریاں ختم ہونے کا خذشہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’میرے اندازے کے مطابق کورونا وائرس کے باعث 10 لاکھ نوکریاں ختم ہو سکتی ہیں تاہم ہم 20 لاکھ نئی نوکریوں کے اجرا کی کوشش کریں گے۔‘
جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق میکسیکو میں 68 ہزار کورونا وائرس کیسز ہیں جبکہ 7394 افراد اس وائرس کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں۔
جنوبی افریقہ: دنیا کی سب سے گہری سونے کی کان میں 164 کورونا وائرس کیسز
جنوبی افریقہ میں دنیا کی سب سے گہری سونے کی کان میں 164 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
ایمپونینگ نامی کان میں گذشتہ ماہ ملک کی دیگر کانوں کی طرح مارچ میں بند کر دیا گیا تھا تاہم اسے اپنا آپریشن گذشتہ ماہ شروع کر دیا تھا۔
یہاں فی الحال کام کی 50 فیصد ہی بحالی ہوئی تھی تاہم مزدوروں نے اپنی حفاظت کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا تھا۔
زیادہ تر افراد جن میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی تھی ان میں اس کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔
کان کی سرپرست کمپنی اینگلوگولڈ اشانتی کے مطابق ان سب افراد کو خود ساختہ تنہائی میں رکھا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق گذشتہ ہفتے ایک کیس سامنے آنے کے بعد 650 ورکرز کے ٹیسٹ کیے گئے۔
برِاعظم افریقہ میں جنوبی افریقہ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اب تک 21343 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔ ملک میں اموات کی تعداد 407 ہے جو مصر اور الجیریا سے کم ہیں۔
بریکنگ, چین میں اب مقامی طور پر منتقل ہونے والے کوئی نئے کیسز نہیں
چین نے اتوار کے اختتام تک 11 نئے متاثرین کی تصدیق کی ہے جو کہ گذشتہ روز کے مقابلے میں تین زیادہ ہے۔
ملک میں نیشنل ہیلتھ کمیشن نے کہا ہے کہ تمام کیسز بیرونِ ملک سے آئے تھے۔
اس کے علاوہ 40 نیے ایسے متاثرین بھی سامنے آئے ہیں جن میں کووڈ 19 کی کوئی علامات نہیں ہیں۔ چین میں ایسے افراد کی گنتی علیحدہ کی جاتی ہے جن میں اس وائرس کی تشخیص ہوتی ہے تاہم ان میں علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔
چین میں مجموعی طور پر اب تک 84095 متاثرین سامنے آئے ہیں اور 4638 اموات ہوئی ہیں۔
مودی حکومت نے لاک ڈاؤن میں کیا غلطی کی
بریکنگ, امریکہ نے برازیل سے آنے والے غیر ملکیوں پر پابندی لگا دی
امریکہ نے ایسے تمام غیر ملکیوں کے ملک میں داخل ہونے پر پابندی لگا دی ہے جو کہ گذشتہ 14 روز میں برازیل میں تھے۔
جنوبی امریکہ سب سے بڑے ملک برازیل میں کورونا وائرس کی وبا بری طرح پھیل رہی ہے اور اب تک ملک میں 347300 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔
تاہم امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس پابندی سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت متاثر نہیں ہوگی۔
آرکنسا میں ’ہائی سکول سوئم پارٹی‘ نئے کورونا وائرس کیسز کی وجہ بنی
امریکی ریاست آرکنسا کے گورنر اسا ہچنسن کا کہنا ہے کہ حال ہی میں منعقدہ ایک ہائی سکول کی سوئمنگ پول پارٹی کی وجہ سے متعدد نئے کورونا وائرس کے کیسز سامنے ائے ہیں۔
سنیچر کو ایک بریفنگ دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’ایک ہائی سکول کی سوئم پارٹی جو مجھے یقین ہے لوگوں نے سوچا ہوگا کہ بے ضرر ہے، کئی نئے کیسز کی وجہ بنی ہے۔‘
انھوں نے تنبیہ کی کہ ریاست میں 30 روز تک کیسز میں کمی کے بعد اب کورونا وائرس دوسری مرتبہ زور پکڑ رہا ہے۔
آرکنسا میں اب تک 5000 کیسز سامنے آ چکے ہیں اور گذشتہ 24 گھنٹوں میں 163 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ دو اموات ہوئی ہیں۔
ایشیا کی تازہ ترین صورتحال
کورونا وائرس کے حوالے سے ایشیا کی تازہ ترین خبریں:
- چینی وزیرِ خارجہ نے امریکہ پر الزام لگایا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے حوالے سے جھوٹی اور سازشی خبریں پھیلا رہا ہے جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکی سیاستدان چین کو موردِ الزام ٹھہرانے کا کوئی موقع جانے نہیں دے رہے۔ چین کا وہ شہر جہاں سے اس وبا کا اغآز ہوا، ووہان شہر میں سنیچر کو دس لاکھ سے زیادہ نیولیئک ایسڈ ٹیسٹ کیے گئے تھے اور گذشتہ روز بھی شہر میں نیولیئک ایسڈ ٹیسٹ کیے گئے تھے۔
- دنیا بھر کی طرح بہت سے مشرقی ایشیائی ممالک عید الفطر منائی گئی۔ انڈونیشیا اور تھائی لینڈ میں عید کی نماز اتوار کے روز پڑھی گئی۔
- سری لنکا میں حکومت کا کہنا ہے کہ وہ منگل کے روز سے ملک میں لاک ڈاؤن میں نرمی لائیں گے۔ یاد رہے کہ دارالحکومت کولمبو میں 24 مارچ سے کرفیو نافذ ہے۔
بریکنگ, خیبر پختونخوا: 220 نئے مریض، مزید نو ہلاکتوں کے بعد مجموعی تعداد 398 ہو گئی
خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے متاثرہ مزید 220 مریض سامنے آنے کے بعد متاثرین کی کل تعداد 7905 ہو گئی ہے جبکہ مزید نو ہلاکتوں کی بھی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد کووڈ 19 سے مرنے والوں کی کل تعداد 398 ہو گئی ہے۔
بریکنگ, بلوچستان: کورونا وائرس سے متاثرہ 101 نئے مریض، ایک اور ہلاکت کی تصدیق
بلوچستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مزید 101 مریض سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 3407 ہوگئی ہے۔
جبکہ مزید ایک ہلاکت کی بھی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 40 ہو گئی ہے۔
محکمہ صحت حکومت بلوچستان کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 414 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 101 پازیٹو آئے۔
بلوچستان میں اب تک کورونا کے مجموعی طور پر 21401 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جن میں سے 17994 کے نتائج منفی آئے ہیں۔
بلوچستان میں مجموعی طور پر 51113 افراد کی سکریننگ کی گئی ہے۔
صوبے میں مشتبہ مریضوں کی تعداد 20123 ہے جبکہ کورونا وائرس سے اب تک 875 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔
کورونا وائرس کی وبا آخر کب ختم ہوگی؟
کورونا وائرس کی وجہ سے اب دنیا بھر میں اربوں لوگ لاک ڈاؤن کی وجہ سے اپنے اپنے گھروں میں بند ہیں۔ معیشتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور کروڑوں افراد بے روزگار ہوئے ہیں۔مگر کیا یہ وبا کبھی ختم ہوگی اور اگر ہاں تو اس میں کتنا عرصہ لگ سکتا ہے، دیکھیے اس ڈیجیٹل ویڈیو میں۔
کورونا: ’امریکی قیادت کو سیاسی وائرس لگ گیا ہے‘
کوورنا وائرس: برطانیہ کی تازہ ترین صورتحال
برطانیہ میں کورونا وائرس کے باعث 118 مزید اموات کے بعد مرنے والوں کی کل تعداد 36793 ہو گئی ہے۔
نیچے دیے گئے گراف میں برطانیہ میں کورونا وائرس کے حوالے سے مزید تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔