کورونا: برطانیہ کا ویکسین کے لیے 84 ملین پاؤنڈز دینے کا اعلان، بلوچستان میں 148 نئے متاثرین

کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں اب تک 46 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر اور تین لاکھ سے زیادہ ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ پاکستان میں متاثرین کی کل تعداد 41 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ صوبہ پنجاب میں پیر سے 26 صنعتیں کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ادھر برطانیہ نے ویکسین کے لیے 84 ملین پاؤنڈز دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ چین کے شہر بیجنگ میں عوامی مقامات پر ماسک پہننے کی پابندی ختم کر دی گئی ہے۔

لائیو کوریج

  1. بریکنگ, پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں دو نئے متاثرین، کل تعداد 109 ہو گئی, ایم اے جرال، مظفر آباد

    AJK

    ،تصویر کا ذریعہM A JARRAL

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے حکام کے مطابق خطے میں مزید دو افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرین کی کل تعداد 109 ہوگئ ہے۔

    میرپور ڈویژن کے کمشنر محمد رقیب خان کے مطابق میرپور میں ایک شخص میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جو اپنے والد سے متاثر ہوا ہے اور جس نے رواں ماہ گجرات کا سفر کیا تھا۔

    دوسری جانب ضلعی ہیلتھ آفیسر مظفرآباد ڈاکٹر سعید کے مطابق دارالحکومت مظفرآباد میں رینڈم ٹیسٹ کے دوران میڈیکل سٹور پر کام کانے والے ایک شخص کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔ حکام کے مطابق متعلقہ میڈیکل سٹور کو سیل کر کے ان سے رابطے میں رہنے والے تمام افراد کو خود ساختہ تنہا کر دیا گیا اور اب ان کے ٹیسٹ حاصل کیے جائیں گے۔

    حکام کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر ایک مریض صحتیاب ہوا ہے جس کے بعد صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 77 ہوگئی ہے۔

  2. جرمنی میں فٹ بال کے مقابلوں کی واپسی

    جرمنی

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    جرمنی میں ملتوی کیے گئے فٹ بال میچز دوبارہ بحال ہونے جارہے ہیں۔ یہ میچز بغیر تماشائیوں کے کھیلے جائیں گے۔

    بنڈس لیگا فٹ بال لیگ کا آخری میچ بوروشیا مونچینگلاڈباچ بمقابلہ کولن کے درمیان ہونا تھا جسے کورونا وائرس کے خطرے کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا تھا۔

    اب اس میچ کا دوبارہ انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اب جرمنی میں یہ فٹ بال لیگ دوبارہ شروع ہو رہی ہے۔

    کورونا وائرس

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ان میچز کی ٹیکسٹ لائیو کمنٹری بی بی سپورٹ ویب سائٹ اور ایپ پر پڑھی جا سکتی ہے۔

    سخت حفاظتی انتظامات کے پیش نظرتماشائیوں کو سٹیڈیم آنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ کھلاڑیوں کو حفاظتی اقدامات کےعلاوہ ماسک پہننے بھی لازمی ہوں گے۔

    جرمنی

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    لاک ڈاؤن کے خلاف مظاہرین کے خدشات کے پیش نظر فٹ بال سٹیڈیم میں پولیس کی نفری بھی موجود رہے گی جو اس امر کو یقینی بنائے گی کہ کوئی تماشائی اندر داخل ہو کر خلل نہ ڈال سکے۔

    جرمنی کی انتہائی دائیں بازو کی سیاسی جماعت الٹرنیٹو فار جرمنی یعنی اے ایف ڈی کے کارکنان حکومت کے کورونا وائرس سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات کے خلاف مظاہرہ کرنے کے لیے برانڈنبرگ گیٹ پر جمع ہوں گے۔

  3. کورونا: 30 فیصد انتہائی بیمار مریضوں میں خون کی شریانوں میں بندش کے مسائل

    Coronavirus

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    طبی ماہرین کے مطابق کورونا وائرس کے باعث انتہائی بیمار ہونے والے 30 فیصد مریضوں میں خون کی شریانوں میں بندش کا مسائل سامنے آئے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے شریانوں میں خون جمنے کے عمل کو تھرومبوسس بھی کہا جاتا ہے اور یہ کورونا کے باعث اموات میں اضافے کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ بلڈ کلاٹس یعنی خون جمنے کا عمل کے پیچھے وائرس کے خلاف انسانی جسم کا قدرتی ردعمل کے نیتجہ میں وائرس کے باعث پھیپھڑوں میں سوزش ہے۔

    دنیا بھر میں مریض اس سے متاثر ہو رہے ہیں اور بہت سے افراد دیگر طبی پیچیدگیوں کا شکار ہو رہے ہیں جن میں چند جان لیوا بھی ہیں۔

  4. بریکنگ, ایران میں مزید 1757 نئے کیسز کی تصدیق

    corona

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ایران میں مزید 1757 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں اب تک وائرس کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد 118392 ہو گئی ہے۔

    ملک کی وزرات صحت کے ترجمان کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم 35 افراد اس وبا کی وجہ سے ہلاک ہوئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 6937 ہو گئی ہے۔

    انھوں نے بتایا کے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 93147 ہے۔

    ان کے مطابق ملک بھر میں انتہائی نگہداشت میں رکھے جانے والے مریضوں کی تعداد 2716 ہے۔

    آج تک ایران میں اس وائرس کے لیے مجموعی طور پر 672679 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے۔

  5. ’میرے ساتھ تو سب اچھا ہوگا‘، اس نفسیات کی وجہ کیا ہوتی ہے؟

  6. قرنطینہ کی خلاف ورزی پر نیویارک سے ہوائی آنے والا سیاح گرفتار

    نیویارک سے ہوائی آنے والے 23 سالہ سیاح کو اس وقت گرفتار کر لیا گیا جب اس نے قرنطینہ کرنے کے اصول کی خلاف ورزی کی۔

    ہوائی کے گورنر کے دفتر نے بتایا کہ وہ سیاح پیر کے روز اوہائیو پہنچا تھا جس کے بعد اس نے ساحل سمندر پر اپنی تصویریں انسٹا گرام پر شیئر کیں۔

    یہ سیاح جس روز وہاں پہچنا اسی روز وہ ہوٹل سے نکل کر پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے کئی جگہوں پرگیا جبکہ اسے اس دوران قرنطینہ میں ہونا چاہیے تھا۔

    سرکاری اعلامیے کے مطابق ’حکام کو اس کے بارے میں شہریوں نے بتایا جنہوں نے اس کی انسٹاگرام ہر ساحل سمندر پر سرفنگ کرتے ہوئے، سن باتھ لیتے اور گھومتے ہوئے لی گئی تصویریں دیکھیں۔‘

    ہوائی میں جزیروں پر آنے والے تمام سیاحوں کے لیے 14 دن کا قرنطیہ لازم ہے اور اس دوران وہ اپنے ہوٹل کے کمرے سے نہیں نکل سکتے۔

  7. بین الاقوامی پروازوں کی بحالی: اسلام آباد ایئرپورٹ پر احتیاطی انتظامات مکمل کر لیے گئے

    اسلام آباد

    پاکسان نے بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے سلسلے میں اسلام آباد ایئرپورٹ پر احتیاطی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

    ایئرپورٹ پر مسافروں کی ہدایات کے لیے بینرز بھی لگا دیے گئے ہیں جن میں انھیں سماجی فاصلے کے اصول کی پاسداری کے بارے میں کہا گیا ہے۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ

    مسافروں کی سہولت کے لیے فرش پر سرخ نشانات بھی لگا دیے گئے ہیں کہ اگر لائن بنتی ہے تو پھر ایسے میں وہ ایک دوسرے سے کتنے فاصلے پر کھڑے رہ سکتے ہیں۔

    ائیرپورٹ کے داخلی اور خارجی راستوں پر یہ ہدایات ہر مسافر کو نظر آ سکیں گی۔

    سول ایویشن

    سول ایویشن حکام کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ کو مکمل طور پر صاف ستھرا کر دیا گیا ہے۔ اب وہاں کسی قسم کی گندگی نظر نہیں آئے گی۔ مسافروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے وہاں موجود عملہ بھی ان کی رہنمائی کرے گا۔

    کورونا وائرس

    خیال رہے کہ پاکستان نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی غرض سے ملکی اور بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دیں تھیں۔

    بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے خصوصی پروازیں چلانے کا فیصلہ ہوا تھا جس کے بعد امریکہ سمیت مختلف ممالک سے پاکستانیوں کو واپس لایا جا ریا ہے۔

  8. کورونا وائرس: آئیل آف سکائی کے کیئر ہوم میں 10 افراد ہلاک

    کورونا

    آئیل آف سکائی کے ایک کیئر ہوم میں کم از کم 10 افراد کی کورونا وآئرس کے باعث ہلاکت ہوئی ہے۔

    سوئٹزر لینڈ کے مغربی ساحلی جزیرے کے اس کیئر ہوم میں مقیم کم از کم 30 افراد اور عملے کے 29 ارکان میں کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی تھی۔

    اس کیئر ہوم ایچ سی ون کے بارے میں شدید تحفظات کا اظہار کیے جانے کے بعد رواں ہفتے اس کیئر ہوم کے مالک کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا بھی آغاز کیا گیا ہے۔

  9. اپوزیشن جماعتوں نے قومی اسمبلی اجلاس میں کوئی مثبت تجویز پیش نہیں کی: شبلی فراز

    شبلی فراز

    ،تصویر کا ذریعہ@shiblifaraz

    وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔

    معاونِ خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کے ہمراہ آج اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ معاشی مجبوریوں کے باوجود حکومت نے عوام کو مدد فراہم کرنے کے لیے ایک 1.2 کھرب روپے کا بڑا کورونا پیکج دیا۔

    انھوں نے کہا کہ اس امدادی پیکج میں کاروباری برادری اور برآمد کنندگان کے لیے 480 ارب روپے اور شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے 570 ارب روپے شامل ہیں۔

    وزیر اطلاعات نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت اب تک 104 ارب روپے مستحق خاندانوں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ نقد امداد کے پروگرام کو انتہائی شفاف اور موثر انداز میں سرانجام دیا جا رہا ہے۔

    شبلی فراز نے کہا کہ اس وبا سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے وفاق کی تمام اکائیاں متحد ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے چاروں صوبوں کے ہسپتالوں کو طبی حفاظتی سامان مہیا کیا ہے۔

    اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں مثبت تجاویز پیش نہیں کیں۔

    وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک سے کرپشن کے وائرس کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ماضی میں منظم انداز میں ملک کے وسائل کو لوٹا گیا۔

  10. یوکرین کے ہوٹل میں پھنسے کرائے کی کوکھ سے پیدا ہونے والے بچے

  11. بریکنگ, تھائی لینڈ: گذشتہ 24 گھنٹے میں نئے متاثرین اور ہلاکتوں کی تعداد صفر

    کورونا، تھائی لینڈ

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    تھائی لینڈ نے سنیچر کو اطلاع دی ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹے میں نہ کوئی نیا مریض سامنے آیا ہے اور نہ ہی کسی کی ہلاکت ہوئی ہے۔

    ملک اب کاروبار بتدریج کھولنے اور پابندیاں اٹھانے کی جانب گامزن ہے۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بنائے گئے حکومتی ادارے کے ترجمان نے کہا، ‘آج دو صفر ہیں۔ تمام تھائی لوگوں کا شکریہ جنھوں نے تعاون کیا۔’

    مارچ نو سے اب تک یہ دوسرا دن ہے جب ملک میں کورونا وائرس کا کوئی نیا مریض سامنے نہیں آیا ہے۔

    تھائی لینڈ میں اتوار سے شاپنگ سینٹر اور ڈپارٹمنٹل سٹور کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔

    اس کے علاوہ رات کے وقت کے کرفیو میں ایک گھنٹے کی کمی کی جائے گی اور یہ رات 11 سے صبح چار تک نافذ رہے گا۔

    تھائی لینڈ میں اب تک تین ہزار 25 متاثرین سامنے آ چکے ہیں جبکہ 56 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

  12. سندھ کی تعریف وفاق سے ہضم نہیں ہوئی: ناصر حسین شاہ

    صوبہ سندھ کے وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ ابتدا میں جب لاک ڈاؤن کے حوالے سے پورے ملک میں سندھ کی تعریف ہوئی تو یہ بات وفاقی حکومت سے ہضم نہ ہوئی اور اسی دن سے صوبائی حکومت کے خلاف ایک محاذ کھول دیا گیا۔

    انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے سندھ حکومت پر صرف الزامات لگائے جا رہے جن کی کوئی حقیقت سامنے نہیں آ رہی ہے۔

    وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ وفاق کی جانب سے بروقت اقدامات نہ کرنے کے باعث ملک میں کورونا وائرس اس حد تک پھیلا ہے اور اب بھی وفاق کی جانب سے اس نوعیت کے فیصلے کیے جا رہے ہیں جس سے اس وبا کے بڑی سطح پر پھیلنے کے خدشات ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ سندھ میں ٹیسٹنگ کی صلاحیت 80 سے بڑھا کر آٹھ ہزار یومیہ تک کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی سندھ پر یہ الزام عائد کیا جاتا ہے کہ وہ عوام کو ڈرا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وفاق کو بےتکی باتیں کرنے کی عادت ہے۔

  13. فیڈرل ریزرو نے وبا کا بحران جاری رہنے پر شدید مالیاتی دباؤ سے خبردار کر دیا

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکہ کے مرکزی بینک فیڈرل ریزرو نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے مالیاتی شعبہ ‘خاصے’ خطرات کا شکار ہے۔

    مالی استحکام پر اپنی تازہ ترین رپورٹ میں ادارے کا کہنا تپا کہ عالمی وبا سے پیدا ہونے والے خطرات نے ہر چیز کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فیڈرل ریزرو کے پالیسی اقدامات نے معیشت کو سہارا دیا ہے اور بینکاری نظام ابتدائی جھٹکا سہہ گیا ہے، تاہم اگر یہ وبا طویل عرصے تک جاری رہی یا توقعات سے زیادہ سخت رہی، تو بڑے خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

    مرکزی بینک نے کہا کہ کووِڈ-19 کی وبا کروڑوں گھرانوں اور ہر حجم کے کاروبار کے لیے شدید خطرات پیدا کر رہی ہے۔’

    یہ فیڈرل ریزرو کی جانب سے تازہ ترین اشارہ ہے کہ کووِڈ-19 بحران سے بحالی کا سفر بہت مشکل ہوگا۔

    جب یہ کساد بازاری شروع ہوئی تو فیڈرل ریزرو کے حکام کو اس حوالے سے کچھ سکون ضرور تھا کہ موجودہ مسئلے کی وجہ مالیاتی نظام نہیں ہے۔

    مگر اس نئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر بحران جاری رہا اور گھرانے اور کاروبار آمدنی اور منافعے سے محروم رہے تو مالیاتی تناؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

  14. بریکنگ, سپین میں 102 اموات، یومیہ ہلاکتوں کی تعداد آٹھ ہفتوں کی کم ترین سطح پر

    کورونا، سپین

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    سپین میں وزارتِ صحت نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 102 ہلاکتیں ہوئی ہیں جو کہ آٹھ ہفتوں کی کم ترین یومیہ تعداد ہے۔

    ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 27 ہزار 563 ہے جبکہ متاثرین کی کُل تعداد دو لاکھ 30 ہزار 698 ہوگئی ہے۔

  15. کورونا وائرس سے خون کے خطرناک لوتھڑے پیدا ہونے کا انکشاف

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہBrian McClure

    ،تصویر کا کیپشنبرائن میک کلور ان لوگوں میں سے ہیں جن میں کورونا وائرس کی وجہ سے خون کے لوتھڑے پیدا ہوئے

    طبی ماہرین کے مطابق کورونا وائرس سے شدید بیمار پڑنے والے 30 فیصد تک مریضوں میں خون کے خطرناک لوتھڑے پیدا ہو رہے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ تھرومبوسس کہلانے والے یہ لوتھڑے بھی متعدد لوگوں کی ہلاکتوں کا سبب ہوسکتے ہیں۔

    پھیپھڑوں میں شدید سوجن کی وجہ سے یہ لوتھڑے پیدا ہوتے ہیں۔ یہ سوجن وائرس کے خلاف جسم کا قدرتی ردِ عمل ہے۔

    دنیا بھر میں مریض اس وائرس سے کئی طبی پیچیدگیوں کے شکار ہو رہے ہیں جن میں سے کچھ ہلاکت خیز بھی ہو سکتی ہیں۔

    اس وائرس کی وجہ سے ڈیپ وین تھرومبوسس یعنی ٹانگوں میں پیدا ہونے والے لوتھڑوں کے کیسز میں بھی اضافہ کیا ہے۔ یہ اس وقت زندگی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں جب ان کے ٹکڑے ٹوٹ کر جسم کے دوسرے حصوں، بالخصوص پھیپھڑوں میں پہنچ جائیں اور خون کی شریانوں میں رکاوٹ بن جائیں۔

  16. اسلام آباد ایئرپورٹ پر کیے گئے حفاظتی اقدامات، تصاویر میں

    PAKISTAN

    ،تصویر کا ذریعہCAA

    پاکستان میں اندرون ملک پروازوں کا سلسلہ آج سے بحال ہو چکا ہے۔

    PAKISTAN

    ،تصویر کا ذریعہCAA

    اب سے کچھ دیر بعد کراچی سے مسافروں کو لے کر نجی ایئرلائن کی ایک پرواز اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچے گی۔

    PAKISTAN

    ،تصویر کا ذریعہCAA

    ابتدائی طور پر اندرون ملک پروازوں کے لیے پانچ بڑے ایئرپورٹ کھولے گئے ہیں۔

    PAKISTAN

    ،تصویر کا ذریعہCAA

    ان ایئرپورٹس میں اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ کے ہوائی اڈے شامل ہیں۔

  17. حفاظتی طبی سامان کی ایک اور کھیپ خیبرپختونخوا کے ہسپتالوں میں بھیج دی گئی

    پاکستان

    ،تصویر کا ذریعہNDMA

    پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے نے صوبہ خیبرپختونخوا کے 49 ہسپتالوں کے لیے طبی سامان کی ایک اور کھیپ روانہ کر دی ہے۔

    اس سامان میں مختلف قسم کے ماسک، حفاظتی سوٹ، دستانے، گاؤن، سینیٹائزرز، حفاظتی عینکیں، شیلڈز اور جوتے شامل ہیں۔

  18. بریکنگ, انڈیا: گھروں کو لوٹ رہے 24 بے روزگار مزدور ٹریفک حادثے میں ہلاک

    کورونا، انڈیا

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    انڈیا میں دو ٹرکوں میں تصادم کے باعث کم از کم 24 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ افراد وہ بے روزگار مزدور تھے جو اپنے گھروں کو لوٹ رہے تھے۔

    اترپردیش کے ضلع اوریا میں سنیچر کو علی الصبح یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک ٹرک نے ایک ہوٹل کے باہر کھڑے دوسرے ٹرک کو ٹکر مار دی۔ اس واقعے میں کم از کم 35 افراد زخمی ہوئے جن میں سے کچھ کی حالت تشویش ناک ہے۔

    دور دراز کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کے اپنے گھروں کو لوٹنے کی کوشش میں درجنوں افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    کورونا وائرس کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے کروڑوں انڈین شہریوں کے لیے بحرانی کیفیت پیدا ہوگئی ہے جو یومیہ اجرت کے ذریعے ہی گزارا کر پاتے ہیں۔ کام نہ ہونے کے سبب یہ لوگ پیدل، سائیکل پر، یا حکومت کی جانب سے مہیا کردہ ٹرانسپورٹ کے ذریعے گھر واپس لوٹ رہے ہیں۔

    انڈیا میں اب تک 85 ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 2750 سے زائد افراد اس مرض سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

    صرف اپریل کے ماہ میں ہی 12 کروڑ 20 لاکھ کے قریب انڈین شہری اپنی ملازمتیں کھو چکے ہیں۔

  19. عراق میں پھنسے 250 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    پاکستان

    ،تصویر کا ذریعہMinistry of Overseas Pakistanis

    عراق میں پھنسے 250 پاکستانی خصوصی پرواز کے ذریعے ہفتے کی صبح پاکستان واپس پہنچ گئے ہیں۔

    عراق میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشی وقاص لنگاہ کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی ایک خصوصی پرواز ان پاکستانیوں کو لے کر اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچی ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ واپس آنے والے بیشتر پاکستانی عراق میں تیل و گیس کی کمپنیوں میں ملازمت کرتے تھے اور فلائٹ آپریشن بند ہونے کے باعث وہ عراق میں ہی پھنس گئے تھے۔

    پاکستان

    ،تصویر کا ذریعہMinistry of Overseas Pakistanis

    وفاقی وزارت برائے سمندر پار پاکستانی کے مطابق اب تک 30 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو مختلف ممالک سے وطن واپس لایا جا چکا ہے۔ مختلف ممالک میں پھنسے ان پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے 11 مئی تک 167 خصوصی پروازیں چلائی گئی ہیں۔

    11 سے 21 مئی کے دوران مزید 49 خصوصی پروازوں کے ذریعے 12 ہزار پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔

  20. امریکی ایوانِ نمائندگان نے 3 کھرب ڈالر کا ریلیف پیکج منظور کر لیا، سینیٹ سے مسترد ہونے کا امکان

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    امریکی ایوانِ نمائندگان نے معمولی اکثریت سے ایک کورونا وائرس ریلیف پیکج منظور کیا ہے جو اگر قانون بن گیا تو مشکلات کی شکار ریاستی حکومتوں اور بے روزگار افراد کو مزید تین کھرب ڈالر فراہم کرے گا۔

    ڈیموکریٹ اکثریت والے ایوان میں یہ بل صرف نو ووٹوں سے منظؤر ہوا، مگر ریپبلیکن پارٹی نے اس کی زبردست مخالفت کی ہے جسے سینیٹ میں اکثریت حاصل ہے۔

    امکان ہے کہ سینیٹ میں یہ بل مسترد ہوجائے گا۔

    واضح رہے کہ امریکی معیشت کو کورونا وائرس کی وبا سے شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ تقریباً تین کروڑ 65 لاکھ افراد اس بحران کے شروع ہونے سے اب تک بے روزگاری کا دعویٰ دائر کر چکے ہیں۔

    مارچ سے اب تک کانگریس اور ٹرمپ انتظامیہ مل کر چار کورونا وائرس بل منظور کر چکے ہیں جو تقریباً 3 ارب ڈالر کے قریب ہیں اور یہ سب بل دونوں جماعتوں کی اکثریتی حمایت حاصل کر پائے۔

    تاہم یہ پانچواں بل ایوانِ نمائندگان میں ریپیبلیکن حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔

    صرف نیویارک سے ریپبلیکن نمائندے پیٹر کنگ نے اس بل کی حمایت کی جو کہ کورونا وائرس کی وبا کا امریکہ میں مرکز ہے۔