کورونا: برطانیہ کا ویکسین کے لیے 84 ملین پاؤنڈز دینے کا اعلان، بلوچستان میں 148 نئے متاثرین
کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں اب تک 46 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر اور تین لاکھ سے زیادہ ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ پاکستان میں متاثرین کی کل تعداد 41 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ صوبہ پنجاب میں پیر سے 26 صنعتیں کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ادھر برطانیہ نے ویکسین کے لیے 84 ملین پاؤنڈز دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ چین کے شہر بیجنگ میں عوامی مقامات پر ماسک پہننے کی پابندی ختم کر دی گئی ہے۔
لائیو کوریج
بریکنگ, خیبر پختونخوا میں کورونا متاثرین کی تعداد چھ ہزار سے متجاوز
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں 214 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 6061 ہو گئی ہے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں مزید 13 ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی کل تعداد 318 ہو گئی ہے۔
جبکہ صوبے میں 84 افراد کے صحت یاب ہونے کے بعد اب تک کل 1783 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
بلوچستان: سیاسی رہنما ڈاکٹر عبد الحئی بلوچ کے بھائی کورونا سے ہلاک
،تصویر کا ذریعہKHAIR MOHAMMAD
بلوچستان میں بزرگ سیاسی رہنما بلوچستان نیشنل ڈیمو کریٹک پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبد الحئی بلوچ کے بھائی عیسی خان چھلگری کورونا کے باعث ہلاک ہوگئے۔
محکمہ صحت کے مطابق کورونا سے متاثر ہونے کے بعد عیسی خان چھلگری کی حالت تشویشناک ہونے کے بعد سے وہ فاطمہ جناح چیسٹ اینڈ جنرل ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
ان کی عمر 79 سال تھی۔ ان کی تدفین ان کے آبائ علاقے ضلع کچھی میں کی گئی۔
محکمہ صحت کے مطابق 16مئی تک بلوچستان میں 36 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
بریکنگ, انڈیا میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 90 ہزار سے تجاوز کر گئی
،تصویر کا ذریعہTwitter
انڈیا میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 90 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
انڈیا میں صرف ایک دن میں ریکارڈ 4،987 متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق اس وقت انڈیا میں کل متاثرین کی تعداد 90،927 ہو گئی جبکہ اس وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2،872 ہو چکی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں میں انڈیا میں 120 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ 34 ہزار سے زائد مریض اس وائرس سے صحت یاب بھی ہوئے۔
انڈیا میں اس وائرس سے صحت یابی کا شرح 37 اعشاریہ 51 بنتی ہے۔ مہارشٹر، دلی، تامل ناڈو اور گجرات انڈیا کی سب سے زیادہ متاثرہ ریاستیں ہیں۔
گلگت بلتستان میں اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن, محمد زبیر خان، صحافی
،تصویر کا ذریعہM ZUBAIR KHAN
گلگت بلتستان میں
اتوارکو مکمل لاک
ڈون کیا گیا۔ لاک ڈاؤن پر عمل در آمد کروانے گلگت بلستان میں پیرا ملٹری فورسز
تعینات کی گئی ہیں۔
ہسپتالوں اور ان کے قریب موجود میڈیکل سٹورز کے علاوہ تمام مارکیٹیں، ہر قسم کی
دوکانیں اور پیٹرول پیمپس بھی بند رکھے گئے ہیں۔
،تصویر کا ذریعہM ZUBAIR KHAN
گلگت لوکل گورنمٹ کے ترجمان مظہر علی مغل کے مطابق عید کے قریب ہونے کی وجہ سے گلگت میں اچانک ہی خریداروں کا رش بڑھ چکا ہے۔
دوکانوں اور مارکیٹوں میں حکومتی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ جو انتہائی خطرناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دوکانیں بند رکھنے کی وجہ سے لوگوں کی نقل و حرکت کو انتہائی محدود کرنے میں مدد ملی ہے۔ اس دوران عوام کی بڑی اکثریت اپنے گھروں ہی میں موجود رہی۔
بریکنگ, صوبہ پنجاب میں مزید 383 کیسز ، اکثریت کا تعلق لاہور سے
،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں 17 مئی کو دوپہر 3 بجے تک جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے 383 نئے کیس سامنے آنے کے بعد صوبے میں مصدقہ کیسز کی تعداد 14584 ہو گئی۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ تمام نئے کیسز عام شہریوں کے ہیں جن میں اکثریت لاہور میں میں جن کی تعداد 191 ہے۔
اس کے علاوہ بہاولپور اور چکوال ایک ایک، ڈی جی خان 20، فیصل آباد 47، گوجرانوالہ 20 حافظ آباد میں 3 نئے کیس سامنے آئے۔
جبکہ جہلم ایک، قصور 5، خانیوال اور خوشاب اور لودھراں ایک ایک، ملتان میں 43، ننکانہ اور ناروال 2،2، اوکاڑہ ایک، راولپنڈی 34، رحیم یار خان 2، ساہیوال 6، سرگودھا میں ایک نیا کیس سامنے آیا۔
کورونا وائرس سے اب تک کل 252 اموات ہو چکی ہیں۔
اب تک صوبے میں کل 163466 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
ایران: مزید 1806 افراد کورونا سے متاثر، کل تعداد ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد
،تصویر کا ذریعہGetty Images
ایران نے اتوار کو مزید 1806 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص کی تصدیق کی ہے۔ ایران میں اس وائرس سے متاثرین کی تعداد 120،198 ہو گئی۔
ایرانی وزارت صحت کے ترجمان کیناش جہانپور نے اپنی یومیہ بریفنگ میں بتایا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے 51 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ایران میں اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6،988 ہو گئی۔
ان کے مطابق اس وقت 2،705 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ اس وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 94،464 ہو گئی ہے۔
ایران میں اس وائرس کی تشخیص کے لیے اس وقت کل 683،935 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
کورونا: لاک ڈاؤن کے بعد زندگی کیسی ہو گی؟
روس میں مزید کیسز تاہم تعداد 10 ہزار سے کم
،تصویر کا ذریعہGetty Images
روس میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ 19 کے مزید کیسز سامنے آئے ہیں تاہم ان کی تعداد 9709 رہے جس کے بعد اب تک ملک میں وائرس کے متاثرین کی تعداد 281752 ہو گئی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں میں رپورٹ ہونے والے یہ کیسز روس کے 24 مخلتف خطوں میں سامنے آئے۔ جبکہ اس دوران کم از کم 94 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی جس کے بعد روس میں وائرس کے سبب مصدقہ ہلاکتوں کی تعداد 2631 ہوگئی ہے۔
زیادہ تر نئے کیسز ماسکو میں ریکارڈ کیے گئے۔
روس میں اب تک صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 67373 ہے۔
پنجاب لاک ڈاون میں نرمی، صنعتوں کو کام کرنے کی اجازت
ہاکستان کے صوبہ پنجاب میں محکمہ صنعت و تجارت نے لاک ڈاون میں مزید نرمی کا باضابطہ
نوٹیفیکشن جاری کردیا ہے۔ پنجاب کی 26 سے زائد صنعتوں کو پیر سے کھولنے کی اجازت دیدی گئی۔
پنجاب کے وزیر اعلی عثمان بزدار کی منظوری سے نوٹیفیکشن جاری کردیا
گیا ہے ۔ تاہم محکمہ صنعت و تجارت پنجاب نے متعلقہ انڈسٹریز
کے لیے ایس اوپیز بھی جاری کیے ہیں۔
وزیر تجارت میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ ایس اوپیز پر سختی سے عمل کرایا جائے
گا اور یہ اہم فیصلہ معاشی صورتحال کے تناظر میں کیے گئے ہیں۔ جن صنعتوں کو کام کرنے کی اجازت دیدی گئی ان کی تفصیل:
حفاظتی لباس ،ماسک
،گلوز تیار کرنے ،اسٹوریج ،پرنٹنگ
دودھ اوردودھ سے بننے والی اشیا کی فیکٹریوں
سینیٹائرز ،صابن ،ٹشو پیپرزتیار
کرنے والے ادارے
آئل
اینڈ گیس پرڈوکشن کمپنیاں
پاک عرب ریفائنری کمپنی
کھاد بنانے والے
فیکٹریوں کو پرڈوکشن ، ٹرانسپورٹیشن ،اسٹوریج کی اجازت
ٹریکٹر، تھریشر، ہارویسٹر بنانے والی کمپنیاں
بیج، کھاد، زرعی ادویات، جانوروں کے چارے کی دوکانیں
میچ باکس، ایل پی جی آوٹ لیٹس، سوڈا ایش انڈسٹری
موبائل فون بنانے
والے کمپنیاں،
اینٹوں کے بھٹے ،ریت بجری ،سیمنٹ،چھتیں تیار کرنے والے کارخانےکل سے
کھل جائیں گے
سائیکل ،موٹر سائیکل، کار کے انڈسٹری کوبھی کھول دیا گیا
روس نے غیر ملکی کھلاڑیوں کو آ کر کھیلنے کی اجازت دے دی
،تصویر کا ذریعہReuters
روس کی حکومت نے اتوار کو کہا کہ وہ اپنی مقامی
سپورٹس لیگز میں حصہ لینے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو یہاں آنے کی اجازت دے گی۔
ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد دو
لاکھ 81 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
روس نے مارچ میں غیر ملکیوں کے لیے اپنی سرحدیں
بند کر دی تھیں اور بین الاقوامی پروازوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔ صرف ان
پروازوں کو اجازت دی گئی جنھوں نے یا تو روسی شہریوں کو واپس لانا تھا یا غیر ملکی
شہریوں کو ان کے اپنے ممالک لے کر جانا تھا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق حکومت نے کہا ہے
کہ جن کھلاڑیوں اور کوچز کے روس کی سپورٹس تنظیموں کے ساتھ معاہدے ہیں، انھیں زیرِ
معائنہ رکھا جائے گا اور ملک واپسی پر دو ہفتے قرنطینہ میں گزارنے ہوں گے۔
روسی فٹ بال یونین نے جمعے کو کہا کہ ملک کی سب
سے بڑی پروفیشنل فٹ بال لیگ 21 جون کو اپنے مقابلے دوبارہ شروع کرے گی۔
اس فٹ بال لیگ کا سیزن کورونا وائرس کے باعث
مارچ کے وسط میں معطل کر دیا گیا تھا۔
ورجینا کے ریستوران نے سماجی دوری نافذ کرنے کا انوکھا طریقہ ڈھونڈ نکالا
،تصویر کا ذریعہGetty Images
خالی آنکھیں، غیر معمولی مسکراہٹیں، نائنز پہنے ان پتلوں کو امریکہ کے بہترین ریستوران میں کھانا کھانے کے لیے کسی بکنگ کی ضرورت نہیں ہے۔
امریکی ریاست ورجینیا میں میشلن ستارہ ریستوران نے معاشرتی فاصلے کو نافذ کرنے کا ایک انوکھا طریقہ نکالا ہے جس میں سانس لیتے کھاتے پیتے انسانوں کے بیج مومی پتلے بیٹھے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کو ای میل میں ریستوران کے مالک شیف پیٹرک اوکونل کہتے ہیں کہ یہ پتلے انھیں ریستوران میں 50 فیصد تک گاہک کم کرنے کا بہترین حل لگے۔
ان کا کہنا تھا ’اس سے حقیقی گاہکوں کے بیچ کافی جگہ مل سکے گی، مسکراہٹیں بکھریں گی اور کچھ تفریحی مل سکے گی۔‘
،تصویر کا ذریعہGetty Images
،تصویر کا ذریعہGetty Images
فرانس: گاڑیوں میں ہی بیٹھے بیٹھے چرچ کی تقریب میں شرکت
فرانس کے شہر ریمس کے قریب ایک چرچ نے ایسی تقریب منعقد کی جس میں شامل ہونے والے افراد نے اپنی گاڑیوں میں ہی بیٹھے ہوئے شرکت کی۔
،تصویر کا ذریعہGetty Images
،تصویر کا ذریعہGetty Images
،تصویر کا ذریعہGetty Images
پنجاب: مسیحی برادری کو چرچوں میں سنڈے سروس کی اجازت دے دی گئی
،تصویر کا ذریعہGetty Images
پنجاب حکومت نے مسیحی برادری کو چرچوں میں اتوار کی عبادات کی اجازت دے دی ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ مسیحی برادری چرچوں میں ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے عبادت کر سکے گی۔
مسیحی برادری کو ہدایت کی گئی ہے کہ سنڈے چرچ سروس کے دوران مروجہ حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
کورونا وائرس: فون کو جراثیم سے پاک کرنے کا صحیح طریقہ
ہم اپنی روز مرہ زندگی میں موبائل فون کا سب سے زیادہ استعمال کرتے ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ فون کو جراثیم سے پاک کرنے کا صحیح طریقہ کیا ہے؟
اس بارے میں دیکھیے ہماری یہ ڈیجیٹل ویڈیو۔
لندن کے ہیتھرو ہوائی اڈے پر مسافروں کی آمد و رفت میں 97 فیصد کمی
،تصویر کا ذریعہGetty Images
لندن کا ہیتھرو ہوائی اڈہ دنیا کے مصروف ترین
ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے اور کورونا وائرس کے باعث عائد کی گئی سفری پابندیوں کی
وجہ سے یہاں مسافروں کی آمد و رفت میں 97 فیصد کمی ہوئی ہے۔
ہوائی اڈے کے سربراہ جان ہالینڈ کائے نے بھی
دیگر شعبوں کی طرح برطانیہ آنے والے لوگوں کو قرنطینے میں رکھنے کے منصوبے پر
خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘اگر ہمیں معیشت کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے’ تو
یہ اقدام مختصر عرصے سے زیادہ دیر تک جاری نہیں رہ سکتا۔
انھوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ یورپی یونین
اور امریکہ کے ساتھ مل کر قرنطینے کے ضوابط کے حوالے سے بین الاقوامی معیار
بنائیں۔
ماسک نہ پہننے والوں کو 55 ہزار ڈالر جرمانہ یا تین سال قید کی سزا
،تصویر کا ذریعہAFP
قطر میں حکام نے ماسک پہننے کو لازم قرار دیتے
ہوئے کہا ہے کہ اس حکمنامے کی بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کو تین سال
قید یا 55 ہزار ڈالر تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
قطر میں مرض کی فی کس شرح دنیا کی بلند ترین شرحوں میں سے ایک ہے۔
یہاں 30 لاکھ سے بھی کم آبادی میں 30 ہزار سے زائد افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی
ہے۔
فی کس آمدنی کے اعتبار سے نیا کی امیر ترین ریاستوں میں سے ایک قطر
میں مساجد، سکول اور شاپنگ مال بند ہیں۔ 2022 کے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے
حفاظتی اقدامات کے ساتھ تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔
بریکنگ, سپین: دو ماہ میں پہلی مرتبہ 100 سے کم یومیہ ہلاکتیں
،تصویر کا ذریعہAFP
کورونا وائرس سے دنیا کے سب سے زیادہ متاثر
ممالک میں سے ایک سپین میں دو ماہ میں پہلی مرتبہ اموات کی یومیہ تعداد 100 سے کم
رہی ہے۔
وزارتِ صحت نے اعلان کیا ہے کہ اتوار کو 87
ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں جس کے بعد ملک میں وارس سے اموات کی کُل تعداد 27 ہزار
650 جبکہ مصدقہ متاثرین کی کُل تعداد دو لاکھ 30 ہزار 698 ہوگئی ہے۔
فلپائن: 208 افراد میں کورونا کی تصدیق، متاثرین ساڑھے 12 ہزار سے زائد
،تصویر کا ذریعہReuters
فلپائن کے محکمہ صحت نے اتوار کو کورونا وائرس
کے 208 مزید متاثرین اور سات مزید ہلاکتوں کی اطلاع دی ہے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے بعد فلپائن میں
متاثرین کی کُل تعداد 12 ہزار 513 ہوگئی ہے جن کی سب سے بڑی تعداد دار الحکومت
منیلا میں ہے۔
اس کے علاوہ ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 824
ہوگئی ہے۔
حکام کے مطابق صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد
2635 ہے۔
پی آئی اے کی خصوصی پرواز جمعرات کو نیو جرسی سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی
،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کی قومی ایئرلائن کی خصوصی پرواز جمعرات
کو امریکی ریاست نیوجرسی کے نیوارک ہوائی اڈے سے پاکستانیوں کو لے کر لاہور کے لیے
روانہ ہوگی۔
واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارت خانے کے
اعلامیے کے مطابق یہ بیرونِ ملک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو لانے کے لیے چوتھی خصوصی
پرواز ہوگی۔
اس پرواز کے ذریعے وہ پاکستانی شہری وطن واپس آ سکیں گے جو واشنگٹن میں
پاکستانی سفارت خانے اور دیگر چار قونصل خانوں میں مندرج ہیں۔
سفارت خانے نے کہا ہے کہ وطن واپسی کے خواہش مند افراد جلد سے جلد
سفارتی حکام سے رابطہ کریں۔
باراک اوبامہ کی ٹرمپ انتظامیہ پر ایک مرتبہ پھر تنقید
،تصویر کا ذریعہGetty Images
سابق امریکی صدر باراک اوبامہ نے اپنے جانشین
ڈونلڈ ٹرمپ کو کورونا وائرس سے نمٹنے کی اپنی حکمتِ عملی پر تنقید کا نشانہ بناتے
ہوئے کہا ہے کہ کئی حکام ‘یہ ظاہر بھی نہیں کر رہے کہ ان کی معاملات پر گرفت ہے۔’
انھوں نے ان تاثرات کا اظہار گریجویٹ ہونے والے
طلبا سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کیا۔
حالیہ دنوں میں یہ دوسری مرتبہ ہے جب اوبامہ نے
ٹرمپ انتظامیہ کے کورونا وائرس پر ردِ عمل پر تنقید کی ہے۔
گذشتہ ہفتے لیک ہونے والی ایک کانفرنس کال میں
انھوں نے کہا تھا کہ یہ ‘افراتفری سے بھرپور تباہ کن صورتحال’ تھی۔
انھوں نے کہا کہ اس وبا نے اس تصور کو مکمل طور
پر بکھیر کر رکھ دیا ہے کہ عہدوں پر موجود لوگوں کو معلوم ہوتا ہے کہ وہ کیا کر
رہے ہیں۔
باراک اوبامہ نے مزید کہا کہ اس طرح کی بیماری
ان عدم مساوات اور اضافی بوجھ کو آشکار کرتی ہے جس سے اس ملک کی سیاہ فام برادری
کو تاریخی طور پر گزرنا پڑتا ہے۔
امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں اور
ہسپتالوں میں داخل ہونے والوں کی زیادہ تعداد سیاہ فام افراد کی ہے۔
جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق اب تک امریکہ
میں 14 لاکھ 67 ہزار 800 سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 88 ہزار
700 سے زائد افراد کی اس مرض کے باعث ہلاکت ہوئی ہے۔