وائٹ ہاؤس کے باہر نرسوں کا احتجاج: ’20 سیکنڈ میں آپ اپنے ہاتھوں سے ہیروز کا خون نہیں دھو پائیں گے‘

،تصویر کا ذریعہReuters
امریکہ میں وائٹ ہاؤس کے باہر نیشنل نرسز یونائیٹڈ یونین کی نرسیں احتجاجی مظاہرہ کر رہی ہیں۔ انھوں نے گورنروں اور وفاقی عہدیداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فرنٹ لائن پر کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے والے طبی عملے کو حفاظتی سامان فراہم کریں۔
سرجیکل ماسک پہنے ایک خاتون نے عہدیداروں کے نام لکھا جانے والا ایک خط پڑھا:
’ہمارا مطالبہ ہے کہ آپ فوری طور پر اس وبائی مرض سے فرنٹ لائن پر مقابلہ کرنے والے ڈاکٹروں، نرسوں اور صحت کے کارکنان کو حفاظتی سامان فراہم کریں۔‘
’اگر آپ ہماری حفاظت نہیں کر سکتے تو ہم اپنے مریضوں کی حفاظت نہیں کرسکتے‘
مظاہرین نے کووڈ-19 سے ہلاک ہونے والے نرسوں اور ڈاکٹروں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور ان پوسٹروں پر ایسی عبارات درج تھیں ’20 سیکنڈ میں آپ اپنے ہاتھوں سے ہیروز کا خون نہیں دھو پائیں گے۔‘
اس یونین میں ڈیڑھ لاکھ نرسیں شامل ہیں اور یہ امریکہ میں رجسٹرڈ نرسوں کی سب سے بڑی ایسوسی ایشن ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا ذریعہReuters
















