فائزر کی ویکسین کورونا وائرس کی نئی اقسام کے خلاف بھی کارگر
تازہ تحقیق میں بات سامنے آئی ہے کہ ادویات بنانے والی عالمی کمپنیوں فائزر اور بائیو این ٹیک کی ویکسین کورونا وائرس کی نئی اقسام کے خلاف بھی کارگر ہیں۔ ادھر جان ہاپکنز یونیورسٹی اور امریکی میڈیا کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں پہلی بار ایک دن میں چار ہزار اموات ہوئی ہیں۔
لائیو کوریج
’کووڈ وبا کے دوران میرا وزن 15 کلو کم ہوا‘
ڈاکٹر مزل منشی گذشتہ سات ماہ سے ممبئی کی سب سے بڑی کووڈ سہولت گاہ میں ایک ماہر کی حیثیت سے کام کررہے ہیں۔ ڈاکٹر سونالی بھی اسی سینٹرمیں بطور انتظامی انچارج کام کرتی ہیں۔ انڈیا کا شہر ممبئی کووڈ سے بری طرح متاثر ہوا اور اس دوران طبی عملے کو بھی کافی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
عالمی ادارہِ صحت: یورپی باشندوں سے کرسمس کے دوران ماسک پہننے کی اپیل
،تصویر کا ذریعہEPA
عالمی ادارہ صحت نے یورپ میں رہنے والے باشندوں سے کرسمس کے موقع پر خاندانی دعوتوں کے دوران ماسک پہننے کی اپیل کی ہے۔
اپیل میں کہا گیا ہے کہ 2021 کے اوائل میں یورپ میں کورونا وائرس کے انفیکشن کی نئی لہر کا خطرہ زیادہ تھا، کیونکہ وائرس کی منتقلی زیادہ رہی۔
یورپ کے کئی ممالک میں روزانہ ہزاروں کی تعداد میں نئے متاثرین اور سینکڑوں اموات ہو رہی ہیں۔
جرمنی میں بدھ کے روز پابندیاں سخت کرنے کے علاوہ، سکولوں اور غیر ضروری کاروبار کو بند کر دیا گیا ہے۔
اسی دوران یورپی کمیشن کی صدر اروسولا وان ڈیر لین نے کہا کہ کووڈ ویکسین کو ایک ہفتے کے اندر استعمال کے لیے منظور کر لیا جائے گا۔
بریکنگ, 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا سے مزید 105 ہلاکتیں
،تصویر کا ذریعہGetty Images
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے مطابق پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 105 افراد کورونا وائرس کے ہاتھوں جان کی بازی ہار گئے۔
سب سے زیادہ ہلاکتیں سندھ میں ہوئی جبکہ اس وقت بھی ملک بھر میں 70 افراد وینٹیلیٹر پر ہیں۔
15 دسمبر کو مزید 2731 افراد میں کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی۔ پاکستان بھر میں اس وقت کووڈ کے ایکٹو کیسز کی تعداد 48369 ہے۔
سب سے زیادہ مریض پنجاب میں تقریباً سترہ ہزار ہیں جبکہ سندھ میں متاثرہ افراد کی تعداد دس ہزار سے زائد ہے۔
ترکی میں کورونا سے ایک دن میں 235 لوگ ہلاک
،تصویر کا ذریعہReuters
ترکی میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 235 ہلاکتیں ہوئیں ہیں جو اس وبا کے آغاز سے اب تک کی سب سے بڑی یومیہ تعداد ہے۔
چنانچہ اب تک ترک وزارتِ صحت کے مطابق اس نئی عالمی وبا کے باعث 17 ہزار کے قریب ترک شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔
حکام نے ہفتے کے دنوں میں کرفیو اور ہفتہ وار تعطیلات کے موقع پر لاک ڈاؤنز کا نفاذ کر رکھا ہے۔
امریکہ: فائزر کی ویکسین کے بعد موڈرنا کی ویکسین بھی منظور ہونے کا امکان
،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکہ کی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے کہا ہے کہ موڈرنا کی ویکسین محفوظ ہے اور 94 فیصد مؤثر ہے جس کے بعد اسے امریکہ میں ہنگامی طور پر استعمال کرنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
ایف ڈی اے کی جانب سے اس تجزیے کے بعد یہ وہ دوسری کورونا ویکسین ہو سکتی ہے جسے امریکہ میں استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔
اس سے ایک دن قبل امریکہ میں شہریوں کو فائزر - بائیو این ٹیک کی مشترکہ ویکسین کی خوراکیں ملنی شروع ہو گئی تھیں۔
مگر فائزر کی ویکسین کے برعکس موڈرنا کی خوراکوں کو ترسیل کے لیے سخت تر ٹھنڈا رکھنا ضروری نہیں ہوگا۔
موڈرنا کی جانب سے یہ ڈیٹا منگل کو جاری کیا گیا۔
جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے اب تک تین لاکھ سے زیادہ لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔
کورونا وائرس: یورپی ممالک میں کرسمس سے پہلے پابندیوں میں سختی
،تصویر کا ذریعہGetty Images
یورپ کے کئی ممالک نے حالیہ ہفتوں میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں اضافے کے باعث کرسمس کے تہوار سے قبل پابندیوں میں سختی کر دی ہے۔
نیدرلینڈز میں پانچ ہفتے کا لاک ڈاؤن کیا جا رہا ہے جس میں غیر ضروری دکانیں، تھیٹر اور جِم بند رہیں گے۔
بدھ کو جرمنی ایک سخت لاک ڈاؤن میں داخل ہوجائے گا کیونکہ وہاں پر کورونا وائرس کے نئے متاثرین کی تعداد ریکارڈ سطح تک پہنچ چکی ہے۔
فرانس نے لاک ڈاؤن اٹھا لیا ہے مگر انفیکشن کی شرح بلند ہونے کی وجہ سے وہاں اب بھی پابندیاں نافذ العمل ہیں۔
اٹلی، سپین، فرانس اور برطانیہ وہ یورپی ممالک ہیں جہاں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ نئے متاثرین کی تعداد ریکارڈ کی گئی۔
کورونا وائرس: گذشتہ روز پنجاب میں 57 ہلاکتیں
،تصویر کا ذریعہEPA
پاکستان کا صوبہ پنجاب کورونا سے متاثر ہونے والی ملک کی دوسری بڑی اکائی ہے جہاں گذشتہ روز 597 افراد میں اس مرض کی تشخیص ہوئی ہے۔
اس صوبے میں متاثرین کی کُل تعداد ایک لاکھ 28 ہزار 138 ہو چکی ہے۔
گذشتہ روز ملک میں ہونے والی 73 ہلاکتوں میں سے 57 ہلاکتیں پنجاب میں ہوئی ہیں۔
پنجاب میں اب تک تین ہزار 422 افراد کورونا کے سبب ہلاک ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں کورونا سے گذشتہ روز 73 افراد ہلاک، 2459 نئے متاثرین, مثبت کیسز کی شرح: 7.12 فیصد، کُل ہلاکتیں 8905
،تصویر کا ذریعہEPA
پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2459 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 73 افراد اس مرض کے باعث ہلاک ہوئے۔
یوں پاکستان میں اب تک کورونا سے متاثرہ کُل افراد کی تعداد چار لاکھ 43 ہزار 246 ہوگئی ہے جن میں سے تین لاکھ 86 ہزار 333 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔
کورونا وائرس کے سبب گذشتہ روز ہونے والی 73 ہلاکتوں میں سے 40 وہ افراد تھے جنھیں وینٹیلیٹر پر رکھا گیا تھا، جبکہ مجموعی طور پر 64 افراد ہسپتالوں میں اور نو افراد ہسپتالوں سے باہر ہلاک ہوئے۔
پاکستان میں اب تک کورونا کے سبب آٹھ ہزار 905 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ ملک اس وقت کورونا کی دوسری لہر سے گزر رہا ہے جس کے باعث یومیہ متاثرین اور اموات کی تعداد میں روز افزوں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں اس وقت کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7.12 فیصد ہے۔
انگلینڈ میں کورونا وائرس کی ’نئی قسم‘ کی شناخت
،تصویر کا ذریعہget
انگلینڈ میں ممبران پارلیمان کو بتایا گیا ہے کہ ملک میں کورونا
وائرس کی نئی قسم کی شناخت ہوئی ہے جو کہ ملک کے چند حصوں میں تیزی سے پھیل رہی
ہے۔
برطانوی سیکریٹری صحت میٹ ہین کوک نے کہا ہے کہ 60 مختلف
علاقوں کی انتظامیہ نے اس نئی قسم سے لگنے والے کووڈ انفیکشن کی شناخت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت کو اطلاع دے دی گئی ہے
اور برطانوی سائنسدان اس پر جامع تحقیق کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس شناخت کے باوجود پریشان ہونے کی
کوئی بات نہیں ہے۔
برطانیہ میں یونی ورسٹی آف برمنگہم کے پروفیسر ایلن میک
نیلی نے کہا کہ اس نئی قسم سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے اور اس کا یہ بالکل
مطلب نہیں ہے کہ یہ زیادہ وبائی ہے یا زیادہ خطرناک ہے۔
’بس اس پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔‘
ووہان میں فلم کی شوٹنگ نے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا
،تصویر کا ذریعہthe paper
چین کا وسطی شہر ووہان جو کورونا وائرس کے ابتدائی مرکز کے طور پر جانا جاتا ہے، اب وائرس سے پاک ہوچکا ہے۔ مگر اس ہفتے یہاں اچانک ایک غیر معمولی سراسیمگی پھیل گئی۔
سوشل میڈیا صارفین نے شہر میں وبا کی ایک ممکنہ نئی لہر کے بارے میں پوسٹ کرنا شروع کر دیا۔
ویسے تو نئے متاثرین کے حوالے سے کوئی باضابطہ اطلاعات نہیں تھیں لیکن سیل کیے گئے علاقے میں پولیس اہلکاروں اور حفاظتی کپڑے پہنے طبی عملے کی تصاویر اور ویڈیوز گردش کرنے لگیں۔
اس سے فوراً لوگوں میں یہ تشویش پھیل گئی کہ شاید شہر میں وبا کی ایک نئی لہر آ گئی ہے مگر درحقیقت ان ویڈیوز اور تصاویر میں موجود تمام لوگ اداکار تھے۔
سرکاری میڈیا نے وضاحت کی کہ ایک فلم ساز عملہ چائنیز ڈاکٹر نامی فلم کی عکسبندی کے لیے شہر میں آیا ہوا ہے۔
یہ فلم 2021 میں ریلیز کی جائے گی۔
فلم کے عملے نے بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے ایک بیان جاری کیا ہے اور لوگوں سے درخواست کی ہے کہ وہ ’سماجی دوری اختیار کریں‘ اور شوٹنگ کو دیکھنے کے لیے مجمع نہ لگائیں۔
انھوں نے لوگوں سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ ایسی تصاویر نہ لیں جو ’غلط فہمی یا غیر ضروری افراتفری پھیلائیں۔‘
یاد رہے کہ وبا کے عروج کے دنوں میں ایک کروڑ 10 لاکھ آبادی والے اس شہر میں 50 ہزار سے زیادہ مصدقہ کیسز سامنے آئے تھے۔
متحدہ عرب امارات میں ویکسین پروگرام شروع کر دیا گیا
،تصویر کا ذریعہReuters
متحدہ عرب امارات نے چینی دوا ساز کمپنی سائنوفارم کے بنائے گئے انجیکشن استعمال کرتے ہوئے ایک عوامی ویکسینیشن پروگرام شروع کیا ہے۔
یہ منصوبہ اماراتی دارالحکومت ابو ظہبی میں شروع کیا گیا ہے جہاں اطلاعات کے مطابق 45 ہسپتال اور کلینک اس میں حصہ لے رہے ہیں۔
اس پروگرام سے متحدہ عرب امارات دنیا کے ان اولین ممالک میں سے بن گیا ہے جو وسیع پیمانے پر ویکسینیشن شروع کر رہے ہیں۔
دارالحکومت کے رہائشی مقامی طبی مرکز سے رابطہ کر کے مفت میں اپائنٹمنٹ بک کر سکتے ہیں۔
جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق متحدہ عرب امارات میں اب تک ایک لاکھ 86 ہزار افراد اس مرض سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 618 افراد کی موت واقع ہو چکی ہے۔
جرمنی میں نئے مریضوں اور اموات کی تعداد میں اضافہ، سخت لاک ڈاؤن نافذ
،تصویر کا ذریعہEPA
جرمنی میں کورونا وائرس سے نئے متاثرہ افراد اور ہلاکتوں کی تعداد نئے ریکارڈ تک پہنچنے پر کرسمس کے عرصے میں سخت لاک ڈاؤن کیا جائے گا۔
ملک میں بدھ سے تمام غیر ضروری دکانیں اور سکول بند کر دیے جائیں گے جبکہ جہاں ممکن ہو بچوں کو گھر پر تعلیم فراہم کی جائے گی۔
چانسلر اینگلا مرکل نے کرسمس کے لیے خریداری کو ملاقاتوں میں ’خاصے‘ اضافے کے لیے ذمہ دار قرار دیا ہے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 20 ہزار 200 مزید انفیکشن ہوئے ہیں جبکہ 321 مزید اموات ہوئی ہیں۔
صدر فرینک والٹر سٹائنمائیر نے کہا کہ سخت ترین اقدامات ناگزیر ہیں کیونکہ وائرس قابو سے باہر نکل سکتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ تحفے دینے میں دیر کی جا سکتی ہے اور یہ کہ جانیں بچانے اور ہسپتالوں پر دباؤ کم رکھنے کی کوششیں تبھی کامیاب ہوں گی اگر لوگوں نے اگلے چند ہفتوں میں اپنی ملاقاتیں محدود رکھیں۔
نیا لاک ڈاؤن 16 دسمبر سے 10 جنوری تک جاری رہے گا۔
کسی بھی گھر میں دو گھرانوں کے پانچ سے زیادہ افراد جمع نہیں ہو سکیں گے۔
مگر اس پابندی میں 24 سے 26 دسمبر تک کے لیے نرمی کی جائے گی جب ایک گھرانے کے لوگ اپنے قریبی رشتے داروں اور دیگر گھرانوں سے زیادہ سے زیادہ چار لوگوں کی دعوت کر سکیں گے۔
پنجاب میں کورونا کے 329 نئے متاثرین، 14 اموات
،تصویر کا ذریعہEPA
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں گذشتہ روز کورونا وائرس کے 329 نئے متاثرین کی تصدیق ہوئی۔ اب یہاں متاثرین کی کل تعداد 127,541 ہے۔
صوبے میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ 19 سے مزید 14 ہلاکتیں ہوئی ہے۔ جبکہ اموات کی کل تعداد 3,365 ہو چکی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبائی دارالحکومت لاہور میں کووڈ 19 کے 30 مریض داخل ہوئے۔
اداکارہ ماہرہ خان، مولانا طارق جمیل کورونا وائرس سے متاثر
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو Instagram کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے Instagram ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔
Instagram پوسٹ کا اختتام
پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے اسٹاگرام پر تصدیق کی ہے کہ وہ کووڈ 19 سے متاثر ہوچکی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ خود کو آئسولیٹ (تنہا) کر رہی ہیں اور اپنے مثبت نتائج کی اطلاع ایسے لوگوں کو دینا چاہتی ہیں جو گذشتہ دنوں ان سے رابطے میں رہے۔
’حالت خراب ہے لیکن (امید ہے) جلد یہ ٹھیک ہوجائے گا۔‘
اپنی پوسٹ میں انھوں نے سب کو ماسک پہننے کی تلقین کی اور آئسولیشن کے دورانیے کے لیے فلموں کی تجاویز مانگیں۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔
X پوسٹ کا اختتام
مذہبی سکالر مولانا طارق جمیل بھی تصدیق کر چکے ہیں کہ انھیں کورونا وائرس ہوچکا ہے۔
ٹوئٹر پر ان کا کہنا تھا کہ ’گذشتہ کچھ ایام سے طبیعت ناساز تھی، ٹیسٹ کروانے پر کورونا پازیٹو آیا ہے،
اطبّا کے مشورے سے ہسپتال داخل ہو گیا ہوں، تمام محبین سے خصوصی دعاؤں کی درخواست ہے۔‘
36 بستروں کی گنجائش والی بیرک میں 100 قیدی: ’گھٹن سے نا مرا تو کورونا سے مر جاؤں گا‘
دنیا بھر سے کورونا وائرس کی دوسری لہر اور ویکسین سے متعلق تازہ ترین خبریں
،تصویر کا ذریعہGetty Images
دنیا بھر میں جہاں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث نئے مریضوں اور اموات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے وہیں ویکسین سے متعلق امید افزا خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق ملک میں فائزر/ بائیواین ٹیک کی کووڈ 19 ویکسین کو تمام ریاستوں میں بھیجنے کا سلسلہ شروع کیا جا چکا ہے اور اس دوران مقصد یہ ہے کہ 10 کروڑ سے زیادہ افراد کو مارچ سے پہلے ویکسین لگا دی جائے۔
اتوار کے روز اس ویکسین کی پہلی خوراکیں ڈرائے آئیس کے کنٹینرز میں ڈال کر ہوائی جہازوں اور ٹرکوں میں روانہ کی گئیں۔ امریکی آرمی کے جنرل گستاو پرنا جن پر اس منتقلی کی ذمہ داری عائد کی گئی ہے نے کہا کہ پیر تک ویکسین کو 145 مختلف ویکسین سٹیشنز تک پہنچا دیا جائے گا جبکہ 491 مزید جگہوں پر منگل اور بدھ تک یہ ویکسینز پہنچ جائیں گی۔ ابتدائی منتقلی سے تقریباً 30 لاکھ افراد مستفید کریں گے۔
سکاٹ لینڈ میں مزید 800 افراد میں کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد یہاں کورونا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 106170 ہو گئی ہے۔
،تصویر کا ذریعہGetty Images
جرمنی نے کرسمس کے دوران سخت لاک ڈاؤن لگانے کا اعلان کیا ہے کیوںکہ ملک میں حالیہ کچھ عرصے میں اموات اور متاثرہ افراد کی کل تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ملک بھر میں بدھ سے غیرضروری کاروباری مراکز کو بند کر دیا جائے گا جبکہ سکولوں کو بھی بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جرمن چانسلر اینگلا مرکل نے وائرس کی منتقلی میں اضافے کی وجہ کرسمس کے لیے کی جانے والی شاپنگ کو قرار دیا ہے۔
کورونا اور طلاق: عالمی وبا سے علیحدگیوں میں اضافہ کیوں ہو رہا ہے؟
امریکی عوام کو پیر سے ویکسین ملنا شروع ہو جائے گی
،تصویر کا ذریعہReuters
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ پیر سے عوام کو فائزر - بائیو ٹیک کورونا وائرس ویکسین ملنا شروع ہو جائے گی۔
یاد رہے امریکہ میں ادویات کے نگراں ادارے ایف ڈی اے نے فائزر کی ویکسین کو ہنگامی بنیادوں پر منظور کر لیا ہے۔
ویکسین کی تقسیم کی نگرانی کرنے والے جنرل گوستاو پرنا نے بتایا کہ اس ہفتے کے آخر میں ویکسین کی پہلی تین ملین خوراکیں ’تمام ریاستوں میں‘ بھیج دی جائیں گی۔
یہ ویکسین کووڈ 19 کے خلاف 95 فیصد تک تحفظ فراہم کرتی ہے اور اسے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے محفوظ پایا ہے۔
ہفتے کے روز امریکہ میں کورونا وائرس کے باعث 3،309 افراد ہلاک ہو گئے۔
کیا ووہان شہر نے کورونا کو تاریخ کے سپرد کردیا؟
دنیا ایک جانب اب بھی کورونا کی وبا کا مقابلہ کر رہی ہے مگر دوسری جانب چین کا وہ شہر جہاں کورونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہوا تھا وہاں گذشتہ کئی ماہ سے مقامی منتقلی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔
بی بی سی نے ووہان شہر کا دورہ کیا تاکہ اس وبا کے شہر پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا جاسکے۔