آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

فائزر کی ویکسین کورونا وائرس کی نئی اقسام کے خلاف بھی کارگر

تازہ تحقیق میں بات سامنے آئی ہے کہ ادویات بنانے والی عالمی کمپنیوں فائزر اور بائیو این ٹیک کی ویکسین کورونا وائرس کی نئی اقسام کے خلاف بھی کارگر ہیں۔ ادھر جان ہاپکنز یونیورسٹی اور امریکی میڈیا کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں پہلی بار ایک دن میں چار ہزار اموات ہوئی ہیں۔

لائیو کوریج

  1. پاکستان میں کورونا ویکسین 2021 کی دوسری سہ ماہی تک دستیاب ہو گی: ڈاکٹر فیصل سلطان

    پاکستان کو کورونا وبا کی دوسری لہر کا سامنا ہے۔ بی بی سی کی شمائلہ جعفری نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان سے بات کی اور ان سے پوچھا کہ حکومت اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیا کر رہی ہے اور پاکستان میں ویکسین کب دستیاب ہوگی؟ ویڈیو ایڈیٹنگ: فاخرمنیر

  2. ضلعی انتظامیہ کا پشاور بھر میں کورونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن

    پشاور میں بار بار نوٹس کے باوجود سیفٹی ماسک کا استعمال نہ کرنا اور مارکیٹوں میں رش اور سماجی فاصلے کا خیال نہ رکھنے پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کارروائی کی گئی ہے۔

    ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق بی آر ٹی سٹیشنوں اور بسوں میں سیفٹی ماسک استعمال نہ کرنے پر 52 افراد پر موقع پر جرمانہ کیا گیا ہے جبکہ مختلف شادی ہال اور ریستورانوں کو سیل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاجر برادری اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ بازاروں میں رش نہ بنائیں اور حکومتی ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کریں۔

  3. ہیکرز کی ویکسین کی فراہمی کے سلسلے کو نشانہ بنانے کی کوشش

    آئی بی ایم کے مطابق بین الاقوامی ویکسین کی فراہمی کے سلسلے کو ہیکرز کی جانب سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ انھوں نے ایک ایسے حملے کی نشاندہی کی ہے جو آمد و رفت کے دوران ویکسین کو ایک مخصوص درجہ حرارت پر رکھنے کے مرحلے کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔

    ان ہیکرز کی شناخت ابھی واضح نہیں ہے لیکن آئی بی ایم کا کہنا ہے کہ ان کے طریقے سے یہ بات ایاں ہے کہ انھیں ملکی معاونت حاصل ہے۔

    اس کے ساتھ ہی مختلف حکومتوں کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ ویکسین کی تحقیق پر مختلف ممالک سائبر حملے کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

  4. یورپی یونین کی برطانیہ میں ویکسین کے استعمال کی منظوری پر تنقید

    یورپی یونین نے برطانیہ میں فائزر ویکسین کی ہنگامی بنیادوں پر منظوری کے فیصلے پر تنقید کی ہے۔

    کووڈ-19 کی منظوری کے لیے مامور یورپی میڈیسن ایجنسی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ویکسین کی منظوری کے لیے ان کا طریقہ کار، برطانیہ میں اپنائے گئے طریقہ کار کی نسبت زیادہ جامع ہے اور اس میں زیادہ جانچ کے بعد شواہد کو دیکھتے ہوئے منظوری دی جائے گی۔

    خیال رہے کہ یورپی یونین نے کہا ہے کہ وہ 29 دسمبر کو ایک اجلاس میں فائزر بایو این ٹیک ویکسین کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔

  5. برطانیہ میں کووڈ ویکسین کس طرح اور کسے دی جائے گی؟

    برطانیہ میں ویکسین اور ایمونائزیشن کے لیے بنائی گئی کمیٹی نے ویکسین کے استعمال کے لیے ترجیحی سفارشات تیار کی ہیں۔ ان کی رائے کے مطابق ویکسین سب سے پہلے کیئر ہومز میں موجود معمر افراد اور ان کی دیکھ بھال کرنے والے افراد کو دی جائے گی۔

    دوسرے نمبر پر وہ افراد آئیں گے جن کی عمر 80 سال یا اس سے زیادہ ہے اور وہ تمام افراد جو صحت اور سوشل ورک کے محکموں میں براہ راست مریضوں کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ تیسرے نمبر پر 75 سال سے زیادہ عمر کے افراد، چوتھے نمبر پر 70 سال سے زیادہ عمر کے تمام افراد اور ایسے تمام افراد جن کی مدافعت بیماری کے باعث کمزور ہے۔

    پانچویں نمبر پر 65 سال سے زیادہ عمر کے افراد، چھٹے نمبر پر 16 سے 64 سال کی عمر کے ایسے تمام افراد جنھیں صحت کے دیگر مسائل کا سامنا ہے۔

    ساتویں، آٹھویں اور نویں نمبر پر بالترتیب ساٹھ، پچپن اورپچاس سال کی عمر کے افراد کو ترجیح دی جائے گی۔

    خیال رہے کہ ویکسین کی ڈوز اکیس دن کے وقفے سے دو بار دی جائے گی اور دوسری خوراک کے سات دن کے بعد کووڈ کے خلاف مدافعت پیدا ہو گی۔

  6. کورونا: پاکستان بھر میں سیاسی و مذہبی اجتماعات پر پابندی کی درخواست مسترد

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے کورونا کی وجہ سے ملک بھر میں سیاسی اور مذہبی اجتماعات پر پابندی لگانے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

    نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق بدھ کو سماعت کے دوران چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ ’ہم نے تو حکم دے دیا ۔ عدالتی حکم پر کوئی عمل نہیں کرا رہا اور سیاست میں مشغول ہے تو ہم کیوں مداخلت کریں؟‘

    عدالت نے فیصلے میں کہا کہ یہ پارلیمان اورایگزیکٹو اتھارٹیز پر منحصر ہے کہ کووڈ کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے قوم کو اکٹھا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عدالت نے حالیہ فیصلے میں این سی اوسی کے فیصلوں پر عمل درآمد لازمی قرار دیا تھا اور اب جبکہ ملک میں بڑے اجتماعات سے کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے تو ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ کورونا ایس او پیز پر عمل کرائے اور این سی او سی کو آؤٹ ڈور جلسوں سے متعلق گائیڈ لائنز پر پابندی کرانے کا حکم دیا جائے۔

  7. سندھ میں تقریباً دو ہزار نئے مریض

    سندھ کی وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ موسمِ گرما کے مقابلے میں موسمِ سرما میں کورونا وائرس تیزی پھیلنے کا خدشہ ہے۔

    ان کی جانب سے یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں کورونا کے نئے مریضوں کی تعداد دو ہزار کے قریب رہی ہے۔

    وزیرِ صحت کے مطابق سندھ میں اس عرصے میں 1983 نئے مریض سامنے آئے جو پانچ جولائی کے بعد ایک دن میں مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

    ایک دن قبل یہ تعداد 1333 تھی یعنی ایک دن میں نئے مریضوں کی تعداد میں تقریباً چھ سو کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔

    عذرا پیچوہو نے خبردار کیا کہ کورونا کی دوسری لہر کے دوران کیسز میں تیزی سے اضافے کا خدشہ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پہلی لہر کے دوران زیادہ کیس آنے کے بعد سخت اقدامات کی وجہ سے کورونا کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملی تھی اور موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ایس او پیز پر عمل کرنا لازمی ہے جبکہ عوامی مقامات پر جانے سے گریز اور ماسک پہننے سے نئے مریضوں کی تعداد میں کمی آ سکتی ہے۔

  8. غیرمحفوظ جنسی تعلق سے اجتناب کی شرط سے کورونا ویکسین ٹرائل کے رضاکار پریشان

  9. کووڈ ویکسین کے حوالے سے انٹرنیٹ پر موجود افواہوں سے کیسے بچا جائے؟

  10. بریکنگ, امریکہ میں وبا کے آغاز کے بعد سب سے ہلاکت خیز دن

    امریکہ جو کہ دنیا میں کورونا وائرس کی وبا کا مرکز ہے وہاں بھی اس وبا کی دوسری لہر پہلی لہر کے مقابلے میں زیادہ ہلاکت خیز ثابت ہو رہی ہے۔

    امریکی حکام کے مطابق بدھ کو ملک میں کووڈ 19 سے ایک دن میں 2760 اموات ریکارڈ کی گئیں جو وبا کے آغاز کے بعد اب تک ایک دن میں اس سے ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔

    اس سے قبل امریکہ میں ایک دن میں سب سے زیادہ اموات 15 اپریل کو ریکارڈ کی گئی تھیں جو 2752 تھیں۔

    امریکہ میں وبائی امراض سے متعلق ادارے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ موسمِ سرما امریکہ میں عوامی صحت کے لحاظ سے ’ مشکل ترین وقت‘ ثابت ہو سکتا ہے۔

  11. کووڈ-19 کی ویکسینز محفوظ ہیں، فیصلہ کون کرے گا؟

    پاکستان میں حکام کا کہنا ہے کہ کورونا کی ویکسین سنہ 2021 کی پہلی سہ ماہی میں دستیاب ہو سکتی ہے۔ پاکستان کی وفاقی کابینہ نے ویکسین کی خریداری کے لیے 15 کروڑ ڈالر کی رقم کی فراہمی کی بھی منظوری دی ہے۔

    وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ ملک میں یہ ویکسین سب سے پہلے کورونا کے خلاف جنگ میں مصروف ’فرنٹ لائن ورکرز‘ یعنی طبی عملے کو دی جائے گی۔

    جہاں بہت سے لوگ جلد سے جلد ان ویکسینز کو لگوانے کے لیے بیتاب ہیں وہیں کچھ لوگ ایک انجان دوا کو اپنے جسم میں داخل کرنے پر پریشان دکھائی دیتے ہیں۔

  12. پاکستان میں تازہ ترین صورتحال کیا ہے؟

    پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور اس کے پیش نظر تعلیمی اداروں کی بندش سمیت دوسرے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاہم کورونا وائرس سے متعلق حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزیاں بھی نظر آرہی ہیں۔

    پاکستان میں حکومتی اعدادوشمار کے مطابق چار لاکھ سے زیادہ لوگ اس وائرس سے متاثر جبکہ آٹھ ہزار سے زیادہ اس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

    بدھ کے روز پاکستان میں کورونا وائرس کے 3499 نئے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ 39 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔

    اس وقت ملک بھر میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 51 ہزار سے زیادہ ہے۔

  13. کورونا وائرس: دنیا بھر میں تازہ ترین صورتحال کیا ہے؟

    دنیا بھر میں کووڈ 19 یا کورونا وائرس کی دوسری لہر زیادہ ہلاکت خیز ثابت ہو رہی ہے اور اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 14 لاکھ 90 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

    کورونا وائرس کو عالمی ادارۂ صحت کی جانب سے عالمی وبا قرار دیا گیا ہے اور امریکہ میں اس وائرس کے باعث اب تک دو لاکھ 70 ہزار سے زیادہ ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

    ایک کروڑ 39 لاکھ سے زیادہ سے زیادہ متاثرین کے ساتھ امریکہ ہی دنیا میں اس وبا کا سب سے بڑا مرکز ہے۔

    انڈیا 94 لاکھ سے زائد متاثرین کے ساتھ دنیا میں دوسرے نمبر پر سب سے متاثرہ ملک ہے جبکہ اموات کے اعتبار سے برازیل ایک لاکھ 74 ہزار سے زیادہ ہلاکتوں کے ساتھ دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔

  14. کورونا کی دوسری لہر زیادہ ہلاکت خیز

    بی بی سی اردو کے لائیو پیج پر خوش آمدید! دنیا بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے جس کے پیش نظر بی بی سی اردو نے اپنے قارئین کو لمحہ با لمحہ با خبر رکھنے کے لیے دوبارہ سے لائیو پیج کا آغاز کیا ہے۔ آپ ہمارے لائیو پیج سے دنیا بھر میں کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ رہیں گے۔