آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

فائزر کی ویکسین کورونا وائرس کی نئی اقسام کے خلاف بھی کارگر

تازہ تحقیق میں بات سامنے آئی ہے کہ ادویات بنانے والی عالمی کمپنیوں فائزر اور بائیو این ٹیک کی ویکسین کورونا وائرس کی نئی اقسام کے خلاف بھی کارگر ہیں۔ ادھر جان ہاپکنز یونیورسٹی اور امریکی میڈیا کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں پہلی بار ایک دن میں چار ہزار اموات ہوئی ہیں۔

لائیو کوریج

  1. عمران خان اور بل گیٹس کا ٹیلی فونک رابطہ، پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال پر تبادلہ خیال

    پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان اور بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس کے درمیان جعمرات کے روز ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

    ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مربوط کوششوں اور سمارٹ لاک ڈاون کے ذریعے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی دوسری لہر سے نمٹنے کے بارے میں حکومت کا پختہ عزم ظاہر کیا ہے۔

    فریقین نے پاکستان میں کورونا کی صورتحال اور پولیو کے خاتمے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔

    عمران خان نے نے سماجی بہبود کے احساس پروگرام کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کی جاری امداد کو سراہا جس کے تحت پاکستان کی آبادی کے پسماندہ طبقے کو امداد فراہم کی جائے گی اور وہ صحت غذا اور معاشی بحالی میں فاؤنڈیشن کے تجربات سے استفادہ کر سکیں گے۔

    عمران خان نے تمام ترقی پذیر ممالک کے لیے کورونا ویکسین کی محفوظ اور موثر فراہمی کی کوششوں کے لیے گیٹس فاونڈیشن کی موثر مہم کی تعریف کی۔

    پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کی ہنگامی استعداد کار میں اضافے پر گیٹس فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک بھر میں پولیو کے خلاف مہم میں تیزی لائی جا رہی ہے۔

    بل گیٹس نے اس موقع پر کورونا کی روک تھام اور معاشی بحالی کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

  2. چینی ویکسین سائنو ویک دیگر ویکسینز سے کیسے مختلف ہے؟

    سائنو ویک کمپنی کی کورونا ویک ایک ایسی ویکسین ہے جو مریض کے نظامِ مداقعت میں وائرس کے مردہ نمونے شامل کرتا ہے تاکہ مریض کے نظامِ مدافعت کو پتا چلے کہ اس وائرس کا مقابلہ کرنا ہے اور مریض پر کوئی برا اثر بھی نہ پڑے۔

    اس کے مقابلے میں موڈرنا اور فائزر کی ویکسینز ایم آر این اے ویکسینز ہیں جس کا مطلب یہ ہے کہ کورونا وائرس کا جزوی جینیاتی کوڈ مریض میں انجیکشن کے ذریعے شامل کیا جاتا ہے جس سے مریض وائرل پروٹینز بنانا شروع کر دیتا ہے مگر پورا وائرس نہیں۔

    ان وائرل پروٹیز کے ذریعے نظامِ مداقعت کو یہ پتا چل جاتا ہے کہ اس کا مقابلہ کیسے کرنا ہے۔ نانیانگ ٹیکنولوجیکل یونیورسٹی کے اسوسی ایٹ پروفیسر لو داہی نے بی بی سی کو بتایا کہ سائنو ویک کا طریقہ ویکسینز کا ایک روایتی طریقہ ہے اور ایم آر این اے ویکسینز ایک نئے طرز کی ویکسینز ہیں اور ان کی ماضی میں کوئی بڑے پیمانے پر آبادی میں کامیاب مثال نہیں ملتی۔

    اس کے علاوہ سائنو ویک کا ایک اور فائدہ یہ ہے کہ دو سے آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ بھی رکھی جا سکتی ہے۔ موڈرنا کی ویکسین کو منفی 20 ڈگری سینٹی گریڈ اور فائزر کی ویکسین کو منفی 70 ڈگری پر رکھنا ضروری ہے۔

    آکسفورڈ کی ویکسین کو بھی اس قدر سرد ماحول میں رکھنا ضروری نہیں ہے۔

    اس کا مطلب ہے کہ ترقی پزیر ممالک جہاں پر توانائی کی کمی کی وجہ سے اس قدر سرد ماحول برقرار رکھنا مشکل ہو سکتا ہے، ان ممالک کے لیے سائنو ویک اور آکسفورڈ کی ویکسین زیادہ مفید ہو سکتی ہے۔

    یہ کتنی موثر ہے؟

    مگر سائنو ویک کتنی موثر ہے، یہ کہنا ابھی مشکل ہے۔ اب تک اس کے فیز 1 اور فیز 2 ٹرائلز کے نتائج سامنے آئے ہیں۔

    پہلے مرحلے میں 144 رضاکاروں نے جبکہ دوسرے میں 600 نے حصہ لیا اور اس تحقیق کے بعد ماہرین کا کہنا تھا کہ ویکسین کم از کم ایمرجنسی صورتحال کے لیے استعمال کی جا سکتی ہے۔

    سائنو ویک کا دعویٰ ہے کہ ستمبر میں ایک ہزار سے زیادہ رضاکاروں کے ساتھ تجربہ شروع کیا گیا تھا جن میں سے پانچ فیصد سے بھی کم میں تھکاوٹ اور بے آرامی کے اثرات نظر آئے تھے۔ سائنو ویک برازیل میں فیز 3 کے ٹرائل کر رہا ہے۔ سائنو ویک کا کہنا ہے کہ وہ ایک سال میں 30 کروڑ ٹیکے تیار کر سکتے ہیں۔

    دیگر ویکسینز کی طرح اس کے بھی دو ٹیکے فی مریض درکار ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ فی الحال یہ صرف ہر سال 15 کروڑ چینی شہریوں کے لیے ویکسین تیار کر سکتے ہیں جو کہ ملک کی کل آبادی کا دس فیصد کے قریب ہے۔ تاہم سائنو ویک نے پہلے ہی انڈونیشیا میں کھیپ بھیج دی ہے اور اس کے ترکی، برازیل اور چلی کے ساتھ فروخت کے معاہدے ہیں۔

  3. چینی ویکسین سائنو فارم 86 فیصد کارآمد ہے: متحدہ عرب امارات

    چین میں کورونا وائرس کے خلاف چار ویکسینز تیاری کے مختلف مراحل میں ہیں۔ ان میں سے ایک سائنو فارم کی ہے جسے دس لاکھ چینی افراد میں ہنگامی بنیادوں پر بانٹا گیا تھا۔ سائنو فارم نے بھی اپنے فیز تھری ٹرائلز کے اعداد و شمار شائع نہیں کیے ہیں۔

    تاہم متحدہ عرب امارات وہ پہلا ملک بن گیا ہے جس نے سائنو فارم کے فیز تھری ٹرائل مکمل کر کے اسے 86 فیصد کارآمد قرار دے دیا ہے۔

    متحدہ عرب امارات میں سرکاری نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ سینو فارم کی ویکسین کو ملک میں سرکاری طور پر رجسٹر کر لیا گیا ہے اور وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ ان کے تجزیے کے مطابق اس کے کوئی حفاظتی خدشات نہیں ہیں۔

  4. کورونا وائرس: پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 56 اموات، 3138 نئے مریض

    پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث 56 اموات ہوئی ہیں جبکہ 3138 افراد میں کورونا کی تشخیص بھی ہوئی ہے۔

    اب تک کل 429280 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 8603 افراد ہلاک چکے ہیں۔ اب تک ملک میں 374301 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔

  5. ماسک پہننے والوں کا امریکی شہر جہاں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح کم ہے

    اس وقت امریکہ کی آدھی سے زیادہ ریاستوں میں اس وقت ماسک پہننے کے حوالے سے قوانین موجود ہیں تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

    ہم ایک ایسے امریکی شہر کا بغور جائزہ لے رہے ہیں جس نے ریاستی پالیسی کے برعکس ماسک پہننے کی پابندی کی ہے۔

    امریکی ریاست جنوبی ڈکوٹا ملک میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے شرحِ انفیکشن والی ریاستوں میں سے ایک ہے۔

    اس ریاست کی رپبلکن گورنر کرسٹی نوئم نے یہاں ماسک پہننا لازمی قرار نہیں دیا اور وہ ریاست بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کے بھی خلاف ہیں کیونکہ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کے پاس اس کا کوئی حق نہیں ہے۔

    تاہم اسی ریاست میں دیگر برادریوں نے ایک مختلف راستہ چنا ہے۔ ریاست کے چوتھا سب سے بڑے شہر بروکنگز نے ستمبر میں کاروبار کرنے والی عمارتوں میں ماسک پہننا لازمی قرار دیا تھا۔

    تو کیا اس کے باعث شہر میں انفیکشن کی شرح میں کمی دیکھنے میں آئی تھی؟ ایک مقامی اخبار لوکل رجسٹر کو چھاپنے والے ولیئم مکمیکن کا کہنا ہے کہ شروعات میں اس فیصلے کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم مقامی حکومت کی جانب سے مسلسل پیغامات بھیجے جانے کے بعد ہر کسی نے ماسک پہننا شروع کر دیے۔

    انھوں نے بتایا کہ جب میں بروکنگز میں اپنے پسندیدہ سٹور پر جاتا ہوں تو وہاں 80 سے 90 فیصد افراد نے ماسک پہنا ہوتا ہے۔ ماسک پہننے کے حوالے سے بروکنگز شہر میں تو قوانین ہیں تاہم ان کا اطلاق پوری کاؤنٹی پر نہیں ہوتا جو اسی نام سے ہے۔

    ہمارے پاس ایک کاؤنٹی کے اعداد و شمار ہیں پورے ملک کے نہیں ہیں اس لیے اس کی کچھ حدود ہیں۔ ریاست جنوبی ڈکوٹا کی پانچ سب سے زیادہ آبادی والی ریاستوں میں بروکنگز کاؤنٹی میں اس وقت سب سے کم انفیکشن کی شرح ہے۔

    خیال رہے کہ امریکہ کے نومنتخب صدر جو بائیڈن نے کہہ رکھا ہے کہ وہ دفتر میں آنے کے بعد جو پہلا قدم اٹھائیں گے وہ امریکیوں سے ماسک پہننے یا چہرہ ڈھانپنے کی درخواست کریں گے۔

  6. امیر ممالک کووڈ ویکسینز ذخیرہ کر رہے ہیں: پیپلز ویکسین الائنس

  7. پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا سے مزید 24 اموات

    پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس سے گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 24 اموات ہوئی ہیں جبکہ 613 نئے متاثرین سامنے آئے ہیں۔

    صوبے میں اب تک کورونا سے 124804 افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 3242 ہلاک ہو چکے ہیں۔

  8. امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد ڈیڑھ کروڑ، کووڈ 19 کی ویکسین منظوری کے قریب

    امریکہ میں تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرین کی مجموعی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے اور اب تک ملک میں ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 286000 سے بڑھ گئی ہے۔

    دوسری جانب امریکہ میں حکام کووڈ 19 کی ویکسین کی منظوری دینے کے مزید قریب آ گئے ہیں جو امریکی عوام کے لیے باعث حوصلہ بن سکتی ہے جو دنیا بھر میں اس مرض سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

    امریکہ کے وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے ایک ورچوئل سمٹ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم ایک بہت مشکل وقت کا سامنا کرنے والے ہیں۔

  9. بریکنگ, پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 60 افراد کی ہلاکت، 2963 نئے متاثرین کی تشخیص

    پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث مزید 60 افراد کی ہلاکت ہو گئی اور اب مجموعی طور پر وائرس سے 8547 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    آٹھ دسمبر کو ملک بھر میں 38 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد 2963 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کی مناسبت سے پاکستان میں پازیٹیویٹی ریٹ 7.78 فیصد ہے۔

    حکومت پاکستان کے مطابق پورے ملک میں 2498 مریض انتہائی نگہداشت کے وارڈز میں داخل ہیں اور ان مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

  10. سپین: بارسلونا کے چڑیا گھر میں پانچ شیروں کے کورونا ٹیسٹ مثبت

    سپین کے شہر بارسلونا کے ایک چڑیا گھر میں پانچ شیروں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آ گئے ہیں۔

    کورونا وائرس کی وبا کے دوران شیروں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ تین مادہ اور دو نر شیروں کی دیکھ بھال پر معمور ایک اہلکار نے ان شیروں میں جب کورونا کی علامات محسوس کیں تو اُنھوں نے انتظامیہ کو اس بارے میں آگاہ کیا۔

    بارسلونا میں جانوروں کے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم اس بات کی تحقیق کر رہی ہے کہ آئسولیشن میں ہونے کے باوجود ان شیروں کے ٹیسٹ مثبت کیسے آئے ہیں۔

  11. ’دونوں ڈاکٹر وقت پر مدد کو نہ آتے تو بہت بڑا نقصان ہو جاتا‘

  12. انڈیا: پانچ ماہ میں پہلی بار یومیہ متاثرین کی تعداد سب سے کم

    انڈین حکومت نے اعلان کیا ہے کہ جولائی کے بعد سے پہلی بار منگل کے روز ملک بھر میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز کی تعداد 27 ہزار سے کم سامنے آئی ہے۔

    ستمبر کے شروع سے یہ نمایاں کمی ہے، جب ملک میں یومیہ متاثرین نوے ہزار سے زیادہ تھے۔

    انڈیا میں اس وبا کے آغاز سے اب تک 97 لاکھ سے زیادہ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جو دنیا بھر میں امریکہ کے بعد کسی ملک میz کورونا وائرس کے متاثرین کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

    انڈیا میں تقریباً ایک لاکھ 40 ہزار افراد کورونا وائرس سے ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔

  13. کورونا وائرس: یورپ کی تازہ ترین صورتحال کیا ہے؟

    برطانیہ میں کورونا ویکسین لگانے کا عمل شروع ہو چکا ہے لیکن یورپ کے باقی ممالک میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال کیا ہے، آئیے جانتے ہیں:

    اٹلی کی وزیر داخلہ لوسیانا لیمورگیس میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے لیکن ان میں کسی قسم کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئی ہیں۔

    ڈنمارک کے 38 قصبوں اور شہروں میں سخت اقدامات نافذ کر دیے گئے ہیں جبکہ کل سے ریستوران اور شراب خانے بھی بند ہوں گے۔

    15 دسمبر سے فرانس میں لاک ڈاؤن میں نرمی متوقع ہے تاہم یومیہ کیسز کی تعداد ابھی بھی دس ہزار ہے۔

    ہسپانوی اخبار ایل پائس کے مطابق یورپ میں کورونا وائرس کی دوسری لہر زیادہ مہلک ثابت ہور ہی ہے۔ اگدست میں دوسری لہر کے آغاز سے اب تک 152216 افراد ہاک ہو چکے ہیں جبکہ جولائی میں ختم ہونے والی پہلی لہر میں ہلاکتوں کی تعداد 136176 تھی۔

    جرمن وزیر صحت نے کہا ہے کہ اگر کرسمس سے قبل کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں کمی نہ آئی تو دوبارہ سخت لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔

  14. این ایچ ایس سربراہ: ویکسینیشن ’دوائی کی محفوظ ترین شکلوں میں سے ایک ہے‘

    این ایچ ایس انگلینڈ کے میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر سٹیفن پووس نے کہا ہے کہ ویکسینیشن پروگرام کا آغاز ’اختتام کے آغاز کی طرح‘ محسوس ہو رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ سنہ 2020 ’خوفناک‘ رہا ہے لیکن آنے والے چند ماہ میں زندگی ’معمول‘ پر آ جائے گی۔

    جب ان سے پوچھا گیا کہ ان لوگوں کے لیے کیا پیغام ہے، جن کو ویکسین پر تشویش لاحق ہوسکتی ہے، تو انھوں نے کہا کہ ویکسینیشن ’دوائی کی محفوظ ترین شکلوں میں سے ایک ہے۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ اس ویکسین کا ہزاروں لوگوں پر تجربہ کیا گیا اور انتہائی احتیاط سے اس کی نگرانی بھی کی گئی ہے۔ انھوں نے کہا ’اگر آپ کو ویکسین کی خوراک دینے کے لیے بلایا جاتا ہے تو میرا مشورہ ہے کہ آئیں اور اسے لیں۔‘

    • پاکستان کے صوبہ پنجاب میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 41 اموات

      پاکستان کے صوبہ پنجاب میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے 41 اموات ہوئی ہیں جبکہ مزید 429 مریض سامنے آئے ہیں۔

      اب تک صوبے میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 124191 ہے جبکہ کل 3218 افراد دم توڑ چکے ہیں۔

    • کیا کورونا ویکسینز محفوظ ہیں، فیصلہ کون کرے گا؟

      جہاں بہت سے لوگ جلد سے جلد کورونا کی ویکسین کے استعمال کے لیے بیتاب ہیں وہی کچھ لوگ ایک انجان دوا کو اپنے جسم میں داخل کرنے پر پریشان دکھائی دیتے ہیں۔

    • بریکنگ, انگلینڈ: 90 برس کی خاتون کو کورونا ویکسین کی پہلی خوراک دے دی گئی

      انگلینڈ میں کورونا ویکسینیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے اور شمالی آئرلینڈ میں 90 برس کی خاتون کو ویکسین کی پہلی خوراک دے دی گئی ہے۔

      مارگریٹ کینن کو ویکسین کی پہلی خوراک کووینٹری کے یونیورسٹی ہسپتال میں دی گئی۔

      واضح رہے کہ برطانیہ میں آج سے شروع ہونے والے ویکسینیشن پروگرام میں سب سے پہلے خطرے کی زد میں موجود افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔

    • بریکنگ, پاکستان میں کورونا سے 89 مزید افراد ہلاک، 2885 نئے متاثرین

      پاکستان فی الوقت کورونا وائرس کی دوسری لہر سے گزر رہا ہے اور حالیہ دنوں میں نئے متاثرین اور اموات کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

      گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں 2885 نئے متاثرین سامنے آئے ہیں جبکہ اسی دورانیے میں ہلاکتوں کی تعداد 89 رہی۔

      پانچ جولائی 2020 کو کورونا کے باعث 93 اموات کے بعد یہ اب تک کی سب سے بڑی یومیہ ہلاکتوں کی تعداد ہے۔

      اسی طرح 6 دسمبر کو پاکستان میں کورونا کے 3795 نئے مریض سامنے آئے تھے جو دو جولائی کو 4087 نئے متاثرین کے بعد سامنے آنے والی نئے متاثرین کی سب سے بڑی تعداد تھی۔

      سات دسمبر کو پاکستان میں 13 ہزار 932 افراد کووڈ سے صحتیاب ہوئے جبکہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ روز 33 ہزار 610 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

    • جسٹن ٹروڈو: سال کے آخر تک کینیڈا کو ویکسین کی دو لاکھ 50 ہزار خوراکیں مل جائیں گی

      کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ کینیڈا کو فائزر کووڈ 19 ویکسین کی تقریبا 250،000 خوراکیں سال کے آخر تک دستیاب ہوں گی۔

      ان ابتدائی خوراکوں کے لیے طبی کارکنان اور کئیر ہومز میں رہنے والوں کو ترجیح دی جائے گی۔

      انھوں نے کہا کہ ویکسین فی کس کی بنیاد پر ملک بھر میں تقسیم کی جائے گی، جس کا مطلب ہے کہ زیادہ آبادی والے صوبوں کو زیادہ خوراکیں ملیں گی۔

      ٹروڈو نے مزید کہا کہ حکومت اس ہفتے کے اوائل میں ہی ویکسین کی منظوری دے سکتی ہے اور اگلے ہفتے ویکسین تقسیم کے لیے تیار ہوسکتی ہے۔

    • ’150 مہمانوں‘ والی پارٹی پر پولیس کا چھاپہ

      برطانوی شہر ناٹنگھم میں پولیس نے تقریباً 150 مہمانوں پر مشتمل ایک ہاؤس پارٹی پر چھاپا مارا ہے۔

      لپارٹی کے 20 سالہ منتظم کو غیرقانونی اجتماع کے الزام میں 10،000 تک جرمانے کا سامنا ہے۔

      متعدد مہمانوں کو کووڈ 19 کے قواعد توڑنے کے لیے 200 ڈالر جرمانے کیے گئے ہیں اور ایک 19 سالہ شخص پر پولیس افسر کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

      رکاوٹیں ڈالنے والے 19 سالہ نوجوان پر 200 پاؤنڈ جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے اور 26 جنوری کو انھیں نوٹنگھم مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

      پارٹی کے میزبان پر کووڈ 19 کے ضوابط کے تحت زیادہ سے زیادہ جرمانہ کیا جاسکتا ہے۔