آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

فائزر کی ویکسین کورونا وائرس کی نئی اقسام کے خلاف بھی کارگر

تازہ تحقیق میں بات سامنے آئی ہے کہ ادویات بنانے والی عالمی کمپنیوں فائزر اور بائیو این ٹیک کی ویکسین کورونا وائرس کی نئی اقسام کے خلاف بھی کارگر ہیں۔ ادھر جان ہاپکنز یونیورسٹی اور امریکی میڈیا کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں پہلی بار ایک دن میں چار ہزار اموات ہوئی ہیں۔

لائیو کوریج

  1. پشاور: خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن کی قلت سے چھ اموات پر سات اہلکار معطل

    پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر پشاور کے خیبرٹیچنگ ہسپتال میں بروقت آکسیجن کی فراہمی نہ ہونے کے باعث کورونا متاثرین سمیت 6 مریضوں کی اموات کے معاملے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں ہسپتال ڈائریکٹر سمیت سات ملازمین کو معطل کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ سنیچر کی شب خیبرٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن نہ ملنے پر چھ مریض دم توڑ گئے تھے جس میں سے پانچ کورونا آئسولیشن وارڈ میں تھے جبکہ ایک آئی سی یو میں تھا۔

    مذکورہ واقعے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سمیت صوبائی وزیر صحت نے نوٹس لیا تھا اور ہسپتال کے بورڈ آف گورنرز کو تحقیقات کی ہدایت کی تھی، جس کے بعد اب ایک ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ شائع کی گئی ہے۔

  2. برطانیہ میں کل سے ویکسین کے استعمال کا آغاز ہو گا

    خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق برطانیہ میں فائزر/بائیو این ٹیک کی کووڈ 19 ویکسین کی پہلی خوراکیں منگل کے روز دی جائیں گی۔

    اس حوالے سے این ایچ ایس 80 برس سے زیادہ عمر کے افراد، طبی عملے اور تیمار خانوں میں رہنے والوں اور وہاں موجود سٹاف کو ترجیح دی جائے گی۔

    یہ ویکسین منفی 70 ڈگری سینٹی گریڈ پر رکھی جا سکتی ہے اور اگر اسے فریج کے درجہ حرارت پر رکھا جائے تو یہ صرف پانچ روز تک ہی صحیح حالت میں موجود رہتی ہے۔

    یہی وجہ ہے کہ اسے سب سے پہلے 50 ہسپتالوں میں استعمال کیا جائے گا۔ تقریباً آٹھ لاکھ خوراکیں پہلے ہفتے میں دستیاب ہوں گی۔

  3. کورونا کے بڑھتے کیسز: امریکی ریاست کیلی فورنیا میں سخت لاک ڈاؤن نافذ

    امریکہ میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے کے پیش نظر ریاست کیلی فورنیا میں ایک نیا سخت لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔

    کیلی فورنیا کے گورنر کے اعلان کردہ احکامات کے مطابق ایک بڑی تعداد میں عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    نئے احکامات کے مطابق بہت سے کاروبار بند رہیں گے اور لوگوں کے اپنے گھروں سے باہر ایک دوسرے سے ملنے پر پابندی ہو گی۔

    واضح رہے کہ یہ نئے احکامات ہسپتالوں کے انتہائی نگہداشت واررڈز میں کم ہوتی گنجائش کے پیش نظر عائد کیے گئے ہیں۔

  4. کورونا ویکسین: مائیکرو چپس اور ڈی این اے میں تبدیلی جیسی افواہوں کا پردہ فاش

    کورونا وائرس کی ویکسین کے بارے میں وسیع پیمانے پر پائے جانے والے بہت سے غلط دعوؤں کی ہم نے جانچ کی ہے جن میں انسانوں کے اندر مائیکروچپ ڈالنے سے لے کر جینیٹک کوڈ کی تبدیلی تک کی بات کہی گئی ہے۔

    ہم نے سوشل میڈیا پر مستقل طور پر ایسے دعوے دیکھیں ہین جس میں یہ کہا گیا ہے کہ ویکسین آپ کسی طرح آپ کے ڈی این اے کو بدل دے گی۔

    بی بی سی نے اس بارے میں تین آزاد سائنس دانوں سے پوچھا تو انھوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی ویکسین انسانی ڈی این اے کو تبدیل نہیں کرے گی۔

  5. چین میں 15 نئے مریض، مقامی منتقلی کے تین کیسز

    چین میں گذشتہ روز کووڈ 19 کے 15 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 12 بیرونِ ملک سے آئے ہوئے افراد کے تھے۔

    مقامی منتقلی کے تین کیس اندرون منگلولیا میں سامنے آئے۔ چین میں ایسے کیسز شمار نہیں کیے جاتے جن میں کورونا وائرس کی علامات نہ ہوں اور ان کی تعداد گذشتہ روز چھ رہی۔ چین میں اب تک کل 86634 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جبکہ اب تک یہاں 4634 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔

  6. ’لاک ڈاؤن نے ہماری شادی ختم کر دی‘

    ’ہم نے ایک دوسرے سے جھگڑنا شروع کر دیا۔۔۔ بیکار، فضول باتوں پر‘ یہ کہانی ہے ایسے افراد کی جن کے ازدواجی رشتے لاک ڈاؤن کے باعث دباؤ کا شکار ہو گئے۔

    دنیا بھر میں کئی ممالک میں لاک ڈاؤن کے دوران طلاق کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، بی بی سی نے مختلف ممالک میں پانچ افراد سے بات کی۔

  7. پاکستان میں دو جولائی کے بعد سے سب سے زیادہ نئے مریض

    گذشتہ روز پاکستان میں 3795 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جو دو جولائی کے بعد سے ملک میں سامنے آنے والے نئے کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

    خیال رہے کہ دو جولائی کو پاکستان میں 4087 نئے مریض سامنے آئے تھے۔

  8. بریکنگ, کورونا وائرس کی دوسری لہر: پاکستان میں گذشتہ روز مزید 37 افراد ہلاک، 3795 نئے مریض

    پاکستان میں گذشتہ روز مزید 3795 افراد کووڈ 19 سے متاثر ہوئے جبکہ 37 افراد ہلاک بھی ہوئے۔

    ملک میں اب تک کل 420294 افراد اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 8398 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔

    اب تک ملک میں اس وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 356542 ہے۔

  9. کورونا وائرس: ’جب میں سو رہی ہوتی ہوں، میرا فون کووڈ 19 پر تحقیق کرتا ہے‘

  10. بریکنگ, امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی اور ذاتی وکیل روڈی جولیانی کو کووڈ 19 ہو گیا

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ ان کے ذاتی وکیل روڈی جولیانی کو کووڈ 19 کا مرض ہو گیا ہے۔

    انھوں نے ٹویٹ میں ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    روڈی جولیانی صدارتی انتخاب میں صدرٹرمپ کی شکست کے بعد سے ان کے لیے قانونی جنگ لڑ رہے ہیں اور ہارنے والی ریاستوں میں اپیل دائر کر رہے ہیں۔

    صدر ٹرمپ کے قریبی حلقے میں پہلے ہی متعدد افراد کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں اور خود صدر ٹرمپ کو اکتوبر میں یہ بیماری ہو گئی تھی جس کے باعث وہ تین دن ہسپتال میں رہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق 76 سالہ روڈی جولیانی کو واشنگٹن ڈی سی کے جارج ٹاؤن ہسپتال لے جایا گیا ہے۔

  11. امریکہ: ویکسین پروگرام کے سربراہ سلوئی ’امید کی کرن موجود ہے‘

    امریکہ میں ویکسین پروگرام کے سربراہ مونصف سلوئی کا کہنا ہے کہ ’ویکسین کے معاملے میں امید کی کرن موجود ہے۔‘

    مونصف سلوئی نے کہا کہ انھیں امید ہے کہ اس ہفتے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کسی ایک ویکسین کو منظور کر لے گی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ موسم بہار تک زندگی معمول پر آنے کے لیے، امریکیوں کو ابھی بھی حفاظتی اقدامات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

    امریکہ میں حالیہ دنوں میں ریکارڈ انفیکشن دیکھے گئے ہیں، اور یومیہ اموات کی تعداد دو ہزار سے زیادہ ہے۔

    متاثرین میں حالیہ اضافے سے ہسپتالوں پر دباؤ پڑ رہا ہے ، ریاست کیلیفورنیا کے بڑے حصے میں اتوار کے روز سے لاک ڈاؤن کی نئی پابندیوں کا نفاذ کیا جا رہا ہے۔

  12. مصالحوں کی قدیم طریقوں سے چلنے والی تجارت جو عالمی وبا سے بچ گئی

    اب جبکہ ہلدی اور ادرک جیسے مصالحوں کی طلب میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے تو وہ لوگ جو اس طرح کی قیمتی اشیا دنیا کی مختلف منڈیوں میں سپلائی کرتے ہیں انھیں اب بالکل ہی نئی قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    مصالحوں کی تجارت ہزاروں برس سے پوری دنیا میں پھیلی ہوئی ہے، لیکن یہ کووڈ-19 کی وبا کے بعد مکمل طور پر معطل ہو گئی تھی۔

    جب ساری دنیا میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تو وہ پیچیدہ نیٹ ورک جہاں مصالحے تیار، پراسیس اور پیک ہوتے ہیں اور جن کے ذریعے مصالحے منڈی تک پہنچتے ہیں، یہ سب کچھ ایک انتشار کا شکار ہو گیا تھا۔

  13. انڈونیشیا کو چین کی جانب سے ویکسین کی پہلی کھیپ مل گئی

    انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدوڈو کا کہنا ہے کہ چین کی جانب سے انڈونیشیا کو کورونا وائرس ویکسین کی پہلی کھیپ موصول ہو گئی ہے اور حکومت بڑے پیمانے پر عوام کو ویکسینیشن کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔

    صدر جوکووی نے ایک آن لائن بریفنگ میں بتایا کہ ان کے ملک کو چین کے سینووک بایوٹیک لمیٹڈ نے 1.2 ملین خوراکیں فراہم کیں ہیں۔

    انڈونیشیا اگست سے اس ویکسین کی ٹیسٹنگ کر رہا ہے۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ حکومت کو توقع ہے کہ جنوری کے شروع میں مزید 18 لاکھ خوراکیں موصول ہو جائیں گی۔

  14. ویکسین کے خلاف مائیکرو چپس اور ڈی این اے میں تبدیلی جیسی افواہوں کا پردہ فاش

  15. شبلی فراز: ’سیاسی اجتماعات کا انعقاد قانون اور ایس او پیز کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے‘

    وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے حزبِ اختلاف کی جماعتوں کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’کورونا کے حوالے سے حالیہ اعداد و شمار تشویش ناک ہیں اور سیاسی اجتماعات کورونا پھیلانے کا سبب بن رہے ہیں۔‘

    ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے پشاور اور ملتان جلسوں کے بعد ان شہروں میں کورونا کیسز اور شرح اموات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور ان اجتماعات کا انعقاد قانون اور ایس او پیز کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے۔‘

    ان کا مزید کہنا تھا ’اپوزیشن رہنما خود تو گھر کے پرآسائش ماحول میں قرنطینہ میں ہیں جبکہ کارکنان اور عوام کو ذاتی سیاسی مفاد کے تحفظ کے لیے ایندھن کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔‘

    انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’اپوزیشن آخر کب تک معصوم عوام کی جانوں سے یوں ہی کھیلتی رہے گی؟کورونا سے اپنوں کو کھونے والے باشعور عوام انھیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔‘

  16. کورونا وائرس: سماجی فاصلوں کا دورانیہ بڑھا تو زندگی کیسے تبدیل ہو گی؟

    دنیا بھر میں کروڑوں افراد اُن حالات سے مطابقت پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے لگائی گئی پابندیوں کی وجہ سے پیدا ہوئے ہیں۔

    لیکن اگر زندگی گزارنے کے ہمارے طریقوں میں یہ تبدیلیاں کافی عرصے تک رہیں تو کیا ہو گا؟

  17. جاپان: موسم بہار سے سیاحت کی دوبارہ بحالی پرغور

    جاپان کے دالحکومت ٹوکیو میں اولمپکس کے انعقاد کی تیاریاں جاری ہیں اور حکومت موسم بہار سے محدود بنیادوں پر سیاحت کو دوبارہ شروع کرنے پر غور کر رہی ہے۔

    جاپان کے مقامی آساہی اخبار کے مطابق، وزیر اعظم یوشیہیڈ سوگا کی انتظامیہ ان ایشیائی ممالک کے چھوٹے ٹور گروپوں کو اجازت دینے کا ادارہ رکھتی ہے جہاں کورونا وائرس انفیکشن کی تعداد قابو میں ہے، جیسا کہ چین اور تائیوان جیسے ممالک۔

    سوگا کی حکومت نے حالیہ برسوں میں اندرونِ ملک سیاحت کو بحال کرنے کے لیے سبسڈی پروگرام شروع کیا ہے، جو حالیہ برسوں میں معاشی نمو کا ایک اہم محرک ہے۔

    لیکن اس سکیم کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے کیونکہ جاپان میں کورونا وائرس انفیکشن کی تیسری لہر آ چکی ہے۔

  18. کورونا وائرس: بیماری سے بچاؤ اور علاج کے وہ چھ جعلی مشورے جنھیں آپ کو نظر انداز کرنا چاہیے

    کورونا وائرس بہت تیزی سے دنیا کے مختلف ممالک میں پھیل رہا ہے اور اب تک اس کا مصدقہ علاج دریافت نہیں ہو سکا ہے۔

    تاہم بدقسمتی سے کورونا وائرس کے علاج کے حوالے سے آن لائن طبی مشورے دیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ بعض مشورے بیکار مگر بے ضرر سے ہیں مگر بعض انتہائی خطرناک۔

  19. کورونا وائرس: بیماری کے خوف سے کیسے نمٹیں؟

    کورونا وائرس نے دنیا کو غیر یقینی کی صورتِ حال میں ڈال دیا ہے اور اس وبا کے متعلق مسلسل خبریں بڑی بے رحم لگ سکتی ہیں۔

    یہ سب لوگوں کی ذہنی صحت پر اثر انداز ہو سکتی ہے، خصوصاً ان افراد کی صحت پر جن میں پہلے ہی اضطراب پایہ جاتا ہے یا انھیں او سی ڈی ہے۔

    سو ہم کس طرح اپنی ذہنی صحت کا تحفظ کر سکتے ہیں۔

    خبروں کے متعلق پرتشویش رہنا سمجھ میں آتا ہے، لیکن کئی لوگوں میں یہ پہلے سے جاری مسائل کو مزید بگاڑ سکتی ہے۔

    اس لیے جب عالمی ادارۂ صحت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے دوران ذہنی صحت کے تحفظ کے متعلق کہا تو سوشل میڈیا پر اس کو بڑی پذیرائی ملی۔ اسی بارے میں مزید پڑھیے

  20. کیلیفورنیا: آئی سی یوز میں گنجائش ختم ہونے کا خدشہ، گورنر کا علاقائی لاک ڈاؤن کے منصوبے کا اعلان

    امریکی ریاست کیلیفورنیا کے آئی سی یوز میں گنجائش ختم ہونے کا خدشہ ہے۔

    جمعرات کے روز ریاستی گورنر نے علاقائی بنیادوں پرگھروں میں رہنے کے احکامات نافذ کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے، جن کے تحت سخت پابندیاں عائد کی جائیں گی۔

    گورنر گیون نیوسوم کے مطابق جن میں کورونا وائرس کے انفیکشن بڑھ رہے ہیں اور ہسپتالوں میں زیادہ سے زیادہ مریض داخل ہو رہے ہیں، ان پانچ مخصوص جغرافیائی علاقوں میں 48 گھنٹوں کے بعد تازہ ترین پابندیاں نافذ ہوجائیں گی۔

    ان علاقوں کے آئی سی یوز میں گنجائش 15 فیصد یا اس سے کم صلاحیت کی حد تک آ چکی ہے۔

    نیوسوم نے کہا کہ وہ توقع کر رہے ہیں کہ اس ہفتے سان فرانسسکو بے ایریا سے باہر ریاست کے تمام حصوں کے ہسپتالوں میں گنجائش 15 فیصد تک پہنچ جائے گی۔

    ہر علاقے کے افراد کو کم از کم تین ہفتوں تک گھروں میں رہنے کے احکامات کی پابندی کرنا ہو گی۔