آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

الیکشن 2024: حکومت سازی سے متعلق ن لیگ، پی ٹی آئی اور دیگر سے کوئی باضابطہ گفتگو نہیں ہوئی: بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ لاہور میں اُن کی حکومت سازی کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ ن سمیت کسی سیاسی جماعت سے کوئی گفتگو نہیں ہوئی ہے۔ ادھر پاکستان تحریکِ انصاف کے سینیئر رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی جماعت قومی اسمبلی میں حکومت بنانے کے لیے عددی اکثریت حاصل کر چکی ہے اور اب پی ٹی آئی وفاق، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں حکومتیں بنائے گی۔

لائیو کوریج

  1. الیکشن 2024: پاکستان کے عام انتخابات سے جڑے اہم حقائق اور سوالات

    پاکستان کی تاریخ کے بارہویں عام انتخابات کا انعقاد آج ہو رہا ہے جس کے نتیجے میں عوام کو حق رائے دہی کے تحت اپنے نمائندے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں بھیجنے کا موقع ملے گا۔

    آج 12 کروڑ 79 لاکھ سے زیادہ رجسٹرڈ ووٹرز قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں پر اپنے حق کا استعمال کریں گے۔ 17 ہزار 758 امیدواروں میں سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں میں اپنے امیدواروں کا انتخاب کریں گے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق اب تک قومی اسمبلی کے ایک اور صوبائی اسمبلیوں کے تین حلقوں سمیت چار انتخابی حلقوں میں امیدواروں کی اموات کی وجہ سے پولنگ ملتوی کی جا چکی ہے۔

  2. چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے چاروں صوبوں میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت

    بلوچستان میں ہونے والے دھماکوں کے بعد چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان نے گذشتہ روز چاروں صوبوں کے انتظامی سربراہان اور پولیس حکام سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے اور انھیں ہدایت دی ہے کہ وہ سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھیں۔

    الیکشن کمشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے ووٹرز اور پولنگ سٹیشنز پر تعینات انتخابی عملے کے تحفظ اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کو کہا۔

    چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ ’اگر الیکشن کمیشن سے کسی قسم کی مدد کی ضرورت ہو تو لازماً آگاہ کریں۔‘

    دوسری جانب نگراں وزیر داخلہ سندھ برگیڈئیر ریٹائرڈ حارث نواز نے گذشتہ روز کہا تھا کہ عام انتخابات کے لیے پولنگ کے دوران پولنگ سٹیشن کے اندر پولیس یا سکیورٹی اہلکار نہیں ہوں گے۔

    کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ’پولنگ بوتھ کے اندر، پولنگ سٹیشن کے اندر کمرے میں کوئی پولیس اہلکار یا رینجرز یا ملٹری اہلکار نہیں جائیں گے۔ یہ مکمل طور پر پریزائیڈنگ افسر کی ذمہ داری ہو گی۔ ہاں وہ جس کو بلانا چاہیں بلا سکتے ہیں۔‘

  3. بلوچستان میں الیکشن سے ایک دن قبل دو انتخابی دفاتر کے باہر ہونے والے دھماکوں میں کم سے کم 27 افراد ہلاک, محمد کاظم، بی بی سی اردو کوئٹہ

    گذشتہ روز کی سب سے بڑی خبر یہ تھی کہ بلوچستان میں دو انتخابی دفاتر کے باہر ہونے والے بم دھماکوں میں کم از کم 27 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    بلوچستان میں حکام کے مطابق پشین میں دھماکہ آزاد امیدوار اسفندیار کاکڑ کے دفتر کے باہر ہوا جس میں 18 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی جبکہ صوبے میں ہونے والا دوسرا بم دھماکہ قلعہ سیف اللہ میں جمعیت علما اسلام کے انتخابی امیدوار کے دفتر کے باہر ہوا۔ قلعہ سیف اللہ کے سپرنٹینڈنٹ آف پولیس اختر اچکزئی کے مطابق اس دھماکے میں نو افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی۔

    اختر اچکزئی کا کہنا تھا کہ عام اتنخابات سے ایک دن قبل ہونے والے دھماکوں کے سبب صوبے میں سکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کردیے گئے ہیں۔

    بلوچستان کے نگراں وزیرِ اطلاعات جان اچکزئی کے مطابق دھماکوں کے باوجود صوبے میں عام انتخابات کے شیڈول پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

    خیال رہے کہ پشین اور قلعہ سیف اللہ متصل اضلاع ہیں اور ان دونوں اضلاع کی سرحدیں افغانستان سے ملتی ہیں۔

  4. الیکشن 2024 کی خصوصی لائیو کوریج میں خوش آمدید

    بی بی سی اردو کی الیکشن 2024 کی خصوصی لائیو کوریج میں خوش آمدید۔

    پاکستان میں آج ملک کے 12ویں انتخابات کا انعقاد ہو رہا ہے جس کے تحت 12 کروڑ 85 لاکھ سے زیادہ ووٹرز کو اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا موقع ملے گا۔

    اس لائیو پیج کے ذریعے آپ کو آج پولنگ شروع ہونے سے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج آنے تک کی تمام معلومات فراہم کی جائیں گی۔

    اس حوالے سے ہماری ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فیس بک، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور ایکس ( سابقہ ٹوئٹر) پر دن بھر ہمارے نگاروں کی جانب سے تازہ تارین صورتحال کے بارے میں بھی آگاہ کیا جاتا رہے گا۔