آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

سابق صدر آصف زرداری کے خلاف الزامات عائد کرنے کے مقدمے میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید گرفتار

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ گذشتہ رات گرفتار ہونے والے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو آج جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی غرض سے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ شیخ رشید کی گرفتاری کے بعد اُن کے وکیل نے اسلام آباد پولیس کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

لائیو کوریج

  1. بریکنگ, ملزم فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے بارے میں جو کہا وہ اس پر قائم ہیں، الیکشن کمیشن کے وکیل

    اسلام آباد پولیس نے فواد چوہدری کو ڈیوٹی مجسٹریٹ نوید خان کی عدالت میں پیش کر دیا ہے۔

    دورانِ سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن نے عدالت کو بتایا کہ ملزم فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے بارے میں جو کہا وہ اس پر قائم ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ ملزم کے خلاف بہت سا مواد موجود ہے اس کے علاوہ ملزم کے بیان کی پولیس کو تفتیش کرنی ہے کیونکہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت الیکشن کمیشن کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ملزم کی طرف سے کل کی تقریر میں الیکشن کمیشن کو نشانہ بنایا گیا۔

  2. بریکنگ, فواد چوہدری کو ڈیوٹی مجسٹریٹ نوید خان کی عدالت میں پیش کر دیا گیا

    اسلام آباد پولیس نے فواد چوہدری کو ڈیوٹی مجسٹریٹ نوید خان کی عدالت میں پیش کر دیا ہے۔

    عدالت میں پیشی کے موقع پر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وہ پانچ منٹ فیملی سے اور پانچ منٹ اپنے وکلا سے بات کرنا چاہتے ہیں۔

    فواد چوہدری کی پیشی کے لیے کمرہ عدالت بدلا گیا ہے۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ نوید خان کے نام کی تختی اتار کر سول جج شبیر بھٹی کی عدالت کے باہر لگا دی گئی ہے۔

    اطلاعات کے مطابق کمرہ عدالت کچھا کھچ بھرا ہوا ہے۔ کمرہ عدالت میں پی ٹی آئی وکلا اور کارکنان کا شدید رش ہے جس کے باعث سماعت مسلسل تاخیر کا شکار ہے۔

    مراد سعید ، حماد اظہر، زلفی بخاری، علی نواز اعوان بھی اسلام آباد کچہری میں موجود ہیں۔

  3. موجودہ سیاسی صورتحال پر عمران خان کا چوہدری پرویز الہی سے ٹیلیفونک رابطہ

    چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر طویل مشاورت کی گئی ہے۔

    چوہدری پرویز الہی کا کہنا ہے کہ اللہ کی ذات کے بعد حکومت کے فاشسٹ اقدامات سے تحفظ اعلی عدلیہ ہی دے سکتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پہلے بھی انصاف عدلیہ سے ملا، پختہ یقین ہے کہ اب بھی انصاف انھی سے ملے گا۔

    پرویز الہی کا کہنا ہے کہ صرف عدالتیں ہی حکومتی اوچھے ہتھکنڈوں سے تحفظ دے سکتی ہے، وکلا سے کہا ہے کہ حکومتی مظالم کے خلاف فوری عدالتوں سے رجوع کریں۔

  4. بریکنگ, فواد چودھری کی پیشی کے لیے کمرہ عدالت تبدیل

    فواد چودھری کی پیشی کے لیے کمرہ عدالت تبدیل کیا گیا ہے اور اب انھیں جج شبیر بھٹی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، جج وہی (ڈیوٹی مجسٹریٹ نوید خان) ہوں گے۔

    تحریک انصاف اور الیکشن کمیشن کے وکلا نئے کمرہ عدالت پہنچ گئے ہیں۔

    قیصر امام اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے صدر بھی کچہری پہنچ گئے ہیں اس کے علاوہ فیصل چوہدری بھی عدالت پہنچے ہیں۔

  5. بریکنگ, لاہور ہائیکورٹ نے فواد چوہدری کی بازیابی کی درخواست خارج کر دی

    لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی بازیابی کی درخواست خارج کر دی ہے۔

    لاہورہائیکورٹ میں فوادچوہدری کی بازیابی سے متعلق سماعت ہوئی جس میں جسٹس طارق سلیم نے ان کی بازیابی کی درخواست خارج کرنے کا فیصلہ سنایا۔

    دورانِ سماعت جسٹس طارق سلیم نے ریمارکس دیے کہ میرے سامنے معاملہ حبسِ بے جا کا ہے، یہ کیس پہلے حبسِ بے جا کا تھا اب نہیں کیونکہ ایف آئی آر عدالت میں پیش ہو چکی ہے۔

    انھوں نے مزید ریمارکس دیے کہ اگر آپ مقدمے کا اخراج چاہتے ہیں تو اس کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ فورم ہے۔

  6. فواد چوہدری کو ڈیوٹی مجسٹریٹ نوید خان کی عدالت میں پیش کیا جائے گا

    پی ٹی آئی کے وکلا ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد پہنچ گئے ہیں جن میں علی بخاری، نعیم حیدر پنجوتھہ سمیت دیگر وکلا شامل ہیں۔

    رہنما پی ٹی آئی حماد اظہر اور مراد سعید بھی ایف ایٹ کچہری پہنچ گئے ہیں

    دوسری جانب الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن بھی کچہری پہنچ گئے ہیں۔

    نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق متعلقہ عدالت کے جج دستیاب نہیں ہیں اور ڈیوٹی مجسٹریٹ جج نوید خان اور ان کا عملہ ایف ایٹ کچہری پہنچ گئے ہیں۔ فواد چوہدری کو ڈیوٹی مجسٹریٹ نوید خان کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    ہمارے نامہ نگار کے مطابق وکلا اور میڈیا نمائندوں کے علاوہ کسی کو داخلے کی اجازت نہیں ہے اور پی ٹی آئی کارکنون کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

    ایف ایٹ ڈسٹرکٹ کورٹ میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

  7. بریکنگ, ’محسن نقوی صاف اور شفاف الیکشن کروانے نہیں بلکہ سازش کے تحت آیا ہے‘ عمران خان

    تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کا خطاب جاری ہے۔۔۔۔

    عمران خان نے الیکشن کمیشن سے سوال کیا کہ محسن نقوی کو کس بنیاد پر نگران وزیر اعلیٰ چنا گیا اور باقی نام کس بنیاد پر مسترد کیے۔

    انھوں نے الیکشن کمیشن سے سوال کیا کہ ’کیا آپ کو ان کے پسِ منظر کا نہیں پتا تھا، یا آپ کو پتا تھا اور شاید اسی لیے لے کر آئے۔‘

    انھوں نے سوال کیا کہ ’کیا محسن نقوی رجیم چینج میں شامل نہیں تھے، کیا آصف زرداری انھیں بیٹا نہیں کہتا۔‘

    عمران خان نے الزام عائد کیا کہ ’محسن نقوی صاف اور شفاف الیکشن کروانے نہیں آیا، ایک سازش کے تحت آیا ہے۔‘

    عمران خان کا کہنا ہے ’میں ان سے نہیں ڈروں گا اور جب تک میرے میں سانس ہے، آخری گیند تک لڑوں گا۔‘

  8. بریکنگ, ’جیل سے کوئی خوف نہیں، جیل میں ڈالنا ہے ڈال دیں‘ عمران خان

    تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ انصاف، آئین اور قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مجھے جیل سے کوئی خوف نہیں، جیل میں ڈالنا ہے ڈال دیں۔

    قوم سے خطاب میں انھوں نے فواد چوہدری کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے سوال کیا کہ انھیں کیوں گرفتار کیا گیا، انھوں نے کونسا جرم کیا تھا۔

    انھوں نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’آپ آگے نہ کھڑے ہوئے تو آگے اندھیرا ہے۔

  9. ’جو کچھ فواد چوہدری نے کہا ہے ویسی ہی بات پر نہال ہاشمی کو چھ ماہ قید بھگتنا پڑی‘ عطا تارڑ

    پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ جو کچھ فواد چوہدری نے کہا ہے ویسی ہی بات نہال ہاشمی نے کی تھی جس پر انھیں چھ ماہ قید بھگتنی پڑی اور سینٹ کی سیٹ سے بھی ہاتھ دھونے پڑے تھے۔

    ان کا کہنا ہے کہ ابھی صرف فواد چوہدری پر پرچہ درج ہوا ہے مگر ٹی وی لگائیں تو لگتا ہے پاکستان میں قیامت آ گئی ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ اداروں کو ڈرا دھمکا، دھونس سے، پریشر ڈال کر اپنی مرضی کے فیصلے لینے کا جو رواج ہے اس کی کوئی باز پرس تو ہو گی۔

    انھوں نے ججز سے درخواست کی کہ ’انصاف کا معیار سب کے لیے ایک جیسا ہی ہونا چاہیے۔ دوہرا معیار روا نہیں رکھا جاسکتا۔‘

  10. اسلام آباد پولیس فواد چوہدری کو لے کر اسلام آباد پہنچ گئی

    اسلام آباد پولیس تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری کو لے کر اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔

    اطلاعات کے مطابق انھیں ایف ایٹ کچہری لیجایا جا رہا ہے جہاں انھیں مقامی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    اطلاعات کے مطابق ایف ایٹ ڈسٹرکٹ کورٹ میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے اور ڈی ایس پی ملک بشیر کی نگرانی میں پولیس کی نفری نے پوزیشن سنبھال لی ہے۔

    اطلاعات کے مطابق فواد چوہدری کو مجسٹریٹ وقاص راجہ کی عدالت میں پیش کیا جانا ہے مگر فی الحال ان کی عدالت کو تالے لگے ہوئے ہیں۔

  11. متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان رحیم یار خان پہنچ گئے

    متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نـجی دورے پر رحیم یار خان پہنچ گئے ہیں جہاں وزیر اعظم شہباز شریف نے وزرا کے ہمراہ چاندنہ ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔

    دونوں رہنماؤں میں دو طرفہ تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا

    نگران وزیر اعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور لیگی رہنما عطا تارڈ بھی وزیراعظم کے ہمراہ استقبال میں شامل تھے۔

  12. ’یہ کوئی سیاسی گرفتاری نہیں، سیاسی گرفتاری کرنی ہوتی تو نو ماہ میں ہو جاتی‘ مریم اورنگزیب

    وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کی گرفتاری کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ کوئی سیاستدان کسی سیاستدان کی گرفتاری سے خوش نہیں ہوتا، اور فواد چوہدری کے خلاف ایف آئی آر کسی سیاسی جماعت نے نہیں کٹوائی، یہ ایف آئی آر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئین کے مطابق کٹوائی ہے اور سیکرٹری الیکشن کمیشن اس کے مدعی ہیں۔

    مریم اورنگزیب کا مزید کہنا ہے کہ فواد چوہدری کی گرفتاری کوئی سیاسی گرفتاری نہیں ہے، ہم نو ماہ سے حکومت میں ہیں اور ان نو مہینوں میں عمران خان اور ان کے ترجمانوں نے حکومت اور قیادت کے خلاف جو زبان استعمال کی اگر اس پر سیاسی گرفتاری کرنی ہوتی تو یہ سب جیل میں ہوتے۔

    انھوں نے کہا کہ ہم نو ماہ سے ان کی زبانیں سن رہے ہیں اور صبر کر رہے ہیں۔

    مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ افواجِ پاکستان کے خلاف بھی پی ٹی آئی کے آفیشل پارٹی اکاؤنٹ سے مہم چلائی گئی۔

    ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کے دورِ حکومت میں انھوں نے لوگوں کی ماؤں اور بہنوں کو گھسیٹ کر گھروں سے گرفتار کیا گیا، انھوں نے پوری اپوزیشن کو جیلوں میں ڈالا۔

    ان کا کہنا ہے کہ ہمارے سب لوگوں نے اپنے کیس عدالتوں میں لڑے۔

    مریم اورنگزیب کا کہنا ہے اب عوام کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ کہاں لائن کھینچنی ہے۔

  13. ’محسن نقوی صاحب یہ بس 90 دن کی حکومت ہے اس کے بعد بڑا مشکل ہو گا آپ کے لیے پاکستان میں‘ زلفی بخاری

    پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما زلفی بخاری نے پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’بس یہ 90 دن کی حکومت ہے اس کے بعد بڑا مشکل ہو گا آپ کے لیے پاکستان میں۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’آپ کب تک ایک زردرای ہاؤس سے دوسرے زرداری ہاؤس تک پھرتے رہیں گے، کبھی نہ کبھی آپ کو عوام کا سامنا کرنا ہو گا۔‘

    زلفی بخاری نے کہا محسن نقوی صاحب ’سوچ سمجھ کر آپ اپنی حرکتیں کریں، یہ وقت بھی گزر جائے گا اس میں کوئی مشکل بات نہیں ہے۔ اگر اعظم سواتی نے سہہ لیا ہے، باقیوں نے ساری چیزیں سہہ لی ہیں تو فواد صاحب تو پچھلے نو مہینوں میں ہمارے سب سے بڑے فرنٹ رنر ہیں۔‘

  14. پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان آج شام 5:05 ایک اہم خطاب کریں گے

  15. صدر عارف علوی خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچ گئے

    صدر عارف علوی خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچ گئے ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق صدر عارف علوی ائیرپورٹ سے گورنر ہاؤس جائیں گے اور وہیں قیام کریں گے۔

    دورہِ لاہور کے دوران صدر عارف علوی کی پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کا بھی امکان |ظاہر کیا جا رہا ہے۔

  16. لاہور ہائیکورٹ کے احکامات نظر انداز کرکے فواد چوہدری کو اسلام آباد لیجایا جا رہا ہے، فرخ حبیب کا دعویٰ

    پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فرخ حبیب کا دعویٰ ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے واضح احکامات کو نظر انداز کرکے فواد چوہدری کو اسلام آباد کی جانب لے کر جایا جا رہا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ کالا شاہ کاکو کے مقام پر انھوں نے روک کر پولیس کو دہائی دی ہے اس کے باوجود عدالتی احکامات نظر انداز کر دیے گئے۔

    انھوں نے الزام لگایا کہ پولیس نے ’ہمارے اوپر فائر بھی کیا‘۔

  17. فواد چوہدری کی گرفتاری: آئی جی اسلام آباد اور آئی جی پنجاب شام 6 بجے لاہور ہائیکورٹ میں طلب

    لاہور ہائیکورٹ نے احکامات کے باوجود تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کو دن ڈیڑھ بجے عدالت کے روبرو پیش نہ کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے آئی جی لاہور اور آئی جی اسلام آباد کو آج شام 6 بجے عدالت میں پیش ہونے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

    لاہور ہائیکورٹ میں فواد چوہدری کے کزن کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ فواد چوہدری کی گرفتاری میں قانونی طریقہ کار نہیں اپنایا گیا۔ خلاف قانون گرفتاری پر عدالت فوری طور پر ان کی رہائی کے احکامات جاری کرے اور انھیں بازیاب کروائے۔

    عدالت نے درخواست کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے آج ہی سماعت کے لیے مقرر کیا تھا اور حکام کو انھیں 1:30 بجے ہائیکورٹ میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

    تاہم جب مقررہ وقت پر سماعت کا آغاز ہوا تو لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے استفسار کیا کہ فواد چوہدری کدھر ہیں جس پر سرکاری وکیل نے آگاہ کیا کہ انھیں اسلام آباد لے جایا جا رہا ہے اور یہ کہ فی الحال وہ پنجاب پولیس کی تحویل میں نہیں ہیں۔

    اس پر عدالت نے دریافت کیا کہ آئی جی پنجاب کدھر مصروف ہیں جس پر آگاہ کیا گیا وہ بھی عدالت میں موجود نہیں ہیں۔ سرکاری وکیل کے ان جوابات پر عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد کو شام چھ بجے عدالت میں طلب کر لیا ہے۔

  18. ’انتخابی اخراجات کے لیے گرانٹ 47 ارب سے بڑھا کر 61 ارب کی جائے‘

    الیکشن کمیشن نے وزارت خزانہ سے پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلییوں اور عام انتخابات کے لیے اضافی گرانٹ مانگ لی ہے۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے وزارت خزانہ کو ایک مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ عام انتخابات کے اخراجات کے لیے 47 ارب روپے کی گرانٹ مانگی گئی تھی تاہم اخراجات کا تخمینہ بڑھ کر اب 61 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔

    مراسلے کے مطابق اب صوبائی اسمبلیوں اور عام انتخابات کے لیے مزید 14 ارب روپے کی اضافی گرانٹ درکار ہوگی۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اورخیبر پختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات کے لیےمنظور شدہ 47 میں سے 25 ارب روپے فوری درکار ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق 25 ارب روپے میں سے 5 ارب روپے پہلے ہی جاری کیے جا چکے ہیں جب کہ اب بقایا 20 ارب روپے بھی فوری جاری کیے جائیں۔

  19. اسلام آباد ہائیکورٹ بار اور اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کا فواد چوہدری کی فوری رہائی کا مطالبہ

    اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے ممبران نے فواد چوہدری کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔

    بار کونسل ممبران کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ’اظہاررائے کی آزادی ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور ہم اس پر یقین رکھتے ہیں۔‘

    بارکونسل ممبران نے فواد چوہدری کو فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

  20. لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہرسے بی بی سی اردو کا فیس بک لائیو

    تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے گھر زمان پارک کے باہر گذشتہ رات سے پارٹی کارکنان جمع ہیں۔

    رات کو پارٹی لیڈرز کی طرف سے کال دی گئی کہ عمران خان کی گرفتاری کا خدشہ ہے، جس کے بعد ورکرز وہاں اکٹھے ہو گئے اور بدستور وہیں موجود ہیں۔

    ہماری نامہ نگار ترہب اصغر وہاں موجود ہیں جو اس بارے میں مزید بتا رہی ہیں اس فیس بک لائیو میں