آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

سابق صدر آصف زرداری کے خلاف الزامات عائد کرنے کے مقدمے میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید گرفتار

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ گذشتہ رات گرفتار ہونے والے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو آج جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی غرض سے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ شیخ رشید کی گرفتاری کے بعد اُن کے وکیل نے اسلام آباد پولیس کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

لائیو کوریج

  1. بریکنگ, ملک بھر میں بجلی کا بریک ڈاؤن، بحالی کی کوششیں جاری

    پاکستان میں پیر کی صبح بجلی کے نظام میں تعطل آیا ہے۔ وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آج صبح 7:34 منٹ پر نیشنل گرڈ کی سسٹم فریکوئنسی کم ہوئی جس سے بجلی کے نظام میں وسیع بریک ڈاؤن ہوا تاہم اب سسٹم کی بحالی پر کام تیزی سے جاری ہے۔

    ترجمان آئیسکو کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے 117 گرڈ اسٹیشن کو بجلی کی فراہمی معطل ہے، ریجن کنٹرول سینٹر کی جانب سے ابھی تک کوئی واضح وجہ نہیں بتائی گئی، متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

  2. عمران خان اور پرویز الٰہی کا محسن نقوی کی بطور نگران وزیراعلیٰ پنجاب تعیناتی کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان

    تحریک انصاف اور ق لیگ نے سید محسن نقوی کی بطور نگران وزیراعلیٰ پنجاب تعیناتی کے خلاف سپریم کورٹ کا جانے کا اعلان کیا ہے۔

    عمران خان نے محسن نقوی کو متنازع شخصیت قرار دیتے ہوئے ان کے ماضی میں نیب کے مقدمات کا ذکر بھی کیا۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے دیگر اعتراضات کے ساتھ ایک اعتراض یہ بھی کیا کہ ان کے قریبی رشتہ دار کیسے نگران وزیراعلیٰ بن سکتے ہیں۔

    تحریک انصاف کے سینیئر رہنما اسد عمر نے کہا کہ محسن نقوی کی تعیناتی کو قانونی طور پر چیلنج بھی کیا جائے گا اور اس کے خلاف ان کی جماعت احتجاج بھی کرے گی۔

    عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ یہ عہدہ ایک غیرجانبدار شخص کے لیے ہوتا ہے۔ ان کے مطابق محسن نقوی نے حارث سٹیل ملز کیس میں نیب کو والنٹری ریٹرن یعنی رضاکارانہ طور پر پیسہ واپس کیا ہے۔

  3. بریکنگ, سید محسن نقوی نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

    سید محسن نقوی کی تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس میں ہوئی جہاں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے محسن نقوی سے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدےکا حلف لیا۔

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے سید محسن نقوی کو پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کی حیثیت سے تعینات کرنے کا نوٹیفیکشن جاری کیا تھا۔

    پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کے تقرر کے لیے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر ارکان شریک ہوئے۔

    اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے بھیجے گیے چاروں ناموں کا جائزہ لیا گیا۔

    یاد رہے نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے پرویز الہٰی نے سردار احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ کے نام تجویز کیے تھے۔ جبکہ حمزہ شہباز نے محسن نقوی اور احد چیمہ کے ناموں کی تجویز دی تھی۔

    سید محسن نقوی صحافی ہونے کے علاوہ ایک نجی میڈیا چینل کے مالک بھی ہیں۔

    سید محسن نقوی نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب کے عوامی نمائندوں کے انتخاب کے عمل کو نیک نیتی اور خوش اسلوبی سے انجام دینے کی کوشش کریں گے۔

  4. الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جا رہے ہیں: پرویز الہی

    پرویز الہی نے ٹوئٹر پر یہ سوال کیا ہے کہ ’میرا قریب ترین رشتے دار کیسے نگران وزیراعلیٰ بن سکتا ہے؟‘

    ان کا کہنا ہے کہ ’حارث سٹیل کیس میں 35 لاکھ روپے کی پلی بارگین کرنے والے شخص سے کیسے انصاف کی توقع کی جا سکتی ہے۔۔۔ الیکشن کمیشن کا متنازع فیصلہ ہر اصول اور ضابطے کے خلاف ہے۔ الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کے خلاف ہم سپریم کورٹ جا رہے ہیں۔‘

  5. محسن نقوی جیسے متنازعہ شخص کو وزیر اعلیٰ مقرر کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں: فواد چوہدری

    پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کی جانب سے محسن نقوی کو نگران وزیراعلیٰ تعینات کیے جانے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے کبھی مایوس نہیں کیا، محسن نقوی جیسے متنازعہ شخص کو وزیر اعلی مقرر کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ اس نظام کے خلاف سڑکوں پر جدوجہد کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔ کارکنان تیاری کریں، عمران خان کی قیادت میں بڑی مہم چلائیں گے۔

  6. الیکشن کمیشن نے سید محسن نقوی کو پنجاب کا نگران وزیراعلیٰ تعینات کر دیا

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سید محسن نقوی کو پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کی حیثیت سے تعینات کر دیا ہے۔

    سید محسن نقوی صحافی ہونے کے علاوہ ایک نجی میڈیا چینل کے مالک بھی ہیں۔

    پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کے تقرر کے لیے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر ارکان شریک ہوئے۔

    اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے بھیجے گیے چاروں ناموں کا جائزہ لیا گیا۔

    یاد رہے نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے پرویز الہٰی نے سردار احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ کے نام تجویز کیے تھے۔

    جبکہ حمزہ شہباز نے محسن نقوی اور احد چیمہ کے ناموں کی تجویز دی تھی۔

  7. نواز شریف کو سزا کیوں دی گئی، ان کرداروں کو کٹہرے میں لانا ہوگا: جاوید لطیف

    وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا ہے کہ جن کرداروں ’ہم نے جب دیکھا کہ آئین اور قانون سے بالا فیصلے ہونا شروع ہوگئے ہیں تو ہم نے ان کرداروں کا نام لیا، اس لیے ان کرداروں کو کٹہرے میں لانا ہوگا۔‘

    وہ پوچھتے ہیں کہ ’نوازشریف نے تین بار ریاست اور قوم کے لیے بہت قربانیاں دیں۔ ان کی قربانیاں رائیگاں جارہی ہیں۔ ایٹمی صلاحیت دینے والے میاں نوازشریف کو سزا کیوں دی گئی۔‘

  8. نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کے تقرر کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اجلاس جاری

    نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کے تقرر کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اجلاس جاری ہے۔

    یہ اجلاس آج شام سات بجے شروع ہوا ہے اور اس میں بھیجے گئے ہیں چار ناموں پر غور ہو رہا ہے۔

    یاد رہے نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے پرویز الہٰی نے سردار احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ کے نام تجویز کیے تھے۔

    جبکہ حمزہ شہباز نے محسن نقوی اور احد چیمہ کے ناموں کی تجویز دی تھی۔

  9. موجودہ سیاسی نظام میں مسائل حل کرنے کی صلاحیت نہیں: شاہد خاقان عباسی, محمد کاظم، بی بی سی، کوئٹہ

    پاکستان کے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی سیاسی نظام میں لوگوں کو درپیش مشکلات کو حل کرنے کی صلاحیت نہیں ہے، اس لیے وہ ایک غیرجانبدار فورم پر ملکی مسائل کی نشاندہی کے علاوہ ان کے حل کی بات کر رہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، سابق سینیٹر نوابزادہ لشکری رئیسانی اور سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکر کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج ملکی سیاست انتقام اور دشمنی میں تبدیل ہوگئی ہے جس کے باعث عوام کے جو مسائل ہیں وہ ایک طرف رہ گئے ہیں۔ ’یہ سیاست پاکستان کے مسائل کو حل نہیں کرسکتی ہے۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سیاسی جماعتوں اور میڈیا چینلوں میں خود کفیل ہے۔ ’ہمیں مزید کسی سیاسی جماعت کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ہم سے ہر ایک اپنی سیاسی جماعتوں کی پلیٹ فارم سے الیکشن لڑے گا۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ ایسے ماحول میں جب لوگوں کے مسائل اور مشکلات کی بات نہیں ہو رہی ہے ’ہم چاہتے تھے کہ ایک غیر جانبدار فورم ہو جس سے عوام کے مسائل کی نشاندہی ہو اور ان کا حل پیش کیا جاسکے۔‘

    وہ کہتے ہیں کہ ’اس وقت ملک کا جو سیاسی سیٹ اپ ہے اس کا رُخ موڑنا ہے اور اس کو ملک اور عوام کے مسائل کے حل کی جانب لے جانا ہے۔‘

    ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ’اس وقت ملک جن مسائل سے دوچار ہے ہم سب اس کے مسائل کے ذمہ دار ہیں۔ یہاں مارشل لا بھی رہا ہے اور عدلیہ کے فیصلے بھی رہے ہیں۔ اگر کسی کو ان حالات کے لیے ذمہ دار ٹھہرانا ہے تو پھر ایک ٹروتھ کمیشن بنایا جائے۔‘

    پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ’نئے تصور پاکستان‘ کے نام سے پہلے ڈائیلاگ کا اہتمام کوئٹہ سے کیا گیا جبکہ اس کے بعد دوسرا مذاکرہ پشاور میں ہوگا۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت مضبوط ہوگا جب خود پاکستانی معاشی لحاظ سے مضبوط اور خوشحال ہوں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے چار ماہ تک آئی ایم ایف سے معاملات کو طے کرانے میں تاخیر کی جس سے ملک کا نقصان ہوا۔ ’اب دوبارہ آئی ایم ایف سے معاملات کو طے کرانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جس پر میں خوش ہوں۔‘

    نوابزادہ لشکری رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کو ڈائیلاگ کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے جس کے لیے پہلے اعتماد سازی کے لیے اقدامات ضروری ہیں۔

  10. جے آئی ٹی رپورٹ میں رد و بدل کی کوششوں سے حقیقت چھپ نہیں سکتی: شاہ محمود قریشی

    تحریک انصاف کے نائب سربراہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ’پاکستان میں عام آدمی کو کیا انصاف ملتا ہوگا جب ایک سابق وزیراعظم اور مقبول ترین رہنما بھی انصاف کا متلاشی ہے۔‘

    وہ کہتے ہیں کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں ’رد و بدل کی کوششوں سے حقیقت چھپ نہیں سکتی بلکہ اس سے واقعے کی پیچھے چھپی گھناؤنی سازش کے واضح ثبوت عیاں ہوں گے۔ یہی وجہ ہے کہ عوام اب حقیقی تبدیلی چاہتے ہیں۔‘

    خیال رہے کہ وزیر آباد میں سابق وزیر اعظم عمران خان پر حملے کی تفتیش کرنے والی جے آئی ٹی کی جانب سے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر پر اعتراضات کے بعد محکمہ داخلہ نے جے آئی ٹی کے ارکان کو تبدیل کیا ہے۔

    اعلامیے کے مطابق جے آئی ٹی کے نئے ارکان میں ڈی پی او ڈی جی خان محمد اکمل، ایس پی انجم کمال اور ڈی ایس پی سی آئی اے جھنگ ناصر نواز بھی شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی محکمے کے چوتھے رکن کی تقرری کا فیصلہ جے آئی ٹی کے سپرد ہے جبکہ نئے ارکان کی تقرری کا نوٹیفکیشن 14 جنوری کو جاری کیا گیا۔

  11. ’الیکشن کمیشن نے پنجاب کے نگران وزیراعلی پر ڈنڈی ماری تو پنجاب الیکشن کا قبرستان بن جائے گا‘ شیخ رشید

    عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ’الیکشن کمیشن نے پنجاب کے نگران وزیراعلی پر ڈنڈی ماری تو پنجاب الیکشن کا قبرستان بن جائے گا۔‘

    ان کا کہنا ہے کہ غلطی کی گنجائش نہیں ہے۔

  12. ’چن چن کر آپ کی جماعت نے ان افراد کا چناؤ کیا جو نگران وزیر اعلی کی قانونی اہلیت ہی پوری نہیں کرتے تھے‘ احسن اقبال کا اسد عمر کو جواب

    پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے تحریکِ انصاف کے رہنما اسد عمر کی ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’اپنی نالائقی پہ پردہ نہ ڈالیں۔ چن چن کر آپ کی جماعت نے ان افراد کا چناؤ کیا جو نگران وزیر اعلی کی قانونی اہلیت ہی پوری نہیں کرتے تھے۔‘

  13. ’امپورٹڈ کے فرنٹ مین کے بجائے نواز شریف یا آصف زرداری کو ہی نگران وزیر اعلیٰ پنجاب بنا دیں‘

    رہنما تحریک انصاف اسد عمر نے کہا ہے کہ ’امپورٹڈ حکومت کے فرنٹ مین کو نگران وزیر اعلیٰ (پنجاب) بنانے سے بہتر ہے پردہ اٹھا دیں اور نواز شریف یا آصف زرداری کو بنا دیں۔‘

    خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے مسلم لیگ ن کی جانب سے دیے گئے ناموں (احد چیمہ اور محسن نقوی) کو نواز شریف اور آصف زرداری کے ’فرنٹ مین‘ قرار دیا ہے اور یہ عندیہ دیا ہے کہ وہ ان میں سے کسی کو بھی نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے طور پر تسلیم نہیں کریں گے۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے نگران وزیر اعلیٰ کا اعلان کچھ دیر میں متوقع ہے۔

  14. عمران خان نے شوکت خانم کے 30 لاکھ ڈالر نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں لگائے: مریم اورنگزیب

    وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہےکہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے ’صادق اور امین‘ عمران خان نے شوکت خانم ہسپتال کے تین ملین ڈالر کے خیراتی فنڈ ہاؤسنگ سوسائٹی میں لگانے کا اعتراف کر لیا ہے۔

    اتوار کو اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام نے عمران خان کو شوکت خانم کے لیے پیسے دیے تھے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے لیے نہیں۔

    وہ الزام لگاتی ہیں کہ ’جعلی صادق اور امین نے 30 لاکھ ڈالر کی رقم ہائوسنگ منصوبے میں لگانے کا اعتراف کیا ہے۔‘

    ادھر رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے اسے ’پاکستان کے سب سے بڑے فلاحی منصوبے‘ کے خلاف مہم قرار دیا ہے۔ جبکہ عمران خان نے خود ان الزامات کو بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی قرار دیا ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز اسلام آباد کی ایک عدالت میں وزیر دفاع خواجہ آصف کے خلاف ہتک عزت کے مقدمے میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے یہ تسلیم کیا کہ انھوں نے شوکت خانم ہسپتال کے فنڈز میں سے 30 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کی تھی۔ انھوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت کو بتایا کہ یہ رقم بعد میں لوٹا دی گئی تھی۔ کیس کی آئندہ سماعت 28 جنوری تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

    دوسری طرف وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ قوم کا اعتماد بحال کرنے کے لیے نواز شریف کو ’واپس لانا ہو گا‘۔ اتوار کو لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ’اگر محمد نواز شریف کی ملک کے لیے قربانی دینے سے پاکستان کے معاشی اور سیاسی حالات بہتر ہوسکتے ہیں تو مسلم لیگ ن یہ قربانی بار بار دینے کو تیار ہے۔‘ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’عمران خان کو دوبارہ مقبول بنانے کے لیے ملک کو اس حال تک پہنچا دیا گیا۔‘

  15. الیکشن کمیشن پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کا انتخاب آج کرے گا، عمران خان کا متنازع نام تسلیم نہ کرنے کا اعلان

    پاکستان کا الیکشن کمیشن آج پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کا تقرر کرے گا۔ پنجاب میں جب قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف ایک نام پر متفق نہیں ہو سکے تو پھر اس کے بعد نگران وزیراعلیٰ کا مماملہ چھ رکنی پارلیمانی کمیٹی کو بھیجا گیا۔

    کمیٹی اراکین بھی جب کسی ایک نام پر متفق نہ ہو سکے تو یہ معاملہ آئینی سکیم کے تحت الیکشن کمیشن کے ہاتھ آ گیا۔ اب یہ الیکشن کمیشن کی صوابدید ہو گی کہ وہ مجوزہ ناموں میں سے یا کسی بھی موزوں شخص کو نگران وزیراعلیٰ منتخب کرے۔

    اپوزیشن اور حکومت کی جانب سے جو نام دیے گئے ہیں ان میں محسن نقوی، احمد نواز سکھیرا، احد چیمہ، نوید اکرم چیمہ، نصیر خان اور ناصر کھوسہ شامل ہیں۔

    سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے ایک ٹی وی انٹرویو میں پنجاب میں اپوزیشن کی طرف سے دیے جانے والے ناموں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان میں سے ایک نام ایسا بھی جس کا رجیم چینج ممیں باقاعدہ کردار تھا۔ ان کے مطابق اگر الیکشن کمیشن ایسے کسی شخص کا انتخاب کرتا ہے تو پھر اس فیصلے کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

  16. ہم امید کر رہے تھے جنرل باجوہ کے جانے کے بعد اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل ہو گی لیکن وہ ابھی نیوٹرل نہیں ہے‘

    تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم امید کر رہے تھے جنرل باجوہ کے جانے کے بعد اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل ہوگی لیکن وہ ابھی نیوٹرل نہیں ہے۔

    نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں عمران خان نے الزام عائد کیا کہ ’پنجاب میں مسٹر ایکس اینڈ وائے نے پرویز الہٰی اور ہمارے ایم پی ایز کو دھمکیاں دیں کہ آپ کے کرپشن کیسز سامنے لے آئیں گے، پورا زور لگایا کہ سب ن لیگ کے ساتھ مل جائیں، انھیں کہا کہ ’ہم نے عمران خان پر کاٹا لگا دیا ہے اس کو اب بھول جائیں‘ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ انھوں نے تاریخ سے کچھ نہیں سیکھا۔‘

    ان کا کہنا ہے کہ ’کوئی جتنا مرضی ڈرا دھمکا لے، جو مرضی کر لیں میں جیت جاؤں گا۔‘

    تحریکِ انصاف کے چیئرمین نے الیکشن کمیشن پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو ’نیوٹرل ایمپائر‘ ہونا چاہیے تھا مگر وہ ن لیگ اور ہینڈلرز کے اتنا کنٹرول میں ہے کہ آٹھ سے نو مرتبہ اس نے تحریکِ انصاف کے خلاف فیصلہ دیا ہے جن کے لیے ہمیں عدالت جانا پڑا اور وہاں ہمارے حق میں فیصلہ ہوا۔

  17. صوبے میں صاف اور شفاف انتخابات اولین ترجیح ہے، نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان

    نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کا کہنا ہے کہ صوبے میں صاف اور شفاف انتخابات اولین ترجیح ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اور صوبائی حکومت الیکشن کمیشن کو بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔

    اعظم خان کا کہنا ہے کہ صوبے میں امن و امان کا مسئلہ ہے، کوشش کریں گے کہ امن کو قائم رکھیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کے ساتھ خیبر پختونخوا کے بقایاجات کا مسئلہ بھی اٹھائیں گے۔ این ایف سی، این ایچ پی اور ضم اضلاع کے فنڈز کا معاملہ وفاقی حکومت کے ساتھ اٹھائیں گے اور کوشش کریں گے کہ بہتر طرزِ حکمرانی کو فروغ دیں۔

  18. سابق وفاقی وزیر پیر امین الحسنات نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی

    سابق لیگی رہنما پیر امین الحسنات نے پاکستان تحریکِ انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

    انھوں نے تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا جس کے بعد فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ دربار عالیہ بھیرہ شریف نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی ہے جس پر ہم پیر الحسنات شاہ صاحب اور ان کی پوری فیملی کے شکر گزار ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی شمولیت اس امر کا بھی ثبوت ہے کہ عمران خان نے حرمت رسول اور اسلام کے لیے جو عالمی خدمات سر انجام دی وہ اپنی مثال آپ ہیں۔

    اس موقع پر اسد عمر کا کہنا تھا کہ پیر امین الحسنات کو پی ٹی آئی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

  19. خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ اعظم خان نے حلف اٹھا لیا

    خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ اعظم خان نے حلف اٹھا لیا ہے۔

    خیبرپختونخوا کے گورنر ہاؤس میں منعقد ہونے والی تقریب میں صوبے کے گورنر حاجی غلام علی نے اعظم خان سے نگراں وزیراعلیٰ کا حلف لیا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ رات خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ کے نام پر حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق ہو گیا تھا۔ وزیراعلیٰ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی میں باہمی مشاورت سے سابق بیوروکریٹ اعظم خان کے نام پر اتفاق کیا تھا۔

  20. سابق وفاقی وزیر پیر امین الحسنات سمیت چھ لیگی رہنما جلد تحریک انصاف کا حصہ بننے جا رہے ہیں: فواد چوہدری, اعظم خان، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے پنجاب سے پانچ سے چھ رہنما جلد تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے جا رہے ہیں۔

    ان کے مطابق آج تحریک انصاف کا وفد سابق لیگی رہنما پیر امین الحسنات کے گھر جا رہا ہے جنھوں نے تحریک انصاف مں شمولیت اختیار کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ ان کے مطابق تحریک انصاف کا وفد ان کی باقاعدہ تحریک انصاف میں شمولیت کے لیے ان کے گھر بھیرہ جا رہا ہے ۔

    بھیرہ پنجاب کے شہر سرگودھا کی تحصیل ہے۔

    اپنے ایک ایک ٹویٹ میں سابق وزیر برائے مذہبی امور اور پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق رہنما پیر محمد امین الحسنات کی تحریک انصاف میں شمولیت کو خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ’انتہائی اہم‘ قرار دیا ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ ’پیر صاحب اور ان کا خاندان سرگودھا، راولپنڈی ڈویژن سمیت پورے پاکستان اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں اثر و نفوذ رکھتا ہے اور خانوادوں کا بہت بڑا سلسلہ بھیرہ شریف سے وابستہ ہے۔‘