آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

زیادہ دیر نہیں ہے اس لیے سب میری کال کا انتظار کریں: عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ٹیکسلا میں ایک جلسے سے خطاب میں کہا ہے کہ میں پوری تیاری کر رہا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ان (حکومت) کی پلاننگ کے حساب سے تیاری کر رہا ہوں اور پھر ایک دم کال دوں گا۔ زیادہ دیر نہیں ہے اس لیے سب میری کال کا انتظار کریں۔ ‘

لائیو کوریج

  1. عمران خان آج حقیقی آزادی تحریک کے حتمی مرحلے کا اعلان کریں گے

    پی ٹی آئی کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ کے مطابق چئیرمین عمران خان آج رحیم یار خان میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے اور حقیقی آزادی تحریک کےحتمی مرحلے کا اعلان کریں گے۔

    نامہ نگار ترہب اصغر کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے ملک بھر میں عمران خان کے جلسے کو بڑی سکرینوں پر مختلف مقامات پر دکھانے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

    لاہور میں عمران خان کا جلسہ دکھانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔

    عمران خان کا خطاب شام 6 بجے لبرٹی چوک میں براہ راست بڑی سکرین پر دکھایا جائے گا جس کے لیے لاہور کی قیادت اور تحریک انصاف کے کارکنان کو لبرٹی چوک پہنچنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔

  2. صوبے کی پولیس شہریوں پر تشدد کے لیے وفاق کو نہیں دے سکتے: ترجمان خیبرپختونخوا حکومت

    ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹرمحمد علی سیف کا کہنا ہے کہ صوبے کی پولیس فورس وفاق کو نہیں دے سکتے، صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس فورس کی یہاں زیادہ ضرورت ہے۔

    ٹوئٹر پر انھوں نے وفاقی وزیرِداخلہ پر الزام عائد کیا کہ ’رانا ثنا اللہ پاکستانی شہریوں کا اسلام آباد میں داخلہ روکنے کے لیے پولیس فورس استعمال کرنا چاہتے ہیں۔‘

    انھوں نے رانا ثنا اللہ پر یہ بھی الزام عائد کیا کہ ’وزیرِ داخلہ اپنی ڈیڑھ اینٹ کی حکومت بچانے کے لیے خیبرپختونخوا کی پولیس مانگ رہے ہیں۔ خیبرپختونخوا حکومت اپنی پولیس شہریوں پر تشدد کے لیے نہیں دے سکتی۔‘

  3. توہینِ عدالت کیس: عمران خان کی عدالت میں پیشی سے متعلق سرکلر جاری

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے خاتون جج کو دھمکی دینے پر توہین عدالت کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی تین اکتوبر کی عدالت پیشی سے متعلق سرکلر جاری کیا گیا ہے۔

    سرکلر کے مابق لارجر بنچ 3 اکتوبر کو دن اڑھائی بجے کیس کی سماعت کرے گا۔

    رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ نے سماعت کے دوران ضابطہ اخلاق کا سرکلر جاری کیا ہے جس کے مطابق کمرہ عدالت نمبر ایک میں انٹری رجسٹرار آفس کے جاری کردہ پاس سے مشروط ہو گی۔

    سرکلر کے مطابق عمران خان کی لیگل ٹیم کے 15 وکلا کمرہ عدالت میں موجود ہو سکیں گے۔

    اٹارنی جنرل آفس اور ایڈوکیٹ جنرل آفس سے 15 قانونی افسران کو اجازت ہو گی۔

    سرکلر کے مطابق تین عدالتی معاونین کو کمرہ عدالت جانے کی اجازت ہوگی۔ اس کے مھابق پندرہ کورٹ رپورٹرز کو کمرہ عدالت میں موجودگی کی اجازت ہو گی۔

    سرکلر میں درج ہے کہ ہائی کورٹ اور ڈسٹرکٹ بار کے پانچ پانچ وکلا کو اجازت ہو گی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے جرنلسٹس ایسوسی ایشن کو 15صحافیوں کی لسٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

    لسٹوں کی فراہمی کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ کا رجسٹرار آفس پاس جاری کرے گا، سرکلر کے مطابق کورٹ ڈیکورم کو برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس سیکورٹی کو انتظامات کا کہنا گیا ہے۔

  4. شیریں مزاری کی تعزیرات پاکستان کی دفعہ 124 اے کو کالعدم قرار دینے کی درخواست مسترد, شہزاد ملک، بی بی سی

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے تعزیرات پاکستان میں بغاوت کی دفعہ 124 اے کالعدم قرار دینے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی۔

    یاد رہے پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری نے تعزیرات پاکستان کی دفعہ 124 اے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی تھی۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ بغاوت کی دفعہ آئین پاکستان میں دیے گئے بنیادی حقوق سے متصادم ہے۔

    عدالت نے گزشتہ روز دلائل سننے کے بعد درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

    درخواست مسترد کرنے کی وجوہات پر مشتمل تحریری فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

  5. شہباز گل کے خلاف اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے مقدمے کی سماعت ملتوی

    شہباز گل کے خلاف اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے مقدمے کی سماعت سیشن جج کامران بشارت مفتی کی رخصت کے باعث ملتوی کر دی گئی ہے۔

    سیشن کورٹ نے شہباز گل کیس کی سماعت 30 ستمبر تک ملتوی کردی ہے۔

    اب شہباز گل کیس کا ٹرائل کون کرے گا، اس بارے میں فیصلہ 30 ستمبر کو ہو گا۔

  6. لاڈلے کو آج بھی تسلی دی جا رہی ہے: جاوید لطیف

    وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا ہے کہ عمران خان آج بھی لاڈلے نہ ہوں تو ان کی جماعت تاش کے پتوں کی طرح بکھر جائے۔

    اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انھوں نے کہا کہ ’آج بھی انھیں تسلی دی جا رہی ہے۔۔۔ اگر آئین، قانون کے ماورا کوئی سوچ رکھتا ہے، کوئی سہولت کاری کا کام دے رہا ہے، ہمارے علم میں چیزیں ہیں، مگر قوم کے، ریاست کے وسیع تر مفاد میں قربانی دینے کا مقصد تھا اس کو پورا کرنے کی خاطر (ہم) خاموش ہیں۔‘

    بعد ازاں ٹوئٹر پر پیغام میں انھوں نے کہا کہ ’آج پاکستان کی جوصورتحال ہے وہ کس کا ایجنڈا ہے۔ آج جو انصاف ہو رہا ہے کیا نواز شریف اور ذوالفقار بھٹو کے لیے انصاف کے تقاضے اسی طرح پورے کیے گئے تھے؟

    ’اگر کوئی ماورائے آئین سوچ رکھ کر اپنے لاڈلے کو سہولت کاری فراہم کرنا چاہتا ہے تو سن لے کہ ہمیں سب علم ہے۔ یہ 90 کی دہائی نہیں، قوم سب دیکھ رہی ہے۔‘

  7. سیاسی رہنما اور جماعتیں ہی بات چیت کے ذریعے ڈیڈلاک ختم کریں، عدلیہ کا ڈائیلاگ میں کوئی کردار نہیں: چیف جسٹس عمر عطا بندیال

    پاکستان کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں منعقدہ انٹرنینشل جوڈیشل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے ملک میں جاری اس وقت 'یہ ایک خالصتاً سیاسی تنازع یا ڈیڈلاک ہے، جس کا کوئی قانونی حل نہیں ہے۔

    انھوں نے یہ تجویز دی ہے کہ یہ تنازع صرف سیاسی رہنماؤں اور ان کی سیاسی جماعتوں کے درمیان ڈائیلاگ کے ذریعے ہی حل ہو سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ عدلیہ کا سیاسی ڈائیلاگ شروع کرانے میں کوئی کردار نہیں ہے۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو پارلیمنٹ میں آئین کے تحت بہتری جمہوریت اقدار کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا چائیے۔

    انھوں نے کہا کہ عام شہریوں کی طرح ہماری بھی یہی امید ہے کہ سیاسی قیادت اس حوالے سے بہتری لانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے گی اور عوام کے اعتماد کو بھی بحال کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ عوامی مفاد ہی ان سیاسی قوتوں کو سب سے مقدم ہونا چاہئیے۔

  8. ممکنہ طور پر اگلے ہفتے کے اختتام پر پاکستان میں ہوں گا: سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار

    سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے لندن میں پاکستان کے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر وہ اگلے ہفتے کے اختتام پر پاکستان میں ہوں گے۔

    انھوں نے کہا کہ وہ وطن واپسی پر سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھائیں گے اور اسلام آباد میں ایک مقامی عدالت کے سامنے اپنے خلاف قائم مقدمے میں پیش بھی ہوں گے۔

    اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ عدالت نے ہماری درخواست منظور کی اور وارنٹ معطل کرتے ہوئے کہا کہ 7 اکتوبر تک واپسی کرلیں۔

    اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے اور وطن واپسی پر ان کی گرفتاری سے روک دیا۔

    انھوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف جو بھی ڈیوٹی لگائیں گے ماضی کی طرح نبھاؤں گا۔

  9. جسٹس اطہر من اللہ نے وزارت داخلہ سے ارکان اسمبلی کے خلاف درج مقدمات کا ریکارڈ طلب کر لیا

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری اور دیگر کو ہراساں کرنے کے خلاف درخواست میں وزارت داخلہ سےارکان اسمبلی کے خلاف درج مقدمات کا ریکارڈ طلب کر لیا۔

    جمعے کے روز سماعت کے دوران وکیل فیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ قومی اسمبلی کے سپیکر صاحب نے کیا رپورٹ دی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ’سپیکر نے علی وزیر کا کیا کیا، ابھی تو آپ سب پٹنشنر پارلیمنٹ کے ممبر ہیں، کل تو سپریم کورٹ نے بھی کہہ دیا ہے۔‘ جس پر فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ ’ٹیکنیکلی‘ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ’ٹیکنیکلی نہیں، آپ ممبر ہیں، آپ کی ذمہ داری ہے جب تک ڈی نوٹیفائی نہ ہوں، آپ کو پارلیمنٹ جا کر حلقے کے عوامی مسائل پر بات کرنی چاہیے۔‘

    وکیل نے کہا کہ ’اسلام آباد ٹول پلازے سے پارلیمنٹ تک جاتے ہوئے توہین مذہب، غداری اور دہشت گردی کے کیسز سے گزر کر جانا پڑتا ہے۔‘

    چیف جسٹس نے کہا کہ ‏ان معاملات کا سیاسی حل نہ ہوا تو ملک می افراتفری ہو گی۔

    عدالت نے ارکان اسمبلی کے خلاف درج مقدمات کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کہا کہ ’سیکرٹری داخلہ تین ہفتوں میں ریکارڈ عدالت میں پیش کریں، اگر ریکارڈ پیش نہ ہوا تو سیکریٹری داخلہ خود پیش ہوں، عدالت نے سماعت ملتوی کر دی۔‘

  10. اسلام آباد ہائیکورٹ نے الطاف حسین کو شناختی کارڈ جاری کرنے کی درخواست میں فریقین کو نوٹس جاری کر دیے

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس محسن اختر کیانی کی عدالت نے بانی متحدہ قومی موومنٹ الطاف حسین کو شناختی کارڈ جاری کرنے کی درخواست میں فریقین کو جواب کے لیے نوٹس جاری کر دیے۔

    جمعے کے روز ایم کیو ایم کی درخواست پر سماعت کے دوران وکیل نے کہا کہ کیس میں وکیل کرنے کے لیے پاور آف اٹارنی کی تصدیق پاکستانی ہائی کمیشن نہیں کر رہا۔

    عدالت نے ایم کیو ایم کی درخواست پر وکالت نامے کی تصدیق کے معاملے میں بھی فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ سیکرٹری داخلہ اور چیئرمین نادرا آئندہ سماعت کے لیے مجاز افسر مقرر کریں، عدالت نے مذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ سماعت 12 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کر دی۔

  11. مہنگائی کی شرح میں ایک ہفتے میں آٹھ فیصد کمی, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان میں ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 8.1 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ تاہم 22 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 29 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    ادارہ شماریات پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر، ادرک، دال مسور، خوردنی تیل و گھی، پیاز اور ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

    ایک ہفتے میں آٹے، چکن، پیاز، چائے اور چاول کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

  12. پندرہ کاروباری دنوں کے بعد ڈالر کی قیمت میں کمی, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان میں ڈالر کی قیمت میں مسلسل پندرہ کاروباری دنوں میں ہونے والا اضافہ جمعے کے روز تھم گیا جب انٹر بنک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

    ایک ڈالر کی قیمت کاروباری ہفتے کے آخری روز چھ پیسے کم پر بند ہوئی۔ ایک ڈالر کی قیمت 239.65 کی سطح پر بند ہوئی۔

    پاکستان میں اپریل میں قائم ہونے والی حکومت کے بعد اب تک ڈالر کی قیمت میں 56 روپے سے زائد کا اضافہ ہوچکا ہے۔ جمعے کے روز اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں پچاس پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی اور ایک ڈالر کی قیمت 245 کی سطح تک گر گئی۔

  13. سکیورٹی فورسز اور لکی مروت پولیس کا مشترکہ آپریشن، دو شدت پسند ہلاک

    پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے لکی مروت میں سکیورٹی فورسز اور پولیس تنگ درہ کے علاقے میں مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے جبکہ ایک مشکوک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    لکی مروت پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی فورسز اور پولیس کا مشترکہ آپریشن جاری تھا کہ اس دوران شدت پسندوں نے پولیس تھانے پر حملہ کیا لیکن پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور فرار ہو گئے۔

    سکیورٹی فورسز اور پولیس نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا۔

    اسی طرح سوات میں بھی شدت پسندوں نے سنگوٹا تھانے پر حملہ کیا ہے جس پر جوابی کارروائی کی گئی جس میں ایک حملہ آور کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔

  14. بدقسمتی سے این آر او ٹو پر عملدرآمد ہو رہا ہے، اسحاق ڈار کو بری کیے جانے کی تیاری ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد کی احتساب عدالت کی جانب سے مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کیے جانے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کو بری کیے جانے کی تیاری ہے۔

    انھوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اب اسحاق ڈار کو بری کیے جانے کی تیاری ہے، حیران ہوں عدالتیں یہ تماشہ دیکھ رہی ہیں کہ کس طرح ملزم اور نیب مل کر پاکستان کا پیسہ ٹھکانے لگا رہے ہیں۔ یہ تماشہ ’رجیم چینج‘ کا سب سے بڑا مقصد تھا۔ بدقسمتی ہے کہ این آر او ٹو پر عملدرآمد ہو رہا ہے اور سوائے عمران خان کے سب خاموش ہیں۔‘

  15. پاکستان میں صنعتی شعبے کی پیداوار میں 16 فیصد کمی, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان میں جولائی کے مہینے میں صنعتی شعبے کی پیداوار میں 16.5 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جو اپریل 2020 کے بعد صنعتی پیداوار میں کمی کی بلند ترین شرح ہے۔

    واضح رہے کہ اپریل 2020 میں کورونا وائرس کی وبا کے بعد لاک ڈاؤن لگانے سے صنعتی شعبے کے بڑے حصے کو بند کرنا پڑا تھا۔

    ادارہ شماریات پاکستان کے مطابق جولائی میں ٹیکسٹائل، غذائی اشیاء تیار کرنے والی صنعتوں، پٹرولیم، کیمیکل، مشروبات، گاڑیوں، تمباکو سمیت لارج سکیل مینو فیکچرنگ کی تقریباً تمام صنعتوں کی پیداوار میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

  16. پاکستان میں چینی سرمایہ کاری میں کمی، عرب امارات کی سرمایہ کاری میں اضافہ, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان میں موجودہ مالی سال کے پہلے دو مہینوں میں بیرونی سرمایہ کاری میں 26 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

    سٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ان دو مہینوں میں چین کی جانب سے پاکستان میں کی جانے والی سرمایہ کاری میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 31 فیصد کمی دیکھی گئی۔

    دوسری جانب متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں ہونے والی سرمایہ کاری میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    یورپ سے پاکستان میں ہونے والی سرمایہ کاری کا رجحان ملا جلا رہا۔

  17. بریکنگ, سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ گرفتاری سات اکتوبر تک معطل

    اسلام آباد کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ نے کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے ہیں۔

    جمعے کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی جانب سے فیصلہ سناتے ہوئے کہا گیا کہ اسحاق ڈار کو واپسی پر گرفتار نہ کیا جائے، وہ پاکستان واپس آجائیں پھر ان کے وارنٹ منسوخی کے معاملے کو دیکھیں گے۔

    اسحاق ڈار کے وکیل قاضی مصباح نے احتساب عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایئرپورٹ پر اترتے ہی سیدھے عدالت پیش ہو جائیں گے۔

    احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے وکیل سے استفسار کیا کہ اسحاق ڈار بیمار تھے یا کوئی اور مسئلہ تھا، انھوں نے یہ بھی پوچھا کہ پراسیکوٹر افضل قریشی کہاں ہیں۔

    جس پر نیب پراسکیوٹر نے جواب دیا کہ افضل قریشی عمرہ کی ادائیگی کے لیے گئے ہوئے ہیں۔

    یاد رہے کہ گذشتہ روز اسحاق ڈار نے اپنے وارنٹ گرفتاری کے خلاف احتساب عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔

    جبکہ ایک روز قبل سابق وزیر خزانہ سے سپریم کورٹ سے اشتہاری قرار دینے کے خلاف دائر درخواست واپس لیتے ہوئے کہا تھا کہ متعقلہ فورم سے رجوع کیا جائے گا۔

    مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کا کہنا تھا کہ فی الحال ملزم اسحاق ڈار کے وارنٹ معطل کر رہے ہیں۔

    عدالت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو وطن واپسی پر اسحاق ڈار کو عدالت آنے تک گرفتاری سے روک دیا ہے۔

    احتساب عدالت کے جج کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار سات اکتوبر تک سرنڈر کر سکتے ہیں، انھوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کے وارنٹ سات اکتوبر تک معطل کئے جاتے ہیں، عدالت نے اسحاق ڈار کیس کی آئندہ سماعت سات اکتوبر کو مقرر کر دی گئی ہے۔

  18. میں نے بغاوت کے قانون کی حمایت نہیں کی تھی، قانون سازی کے لیے اکثریت چاہیے، شریں مزاری

    پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ سنہ 2020 میں بغاوت کے قانون کی حمایت نہیں کی تھی اورقانون سازی کے لیےپارلیمان میں اکثریت درکار ہے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر بغاوت کے قانون کے خلاف درخواست کی سماعت کے بعد شریں مزاری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کو یاد کروایا کہ میں پارلیمان کی رکن نہیں، بطور شہری آئی ہوں۔

    انھوں نے کہا کہ سنہ 2020 میں بغاوت کے قانون کی حمایت نہیں کی تھی اور پی ٹی آئی اس وقت قومی اسمبلی میں نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون سازی کے لیے سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اکثریت درکار ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’میں نواز شریف اور شہباز شریف کو غدار نہیں کہتی مگر انھیں ملک کا درد سمجھ نہیں آتا۔‘

    انھوں نے موجودہ حکومت کو تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو نقصان پہنچانے والوں پر سوال تو اٹھتے ہیں، آرمی چیف کی تقرری سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ’چور سیلیکشن کریں گے تو ان کی ترجیحات مختلف ہوں گی۔‘

    شیریں مزاری نے بغاوت کے قانون پر انڈیا کی سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ انڈیا کی سپریم کورٹ نے بغاوت کے قانون پر فیصلہ دیا کہ یہ نافذ نہیں ہوسکتا، یہ فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ بھی دے سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوآبادیاتی دور کے قوانین کو خارج کر دینا چاہیے۔

  19. بریکنگ, بغاوت قانون کے مقدمے کا فیصلہ محفوظ، قانون سازی پارلیمنٹ کا اختیار ہے، عدالت مداخلت نہیں کرے گی، اسلام آباد ہائیکورٹ

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے تعزیرات پاکستان میں بغاوت کی دفعہ 124اے کے خلاف پی ٹی آئی آئی رہنما کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’قانون سازی پارلیمنٹ کا اختیار ہے آپ کو پارلیمنٹ جانا چاہیے۔‘

    جمعہ کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں بینچ نے سماعت کی۔ اس موقعے پر درخواست گزار پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر شیریں مزاری اپنے وکیل ابوذر سلمان خان نیازی کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔

    درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ بغاوت کی دفعہ 124اے اظہار رائے کی آزادی سلب کرنے کے لیے استعمال کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بغاوت کی دفعہ 124اے آئین پاکستان میں دیے گئے بنیادی حقوق سے متصادم ہے۔

    جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ پی ٹی آئی حکومت میں بھی بغاوت کے الزامات پر مقدمات درج ہوتے رہے۔

    اس موقع پر عدالت نے درخواست گزار شیریں مزاری کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قانون سازی پارلیمنٹ کا اختیار ہے ان کو پارلیمنٹ جانا چاہیے۔

    چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ عدالت قانون سازی میں مداخلت نہیں کرے گی۔ سب کو پارلیمان پر اعتماد کرنا چاہیے۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ بغاوت کے مقدمات غیر قانونی قرار دے چکی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پارلیمنٹ کا حصہ ہے اور اس متعلق قانون سازی کر سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کو مضبوط بنائیں، عدالت مداخلت نہیں کرے گی۔

    چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار شیریں مزاری متاثرہ فریق نہیں ہیں۔

    چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے شیریں مزاری کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کہا کہ بغاوت قانون کے خلاف درخواست پر مناسب حکم جاری کریں گے۔

  20. کوئی پاکستانی وفد اسرائیل کے دورے پر نہیں گیا، ترجمان دفترِ خارجہ

    پاکستان کے دفتر خارجہ نے کسی بھی پاکستانی وفد کے اسرائیل کے دورے پر جانے کی تردید کی ہے۔

    جمعرات کو پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں پاکستانی وفد کے اسرائیل کے دورے پر جانے کی خبروں کی ’دو ٹوک الفاظ‘ میں تردید کرتے ہوئے وضاحت دی ہے کہ پاکستان کی اسرائیل سے متعلق پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد کے مطابق ’جس وفد کی اسرائیل کا دورہ کرنے سے متعلق خبریں سامنے آئیں ہیں وہ ایک غیر ملکی غیر سرکاری تنظیم کی جانب سے کروایا گیا ہے اور تنظیم پاکستان میں قائم نہیں ہے۔‘

    یہ بیان متعدد غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی خبروں کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ایک سابق حکومتی وزیر سمیت ایک ’پاکستانی وفد‘ نے یروشلم میں اسرائیلی وزارت خارجہ کے حکام سے ملاقات کی ہے۔

    اس دورے کا انتظام امریکہ میں قائم ایک غیر سرکاری تنظیم امریکن مسلمز اینڈ ملٹی فیتھ وومن امپاورمنٹ کونسل اور اسرائیل تنظیم شراقہ نے کیا۔

    یہ امریکہ میں قائم ایک غیر سرکاری تنظیم ہے جسے سنہ 2020 میں امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے اسرائیل اور چار عرب ریاستوں متحدہ عرب امارات، بحرین، سوڈان اور مارکش کے درمیان تعلقات معمول میں لانے کے لیے ابراہیم ایکارڈ معاہدے کو پیش کیے جانے کے بعد رکھی گئی تھی۔

    امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس ( اے پی) نے بھی اس دورہ کے متعلق خبر دیتے ہوئےلکھا ہے کہ پاکستان کے ایک سابق وزیر اور سابق چیئرمین کرکٹ بورڈ نسیم اشرف سمیت متعدد پاکستانی اس وفد میں شامل ہیں۔‘

    اے پی کے مطابق پاکستان کے سابق چیئرمین کرکٹ بورڈ نسیم اشرف نے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ وہ ایک وفد کے ہمراہ یروشلم کے دورے پر ہیں جس کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ تاہم انھوں نے وفد میں شامل دیگر افراد کی تفصیلات فراہم نہیں کی۔