آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

زیادہ دیر نہیں ہے اس لیے سب میری کال کا انتظار کریں: عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ٹیکسلا میں ایک جلسے سے خطاب میں کہا ہے کہ میں پوری تیاری کر رہا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ان (حکومت) کی پلاننگ کے حساب سے تیاری کر رہا ہوں اور پھر ایک دم کال دوں گا۔ زیادہ دیر نہیں ہے اس لیے سب میری کال کا انتظار کریں۔ ‘

لائیو کوریج

  1. کابینہ اجلاس: وزیراعظم کے دورہ ثمرقند اور دورہ نیویارک پر تفصیلی بریفنگ

    وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

    وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اجلاس کے آغاز میں سیکرٹری خارجہ نے اجلاس کو وزیراعظم کے دورہ ثمرقند اور دورہ نیویارک پر تفصیلی بریفنگ دی۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ ثمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی قلیل مدت میں 10 سربراہانِ ممالک جن میں چینی اور روسی صدور کے علاوہ وسط ایشیائی ممالک کے صدور و سربراہان سے ملاقاتیں شامل تھیں۔

    روسی صدر سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں بشمول توانائی میں وسیع تعاون پر اتفاق ہوا۔ وزیراعظم نے روس سے کم لاگت پر گندم خریدنے میں پاکستان کی دلچسپی سے آگاہ کیا جس کا روسی صدر نے خیر مقدم کیا۔

    مزید برآں روس اور پاکستان کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کو مزید متحرک کرنے اور پاکستان کی طرف سے جلد ایک اعلیٰ سطحی وفد کے روس کے دورے پر اتفاق ہوا۔

    کابینہ کو بتایا گیا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے فورم اور دو طرفہ ملاقاتوں میں بھرپور طریقے سے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں آنے والے تاریخی سیلاب اور سیلاب متاثرین کی مصیبتوں کو اجاگر کیا گیا۔ جس پر تمام ملکوں نے حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

    اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی شرکت کے حوالے سے کابینہ کو آگاہ کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم کی ترقی یافتہ ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کی ذمہ داری لیتے ہوئے پاکستان جیسے ایسے ممالک جن کا عالمی کاربن فٹ پرنٹ میں حصہ انتہائی کم ہے کی مدد کے لیے آگے بڑھنے کے مؤقف کی عالمی سطح پر پذیرائی ہوئی۔ پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے حمایت اور مدد کی اپیل دنیا بھر تک پہنچانے میں معاونت کے ساتھ ساتھ اس موقع پر مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقاتوں میں پاکستان کو سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

    وزیراعظم نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت جاری وزیراعظم فلڈ ریلیف کیش پروگرام کی مد میں 20 لاکھ خاندانوں کو 50 ارب روپے کی تقسیم مکمل ہونے پر وزارت تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ، BISP ا ور متعلقہ حکام کی پذیرائی کی اور اس امر پر زور دیا کہ تقسیم کے مرحلے میں آنے والی شکایات کا فوری ازالہ کرکے کابینہ کو اس حوالے سے آگاہ کیا جائے۔

    مزید برآں وزیراعظم نے کہا کہ فلڈ ریلیف کیش پروگرام میں شفافیت کا عنصر نہایت اہمیت کا حامل ہے جس کو وفاقی حکومت یقینی بنا رہی ہے۔ وزیراعظم نے سندھ کے اضلاع میں موجود سیلابی پانی کے اخراج کے لیےNDMA, PDMAs, NFRCC صوبائی حکومت اور متعلقہ محکموں کو فوری طور پر جامع منصوبہ بندی بنانے اور عملی اقدامات کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔

    وفاقی کابینہ نے وزارتِ صنعت و پیداوار کی سفارش پر ربیع فصل کے لیے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کو G2G کی بنیاد پر 3 لاکھ میٹرک ٹن یوریا درآمد کرنے کی اجازت کی منظوری دی۔

  2. عرفان قادر کو وزیراعظم شہباز شریف کا معاونِ خصوصی تعینات کر دیا گیا

    عرفان قادر کو وزیراعظم شہباز شریف کا معاونِ خصوصی تعینات کر دیا گیا۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق عرفان قادر کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا۔

    وزیر اعظم نے نئے معاون خصوصی کو کوئی قلمدان نہیں دیا۔

    وزیر اعظم کی کابینہ کی تعداد بڑھ کر 74 ہوگئی وزیر اعظم کے معاونین خصوصی کی تعداد 28 ہوگئی وزیر اعظم کے 23 معاونین خصوصی کے پاس کوئی قلمدان نہیں۔ جاوید لطیف بھی کئی مہینوں سے بغیر کسی قلمدان کے وفاقی وزیر ہیں وفاقی وزرا 35، وزرا ئے مملکت 7 اور مشیروں کی تعداد 4 ہے۔

  3. ڈالر کی قیمت میں مسلسل چوتھے روز کمی، 1.79 روپے مزید سستا ہو گیا, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان میں ملکی کرنسی کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں کمی کا رجحان مسلسل چوتھے روز بھی جاری رہا۔

    بدھ کو ایک ڈالر کی قیمت 1.79 روپے کمی کے بعد 232.12 روپے پر بند ہوئی۔ انٹر بینک میں چار روز میں ڈالر کی قیمت میں 7.59 روپے کی کمی واقع ہو چکی ہے۔

    اوپن مارکیٹ میں بھی بدھ کے روز ڈالر کی قیمت میں کمی دیکھی گئی اور ایک ڈالر کی قیمت دو روپے کمی کے بعد 232 روپے کی سطح تک گر گئی۔

    اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں اب تک 13.50 روپے کی کمی واقع ہو چکی ہے۔

  4. آڈیو لیکس کے معاملے پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس شروع

    قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں اسلام آباد میں شروع ہو گیا ہے۔

    اجلاس میں اعلیٰ سول و عسکری قیادت شریک ہے۔

    اجلاس میں مبینہ آڈیو لیکس کا معاملہ بھی زیر غور ہے۔

    خیال رہے کہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ان کی معلومات کے مطابق انٹیلیجنس ادارے آئی بی اور آئی ایس آئی آڈیو لیکس کے معاملے پر ابتدائی رپورٹ آئندہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پیش کریں گے۔

    گذشتہ روز پاکستان کے وزیراعظم نے آڈیو لیکس کے معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی بنانے کا اعلان کیا تھا جو اس کی تحقیقات کرے گی۔

  5. پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس: اکبر ایس بابر کو فریق بنانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ, شہزاد ملک، نامہ نگار بی بی سی

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق حکمراں جماعت پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کی اپیل پر اکبر ایس بابر کو فریق بنانے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

    جسٹس عامر فاروق، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار پرمشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے لارجر بینچ نے پی ٹی آئی کی اپیل پر الیکشن کمیشن کو پری ایڈمشن نوٹس جاری کر رکھا ہے۔

    پی ٹی آئی کے وکیل انور منصور اور اکبر ایس بابر کے وکیل احمد حسن عدالت میں پیش ہوئے۔

    اکبر ایس بابر کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ `ہم الیکشن کمیشن سے جاری شوکاز نوٹس کی پروسیڈنگ میں پارٹی نہیں بننا چاہتے لیکن پی ٹی آئی کی پٹیشن میں فریق بننا چاہتے ہیں تا کہ کچھ باتوں میں معاونت کر سکیں، انھوں نے کہا کہ ممنوعہ فنڈنگ کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی نے بہت سی باتیں الیکشن کمیشن سے چھپائیں۔‘

    انھوں نے کہا کہ سنہ `2014 میں نے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا اور میری درخواست پر فیصلہ کیا گیا، الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار ہے کہ وہ اس کیس کو سن سکتے ہیں۔

    عدالت نے اکبر ایس بابر کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا کہ ان کے موکل نے الیکشن کمیشن کے مکمل کیس میں پیروی کی ؟ جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن نے انہی کی درخواست پر ہی ممنوعہ فنڈنگ سے متعلق فیصلہ دیا تھا۔

    انھوں نے کہا کہ ان کے موکل صرف اسی لیے شامل ہونا چاہتے ہیں کہ فیکٹ فائنڈنگ میں عدالت کی معاونت کرسکوں، پاکستان تحریک انصاف کے وکیل انور منصور نے کہا کہ اس سارے کیس میں اکبر ایس بابر کے خلاف کچھ نہیں ہے انھوں نے کہا کہ عمران خان اور اکبر ایس بابر کے درمیان ذاتی دشمنی ہے۔‘

    بینچ کے سربراہ عامر فاروق نے پی ٹی آیی کے وکیل سے اسفسار کیا کہ الیکشن کمیشن نے آپ کے خلاف جو فیصلہ دیا وہ سوموٹو ایکشن لیا گیا تھا؟ جس پر انور منصور کا کہنا تھا کہ آپ ایسا کہہ سکتے ہیں، کیونکہ اکبر ایس بابر کی استدعا کچھ اور تھی، انھوں نے کہا کہ اکبر ایس بابر ابتدائی طور پر کمپلیننٹ ضرور تھے۔

    بینچ میں شامل جسٹس میاں گل حسن نے پی ٹی آیی کے وکیل سے اسفسار کیا کہ `اکبر ایس بابر الیکشن کمیشن میں جاری کارروائی کا حصہ رہے ہیں اور آپ کیوں چاہتے ہیں کہ انہیں یہاں اس کیس میں فریق نہ بنایا جائے؟‘

    دوسری جانب سماعت کے دوران `الیکشن کمیشن نے اکبر ایس بابر کو کیس میں فریق بنانے پر رضامندی ظاہر کر دی اسلام آباد ہائیکورٹ نے اکبر ایس بابر کو فریق بنانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔‘

  6. مفتاح اسماعیل نے آئی ایم ایف معاہدے کو دوبارہ بحال کیا، ہر قسم کی طعنہ زنی برداشت کی: شہباز شریف

    پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مفتاح اسماعیل نے پوری محنت کے ساتھ آئی ایم ایف کے معاہدے کو دوبارہ بحال کیا اور اسے منطقی انجام تک پہنچایا اور اس دوران ہر قسم کی طعنہ زنی برداشت کی۔

    انھوں ںے کہا کہ ’پچھلی حکومت نے جب مارچ میں قیمتیں کم کیں تو دنیا بھر میں قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی تھیں اور اس میں بجٹ میں بھی رقم مختص نہیں تھی۔‘

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ اس سے پاکستان کو دو نقصان ہوئے ایک تو پاکستان مزید قرضوں میں جکڑا گیا اور دوسرا اس سے انٹرنیشنل اداروں کا اعتماد مجروح ہوا کہ یہ وعدہ کرتے ہیں اور پھر اسی معاہدے کو پھاڑ دیتے ہیں۔

    ’اس کی ساری تکلیف اور شرمندگی اس حکومت برداشت کرنی پڑی اور مفتاح اسماعیل نے پوری محنت کے ساتھ آئی ایم ایف کے معاہدے کو دوبارہ بحال کیا اور اسے منطقی انجام تک پہنچایا اور اس دوران ہر قسم کی طعنہ زنی برداشت کی۔‘

  7. ملک کو پانامہ اور دیگر ڈراموں نے بہت نقصان پہنچایا، خدا کا واسطہ ہے بس کر دیں: اسحاق ڈار

    پاکستان کے وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار آج بطور وزیرِ خزانہ حلف اٹھانے کے بعد احتساب عدالت میں پیشں ہوئے اور اس کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی ڈیل پر یقین نہیں رکھتے، پاکستان کے قیمتی چار سال ضائع ہو گئے اور ہم تیس سال پیچھے چلے گئے۔

    انھوں نے اپنے خلاف مقدمے کے بارے میں دعویٰ کیا کہ ’یہ جھوٹا کیس ہے اور جس نے بنایا اسے شرم آنی چاہیے۔

    ’کہا گیا میں نے 20 سال ٹیکس ریٹرن فائل نہیں کیے، میں نے تو کبھی ٹیکس ریٹرن فائل کرنے میں دیر نہیں کی۔‘

    اسحاق ڈار نے کہا کہ اگر نظام چلنے دیا جاتا تو پاکستان 2025-26 تک دنیا کی بہترین معیشتوں میں سے ایک ہوتا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پھر وہی ڈرامہ، پانامہ اور دوسرے قسم کے ڈراموں نے بہت نقصان پہنچایا خدا کا واسطہ ہے بس کر دیں پاکستان کو آگے جانے دیں۔

    ’ہمیں ملکی مفاد میں گھٹیا سیاست کو دفن کر دینا چاہیے، لیکن بدقسمتی سے ایک جماعت کو منفی سیاست کے علاوہ کچھ نہیں آتا۔‘

  8. 25 مئی کو پی ٹی آئی کارکنوں پر ہونے والے تشدد کی انکوائری کے لیے ایک رکنی ٹریبونل قائم

    پنجاب حکومت نے 25 مئی کو پی ٹی آئی کارکنوں پر ہونے والے تشدد اور پولیس گردی کی انکوائری کے لیے ایک رکنی ٹریبونل قائم کر دیا ہے۔

    محکمہ داخلہ پنجاب نے ایک رکنی ٹریبونل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے تحت جسٹس (ر) شبر رضا رضوی ٹریبونل کے سربراہ ہوں گے۔

    نوٹیفیکیشن کے مطابق ٹریبونل بنانے کا مقصد اس روز ہونے والے واقعات کی وجوہات، واقعات سے قبل اور بعد میں کیے گئے اقدامات اور ذمہ داران کی نشاندہی کے علاوہ مسقتبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے تجاویز دینا شامل ہیں۔

  9. اسلام آباد: کسان ریلی کے پیشِ نظر سکیورٹی انتظامات سخت، متعدد راستے بند

    اسلام آباد میں کسان ریلی کی آمد کے سلسلے میں انتظامیہ نے دارالحکومت میں سخت سکیورٹی انتظامات کر رکھے ہیں اور کئی راستوں کو کنٹینر لگا کر بند رکھا گیا ہے۔

    اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق ٹی چوک روات کے راستے عوام کی سہولت کے پیشِ نظر کھول دیے گئے ہیں جو اب سے کچھ دیر بند کر دیے گئے تھے۔

    اس کے علاوہ پولیس کے مطابق ریڈ زون اور ڈی چوک کے راستے بھی محدود پیمانے پر کھول دیے گئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق احتجاجی مظاہرے میں آنے والے لوگوں کے ساتھ اسلام آباد میں داخل ہونے سے پہلے مذاکرات ہوں گے اور شہریوں کو ٹریفک اور سکیورٹی کے تمام تر انتظامات سے آگاہ رکھا جائے گا۔

  10. ’آرمی چیف کی تقرری آئین میں درج طریقہ کار سے ہٹ کر ہوئی تو یہ اس ادارے کی تباہی کا باعث بنے گی‘ رانا ثنا اللہ

    وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ آئین میں آرمی چیف کی تقرری کا جو طریقہ کار درج ہے، وہ اس کے مطابق ہی ہونی چاہیے۔

    رانا ثنا اللہ نے جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں حامد میر سے مختلف موضوعات پر بات کی۔

    رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ’طریقہ کار کے مطابق آرمی کی لیڈر شپ، آرمی چیف کی مشاورت سے دو یا تین یا جتنی بھی تعداد ہے وہ نام تجویز کرتے ہیں جسے وہ وزیراعظم کو بھیجتے ہیں، اور وزیراعظم ملک اور قوم کے بہترین مفاد میں اس کا فیصلہ کرتے ہیں۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ اگر آرمی چیف کی تقرری کے لیے اس سے ہٹ کر کوئی بھی اور طریقہ کار اپنایا گیا تو یہ تقرری اس ادارے کی تباہی کا باعث بنے گی۔

  11. ’ہمیں اپنی آڈیو یا ویڈیو لیک ہونے کا اس لیے خوف نہیں کیونکہ ہمیں پتہ ہے کہ ہم نے کیا گفتگو کی ہے‘ رانا ثنا اللہ

    وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنی آڈیو یا ویڈیو کے لیک ہونے کا اس لیے خوف نہیں ہے کیونکہ ہمیں پتہ ہے کہ ہم نے جو گفتگو کی ہے یا جو ہم نے کیا ہے ہمیں اس کا پتہ ہے اس لیے ہم پراعتماد ہیں۔

    جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں حامد میر سے مختلف موضوعات پر بات کی۔

    مریم اورنگزیب کے ساتھ لندن میں ہراسانی کے حوالے سے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ جن پاکستانی شہریت (بے شک وہ ڈوئل نیشنل ہو) رکھنے والوں نے لندن میں مریم اورنگزیب کو ہراساں کیا ان کے خلاف کارروائی ہوسکتی ہے۔

    تاہم ان کا کہنا تھا کہ میری آج مریم اورنگزیب سے بات ہوئی اور وہ ایسا کچھ کرنا نہیں چاہتیں کیونکہ ہمارا ماننا ہے کہ اس واقعے سے مریم اورنگزیب یا پاکستان مسلم لیگ نواز کو کوئی نقصان نہیں پہنچا بلکہ یہ گھٹیا حرکت کرنے والے خود بے نقاب ہوئے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ فی الحال مریم اورنگزیب ان لوگوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں چاہتیں، کیونکہ اگر ہم کارروائی کریں گے تو اس کے نتیجے میں ہمیں جو ہمدردی ملی ہے اس میں کمی آئے گی۔

  12. ’یہ میرا آخری لانگ مارچ، آخری دھرنا ہو گا اس کے بعد الیکشن ہوں گے‘ عمران خان

    عمران خان کا کہنا ہے کہ یہ میرا آخری لانگ مارچ، آخری دھرنا ہو گا اور اس کے بعد ملک صاف اور شفاف الیکشن کی جانب جائے گا۔

    وہ پشاور میں انصاف یوتھ ونگ، آئی ایس ایف کے زیراہتمام کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ وقت قریب ہے، آپ بھی پوری تیاری کریں ہم بھی تیاری کر رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں حقیقی آزادی اور امریکہ کے غلاموں سے نجات دلانے کے لیے ساری قوم کو نکالوں گا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم سب سے دوستی چاہتے ہیں لیکن کسی کی غلامی نہیں کریں گے۔

  13. ’ہمارا نہ انصاف کا نظام اسحاق ڈار کو روک سکا اور نہ وہ لوگ جو ملک کے محافظ بنتے ہیں‘

    پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار این آر او کے تحت ڈیل کرکے واپس آئے ہیں۔

    انھوں نے الزام عائد کیا کہ اسحاق ڈار اور یہ پارٹی اس لیے حکومت میں آئے ہیں کیونکہ انھوں نے اپنے اپنے کرپشن کے مقدمات ختم کرنے ہیں۔

    پشاور میں علما و مشائخ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہماری بڑی بدقسمتی ہے کہ ہمارا نہ انصاف کا نظام اسحاق ڈار کو روک سکا اور نہ وہ لوگ جو ملک کے محافظ بنتے ہیں، نہ ہی انھوں نے اس کا راستہ روکا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ کا بھائی عمران خان اس کا راستہ روکے گا۔

  14. ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے تمام مسائل پر قابو پائیں گے، پرویز الٰہی

    پنجاب کے وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ محکمہ ماحولیات پنجاب ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف سخت کارروائی میں مصروف ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کا عزم ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے تمام مسائل پر قابو پائیں گے۔

  15. شہباز شریف نے آڈیو لیک میں ہونے والی بات چیت کی تصدیق کر دی، اب چیف الیکشن کمشنر کا عہدے پر بیٹھنے کا کیا جواز باقی ہے؟ اسد عمر

    پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ اب تو شہباز شریف نے بھی آڈیو لیک میں ہونے والی بات چیت کی تصدیق کر دی ہے۔ اب چیف الیکشن کمشنر کا عہدے پر بیٹھنے کا کیا جواز باقی ہے؟

    انھوں نے ٹوبٹ کیا کہ شہباز شریف اور وزرا جو الیکشن کمیشن کے ساتھ ملی بھگت میں شامل ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔

  16. الیکشن کمیشن فوری طور پر شہباز شریف کی نااہلی کے لیے ریفرینس خصوصی ٹریبونل کو بھیجے، فواد چوہدری

    پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے ابھی آڈیو لیکس میں ہونے والی گفتگو کی تصدیق کر دی ہے، اس کے بعد مزید تحقیقات کی ضرورت نہیں رہتی۔

    انھوں نے لکھا کہ الیکشن کمیشن فوری طور پر شہباز شریف کی نااہلی کے لیے ریفرینس خصوصی ٹریبونل کو بھیجے۔

  17. بریکنگ, ’مریم نے نہ مجھ سے سفارش کی، نہ کوئی فیور مانگی‘ وزیراعظم شہباز شریف

    شہباز شریف پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔

    آڈیو لیکس میں مریم نواز کے داماد کی مشینری سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا ہے کہ مریم نے مجھ سے نہ کوئی سفارش کی، نہ فیور مانگی۔

    ان کا کہنا ہے کہ مریم نے مجھ سے کوئی بات نہیں کی بلکہ ڈاکٹر توقیر نے مجھ سے بات کی کہ مریم نواز کے داماد نے آدھی مشیینری جو پی ٹی آئی کے دور میں منگوا لی تھی، اس کی امپورٹ کا معاملہ ای سی سی میں جائے گا۔

    وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر توقیر سے ’میں نے کہا کہ میں مریم کو خود بتا دوں گا۔‘

    شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ’میں نے ہیرے جواہرات کی تو بات نہیں کی۔ کیا میری گفتگو میں پانچ قیراط کا کوئی ذکر تھا؟‘

    ان کا کہنا ہے کہ گذشتہ حکومت میں دوست ملک سے آئے توشہ خانہ کے کروڑوں روپے کے تحائف پیچ دیے گئے۔

  18. بریکنگ, ’آڈیو لیکس بہت بڑا سکیورٹی لیپس ہے، تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی بنا رہا ہوں‘ شہباز شریف

    وزیراعظم شہباز شریف اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔

    آڈیو لیکس کے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا ہے کہ یہ ایک اہم معاملہ ہے اور سکیورٹی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ یہ وزیراعظم ہاؤس کی نہیں ریاست پاکستان کے وقارکی بات ہے۔ آئندہ پاکستان کے وزیراعظم سے ملنے آنے والے سوچیں گے کہ ہم پاکستان کے وزیر اعظم سے یہ بات کریں یا نہیں کیونکہ یہاں تو آواز ریکارڈ ہو رہی ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا ہے کہ میں اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی بنا رہا ہوں جو اس کی تحقیقات کرے گی۔

  19. بریکنگ, پاکستان عالمی تنہائی سے نکل آیا ہے، شہباز شریف

    وزیراعظم شہباز شریف اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔

    شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان عالمی تنہائی سے نکل آیا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ پچھلی حکومت نے دوست ممالک کو جیسے ناراض کیا میں اس کا عینی شاہد ہوں، اس تنہائی سے پاکستان کی معیشیت کو نقصان ہوا ہے۔

  20. بریکنگ, وزیراعظم شہباز شریف پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں

    وزیراعظم شہباز شریف اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ دورہ امریکہ کے دوران انھوں نے دنیا کو ماحولیاتی تبدیلی سے پاکستان میں ہونے والی تباہی کے متعلق آگاہ کیا ہے۔

    شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سیلاب سے پاکستان میں 1600 سے زائد افراد ہلاک اور 30 ارب ڈالر سے زیادہ نقصانات ہوئے اور انھوں نے ہر فورم میں اور ہر سطح پر اس حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ چین اور روس کے صدور کے علاوہ ان کی عالمی رہنماؤں سے حوصلہ افزا ملاقاتیں ہوئیں ہیں۔