شہباز شریف کا خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین کے لیے 10 ارب روپے کے ریلیف پیکج کا اعلان
وزیر اعظم شہباز شریف نے سوات کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کے دوران کہا کہ وفاقی حکومت نے سندھ کے لیے 15 ارب روپے گرانٹ، بلوچستان کے لیے 10 ارب روپے اور اب کے پی کے لیے بھی 10 ارب روپے گرانٹ کا اعلان کیا ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان می سیلاب سے 1162 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔
لائیو کوریج
حیدرآباد اور ملتان کے درمیان مسافر ٹرین سروس معطل
،تصویر کا ذریعہReuters
وفاقی وزیرِ ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے اعلان کیا ہے کہ کراچی سے پشاور تک کی ریلوے مین لائن ون پر ملتان اور حیدرآباد کے درمیان مسافر ٹرینوں کی سروس معطل کی جا رہی ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے بتایا کہ کراچی سے حیدرآباد و میرپور خاص تک جبکہ ملتان سے پشاور تک آپریشن جاری رہے گا مگر اس کے درمیان مسافر ٹرینیں سیلابی صورتحال کے باعث نہیں چلائی جا رہیں۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ٹریکس پر اگر چھ انچ تک پانچ کھڑا ہو تو ٹرینوں کو چلانا خطرے سے خالی نہیں ہوتا۔
تاہم اُنھوں نے کہا کہ کارگو آپریشن بدستور جاری رہے گا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ریلویز کل رات تک یہ فیصلہ کرے گی کہ جو روٹ عرصہ دراز سے بند ہیں مگر سیلاب سے متاثر نہیں ہیں کیا وہاں شٹل ٹرینز چلا سکتے ہیں۔
راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند، سپل ویز آج کھولے جا رہے ہیں
،تصویر کا ذریعہIslamabad Administration
اسلام آباد انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث آج دوپہر تین بجے سے لے کر شام چھ بجے کے درمیان ڈیم کے سپل ویز کھولے جا رہے ہیں۔
اس ضمن میں تمام متعلقہ محکموں کو محتاط رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر انیل سعید نے بتایا ہے کہ کورنگ ندی کے ساتھ قانون نافذ کرنے والے اہلکار تعینات کیے جائیں گے اور ندی میں داخل ہونے والے یا دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی شخص کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
کوئٹہ میں 24 گھنٹے تک جاری رہنے والی بارش سے شہر میں نقصانات، خدمات کی فراہمی معطل
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں 24 گھنٹے تک موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا ہے جس کے بعد شہر میں زندگی مفلوج ہے۔
نامہ نگار بی بی سی محمد کاظم کے مطابق فی الوقت بارش تھم چکی ہے مگر حالیہ بارش کی وجہ سے شہر کے کئی علاقوں میں موبائل فون سروس اور گیس کی فراہمی معطل ہے جبکہ متعدد علاقوں میں بجلی بھی نہیں ہے۔
بارش کے اس سلسلے سے شہر کے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں جبکہ کچے مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
پاکستان میں سیلاب اور بارشیں: آج اب تک کی اہم اطلاعات
،تصویر کا ذریعہLocal journalists
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے سندھ کو 15 ارب روپے کی گرانٹ دی ہے جو ’سندھ حکومت اپنی مرضی سے استعمال کرے گی۔‘
پی ڈی ایم اے نے دریائے سوات کے ندی نالوں میں 'اونچے درجے کے سیلاب' کی پیشگوئی کرتے ہوئے سوات، دیر لوئر، مالاکنڈ، مہمند، چارسدہ، مردان، نوشہرہ اور پشاور کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
سوات، چارسدہ اور نوشہرہ سمیت خیبر پختونخوا کے بعض شہروں میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ خطرات کے پیش نظر آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
بلوچستان میں فون اور انٹرنیٹ سروسز متاثر ہوئی ہیں جبکہ موسم اور مواصلاتی نظام کی خرابی کے باعث کوئٹہ ایئرپورٹ میں پی آئی اے کے آپریشنز معطل ہوگئے ہیں۔
شہباز شریف کے علاوہ سابق وزیر اعظم عمران خان بھی خیبر پختونخوا کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں۔
کمشنر میرپور کے مطابق شدید بارشوں کے باعث دریائے نیلم سے آنے والا پانی کا بڑا ریلہ آج منگلا ڈیم پہنچے گا اور دریا جہلم کے کنارے آبادیوں کو ممکنہ خطرے سے آگاہ کیا جائے گا۔
سندھ کو 15 لاکھ، بلوچستان کو پانچ لاکھ مچھر دانیاں فراہم کر دی گئیں، دوست ممالک سے مدد کی اپیل: شہباز شریف
پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے وفاق کی جانب سے کی گئی امداد سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 15 لاکھ مچھر دانیاں سندھ جبکہ پانچ لاکھ بلوچستان کو دیا جا رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’100 ٹن پانی کا تحفہ نیسلے کی طرف سے دیا گیا، جس میں سے 80 ٹن سندھ اور 20 ٹن بلوچستان کو دیا جا رہا ہے۔‘
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کے دوست ممالک کے سفیروں سے بھی ملاقاتیں کر کے اپیل کی ہے کہ یہ چیلنج ایسا ہے جس سے ہم اکیلے نہیں نمٹ سکیں گے، اس لیے وہ بھی اس میں حصہ ڈالیں گے۔‘
دریائے کنہار میں بہہ جانے والے آٹھ افراد میں سے پانچ کی لاشیں نکال لی گئیں
دریائے کنہار میں بہہ جانے والے آٹھ افراد میں سے اب تک پانچ کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ باقی تین کی تلاش جاری ہے۔
مانسہرہ پولیس کے مطابق مرنے والوں میں تین خواتین، ایک بچہ اور ایک ضعیف شخص شامل ہیں۔
ادھر حکام کا کہنا ہے کہ دریائے کنہار اور بارانی نالوں میں شدید طغیانی کا خدشہ ہے۔ مانسہرہ اور بالاکوٹ کے سرکاری و نجی سکولوں میں مزید سیلابی خطرے کے پیش نظر آج عام تعطیل ہے۔
’دریائے جہلم کے کنارے آباد لوگوں کو پانی سے دور رہنے کی ہدایت‘
کمشنر میرپور چوہدری شوکت علی کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث دریائے نیلم سے آنے والا پانی کا بڑا ریلہ آج منگلا ڈیم میں پہنچے گا۔
انھوں نے دریا جہلم کے کنارے آبادیوں کو ممکنہ خطرے سے آگاہ کرنے کے اعلانات کروانے کا حکم دیا ہے۔
ایک بیان کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ ’دریا کنارے لوگوں کو اپنے مال مویشی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایات۔ میرپور، ڈڈیال، سہنسہ اور دریائے جہلم کے کنارے آباد لوگوں کو دریا سے دور رہنے کی ہدایت۔‘
کاغان میں ہونے والے نقصان کی تفصیل
،تصویر کا ذریعہLocal journalists
کاغان کے حکام کا کہنا ہے کہ اب تک وہاں سیلاب سے مندرجہ ذیل نقصان ہوا ہے:
قومی شاہراہ این 15 فعال مگر خطرناک ہے اور اسے ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند رکھا گیا ہے۔
ایک کوسٹر اور چار سوزوکی وینز دریا میں بہہ گئی ہیں۔ ان میں سے صرف ایک گاڑی میں مسافر موجود تھے۔ تمام آٹھ لوگ پانی میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے جن میں سے پانچ لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔
ہلاک ہونے والے تمام افراد کی تعداد کا تعین نہیں کیا جاسکا کیونکہ بعض خاندان جو دریا کنارے خیموں میں رہ رہے تھے وہ اطلاعات کے مطابق سیلاب میں بہہ گئے ہیں۔
مہانڈری میں ایک ہوٹل تباہ ہوگیا ہے مگر تمام افراد کو وہاں سے باحفاظت نکال لیا گیا۔
بریکنگ, سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے وفاق کی سندھ حکومت کو 15 ارب روپے کی گرانٹ
پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’صوبے اور وفاق مل کر اس عظیم چیلنج سے نمٹ سکیں اور پورے ملک کو یہ بتا سکیں گے معاشی صورتحال کے ابتر ہونے کے باوجود ہم اس چیلنج کا مقابلہ کریں گے۔
انھوں نے سکھر بیراج کا معائنہ کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ طے ہوا کہ 24 ہزار روپیہ فی فیملی تقسیم کیا جائے، وفاقی وزیرِ خزانہ نے 28 ارب روپیہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو دے دیے ہیں جو پہلے بلوچستان اور اب سندھ میں پیسے تقسیم کرے گا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’آج میں حاضر ہوا ہوں اور سندھ حکومت کی خدمت میں 15 ارب روپے کی گرانٹ دے دی ہے اور یہ سندھ حکومت اس کو اپنی مرضی سے استعمال کرے گی۔
’یہ میرے اکیلے کی حکومت نہیں، تمام اتحادیوں نے مل کر یہ حکومت بنائی ہے اور ہم سب نے مل کر اس چیلنج کا مقابلہ کریں گے۔
شہباز شریف نے پاکستان کے تمام مخیر حضرات کو سیلاب زدگان کی مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔‘
دریائے سوات میں سیلاب میں بہتی عمارتیں
پاکستان میں سیلاب: ’یہاں سانپ نکل رہے ہیں جو بچوں کو کاٹ رہے ہیں‘
عمران خان سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ڈی آئی خان پہنچ گئے
چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ڈی آئی خان پہنچ گئے ہیں۔
جاری کردہ سرکاری بیان کے مطابق چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا اور صوبائی حکومت کے دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ چئیرمین عمران خان اور وزیر اعلی محمود خان سیلاب سے متاثرہ ضلع ٹانک کا بھی دورہ کریں گے۔
دونوں رہنما سیلاب سے متاثرہ ان اضلاع میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیں گے۔
چئیرمین عمران خان اور وزیر اعلی محمود خان سیلاب متاثرین سے ملاقات کریں گے۔
متعلقہ ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ سیلاب کی صورتحال اور ریلیف سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دیں گے۔
سوات میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب سے تباہی
،ویڈیو کیپشنسوات میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب سے تباہی
یہ سیاست کا نہیں خدمت کا وقت ہے: شہباز شریف
،تصویر کا ذریعہPID
وزیر اعظم شہباز شریف نے سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’یہ سیاست کا نہیں، خدمت کا
وقت ہے۔‘
انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ سیلاب 2010 کے سیلاب کے مقابلے زیادہ خطرناک ہے مگر اتحادی حکومت کی جماعتیں مل
کر اس چیلنج کا مقابلہ کریں گی۔
شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا ہے کہ سیاست کو ایک طرف کر کے سب کو مل کر متاثرین کی مدد کرنی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’سیلاب زدگان کی بحالی ہماری ترجیح ہے۔ آئندہ ہفتے سندھ میں سیلاب سے متاثرہ افراد کو 28 ارب روپے دیے جائیں گے۔
’سندھ میں بی آئی ایس پی کے تحت متاثرہ ہر خاندان کو 25 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔‘
اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے سکھر آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’قوم سے اپیل ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے آگے بڑھیں۔‘
وزیراعظم فلڈ ریلیف 2022 کا شارٹ کوڈ 9999 جاری
پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے شہری موبائل فون پر ’فنڈ‘ لکھ کر 9999 پر ایس ایم ایس بھیج کر 10 روپے عطیہ کرسکتے ہیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ’تمام آپریٹرز جمع ہونے والے عطیات سے این ڈی ایم اے کو مطلع کریں گے۔‘
’وزیراعظم آفس کے حکم پر پی ٹی اے نے نوٹیفیکیشن جاری کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تباہ کن سیلاب کی صورتحال میں اندرون و بیرون ملک پاکستانیوں، مخیر حضرات اور اداروں سے عطیات دینے کی اپیل کی تھی۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کے لیے 'وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈ 2022' قائم کیا تھا۔ عوام 'وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈ' اکاؤنٹ نمبر G-12164 میں عطیات جمع کرا سکتے ہیں۔
دریائے سوات کے ندی نالوں میں ’اونچے درجے کے سیلاب کی پیشگوئی‘, پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے شہروں میں ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت
،تصویر کا ذریعہGetty Images
پی ڈی ایم اے نے فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کی جانب سے دریائے سوات میں خوازہ خیلہ اور اس سے منسلک ندی نالوں میں اونچے درجے کے سیلاب کی پیشگوئی کی ہے۔
اس نے اپنے بیان میں کہا کہ سیلاب کی سطح 227899 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے جو دریا/نالوں کے آس پاس رہنے والی آبادی کے لیے خطرناک صورتحال کا باعث بن سکتی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ سوات، دیر لوئر، مالاکنڈ، مہمند، چارسدہ، مردان، نوشہرہ اور پشاور کو مراسلہ جاری کیا ہے اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
’متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو حساس علاقوں کی آبادی کی نشاندہی کر کے حفاظتی اقدامات اختیار کی ہدایت دی گئی۔ کسی بھی جانی و مالی، انفراسٹرکچر/فصلوں اور مال مویشیوں کو نقصان سے بچانے کے لیے بروقت اقدامات یقینی بنائیں۔‘
پی ڈی ایم اے نے ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور آلات کی دستیابی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ ’دریاؤں سے منسلک ندی نالوں کے قریب ابادی کو باخبر رکھنے اور احتیاط برتنے کی ہدایت، حساس علاقوں میں موجود آبادی کو ہنگامی صورتحال پیدا ہونے سے قبل محفوظ مقامات کو منتقل کیا جائے۔ متاثرہ افراد کو بروقت امداد/طبی سامان کی فراہمی کی جائے۔ نزدیک آبادی کے انخلا پر پناہ گاہوں میں خوراک اور ادویات کی دستیابی بھی یقینی بنائی جائے. مقامی/کسانوں/ مویشی چرانے والوں کو پیشگی خبردار کیا جائے کہ وہ مال مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔‘
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریاؤں سے منسلک نالے سے متصل شاہراہوں پر گاڑیوں کی نقل و حرکت حدود کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ’کسی بھی صورت میں سڑکوں کی صفائی کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطہ قائم کریں۔
’غیر ضروری افواہوں پر کان نہ دھریں، ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو 1122 کی ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔ ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل فعال ہے، عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔‘
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔
X پوسٹ کا اختتام
تحریک انصاف کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ ’پنجاب اور کے پی حکومتیں متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کریں۔
’متاثرین کی بلا تفریق مدد کی جائے۔ مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑوں گا۔‘
وزیر اعظم شہباز شریف کی سکھر آمد
،تصویر کا ذریعہPID
وزیر اعظم شہباز شریف صوبہ سندھ میں سکھر، روہڑی، خیرپور، فیض گنج، کوٹ ڈجی اور ٹھری میر واہ کے سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی دورہ کرنے اور متاثرین کی مدد اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لینے سکھر پہنچ گئے ہیں۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بیگم نصرت بھٹو ایئر پورٹ سکھر پر وزیر اعظم کا استقبال کیا۔
سیلاب متاثرین کے لیے ’وزیراعلیٰ پنجاب فلڈ ریلیف فنڈ‘ قائم
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔
X پوسٹ کا اختتام
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کو سیلاب کی غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے اور متاثرین کی بحالی کے لیے ’وزیراعلیٰ پنجاب فلڈ ریلیف فنڈ‘ قائم کر دیا گیا ہے۔
انھوں نے میڈیا کو جاری کردہ اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ ’جو کچھ بھی انسانی بس میں ہے، متاثرین سیلاب کی مدد کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔‘
’امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں چپے چپے پر پہنچ کر متاثرین کی مدد کریں۔ چوہدری پرویزالٰہی
متاثرین سیلاب کی مشکلات کا پورا احساس ہے۔‘
پی آئی اے کے کوئٹہ آپریشنز معطل
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے کوئٹہ ایئرپورٹ اور اطراف میں موسم اور مواصلاتی نظام کی خرابی کے باعث وہاں اپنے آپریشنز معطل کر دیے ہیں۔
اس سلسلے میں آج کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والی قومی ایئر لائن کی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی کے 310 کراچی تا کوئٹہ، پی کے 322 لاہور تا کوئٹہ اور پی کے 325 اسلام آباد تا کوئٹہ پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ’موسم اور مواصلاتی نظام پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ بحال ہوتے ہی آپریشن شروع کر دیا جائے گا۔ کوئٹہ کے فضائی آپریشن کی بحالی اولین ترجیح ہے کیونکہ فضائی آپریشن رابطے کا واحد ذریعہ ہے۔‘
خیال رہے کہ کوئٹہ کے زمینی راستے بھی سیلاب کے باعث منقطع ہیں جبکہ ریلوے لائن بارشوں سے متاثر ہوئی ہے۔