پرویز الٰہی وزیر اعلی بنے تو آئینی مدت پوری کریں گے، مونس الٰہی
مسلم لیگ ق رہنما مونس الٰہی کا کہنا ہے کہ پنجاب میں وزیر اعلی کے انتخاب کےلیے پرویز الہی کے پاس تحریک انصاف کے ایم پی ایز کو ملا کر 189 کا نمبر موجود ہے جب کہ 186 کا نمبر درکار ہے۔
مسلم لیگ ق رہنما مونس الٰہی جیو نیوز کے پروگرام آپس کی بات میں گفتگو کر رہے تھے۔
مونس نے کہا کہ ’اگر پرویز الٰہی وزیر اعلی بن گئے تو وہ آئینی مدت پوری کریں گے، خیبر پختونخوا اسمبلی بھی اپنی مدت پوری کرے گی اور ڈیڑھ سال بعد صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ہوں گے۔‘
تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر اپوزیشن سے بات چیت پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اعتماد کا فقدان تھا کیوں کہ ’پروہز الٰہی اور چوہدری شجاعت نے ہمیشہ مجھے کہا کہ شریفوں پر کبھی اعتبار نہیں کرنا اور یہی بات میں نے ان سے کی۔‘
’اس فیصلے میں پرویز خٹک، شاہ محمود قریشی اور اسد عمر نے بھی اچھا کردار ادا کیا جنھوں نے اس حماقت سے روکا۔‘
مونس نے دعوی کیا کہ ن لیگ کے ایک سینیئر رہنما نے چار پانچ دن پہلے بھی آفر کی۔
ایک سوال کے جواب میں مونس نے کہا کہ ’مجھے یقین ہے کہ جہانگیر ترین کے ساتھ زیادتی ہوئی لیکن عمران خان نے نہیں ، کسی اور نے کی‘۔
انھوں نے دعوی کیا کہ عمران خان اور جہانگیر ترین کے درمیان معاملہ حل ہو جائے گا۔