ایک ڈالر کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند سطح 187 روپے سے تجاوز کر گئی, تنویر ملک، صحافی
پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافے کا رجحان جاری ہے اور جمعرات کے روز انٹر بنک میں ایک ڈالر کی قیمت 187 روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔
بدھ کے روز ایک ڈالر کی قیمت 186.13 روپے پر بند ہوئی تھی جو انٹر بنک میں کاروبار کے آغاز پر ہی تقریباً ایک روپے اضافے کے ساتھ 187.10 تک جا پہنچی۔
کرنسی ڈیلرز کے مطابق ملک میں جاری سیاسی بحران نے ایک حد تک ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر پر منفی اثر ڈالا ہے اور روپیہ کافی حد تک یہ جھٹکا برداشت کر چکا ہے۔
کرنسی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ ’لگتا ہے کہ روپے کی قیمت میں کمی کو آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت گرایا جا رہا ہے۔‘
جنرل سیکرٹری ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان ظفر پراچہ کا کہنا ہے کہ ’اس وقت ملک میں عملاً کوئی حکومت نہیں ہے اور ایسی صورت حال میں روپے کی قدر کو گرا کر شاید آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کیا جا رہا ہے تاکہ جب پروگرام پر دوبار ہ مذاکرات بحال ہوں تو پاکستان بہت ساری شرائط پوری کر چکا ہو۔‘
انھوں نے کہا کہ ڈالر کی رسد و طلب میں ایسا کوئی بڑا فرق نہیں پیدا ہوا کہ اچانک ڈالر کی قیمت اتنی زیادہ بڑھنا شروع ہو جائے۔