آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

’امپورٹڈ حکومت کسی صورت قبول نہیں‘، عمران خان کی ملک گیر پرامن احتجاج کی کال

پاکستان کے وزیر عظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ انہیں سپریم کورٹ کے فیصلے سے مایوسی ہوئی ہے اور وہ کسی امپورٹٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کریں گےاور انھوں نے عوام سے سے کہا ہے کہ وہ اتوار کی شب ملک بھر میں پر امن احتجاج کریں۔

لائیو کوریج

  1. فوج کے ساتھ مسائل نہیں، غیر جانبداری کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں: عمران خان

    عمران خان نے ایک شہری کے سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کو ایک مضبوط فوج کی ضرورت ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ ہمیں ایسا کچھ نہیں کرنا چاہیے کہ فوج کو نقصان پہنچے۔

    اُنھوں نے اس تاثر کو رد کیا کہ اُن کے اور فوج کے درمیان مسائل ہیں۔

    اُنھوں نے کہا کہ وہ فوج کے غیر جانبدار رہنے کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، جس چیز سے اُن کی ساکھ برقرار رہے ہم اُن کے ساتھ ہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ امر بالمعروف جب وہ کہتے ہیں تو وہ پوری قوم سے یہ کہہ رہے ہوتے ہیں۔

  2. امریکہ نے اپوزیشن کے ساتھ مل کر سازش کی، عمران خان کا دعویٰ

    وزیرِ اعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر اپنے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کو امریکہ اور اپوزیشن کی مشترکہ سازش قرار دیا۔

    ایک شہری کے سوال کے جواب میں اُنھوں نے کہا کہ اس پر خاموش رہنا بہت بڑا جرم ہو گا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ اتوار کو عدم اعتماد کے ووٹ میں کامیاب ہوں گے اور اُن کے پاس ایک سے زیادہ پلان ہیں۔

  3. عدم اعتماد کی وجہ خراب معیشت؟

    عمران خان سے سوال کیا گیا کہ اپوزیشن پہلے دن سے کہہ رہی ہے کہ آپ معیشت ٹھیک نہیں چلا رہے، اسی لیے وہ عدم اعتماد لائے ہیں۔

    اس پر عمران خان نے کہا کہ ماہرین بیٹھیں اور دیکھیں کہ ساڑھے تین سال میں ہم نے کیا کیا اور پچھلے برسوں میں ان پارٹیوں نے کیا کیا۔

    عمران خان نے کہا کہ اعداد و شمار دیکھ لیں کہ 2008 سے 2013 کے درمیان پیپلز پارٹی کے دور میں اور پھر ہمارے دور میں مہنگائی کتنی رہی ہے۔

    اُنھوں نے کہا کہ اس وقت عالمی طور پر مہنگائی زیادہ ہے، تیل کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں جس کی وجہ سے بجلی اور دیگر اشیا بھی مہنگی ہو رہی ہیں۔

    وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہمارے آنے کے بعد برآمدات میں تاریخی اضافہ ہوا ہے جبکہ بے تحاشہ ٹیکس اکٹھا ہوا ہے کیونکہ لوگوں کو اعتماد ہے کہ عمران خان اُن کا ٹیکس عوام پر لگائے گا۔

    اُنھوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں مہنگائی پی ٹی آئی دور سے کم تھی لیکن یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ اس وقت تیل کی قیمتیں آج کے مقابلے میں تین گنا سے بھی کم تھیں۔

  4. ’غداری کے مقدمے کے لیے وکیلوں سے مشورہ کر رہا ہوں‘

    عمران خان سے ایک سوال پوچھا گیا کہ کیا وہ مبینہ طور پر اُن کی حکومت گرانے کی عالمی سازش میں شریک سیاستدانوں کے خلاف غداری کے مقدمے درج کروائیں گے؟

    اس پر اُنھوں نے کہا کہ وہ آج سارا دن اپنے وکلا سے مشورہ کرتے رہے ہیں اور وہ غداری کے مقدمے درج کروائیں گے۔

    عمران خان نے سوال کنندہ سے کہا کہ وہ اور دیگر نوجوان پرامن احتجاج کریں جبکہ وہ خود آخری گیند تک لڑیں گے۔

  5. کوئی وزیرِ اعظم پسند نہیں آئے گا تو پیسے لگا کر ہٹا دیں گے؟ عمران خان

    وزیرِ اعظم عمران خان نے اپنے خطاب کا آغاز اسی مبینہ سازش کے ذکر سے کیا جو اُن کے مطابق بیرونِ ملک سے اُن کے خلاف رچی گئی ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے بھی یہ دستاویز دیکھ لی ہے جس میں لکھا ہے کہ جیسے ہی عمران خان ہٹے گا تو ہم آپ (پاکستان) کو معاف کر دیں گے اور تعلقات ٹھیک ہو جائیں گے۔

    عمران خان نے عوام پر زور دیا کہ وہ پرامن احتجاج کریں اور اس سازش کو ناکام بنائیں۔

    وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ اگر آج یہ سازش کامیاب ہو گئی تو کیا مستقبل میں بھی کوئی وزیرِ اعظم کسی ملک کو پسند نہیں آئے گا تو اسے پیسے استعمال کر کے ہٹا دیا جائے گا؟

  6. بریکنگ, عمران خان کا براہِ راست خطاب اور سوال و جواب کا سیشن

    وزیرِ اعظم عمران خان اب سے کچھ دیر بعد براہِ راست نشریات میں قوم کے سوالات کے جوابات دیں گے۔

    فی الوقت وہ سوال و جواب کے سیشن سے قبل عوام سے خطاب کر رہے ہیں۔

  7. عمران خان آئین اور قانون کو مانیں اقتدار کی خاطر رونا دھونا بند کریں: راجہ پرویز اشرف

    پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’عمران خان صاحب آپ تو خود جمہوریت اور انصاف کی مثالیں دیتے تھے، آپ تو دو نہیں ایک پاکستان کی بات کرتے تھے اگر آپ آئین اور قانون کو توڑیں گے کیا آپ اپنے ماضی کے بیانات کی نفی نہیں کر رہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’آج عمران خان اقتدار کی خاطر سب کچھ داؤ پر لگانے کے لیے تیار ہو چکے ہیں آئین اور قانون کو مانیں اقتدار کی خاطر رونا دھونا بند کریں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ’آپ اکثریت کھو چکے ہیں آپ کو گھر جانا ہو گا آپ وزیر اعظم بنے قوم سے وعدے پورے نہیں کیے جو وزیراعظم بنتا ہے اسے ایک دن عہدہ چھوڑنا ہوتا ہے۔‘

  8. حکومت کے خلاف مبینہ غیر ملکی سازش کی تحقیقات تک عدم اعتماد کی کارروائی روکنے کی درخواست ناقابلِ سماعت قرار

    سپریم کورٹ نے حکومت کے خلاف مبینہ بین الاقوامی ’سازش‘ کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے اور تب تک تحریکِ عدم اعتماد کی کارروائی روکنے کے لیے دائر کی گئی درخواست ناقابلِ سماعت قرار دے دی ہے۔

    یہ درخواست نعیم الحسن ایڈووکیٹ نے دائر کی تھی۔

    عدالت کے رجسٹرار آفس نے چھ اعتراضات لگا کر یہ درخواست واپس کر دی ہے۔

    عدالت نے کہا ہے کہ آئین کی شق 69 کے تحت پارلیمان کی کارروائی چیلنج نہیں ہو سکتی اور آئین کی شق 184 (3) کے تحت اس درخواست میں ایسے نکات نہیں اٹھائے گئے جس کو سامنے رکھتے ہوئے اس کی سماعت کی جا سکے۔

    عدالت نے یہ بھی قرار دیا کہ درخواست گزار نے اب تک کسی متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا ہے۔ مزید یہ کہ اس درخواست میں اب تک مفروضوں پر بات کی گئی ہے۔

    عدالتی اعتراض کے مطابق درخواست گزار یہ بھی نہیں بتا سکے کہ اُن کا کون سا بنیادی حق مجروح ہوا ہے۔

  9. اپوزیشن کا اجلاس صبح 10 بجے، عمران خان بھی اسمبلی جائیں گے, شہزاد ملک، بی بی سی

    متحدہ اپوزیشن کا اجلاس کل صبح 10 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کر لیا گیا ہے اور شہباز شریف اس اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کو کل کے اجلاس میں شرکت کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ اس سے پہلے وزیر اعظم نے اپنے ارکان کو حکم دیا تھا کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ والے دن وہ اجلاس میں شریک نہ ہوں۔

    یہاں تک کہ حکومتی ارکان کو اس حوالے سے تادیبی کارروائی کی تنبیہ تک کی گئی تھی۔

    مقامی میڈیا میں آنے والی اطلاعات کے مطابق خود وزیرِ اعظم عمران خان بھی اس اجلاس میں شریک ہوں گے، تاہم ابھی تک باضابطہ طور پر تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

  10. یوکرین پر روسی حملہ: آرمی چیف کے بیان پر فواد چوہدری کا ردِ عمل

    وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے سنیچر کی صبح روس کے حملے کی مذمت کرنے پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف کے بیان کو غلط رنگ دیا جا رہا ہے۔

    اپنی ٹویٹ میں اُنھوں نے کہا کہ آرمی چیف نے وہی بات کی ہے جو وزیرِ اعظم عمران خان اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کی ملاقات کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے میں ہے، لہٰذا فوج اور حکومت کو الگ دکھانے کی سازش ناکام ہو گی۔

  11. جہانگیر ترین گروپ میں کون کون شامل ہے؟

    اب سے کچھ دیر قبل ہم نے آپ کو خبر دی تھی کہ پنجاب اسمبلی میں جہانگیر ترین گروپ نے وزارتِ اعلیٰ کے لیے اپوزیشن کے امیدوار حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ جہانگیر ترین کے گروپ میں 16 ارکان شامل ہیں

    • نعمان لنگڑیال، حلقہ پی پی 202
    • اجمل چیمہ، پی پی 97
    • عبدالحئی دستی، پی پی 270
    • امیر محمد خان، پی پی 89
    • رفاقت گیلانی، پی پی 284
    • فیصل جبووانہ، پی پی 125
    • سعید اکبر نِوانی، پی پی 90
    • طاہر رندھاوا، پی پی 282
    • اسلم بھروانہ، پی پی 127
    • غلام رسول سنگھا، پی پی 83
    • زوار وڑائچ، پی پی 224
    • بلال وڑائچ، پی پی 118
    • قاسم خان لانگاہ، پی پی 222
    • نذیر خان بلوچ، پی پی 228
    • امین چوہدری، پی پی 170
    • سلمان نعیم، پی پی 217
  12. بریکنگ, پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل تک ملتوی

    نامہ نگار ترہب اصغر کے مطابق نئے وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب کل ہوگا۔ یہ اجلاس کل ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔

  13. ترین گروپ حمزہ شہباز کا ساتھ دے گا: نعمان لنگڑیال

    ترین گروپ کے رکن نعمان لنگڑیال کا کہنا ہے کہ ’انشا اللہ حمزہ شہباز اس صوبے کی ترقی اور عوام کی زندگی آسان بنانے میں کردار ادا کریں گے۔‘

    انھوں نے کہا کہ جہانگیر ترین گروپ حمزہ شہباز کا ساتھ دے گا اور غلط کاموں کی نشاندہی کرے گا۔

    نعمان لنگڑیال نے یہ بھی کہا کہ تحریک انصاف نے اسے وزیر اعلیٰ بنایا جس نے کرپشن کو فروغ دیا۔ ’ہمارا فیصلہ ملک و قوم کے لیے ہے۔‘

    اس موقع پر شہباز شہباز نے ترین گروپ کا شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے مسلم لیگ ن کی قیادت بشمول نواز شریف اور شہباز شریف پر اعتماد کا اظہار کیا۔

    خیال رہے کہ ترین گروپ میں 16 صوبائی رکن اسمبلی موجود ہیں۔

  14. بریکنگ, ترین گروپ کا اپوزیشن کی حمایت کا اعلان

    حکمراں جماعت کے بعض ناراض ارکان پر مشتمل ترین گروپ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔

    اپوزیشن کے وزیر اعلیٰ کے امیدوار حمزہ شہباز کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترین گروپ کا کہنا ہے کہ ان کے رہنما جہانگیر ترین نے کل تین قریب تین بجے مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کیا۔

  15. شہباز شریف کی ضمانت عدالت میں چیلنج, ضمانت منسوخی کی درخواست پر سماعت دلائل کے لیے مقرر

    لاہور کی سپیشل سینٹرل عدالت میں رہنما مسلم لیگ ن شہباز شریف کے خلاف شوگر مل کے کاروبار کے ذریعے منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت منسوخی کی درخواست پر سماعت ہوئی ہے۔

    ایف آئی اے کی درخواست پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر عبوری ضمانت غلط ہے تو ہائیکورٹ میں چیلنج کریں اور عبوری ضمانت کے فیصلے پر نظرثانی نہیں کی جاسکتی۔

    وکیل ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ اگر کوئی غیر قانونی کام ہو جائے تو عدالت اسے درست کرسکتی ہے۔

    عدالت نے ریمارکس دیے کہ قانون میں فیصلے پر نظرثانی کا اختیار نہیں ہے۔

    فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ دوسرے فریق کو سنے بغیر کوئی آرڈر جاری نہیں کیا جاسکتا۔ عدالت نے پیر کو بحث کے لیے نوٹسز جاری کیے ہیں۔

    عدالت نے چار اپریل کو شہباز شریف کے وکلا کو دلائل کے لیے طلب کیا ہے۔

    ادھر وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ’قوم کو مبارک ہو! آج شہباز شریف کے کیس میں ضمانت منسوخی کی درخواست کو سماعت کیلئے منظور کر کے سوموار کو دلائل کیلئے مقرر کر دیا گیا ہے۔

    ’انشاللہ سوموار کو ضمانت منسوخی پر فیصلہ آ جائے گا۔‘

  16. بریکنگ, حمزہ شہباز ترین گروپ کے رکن نعمان لنگڑیال کی رہائش گاہ پہنچ گئے

    رہنما مسلم لیگ ن اور اپوزیشن کے وزیر اعلیٰ پنجاب کے امیدوار حمزہ شہباز تحریک انصاف ترین گروپ کے رکن نعمان لنگریال سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے ہیں۔

    حمزہ شہباز نے اس موقع پر کہا کہ ’ترین گروپ بھی راضی ہے، اللہ بھی راضی ہے۔‘

  17. فواد چوہدری کی مبینہ عالمی سازش کی تحقیقات کے لیے کمیشن قائم کرنے کی ہدایات

    ‏وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے وزیر قانون فروغ نسیم کے مستعفیٰ ہونے کے بعد وزارت قانون و انصاف کا چارج سنبھال لیا ہے۔

    نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق اپنے ابتدائی اقدامات میں انھوں نے ’عالمی سازش‘ کے حوالے سے کمیشن قائم کرنے کی ہدایات کی ہے۔

    اس اقدام کے مطابق یہ کمیشن عالمی سازش کے ذریعے مبینہ طور پر حکومت کی تبدیلی اور تحریک عدم اعتماد جیسے دیگر عوامل کا جائزہ لے گا۔

  18. ’اللہ نے موقع دیا تو اپنی جانیں لڑائیں گے‘, شہباز شریف کا ویڈیو پیغام

    قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور اپوزیشن اتحاد کے رہنما شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اگر اللہ نے موقع دیا تو مہنگائی اور غربت کے خاتمے کے لیے ’اپنی جانیں لڑائیں گے۔‘

    انھوں نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ’ہسپتال میں ادویات اور علاج مفت کریں گے۔۔۔ مزید لاکھوں لوگ بے روزگاری کے تالاب میں غرق ہوچکے ہیں۔‘

    انھوں نے وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کے بارے میں کہا کہ ’آپ ناکام خارجہ پالیسی اور بدترین معاشی پالیسی کی سزا قوم کو دینا چاہتے ہیں مگر ایسا نہیں ہوگا۔‘

  19. راجہ بشارت: پرویز الہی کی جیت کے لیے ’ہماری نمبر گیم پوری ہے‘

    تحریک انصاف کے رہنما راجہ بشارت کا دعویٰ ہے کہ پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلی کے انتخاب کے لیے ’ہماری نمبر گیم پوری ہے۔‘

    انھوں نے لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ووٹنگ کے وقت جیت چوہدری پرویز الہی کی ہوگی۔‘

    وہ کہتے ہیں کہ ’(رہنما مسلم لیگ ن اور سابق وزیر خزانہ) اسحاق ڈار ایک مفرور ملزم ہیں۔ ان کی بات پر یقین مت کریں۔‘

    راجہ بشارت کہتے ہیں کہ تحریک انصاف کے ترین گروپ کے رکن ’نعمان لنگریال کے ساتھ میرا تیسری نسل کا تعلق ہے۔ لنگریال فیملی سے آج ملاقات کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔‘

  20. بریکنگ, ’وزیر اعلیٰ عثمان بزدار دوبارہ استعفی دیں، تمام عمل کو بلڈوز کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے‘, رانا ثنا اللہ کا دعویٰ

    اپوزیشن کی جماعت مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے سلسلے میں ’جلد بازی سے تمام عمل کو بلڈوز کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ (حکومتی اتحاد) آج ووٹنگ کرانا چاہتے تھے۔ اگر اسے شروع کیا گیا تو بنیاد غلط ہے، پوری عمارت بھی گِر سکتی ہے۔‘

    انھوں نے لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا استعفی ’آئین کے برعکس‘ ہے اور ’آئین میں درج ہے استعفی گورنر کو دیا جاتا ہے۔‘

    ’گورنر صاحب نے استعفی قبول کیا مگر اس میں وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کیا گیا۔۔۔ وزیر اعلیٰ سے کہا جائے کہ دوبارہ استعفی دیں جس میں گورنر کو مخاطب کیا جائے۔ یہ چیف سیکریٹری پنجاب کی ذمہ داری ہے۔ کل انھیں اس کا جواب دینا پڑے گا۔‘

    انھوں نے کہا کہ اس طرح وزیر اعلیٰ کے انتخاب سے ’بڑی شرمندگی ہوسکتی ہے۔‘

    رانا ثنا اللہ کے مطابق متحدہ اپوزیشن نے متفقہ طور پر حمزہ شہباز کو وزارت اعلیٰ کا امیدوار نامزد کیا ہے۔ ’ترین گروپ کے 16 ارکان آج باضابطہ طور پر اعلان کریں گے۔ کل جہانگیر ترین کی نواز شریف اور اسحاق ڈار سے ملاقات ہوئی۔‘

    ’چھینہ گروپ سے بھی ہماری بات چیت ہوئی ہے۔ امید ہے چھینہ گروپ اپنا فیصلہ تبدیل کرے گا اور واپس ن لیگ کے ساتھ آئے گا۔ وہ بھی 10 ارکان کے قریب ہیں۔‘

    وہ مزید کہتے ہیں کہ ’ہمارا نمبر آج بھی پورا ہے کل بھی پورا ہوگا۔ آپ کا نمبر پورا نہیں آپ غیر آئینی کام نہ کریں۔ جو غلطی ہوئی اس کا ازالہ کریں۔‘

    رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ ’آج ایک وزیر نے بدسلوکی کی اور صحافی سے لڑے۔ میں اس کی بھرپور مذمت کرتا ہوں۔‘