آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

’امپورٹڈ حکومت کسی صورت قبول نہیں‘، عمران خان کی ملک گیر پرامن احتجاج کی کال

پاکستان کے وزیر عظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ انہیں سپریم کورٹ کے فیصلے سے مایوسی ہوئی ہے اور وہ کسی امپورٹٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کریں گےاور انھوں نے عوام سے سے کہا ہے کہ وہ اتوار کی شب ملک بھر میں پر امن احتجاج کریں۔

لائیو کوریج

  1. بریکنگ, عمر سرفراز چیمہ نئے گورنر پنجاب مقرر: فواد چوہدری

    وفاقی وزیر اطلاعات اور قانون فواد چوہدری نے ٹویٹ کی ہے کہ آج صبح برطرف کیے جانے والے گورنر پنجاب محمد سرور کی جگہ پی ٹی آئی کے رہنما عمر سرفراز چیمہ کو ان کی جگہ بطور گورنر مقرر کردیا گیا ہے۔

  2. ’پارلیمان پر حملہ کرنا یاد ہے؟‘

    پاکستان مسلم لیگ کی رہنما مریم نواز نے اب سے کچھ دیر قبل اپنی ٹویٹ میں اس امید کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو جائے گی۔

  3. ’پی ٹی آئی کے منحرف اراکین اپوزیشن کے چیمبر میں موجود‘

    قومی اسملی میں موجود بی بی سی کی نامہ نگار حمیرا کنول کے مطابق 60 سے زیادہ اپوزیشن ممبران اپنی سیٹس پر پہنچ چکے ہیں۔

    اجلاس ساڑھے گیارہ بجے شروع ہونا ہے اور پی ٹی آئی کے منحرف اراکین اپوزیشن کے چیمبر میں موجود ہیں۔

  4. ’وہ سب میرے رابطے میں ہیں جو خان صاحب کے دائیں، بائیں بیٹھے ہیں‘, علیم خان پنجاب اسمبلی پہنچ گئے

    تحریک انصاف کے ناراض رکن عبدالعلیم خان وزارت اعلیٰ کے انتخاب کے سلسلے میں پنجاب اسمبلی پہنچ گئے ہیں۔

    انھوں نے گذشتہ روز ترین گروپ کی طرح اپوزیشن کے امیدوار حمزہ شہباز کا ساتھ دینے کا اعلان کیا تھا۔

    اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ’جو پاکستان اور قوم کے لیے بہتر ہوگا اسے ووٹ دیں گے۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’گورنر کو اس لیے ہٹایا گیا کہ وہ ڈپٹی سپیکر کو ہٹانا چاہتے تھے۔۔‘

    ’گورنر صاحب کے علاوہ وہ سب میرے رابطے میں ہیں جو خان صاحب کے دائیں اور بائیں بیٹھے ہیں۔‘

    حکومت کے اتحادی مونس الہٰی کے مطابق علیم خان گروپ کے تینوں ارکان پرویز الہٰی کو ووٹ دیں گے۔

  5. میں اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ کروں گا، علی وزیر

    پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے قبائلی اضلاع سے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کا کہنا ہے کہ میں اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ دوں گا۔

    ان کا کہنا ہے کہ وہ ابھی اسمبلی پہنچے ہیں اور جیل میں قید کے باعث وہ کسی سے رابطے میں نہیں ہے ۔ ابھی ارکان سے رابطے کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پروڈکشن آرڈر جمع کروانے پر وہ اپوزیشن کا شکریہ ادا کرتے ہیں لیکن اس کے علاوہ اپوزیشن نے کبھی اس سطح پر ساتھ نہیں دیا جو بنتی ہے۔

  6. بریکنگ, متحدہ اپوزیشن کے 174 اراکین اسمبلی میں موجود

    پاکستان مسلم لیگ کی رہنما مریم اورنگزیب نے اسمبلی میں موجود اراکین کی فہرست اپنے ٹوئٹر پر جاری کی جس میں اس وقت 174 اراکین موجود ہیں۔

  7. ’پارلیمان ہی تمھیں گھر بھیجے گی‘

    مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان کو عدم اعتماد پر ووٹنگ کے بعد پارلیمان کی جانب سے گھر بھیجا جائے گا۔

    وہ کہتی ہیں کہ ’پارلیمان پر حملہ کرنا یاد ہے نا؟ آج انشاءاللّہ پارلیمان ہی تمہیں گھر بھیجے گی۔‘

  8. جو انتشار کا باعث بنے گا ہم اس کا ڈٹ کا مقابلہ کریں گے: حمزہ شہباز

    پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ اور پنجاب میں وزیر اعلٰی کے امیدوار حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ جو کوئی باھی آج اجلاس کی کارروائی میں انتشار کا باعث بنے گا ہم اس کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

    پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے قبل حمزہ شہباز نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تمام اتحادی اپوزیشن کے پاس پنجاب اسمبلی میں عددی اکثریت موجود ہیں۔وفاقی حکومت کی جانب سے گورنر پنجاب کو برطرف کر دینے پر ان کا کہنا تھا کہ ’گورنر کو ہٹا دینے سے کیا ہو گا۔ آپ حوصلہ کریں اور ایوان میں آئیں تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ قواعد کے مطابق اگر سپیکر خود امیدوار ہیں تو ڈپٹی سپیکر ایوان کی کارروائی چلا سکتے ہیں۔

    حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ متحدہ اپوزیشن آئین اور قانون پر عمل کرے گی اور اگر کسی کو یہ خوش فہمی ہے دھکا شاہی سے کچھ کر سکتا ہے تو ہم اس کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

  9. شیخ رشید: ’جب عمران خان نکلے گا، یہ لوگ اس کو گرفتار کریں گے‘

    وزیر داخلہ شیخ رشید کا دعویٰ ہے کہ عمران خان کے وزارت عظمیٰ سے ہٹنے کے بعد ’یہ لوگ انھیں برداشت نہیں کریں گے، گرفتار کریں گے۔‘

    انھوں نے مقامی چینل اے آر وائے نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جمہوریت ’شدید خطرات میں داخلہ ہوچکی ہے۔۔۔ بڑے پریشان کن حالات ہیں۔ ایک ہی آپشن ہے قوم الیکشن میں چلی جائے۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’جب عمران خان نکلے گا اس کو یہ لوگ گرفتار کریں گے۔ یہ لوگ عمران خان کو برداشت نہیں کریں گے۔‘

    شیخ رشید نے مزید کہا کہ ’غیر ملکی قوتیں یہی چاہیں گی کہ عمران خان ان کے خلاف ایک فضا بنا دے۔‘

    ’جلد از جلد الیکشن کیے جائیں۔۔۔ 155 ضمنی الیکشن کا مطلب اکثر پنجاب اور خیبر پختونخوا میں (ہوں گے)۔ یہ الیکشن ہو یا پی ٹی آئی استعفے دے کر نئے الیکشن کا مطالبہ کرے۔‘

  10. تحریک عدم اعتماد سے متعلق آپ کے سوالوں کے جواب

    اگر وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہو جاتی ہے تو اس کے فوراً بعد کیا ہو گا؟

    اگلا وزیرِ اعظم کب اور کیسے منتخب ہو گا؟ کیا آپ بھی ان سوالات کو لے کر پریشان ہیں؟

    تو ایسے سوالات کے جواب جانیے ہمارے ساتھی سعد سہیل سے اس ویڈیو میں۔۔۔

  11. آصف زرداری: ’جیسا بھی بحران آئے گا اس کے سامنے کھڑے ہوں گے‘

    اجتماعی استعفوں کی صورت میں آئینی بحران سے متعلق سوال پر سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ وہ سب بحرانوں کو موڑ دیں گے۔

    وہ کہتے ہیں کہ ’جیسا بھی بحران آئے گا اس کے سامنے کھڑے ہوں گے۔‘

    انھوں نے میڈیا سے یہ گفتگو پارلیمانی اجلاس میں شرکت سے قبل کی۔

  12. بریکنگ, اپوزیشن کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس شروع

    عمران خان کے خلاف عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل اپوزیشن نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی صدارت میں مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا ہے۔

  13. بریکنگ, پی ٹی آئی کے ’منحرف‘ ارکان بھی اسمبلی پہنچ گئے

    تحریک انصاف کے ’منحرف‘ ارکان بھی اجلاس کے لیے اسمبلی پہنچے گئے۔

    مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق حکمراں جماعت کے ناراض ارکان، جنھوں نے سندھ ہاؤس میں پناہ لی تھی، وزیر اعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے قومی اسمبلی پہنچ چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ ان کی تعداد ایک درجن کے قریب بتائی گئی ہے۔

  14. ’کپتان کے پاس ایک سرپرائز ہے‘, عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل پارلیمنٹ کے باہر کیا ماحول ہے؟

    وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس آج ساڑھے 11 بجے شروع ہوگا۔

    اس سوال پر کہ کیا تحریک انصاف کے ارکان آج مستعفی ہوں گے، سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ ’مجھے نہیں پتا۔ لیکن کپتان کے پاس ایک سرپرائز ہے۔‘

    پروڈکشن آرڈر جاری ہونے کے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنے آئے اپوزیشن رکن علی وزیر کا کہنا تھا کہ ’ہم تو میدان میں کھڑے ہیں۔۔۔ (عمران خان کو) امریکی سامراجوں کا مقابلہ ایوان میں آ کرنا ہوگا۔‘

    اس وقت اسلام آباد کے ریڈ زون میں کیا صورتحال ہے، بتا رہی ہیں ہماری ساتھی فرحت جاوید بی بی سی اُردو کے اس فیس بُک لائیو میں۔۔۔

  15. ارکان قومی اسمبلی کی اجلاس میں شرکت کے لیے آمد

  16. شہباز شریف پارلیمنٹ پہنچ گئے

    قائد حزب اختلاف شہباز شریف قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے پارلیمنٹ پہنچ گئے ہیں۔

  17. بریکنگ, اپوزیشن نے سپیکر قومی اسمبلی کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی

    پاکستان کی حزب اختلاف کی جماعتوں نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف ووٹنگ سے قبل سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی ہے۔

    اس درخواست پر سو سے زیادہ اراکین اسمبلی کے دستخط موجود ہیں۔

    واضح رہے کہ قواعد کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی کے خلاف اگر تحریک عدم اعتماد آجائے تو وہ نہ تو اجلاس کی صدارت کرسکتا ہے اور نہ اجلاس کو ملتوی کرسکتا ہے۔

  18. غیر آئینی کام سے انکار پر گورنر پنجاب کو برطرف کیا گیا: شاہد خاقان عباسی

    سابق وزیر اعظم اور اپوزیشن رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب چوہدری سرور کو اس لیے برطرف کیا گیا کیونکہ انھوں نے ’غیر آئینی کام سے انکار کر دیا ہوگا۔‘

    میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’گورنر پنجاب کو کہا جا رہا تھا کہ آج پنجاب اسمبلی کا اجلاس مؤخر کر دیں۔

    ’ہماری ہمدردی ان کے ساتھ ہے۔ انھوں نے کوئی غیر آئینی کام کرنے سے انکار کر دیا ہوگا۔‘

    وفاقی حکومت نے تاحال گورنر پنجاب کی برطرفی کی کوئی وجہ نہیں بتائی ہے۔

  19. عمران خان کے نفسیاتی معائنے کی ضرورت ہے: احسن اقبال

    پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے نفسیاتی اور دماغی معائنے کی ضرورت ہے۔

    تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے قومی اسمبلی کے بلائے گئے اہم اجلاس کے موقع پر پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’جو شخص یہ سمجھے کہ اس کے علاوہ پورا ملک غدار اور وطن فروش ہے اس کے نفسیاتی اور دماغی طبی معائنے کی ضرورت ہے۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ ’اس کو ہی نارسزم کہتے ہیں۔ ‘

  20. پی ٹی آئی کے پانچ کارکنان پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر سے گرفتار

    نامہ نگار شہزاد ملک کا کہنا ہے کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر سے حکمراں جماعت تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پانچ کارکنان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    اسلام آباد پولیس نے گرفتاری کے بعد پانچ کارکنوں کو تھانہ ابپارہ منتقل کر دیا ہے۔

    وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ ہے اور ریڈ زون کو سیل کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ عمران خان نے گذشتہ روز اپنے کارکنان کو ملک بھر میں پُرامن احتجاج کی کال دی تھی۔