روس دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے: یوکرینی وزیر خارجہ
یوکرین کے وزیر خارجہ ڈمیٹرو کولیبا نے کہا ہے کہ اگر روس یوکرین کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرتا ہے تو یہ ’دنیا کے لیے تباہی ہو گی‘ تاہم ان کا دعویٰ ہے کہ یہ دھمکی ’انھیں ڈرا نہیں سکتی۔‘
پوتن کے روسی جوہری فورسز کو ’خصوصی الرٹ‘ رکھنے کے بیان کے بعد ایک نیوز کانفرنس میں یوکرینی وزیر خارجہ نے کہا کہ ’صدر پوتن کا یہ حکم اس اعلان کے بعد آیا کہ دو وفد ملنے اور مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔‘
’ہم اس اعلان یا حکم کو یوکرین کے وفد پر اضافی دباؤ کے طور پر دیکھتے ہیں لیکن ہم اس دباؤ میں نہیں آئیں گے۔ ہم ان مذاکرات میں ایک بہت سادہ حکمت عملی سے جائیں گے۔ ہم وہاں یہ سننے جائیں گے کہ روس کیا کہنا چاہتا ہے اور ہم انھیں بتائیں گے کہ اس سب کے بارے میں ہم کیا سوچتے ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’یوکرین پر قبضہ ناکام ہو رہا ہے۔ ہمارا خون بہہ رہا ہے لیکن ہم کامیابی کے ساتھ اپنا دفاع جاری رکھیں گے۔‘


















