آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

کورونا وائرس: اتوار کو دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

دنیا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 26 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ پاکستان میں اب تک دو لاکھ 51 ہزار سے زیادہ افراد میں اس مرض کی تصدیق جبکہ 5265 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق اتوار کو دنیا بھر میں کورونا کے ریکارڈ دو لاکھ 30 ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آئے۔

لائیو کوریج

  1. حاملہ یا ماں بننے والی خواتین پلازما کیوں عطیہ نہیں کر سکتیں؟

    کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے مختلف ممالک کی طرح انڈین دارالحکومت نئی دہلی میں بھی پلازما بینک بنایا گیا ہے۔

    انڈیا میں پلازما تھیراپی کے ذریعے کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کی منظوری دی گئی تھی اور اب وائرس کے باعث تشویشناک حالت میں مبتلا مریضوں کے علاج میں اس کا استعمال ہو رہا ہے۔

    کورونا کے علاج کے لیے نئی دہلی میں بننے والا پلازما بینک ملک کا پہلا ایسا بینک ہے۔ یہ بینک انسٹیٹیوٹ آف لیور اینڈ بِلیئری سائنسز ہسپتال میں بنایا گیا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ پلازما بینک کی مدد سے مریضوں کو پلازما ملنے میں آسانی ہو گی۔

  2. پاناما میں 1041 نئے مریض، ہسپتالوں میں بستروں کی قلت کا خدشہ

    پاناما میں گذشتہ روز ایک ہزار سے زیادہ نئے مریض سامنے آئے جس کے بعد دارالحکومت پاناما سٹی میں ایک ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ کے سربراہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر متاثرین میں اسی طرح اضافہ ہوتا رہا تو ہسپتال مریضوں کا بوجھ برداشت نہیں کر پائیں گے۔

    مئی کے آخر سے وسطی امریکہ کے ملک پاناما میں یومیہ 300 سے زیادہ مریض سامنے آ رہے تھے۔ تاہم 10 جولائی کو یہاں 1041 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی، اور 24 افراد ہلاک بھی ہوئے۔

    خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے پاناما سٹی میں ایک ہسپتال میں انتہائی نگہداشت یونٹ کے سبراہ ڈیوڈ ولالوبوس نے بتایا کہ ’یہاں مریضوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا تھا یہاں تک کہ اب یہاں ایک ہزار سے زیادہ کیسز سامنے آنے لگے ہیں۔

    ’کوئی ہسپتال بھی اس طرح کی تعداد کو برداشت نہیں کر سکتا۔‘

  3. کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیسے ہوتا ہے؟

    دنیا بھر میں مختلف ممالک الگ الگ طریقوں سے لوگوں کی ٹیسٹنگ کر رہے ہیں تاکہ کورونا وائرس کی تشخیص کی جا سکے اور متاثرین کی تعداد کے بارے میں معلوم ہوسکے۔

    اس ڈیجیٹل ویڈیو میں آپ جان سکتے ہیں کہ ٹیسٹنگ کیا ہے اور یہ کیوں ضروری ہے۔۔۔

  4. دبئی کا 40 کروڑ 80 لاکھ ڈالر مالیت کے کورونا وائرس ریلیف پیکج کا اعلان

    دبئی نے کورونا وائرس ریلیف پیکج کی مد میں 40 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے اقتصادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔

    اس پیکج کا اعلان امارات کے ولی عہد حمدان بن محمد المختوم نے ایک ٹویٹ میں کیا۔

    یہ دبئی کی جانب سے اعلان کیا جانے والا تیسرا پیکج ہے۔ شیخ حمدان کے مطابق ان تینوں پیکجز کی کل مالیت ایک اعشاریہ سات ارب ڈالر ہے۔

  5. ووہان: اس شہر میں جوابات کی تلاش جہاں سے کورونا وبا کا آغاز ہوا

  6. انڈیا: چنبل کے علاج میں استعمال ہونے والی دوا ’ایمرجنسی‘ صورتحال میں کووڈ 19 کے مریضوں کے علاج کے لیے منظور

    انڈیا میں ڈرگ کنٹرولر اسوسی ایشن سی ڈی ایس سی او نے جلد کی بیماری چنبل کے علاج میں استعمال ہونے والی دوا الیزومیو کو کووڈ 19 کے مریضوں کے لیے استعمال کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

    خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق اس دوا کی منظوری دیتے وقت ادارے نے ہدایت دی ہے کہ صرف ایمرجنسی کی صورتحال میں اس دوا کا استعمال کیا جانا چاہیے اور اس کے استعمال سے قبل مریض سے اجازت نامے ہر دستخط کروانا ضروری ہے۔

    ادارے کے اہکار نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اس دوا کے انڈیا میں مریضوں پر کلینکل ٹرائلز کیے جا چکے ہیں۔ ایک کمیٹی جس میں متعدد ماہرین شامل تھے انھوں نے اس دوا کو ایسے مریضوں کے لیے مفید قرار دیا ہے جن سائٹوکین ریلیز سنڈروم واضح ہوتا ہے اور انھیں سانس لینے کے عمل میں دشواری ہوتی ہے۔

  7. کورونا کے علاج سے متعلق افواہوں کی حقیقت

    کیا لیموں کے رس سے کورونا کا علاج ہو سکتا ہے؟ ایسے سوال اور ان سے جُڑی کئی افواہیں انٹرنیٹ پر گردش کر رہی ہیں۔

    انٹرنیٹ پر پھیلنے والی افواہوں میں کتنی حقیقت ہے، جانیے بی بی سی کی عالیہ نازکی سے۔۔۔

  8. سریبرینیتسا سانحے کے 25 برس: عالمی وبا کے دوران ہلاک ہونے والوں کو خراجِ عقیدت

    سریبرینیتسا سانحے کو 25 برس بیت چکے ہیں اور اس حوالے سے آج مختلف تقاریب میں ہلاک ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

    جولائی سنہ 1995 میں بوسنیا ہیرزیگووینا کے ایک قصبے سریبرینیتسا میں آٹھ ہزار سے زیادہ مسلمان مرد اور لڑکے ہلاک ہوئے تھے۔

    عام دنوں میں ہزاروں بلکہ لاکھوں افراد پوتوچاری قبرستان میں جمع ہو کر ہلاک ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

    تاہم کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث یہ تعداد کم ہو گئی ہے۔

    ہلاک ہونے والے سات افراد جن کی شناخت کچھ عرصہ قبل ہوئی انھیں بھی قبرستان میں دفن کیا گیا۔

    پوتوچاری قبرستان کی تصاویر میں لوگوں کو ماسک پہنے دیکھا جا سکتا ہے۔

  9. وائرس کا مقابلہ کرنے والی دوائیں، ممکنہ ویکسینز تمام ممالک کو دستیاب ہونی چاہییں: بل گیٹس

    امریکی ارب پتی بل گیٹس نے خبردار کیا ہے کہ یہ عالمی وبا طویل المدتی ہو سکتی ہے اگر وہ دوائیں جن سے کووڈ 19 کا مقابلہ کیا جاتا ہے یا مستقبل میں بننے والی ویکسین ان کے پاس جائے جو اس کی سب سے زیادہ قیمت ادا کریں۔

    گیٹس نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی دوائیں ان ممالک میں دستیاب ہونی چاہییں جہاں ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اگر یہ دوائیں اور ویکسینز انھیں ملیں جو ان کی زیادہ قیمت ادا کریں گے تو پھر ’طویل المدتی، غیرمنصفانہ اور ہلاکت خیز عالمی وبا‘ ہماری منتظر ہے۔

    اس وقت دنیا بھر میں ویکسین کی تیاری کا عمل جاری ہے اور یورپی ممالک اور امریکہ خاص کر ایسے ممکنہ ویکسینز کے لیے اربوں ڈالر خرچ کر رہے ہیں۔ اس کے باعث یہ خدشہ بھی بڑھ گیا ہے کہ امیر ممالک اس طرح کی مفید ادویات کی خوراک کا ایک بڑا حصہ خرید نہ لیں۔

    یورپیئن کمشن اور عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ اس غیر منصفانہ مقابلے سے نقصان ہو سکتا ہے۔ تاہم امریکی حکام نے اشارہ دیا ہے کہ وہ ایسی صورت میں امریکہ کے باسیوں کو ترجیح دیں گے۔

  10. وینٹیلیٹر کیسے کام کرتا ہے؟

    کورونا وائرس نے طب جکے شعبے میں پہلے سے اہم جن چن چیزوں کی اہمیت میں کئی گنا اضافہ کیا ہے ان میں سے ایک وینٹیلیٹر بھی ہے۔ یہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا افراد کے لیے آخری سہارے کا کام کرتا ہے۔ کورونا کا شکار افراد جب سانس لینے میں انتہائی دشواری کا شکار ہو جاتے ہیں انہیں وینٹیلیٹر کے ذریعے مصنوعی سانس دیا جا تا ہے۔ کیا آپ جاننا چاہتے ہیں کہ یہ کام کیسے کرتا ہے؟

  11. سماجی دوری نافذ کرنے والا روبوٹ کتا

    یہ روبوٹ کتا سنگاپور کے ایک پارک میں کورونا وائرس سے متعلق ایک تحقیق کا حصہ ہے۔

    امریکہ میں قائم بوسٹن ڈائنامکس کی تیار کردہ مشین میں ایک کیمرہ لگایا گیا ہے تاکہ اس بات کی نگرانی کی جاسکے کہ بشن انگ مو کیو پارک میں کتنا ہجوم ہوتا ہے۔

    اس میں سماجی دوری کو فروغ دینے والے پیغامات کو نشر کرنے کے لئے لاؤڈ اسپیکر بھی لگایا گیا ہے۔

  12. برازیل میں اموات 70 ہزار سے تجاوز کر گئیں

    سرکاری اعداد و شمار کے مطابق برازیل میں اموات کی تعداد 70 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

    پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 1200 افراد ہلاک ہوئے۔

    برازیل اس وقت دنیا بھر میں اموات کے اعتبار سے دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے کوئی اشارہ نہیں ملا کے انفیکشن کا پھیلاؤ کم ہوا ہے۔

    عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ برازیل میں انفیکشن کا عروج اگلے مہینے سے پہلے نہیں آئے گا۔

    تاہم ساؤ پالو اور ریو نے کاروبار دوبارہ کھولنے شروع کر دیے ہیں۔

    رواں ہفتے کے آغاز میں برازیل کے صدر جائیر بولسونارو بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تاہم جمعے کے روز انھوں نے بتایا کہ وہ بہتر محسوس کر رہے ہیں۔

  13. ’اساتذہ کے اندازوں پر مبنی امتحانی نتائج پر تعصب اثر انداز ہو سکتا ہے‘

    برطانیہ میں ارکان اسمبلی نے انگلینڈ میں جی سی ایس ای اور اے لیول کے لیے اساتذہ کی جانب سے گریڈ دیے جانے کے منصوبے پر خدشات کا اظہار کیا ہے۔

    اس سال یہ فیصلہ کیا گیا ہے امتحانات لینے کے بجائے اساتذہ شاگردوں کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے گریڈز دیں گے جس کے بعد امتحانی بورڈ انہیں ماڈریٹ کرتے ہوئے حتمی نتائج جاری کرے گا۔

    تاہم ایوان نمائندگان کی تعلیم سے متعلق کمیٹی نے خبردار کیا ہے کہ اس سےلسانی اقلتیوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ اس عمل سے متاثر ہو سکتے ہیں کیونکہ ان کے لیے لاشعوری طور پر اساتذہ تعصب کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔

    کمیٹی کے مطابق کچھ طلبہ کی کارکردگی کو لاشعوری تعصب کی وجہ سے محض اس لیے کم سمجھا جا سکتا ہے کیونکہ وہ یا تو سیاہ فام ہیں، ایشیئن ہیں یا کسی اقلیت سے تعلق رکھتے ہیں یا غریب گھرانے سے ہیں۔

  14. بلوچستان کی کل آبادی میں سے ایک فیصد سے بھی کم کے ٹیسٹ ہوئے

    بلوچستان کے مکران ڈویژن میں کیچ سے کورونا کے زیادہ کیسز رپورٹ ہونے کے بعد اب یہ کیسز کے حوالے سے تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔

    محکمہ صحت حکومت بلوچستان کی رپورٹس کے مطابق کیچ سے اب تک سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 236 ہے۔

    بلوچستان سے مجموعی طور پر 11128 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

    کوئٹہ 8378 کیسز کے ساتھ ساتھ پہلے اور جعفرآباد 328 کیسز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

    سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان کے اکثر اضلاع سے گذشتہ ڈیڑھ سے دو ہفتے کے دوران کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا یا انتہائی کم رپورٹ ہوئے ہیں۔

    محکمہ صحت کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر جاری ہونے والی رپورٹس سے یہ معلوم نہیں ہو رہا کہ آیا ان اضلاع سے ٹیسٹ کے لیے کوئی سیمپل لیا گیا یا نہیں۔

    خیال رہے کہ بلوچستان میں ٹیسٹ کی سہولت صرف کوئٹہ اور خضدار میں دستیاب ہے۔

    دوردراز کے علاقوں کے لوگوں کے لیے یہ ممکن نہیں کہ وہ ان دو علاقوں میں ٹیسٹ کے لیے سیمپل دینے کے لیے آئیں۔

    جبکہ دوسری جانب بلوچستان میں پہلے کے مقابلے میں ڈیڑھ سے دو ہفتے کے دوران ٹیسٹ کی تعداد میں بھی بہت زیادہ کمی آئی ہے جس کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ جولائی کے پہلے دس دنوں میں بمشکل چار ہزار ٹیسٹ کیے گئے جبکہ چار ماہ کے دوران بلوچستان میں کورونا کے مجموعی طور پر 52935 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جو کہ مجموعی آبادی کا ایک فیصد بھی نہیں بلکہ 0.41 فیصد کے لگ بھگ ہیں۔

    ٹیسٹ کم ہونے کے باعث پہلے کے مقابلے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی بھی انتہائی کم تعداد رپورٹ ہو رہی ہے۔

    تاہم حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ پہلے کے مقابلے میں احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد میں بھی بہتری آئی ہے جس کے نتیجے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد میں کمی آئی ہے۔

    محکمہ صحت کی رپورٹس کے مطابق صحتیاب ہونے والے افراد کی شرح میں بھی بہتری آئی ہے۔ ان رپورٹس کے مطابق پہلے کے مقابلے میں اب صحتیاب ہونے والوں کی شرح 64 فیصد ہو گئی ہے۔

  15. بریکنگ, سندھ : صحتیابی کی شرح 58 ہو گئی مگر ’دیہی علاقوں میں کیسز میں اضافہ‘

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے مطابق 24 گھنٹوں میں 10815 نئے ٹیسٹ کئے گئے اور 1452 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ مزید 34 مریض جان کی بازی ہار گئے۔

    صوبہ سندھ میں مجموعی طور1747 مریض ہلاک ہو چکے ہیں،

    وزیراعلیٰ کے دفتر سے جاری تحریری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سندھ میں اب تک 564491 ٹیسٹ ہوچکے ہیں اور کل 103820 مریض سامنے آ چکے ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ صوبے میں اس وقت 41634 مریض زیر علاج ہیں۔

    مریضوں میں 39967 گھروں اور 402 آئسولیشن مراکز پر ہیں اور 1265 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق 743 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔اور اس وقت 109 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق 24 گھنٹوں میں 1274 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جس کے سندھ میں اب تک صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 60439 ہوگئی ہے۔

    کیسز کی تازہ ترین صورتحال کچھ یوں ہے۔

    کراچی میں 585 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

    ضلع جنوبی 179، ضلع شرقی 111، ضلع ملیر 100 کیسز آئے ہیں۔ ضلع وسطی 79، ضلع کورنگی 68 او ضلع غربی 48 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    شہید بینظیرآباد میں113، شکارپور 111، دادو 88، حیدرآباد 75، جیکب آباد 65، سانگھڑ 39، سجاول 44، کشمور 35، عمرکوٹ 30، نوشہروفیروز 26، قمبر 23، گھوٹکی 15، بدین 13، ٹھٹہ 11، جامشورو 6، لاڑکانہ 4، خیرپور 2، مٹیاری 1 کیس رپورٹ ہوا۔

    وزیراعلیٰ سندھ وزیراعلیٰ سندھ نے عوام کو ہدایت کی کہ ایس او پیز کا خیال رکھیں۔ بتایا گیا ہے کہ صوبے کے دیہی علاقوں میں کیسز بڑھتے جارہے ہیں۔

  16. کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن ورکر: خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے عملے میں تعریفی اسناد کی تقسیم

    خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے شعبہ میڈیکل سپیشلٹی نے کورونا وبا میں فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے عملے میں تعریفی اسناد کی تقسیم کیں۔

    بہتر ین کارکردگی دکھانے والے عملے میں رجسٹرار، ٹی ایم اوز، نرسنگ سٹاف، میڈیا ڈیپارٹمنٹ ، کلینکل ٹیکنیشن، کلاس فورکو اسناد کے ساتھ بیگ اور پی پی ای دیے گئے۔

    انچارج پلمونالوجی پروفیسر ڈاکٹر سعدیہ اشرف، انچارج کارڈیالوجی پروفیسر ڈاکٹر عنبر اشرف نے ان مختلف شعبوں میں کام کرنے والے عملے کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے سلسلے میں ایک سادہ اور پُر وقار تقرب کا انعقاد کیا جس میں مختلف شعبہ جات میں سرٹیفکیٹ اور بیگز تقسیم کیے گئے۔

  17. لاک ڈاؤن کے بچے جو تکنیکی طور پر ’وجود‘ ہی نہیں رکھتے, فرانسیسکا گیلت، بی بی سی نیوز

    ایما پریٹ کہتی ہیں کہ یہ عجیب سا احساس ہے کہ ’وہ تکنیکی طور پر وجود ہی نہیں رکھتی۔‘

    ان کی نوزائدہ بچی، سکائی، لاک ڈاؤن شروع ہونے سے ایک ہفتہ قبل پیدا ہوئی تھی۔ وہ اب تقریباً چار ماہ کی ہے لیکن اس کی پیدائش کا ابھی تک اندراج نہیں ہوا ہے۔

    عام طور پر پیدا ہونے والے بچوں کا مقامی کونسل میں اندراج پیدائش کے بعد 42 دن کے اندر اور سکاٹ لینڈ میں 21 دن کے اندر ہو جانا چاہیئے۔ لیکن کورونا وائرس لاک ڈاؤن میں اکثر کونسلوں نے پیدائش کی رجسٹریشن روک دی تھی، جو اب دوبارہ شروع ہو رہی ہے۔

    اس کا مطلب ہے کہ ان کے سامنے اب رجسٹریشن کے ہزاروں کیسز ہوں گے۔

    اس سے والدین کے لیے بھی کچھ عملی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

    نئی ماں 24 سالہ اولیویا مکڈرمٹ کے لیے ان کے بچے علیجاہ کی پیدائش کا اندراج نہ کرانے کا مطلب مسقبل میں ان کا کیریئر خراب ہونا ہو سکتا ہے۔

    برتھ سرٹیفیکیٹ کے بغیر وہ چائلڈ گرانٹ کے لیے درخواست نہیں دے سکتیں اور گرانٹ کے بغیر، بقول انکے، وہ اپنی نرس بننے کے لیے ٹریننگ جاری نہیں رکھ سکتیں۔

    لیڈز کی رہائشی مکڈرمٹ کہتی ہیں: ’گڈ بائی، خوابوں کی نوکری۔ میں نے اپنی ٹریننگ کے فائنل ایئر میں جانا تھا۔ اور مجھے ایسا لگ رہا ہے کہ میں اب نہیں جا سکوں گی۔‘

    بالآخر اس بدھ کو انھیں اپنے بچے کی رجسٹریشن کے لیے وقت مل گیا اور پھر بچے کی رجسٹریشن ہو گئی۔ ’اب میں نے اسے رجسٹر کرا دیا ہے، اس لیے میں اب بہت بہتر محسوس کر رہی ہوں۔‘

  18. صدر حسن روحانی: ایران معیشت کو بند کرنا برداشت نہیں کر سکتا

    ایران کے صدر حسن روحانی نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کے متاثرین میں اضافے کے باوجود ان کا ملک معیشت کو بند کرنا برداشت نہیں کر سکتا۔

    جمعرات کو ایران میں اس وائرس سے 221 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ اس وبا کے آغاز سے ابھی تک کل 12،400 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    سنیچر کو ایک ٹیلی کانفرنس کے دوران حسن روحانی نے کہا ہے کہ حفاظتی تدابیر پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ایران کو معاشی، سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں کو ہر صورت جاری رکھنا چائیے۔

    واضح رہے کہ اپریل میں ایران سے لاک ڈاؤن ہٹا دیا گیا۔ وزیر صحت سید نماکی کا کہنا ہے کہ ہم معیشت کو اپنی وجہ سے کھول رہے ہیں کیونکہ ہم پہلے ہی زبوں حالی کا شکار ہیں اور اب اس سے زیادہ برا حال نہیں ہو سکتا۔

    خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر سخت معاشی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں جس کی وجہ ایران کی معیشت شدید دباؤ میں ہے۔

  19. بریکنگ, دو روز میں سندھ پولیس میں کورونا وائرس سے 171 اہلکار متاثر

    صوبہ سندھ میں حکام کا کہنا ہے کہ 2096 کےقریب افسران اورجوان کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

    ترجمان سندھ پولیس کے مطابق گذشتہ دو روز کے دوران کورونا وائرس کے171 نئے کیسز سامنے آئے۔

    ہلاک شدگان میں 16پولیس افسران شامل ہیں جن میں سے 14 کا تعلق کراچی جبکہ دو کا حیدرآباد رینج سے بتایا گیا ہے۔

    ترجمان سندھ پولیس کے مطابق زیر علاج افسران اور جوانوں کی تعداد1584 ہے اور 496 افسران اورجوان صحتیاب ہوکر گھر جا چکے ہیں۔

  20. بریکنگ, کورونا وائرس: بلوچستان میں 29 نئے مریض اور ایک ہلاکت

    پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں کورونا کے29 نئے کیسز کے اضافے کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 11128ہوگئی ہے۔

    صوبے میں کورونا وائرس سے مزید ایک مریض کی ہلاکت ہوئی ہے جس کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 126 ہو چکی ہے۔

    محکمہ صحت حکومت بلوچستان ترجمان داکٹر وسیم بیگ کے مطابق 10جولائی 2020 کو کورونا کے 275 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 29 پازیٹو آئے۔

    بلوچستان میں اب تک کورونا کے مجموعی طور پر52935 ٹیسٹ کیئے گئے ہیں جن میں سے41807 کے نتائج منفی آئے۔

    بلوچستان میں مجموعی طوپر پر 114293 افراد کی سکریننگ کی گئی ہے۔ کورونا وائرس سے اب تک7224 افراد صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔