آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

کورونا وائرس: اتوار کو دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

دنیا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 26 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ پاکستان میں اب تک دو لاکھ 51 ہزار سے زیادہ افراد میں اس مرض کی تصدیق جبکہ 5265 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق اتوار کو دنیا بھر میں کورونا کے ریکارڈ دو لاکھ 30 ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آئے۔

لائیو کوریج

  1. ایمریٹس: پاکستان سے بیرونِ ملک سفر کرنے والے تمام افراد پر کورونا وائرس ٹیسٹ لازم

    متحدہ عرب امارات کی ایئرلائن ایمیریٹس کے مطابق پاکستان سے بیرونِ ملک سفر کرنے والے تمام مسافروں کے لیے کورونا وائرس ٹیسٹ کروانا لازم ہو گا۔

    ایمیریٹس کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پرواز سے چار روز قبل ہر مسافر کو کورونا وائرس ٹیسٹ لازمی کروانا ہو گا ورنہ انھیں طیارے میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    یہ ٹیسٹ تمام مسافروں کے لیے ضروری قرار دیا گیا ہے خواہ وہ عمر کے کسی بھی حصے میں ہوں۔

  2. پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں وبائی امراض کی نگرانی اور روک تھام کا یونٹ قائم

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں محکمہ صحت نے کورونا سمیت تمام وبائی امراض کی مانیٹرنگ اور روک تھام کے لیے پروونشنل ڈزیز سرویلینس اینڈ رسپانس یونٹ کا قیام کر دیا ہے جس کا افتتاح اس خطے کے وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی نے کیا۔

    اس موقعے پر سیکریٹری صحت میجر جنرل طاہر سردار اور ڈی جی صحت ڈاکٹر سردار آفتاب حسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق اس یونٹ کے تحت خطے کے 10 اضلاع میں محکمہ صحت کے افسران اور عملہ بھی مرکزی دفتر کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ڈیجیٹل یونٹ کے تحت ان لائن رہے گا۔

    ان کے مطابق اس یونٹ کا قیام امریکہ کے امدادی ادارے یو ایس ایڈ اور نجی ادارے جے ایس آئی کے تعاون سے قائم کیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق اس یونٹ کے تحت پاکستان کے زیر انتظام کشمیر بھر میں کورونا وائرس و دیگر وبائی بیماریوں سے متا‍ثر ہونے والے افراد کا ڈیٹا جمع کیا جائے گا اور اس بنیاد پر وبائی امراض کو مانیٹر کرنے اور پھر اس کی روک تھام سمیت شواید کی بنا پر طبی سہولیات کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔

    ان کے مطابق ضلعی سرویلنس رسپانس یونٹ کو انٹرنیٹ کی مدد سے مرکزی دفتر نظامت اعلیٰ محکمہ صحت سے منسلک کر دیا گیا ہے۔ اس طرح کورونا وائرس سمیت کسی بھی وبائی مرض میں مبتلا مریض سے متعلق فوری معلومات حاصل ہوں گی جس کے بعد اس کی مانیٹرنگ اور روک تھام ممکن ہوگا۔

  3. بریکنگ, پاکستان کے زیر انتظام کشمیر: 47 نئے متاثرین سامنے آ گئے, ایم اے جرال، صحافی

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے حکام کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 47 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جس کے بعد اس خطے میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 1532 ہوگئی ہے.

    حکام کے مطابق ایک مزید شخص کی ہلاکت کے بعد کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 42 ہوگئی یے۔

    بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں ایک ڈاکٹر بھی شامل ہے۔

    ضلع مظفرآباد کے ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سعید کے مطابق کورونا وائرس سے جہاں مظفرآباد میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے وہاں پر تین خواتین سمیت پانچ افراد متاثر بھی ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر ہونے والی ایک خاتون سمیت دو افراد کا تعلق وادی نیلم سے ہے۔

    ضلع ہٹیاں کے ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر نعمان بٹ کے مطابق وادی جہلم میں پانچ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ میرپور ڈویژن کے کمشنر محمد رقیب خان کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر ہونے والی تین خواتین سمیت 15 افراد کا تعلق میرپور، تین خواتین سمیت سات افراد کا بھمبر اور پانچ خواتین سمیت 13 افراد کا تعلق کوٹلی سے ہے۔

    حکام کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 34 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد اس خطے میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 894 ہوگئی ہے۔

    حکام کے مطابق اب تک اس خطے میں 19 ہزار 262 مشتبہ افراد کے ٹیسٹ لیے گئے ہیں۔

  4. پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع مظفرآباد میں سمارٹ لاک ڈاؤن میں نرمی میں ایک ہفتے کی توسیع

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سمیت ضلع بھر میں انتظامیہ نے ایک ہفتے کے لیے سمارٹ لاک ڈاؤن میں دی جانے والی نرمی میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کی ہے جس کے تحت دکانیں، کاروباری و تجارتی مراکز احتیاطی تدابیر کے تحت مزید ایک ہفتے تک کھلے رہیں گے۔

    صحافی ایم اے جرال کے مطابق ڈپٹی کمشنر مظفرآباد کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق کاروباری و تجارتی مراکز کو صبح آٹھ بجے سے شام چھ بجے جبکہ دودھ، دہی، بیکری اور تندور کی دکانیں صبح چھ سے شام آٹھ بجے تک کھولنے کی اجازت ہو گی۔

    میڈیکل سٹورز ان اوقات کار سے متثنیٰ ہیں۔ جمعہ اور منگل کے روز حسب معمول مکمل لاک ڈاون ہو گا البتہ میڈیکل سٹورز بیکری، ایل پی جی، کریانہ، فروٹ و سبزی، دودھ و دہی اور مرغی والی دکانیں مقررہ وقت کے لیے ضابطہ اخلاق کے تحت کھلی رہیں گی۔

    ضلع مظفرآباد میں ہر قسم کے عوامی اجتماعات، شادی بیاہ کی تقریبات، جلسے جلوسوں کے علاوہ مزارات اور زیارات پر اجتماع سمیت لنگر تقسیم کرنے پر پابندی ہے جبکہ تعلیمی اداروں سمیت تربیتی مراکز اور مدارس کو کھولنے پر بھی پابندی ہے۔

    ضلع بھر میں سیاحوں کی آمدورفت پر بھی پابندی رہے گی۔ ضلع بھر اور بیرون ضلع ہر قسم کی ٹرانسپورٹ پہلے سے طہ شدہ ضابطہ اخلاق کے تحت مزید ایک ہفتے کے لیے چلانے کی اجازت ہوگی۔

  5. عالمی ادارۂ صحت: روزانہ کی انفیکشنز میں ریکارڈ اضافہ

    عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں نئی انفیکشنز میں 2 لاکھ 28 ہزار 102 کا اضافہ ہوا ہے، جو کہ ایک ریکارڈ اضافہ ہے۔

    اقوامِ متحدہ کے ادارے نے اپنی روزانہ کی رپورٹ میں کہا کہ سب سے زیادہ اضافہ امریکہ، برازیل، انڈیا اور جنوبی افریقہ میں ہوا ہے۔

    اس سے قبل ریکارڈ اضافہ 4 جولائی کو دیکھا گیا تھا جو کہ 2 لاکھ 12 ہزار 326 تھا۔

    ڈبلیو ایچ او نے اب تک 1 کروڑ 21 لاکھ متاثرین رپورٹ کیے ہیں، جبکہ جان ہاپکنز یونیورسٹی یہ تعداد 1 کروڑ 23 لاکھ بتاتی ہے۔

  6. بریکنگ, صوبہ بلوچستان میں 29 نئے مریض، ایک ہلاکت

    صوبہ بلوچستان میں کورونا وائرس کے 29 نئے کیسز کے اضافے کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 11128 ہو گئی ہے۔

    کورونا سے مزید ایک مریض کی ہلاکت ہوئی ہے جس کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی مصدقہ تعداد 126 ہے۔

    محکمہ صحت حکومت بلوچستان کے ترجمان داکٹر وسیم بیگ کے مطابق 10جولائی 2020 کو کورونا کے 275 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 29 مثبت آئے۔

    بلوچستان میں اب تک کورونا کے مجموعی طور پر 52935 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 41807 کے نتائج منفی آئے۔

    بلوچستان میں مکورونا وائرس سے اب تک 7224 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔

  7. بریکنگ, صوبہ سندھ میں 1468 نئے مریض، مزید 36 ہلاکتیں

    پاکستان کے صوبہ سندھ میں اب تک 102368 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 1713 ہلاک بھی ہوئے ہیں۔

    گذشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں 1468 مریض سامنے آئے جبکہ 36 اموات بھی ہوئیں۔

    اس کے علاوہ صوبے میں اب تک 59165 افراد صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔

    گذشتہ روز 10276 ٹیسٹ کیے گئے جس کے حساب سے انفیکشن ریٹ 14 اعشاریہ دو رہا۔

  8. کیا کلورین کورونا وائرس کو مار سکتی ہے؟, جیمز گیلیگھر، بی بی سی نیوز

    جی ہاں۔

    کلورین کو سوئمنگ پولز کو ڈس انفیکٹ کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور آسانی سے وائرس، بشمول کورونا وائرس، اور دوسرے سخت جان کیڑوں کو مفلوج بنا سکتی ہے۔

    کیمیکل کو درست مقدار میں استعمال کرنا چاہیئے اور یہ معیاری پریکٹس ہو گی۔

    پول میں دو طرح کی انفیکشن کا رسک ہوتا ہے۔ دوسرے تیراکوں سے اور اس پانی سے جسے انھوں نے کونٹیمینیٹ کیا ہو سکتا ہے۔

    حکومت کے سائنس کے مشیر ’سیج‘ کے مطابق پانی سے وائرس لگنے کے امکانات ’نا ہونے کے برابر‘ ہیں۔ لیکن سوئمر سے دو میٹر کی دوری پہ، جب شاید آپ کم گہرے پانی میں اپنا سانس درست کر رہے ہوں گے، موجود رہنا ایک بہت بڑا رسک ہے۔

    یاد رکھیں کہ رسک صرف پول سے نہیں ہے۔ کورونا وائرس قریبی رابطوں سے پھیلتا ہے، سو کپڑے بدلنے کی تنگ جگہوں پہ بھی محتاط رہیں۔ اور یہ وائرس لاکروں، بینچوں، شاور کے بٹنوں اور نلکوں پر بھی ہو سکتا ہے۔

  9. کیا لاک ڈاؤن میں پھنسے سائنسدانوں کی جگہ ربورٹس لے لیں گے؟

    برطانیہ کی یونیورسٹی آف لیورپول کے سائنسدانوں نے اپنے ایک روبوٹ ساتھی کی رونمائی کی ہے جو لاک ڈاؤن کے دوران اُن کی لیبارٹری میں کوئی وقفہ لیے بغیر تحقیق کرنے کے کام میں مصروف ہے۔

    اس محقق روبوٹ کی مالیت ایک لاکھ پاؤنڈ ہے اور یہ بذاتِ خود حاصل کردہ نتائج سے سیکھتا ہے تاکہ آئندہ تجربوں کو مزید بہتر بنا سکے۔

    اس روبوٹ کو بنانے والوں میں سے ایک بینجامن برگر نے اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ’اس روبوٹ میں آزادی کے ساتھ کام کرنے کی صلاحیت ہے جس کے باعث میں گھر سے کام کرنے کے قابل ہو جاتا ہوں۔‘

    سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کی ٹیکنالوجی کے ذریعے سائنسی دریافتیں ’ہزار گنا تیز‘ ہو سکتی ہیں۔

  10. بریکنگ, روس میں 6635 نئے مریض، مزید 174 اموات

    حکام کے مطابق روس میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 6635 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 174 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔

    اب تک ملک میں کل 713936 افراد اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 11 ہزار سے زیادہ اموات بھی ہوئی ہیں۔

  11. دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک پانچ لاکھ 55 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں

    جانز ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں اب تک پانچ لاکھ 55 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    اسی طرح اب تک دنیا بھر میں ایک کروڑ 23 لاکھ سے زیادہ افراد اس وائرس سے متاثر بھی ہوئے ہیں۔

  12. کورونا وائرس کے دور میں روسی صدر سے ملنے کے لیے ایک ا نوکھی شرط

    روسی صدر ولادیمیر پوتن کی کورونا وائرس سے حفاضت کے لیے ایک خاص ڈس انفیکشن سرنگ قائم کی گئی ہے۔

    روسی صدر سے ملنے آنے والے ہر شخص کو اس میں سے گزرنا پڑتا ہے۔ مزید تفصیلات فرقان الہی کی اس ویڈیو میں۔۔

  13. بریکنگ, صوبہ خیبرپختونخوا میں 369 نئے مریض، مزید 11 ہلاکتیں

    پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 369 نئے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ 11 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔

    اب تک صوبے میں متاثرین کی کل تعداد 29775 ہو گئی ہے جبکہ ہلاکتیں 1074 ہو چکی ہیں۔

    صوبے میں اب تک 20271 افراد اس وائرس سے صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔

  14. بورس کا سکول چھوڑنے والے بچوں کو پیغام: ’فائنل ایئر جیسا کوئی سال نہیں‘, شان کوفلن، بی بی سی نیوز

    برطانیہ کے وزیرِ اعظم بورس جانسن نے سکول چھوڑنے والے بچوں کو ایک پیغام میں کہا ہے کہ ’یہ ایسا فائنل ایئر ہے جیسا کہ کوئی نہیں تھا۔‘

    انھوں نے بچوں کو کہا کہ ’موقع کو رگبی ٹیکل کریں۔‘

    انھوں نے یو ٹیوب اور فیس بک پر ایک ریکارڈ شدہ ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’ٹین ایجرز کا ان گرمیوں میں بہت سا مزہ چھوٹ گیا ہے لیکن ان کی قربانی کی وجہ سے زندگیاں بچی ہیں۔‘

    بورس جانسن نے کہا کہ ’آپ کی نسل ایسے چیلنجز کے ساتھ جوان ہوئی ہے جو آپ سے پہلے کسی بھی نسل کو درپیش نہیں تھا۔‘

    ’ہمدردی، لچک، خود انضباطی، صبر، یہ ایسی خصوصیات ہیں جن کی ہمیں معاشرے کو منصفانہ بنانے کے لیے ضرورت ہے۔‘

  15. بریکنگ, برطانیہ میں کورونا وائرس سے مزید 48 اموات

    برطانیہ میں محکمہ صحت و سماجی بہبود کے مطابق کورونا وائرس سے مزید 48 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    اس کے بعد ملک میں کووڈ 19 سے ہلاک ہونے والے افراد کی کل تعداد 44 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

    گذشتہ روز ملک میں 160970 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 512 مثبت آئے۔

  16. ایکٹیمرا انجکشن سے سنا مکی تک: کوورنا کے علاج میں یہ سب کس حد تک مددگار؟

    دنیا بھر میں جہاں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دن بدن بڑھتی جا رہی ہے وہیں اس کی ویکسین کی تیاری کی کوششوں میں بھی تیزی آئی ہے۔

    تاحال اس بیماری کا علاج دریافت نہیں کیا جا سکا ہے لیکن پاکستان میں اس وبا کے آغاز کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر ایسے پیغامات کی بھرمار دیکھی گئی جس میں مختلف ادویات، جڑی بوٹیوں یا پھر کھانے پینے میں روزمرہ استعمال ہونے والی اشیا کو اس بیماری سے صحت یابی میں مددگار یا پھر اس کا علاج ہی قرار دے دیا گیا۔

  17. کیا انڈیا میں ایک مرتبہ پھر لاک ڈاؤن نافذ ہونے کا خدشہ ہے؟

    جمعے کے روز انڈیا میں مزید 26 ہزار سے زیادہ نئے مریض سامنے آئے جس کے بعد ریاست اترپردیش میں پھر سے لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ اکثر فیکٹریوں میں بھی کام بند کر دیا گیا ہے۔

    اب تک ملک میں قریب آٹھ لاکھ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں اور کم سے کم 21 ہزار افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔

    انڈیا متاثرین کے اعتبار سے دنیا کا تیسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ انڈیا میں مجموعی کیسز کا 60 فیصد نئی دہلی، مہاراشٹر اور تمل ناڈو میں ہے۔

    کورونا وائرس کے باعث انڈیا میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد بیروزگار ہو گئی ہے۔ ملک کی معاشی صورتحال بھی دیگر ممالک کے طرح خراب ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی لائی گئی تھی تاکہ معیشت کو کھولا جا سکے اور کاروبار زندگی بحال ہو۔ تاہم اس کے بعد صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی۔

    انڈیا کی ریاست مہاراشٹر کے صنعتی شہر اورنگ آباد میں وائرس کے پھیلاؤ کے باعث نو روز کے لیے کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔

  18. ملیے ’قرنطینہ ڈانس‘ کرنے والے نیپالی پولیس افسر سے

    نیپال کے ایک کورونا وائرس کے قرنطینہ کیمپ میں مقیم افراد کو محظوظ کرنے کے لیے ڈانس کرنے والے پولیس آفیسر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پولیس اہلکار جایا پرکاش چوہدری نے بتایا کہ انھوں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ ویڈیو وائرل ہو جائے گی، وہ تو صرف لوگوں کو تفریح فراہم کرنا چاہتے تھے۔

    تفصیل محمد ابراہیم کی اس ویڈیو میں۔

  19. برطانیہ میں پہلا ڈور۔ٹو۔ڈور کووڈ۔19 ٹیسٹ

    برطانیہ کے پہلے کورونا وائرس ڈور۔ٹو۔ڈور ٹیسٹ انگلینڈ کے شہر لیسٹر میں شروع کر دیے گئے ہیں۔

    این ایچ ایس ٹیمز اور رضاکار شہر میں ان لوگوں میں بھی ٹیسٹ کٹس تقسیم کر رہے ہیں جن میں کوئی علامات نہیں ہیں۔

    کورونا وائرس کے متاثرین میں تیزی سے اضافے کے بعد لیسٹر میں 29 جون کو لاک ڈاؤن لگایا گیا تھا۔

    دیپا چوہان، جنھوں نے سکیم کے تحت ٹیسٹ کرایا ہے کہتی ہیں کہ وہ ’بہت سادہ لیکن عجیب تھا۔‘

    شہر کے میئر سر پیٹر سولسبی نے کہا ہے کہ زیادہ ٹیسٹنگ انفیکشن کی شرح کو روکنے کا واحد طریقہ ہے۔

  20. حاملہ یا ماں بننے والی خواتین پلازما کیوں عطیہ نہیں کر سکتیں؟

    کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے مختلف ممالک کی طرح انڈین دارالحکومت نئی دہلی میں بھی پلازما بینک بنایا گیا ہے۔

    انڈیا میں پلازما تھیراپی کے ذریعے کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کی منظوری دی گئی تھی اور اب وائرس کے باعث تشویشناک حالت میں مبتلا مریضوں کے علاج میں اس کا استعمال ہو رہا ہے۔

    کورونا کے علاج کے لیے نئی دہلی میں بننے والا پلازما بینک ملک کا پہلا ایسا بینک ہے۔ یہ بینک انسٹیٹیوٹ آف لیور اینڈ بِلیئری سائنسز ہسپتال میں بنایا گیا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ پلازما بینک کی مدد سے مریضوں کو پلازما ملنے میں آسانی ہو گی۔