صدر ٹرمپ کو ہسپتال کے دورے کے دوران ماسک پہننے کی ’توقع‘
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انھیں توقع ہے کہ وہ واشنگٹن ڈی سی میں ایک ہسپتال کے دورے اور فوجیوں اور طبی عملے سے ملاقات کے دوران ماسک پہنیں گے۔
امریکی ٹی وی چینل فوکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’ماسک پہننے میں کوئی مسئلہ نہیں اگر یہ آرام دہ ہوں۔‘
’مجھے توقع ہے کہ میں والٹر ریڈ (آرمی میڈیکل سینٹر) کے دورے کے دوران ماسک پہنوں گا۔‘
انھوں نے کہا کہ اگر آپ ایک ہسپتال میں ہوں تو یہ کرنا ضروری ہو جاتا ہے۔
’مجھے ماسک پہننے سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔‘
صدر ٹرمپ کو اب تک پبلک میں ماسک پہنے نہیں دیکھا گیا جس کے باعث ان پر تنقید کی جاتی رہی ہے۔ گذشتہ ہفتے فوکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا تھا کہ ’وہ بھی ماسک پہننے کے حامی ہیں اگر وہ لوگوں کے ہجوم میں پھنسے ہوں۔‘
صدر ٹرمپ نے عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دینے سے بھی گریز کیا ہے حالانکہ امریکہ کورونا وائرس کے باعث دنیا میں اب تک سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔