آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

کورونا وائرس: اتوار کو دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

دنیا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 26 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ پاکستان میں اب تک دو لاکھ 51 ہزار سے زیادہ افراد میں اس مرض کی تصدیق جبکہ 5265 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق اتوار کو دنیا بھر میں کورونا کے ریکارڈ دو لاکھ 30 ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آئے۔

لائیو کوریج

  1. وزیر تعلیم شفقت محمود: ایس او پیز کے ساتھ تعلیمی اداروں کو کھولنے اور امتحانات لینے کی اجازت ہوگی

    وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایس او پیز کے ساتھ 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ ہوا ہے اور اس فیصلے پر ساتھ ساتھ نظرثانی کی جاتی رہے گی۔

    وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ عید کے بعد دور دراز کے علاقوں کے طلبا کو ہاسٹل میں آنے کی اجازت مل جائے گی تاہم ان طلبا کی تعداد 30 فیصد سے زیادہ نہیں ہو گی۔

    شفقت محمود نے بتایا کہ تمام تعلیمی ادارے عید کے بعد اپنے اساتذہ اور ضروری عملے کو بلا سکتے ہیں تاکہ وہ کلاسز کے لیے تیاری کر سکیں اور ایس او پیز پر آگاہی دے سکیں۔

    ان کے مطابق اگر ایس او پیز پر عمل نہ کیا گیا تو وہ ادارہ بند کر دیا جائے گا اور فیڈرل پبلک کمیشن اور پبلک سروس کمیشن کے امتحانات کی بھی ایس او پیز کے ساتھ اجازت دی جا رہی ہے۔

  2. وزیر اعظم عمران خان: عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ عیدالاضحیٰ سادگی سے منائیں

    وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں آئسولیشن اور وبائی امراض سے متعلق ایک نئے ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے عیدالاضحیٰ پر ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

    انھوں نے کہا کہ سب نے اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں تعاون کیا ہے اور اب ہم دنیا کے ان ممالک میں ہیں جہاں متاثرین کی تعداد کم ہو رہی ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ خدا کا کرم ہے کہ پاکستان میں اس وبا سے بہت کم اموات ہوئی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں آج سب کو کہنا چاہتا ہوں کہ ”اگر ہم نے اس عید پر بداحتیاطی کی تو پھر خطرہ یہ ہے کہ ایک دم یہ وائرس پھیل جائے گا۔ پھر متاثرین کی تعداد بڑھ جائے گی، جس سے ہسپتالوں پر دباؤ پڑے گا۔ اس لیے میں اپیل کرتا ہوں کہ بڑی عید سادگی سے منائیں۔‘‘

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ یہ پورے ملک کے لیے اور معیشت کے لیے ضروری ہے۔ ”ہمارے بوڑھے اور بیمار لوگوں کے لیے جن کی جان خطرے میں آجاتی ہے ان کے لیے میں آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ یہ عید سادگی سے منائیں۔‘‘

  3. کورونا وائرس: بی بی سی اردو کی لائیو کوریج جاری ہے

    کورونا وائرس کے حوالے سے بی بی سی اردو کی لائیو کوریج میں خوش آمدید۔

    یہاں آپ کو کورونا وائرس کے حوالے سے پاکستان سمیت دنیا بھر سے آنے والی اہم ترین خبریں، تازہ ترین تجزیے اور مصدقہ معلومات سے باخبر رکھا جائے گا۔

    گذشتہ چند دنوں میں دنیا میں کیا ہوا؟ جاننے کے لیے کلک کیجیے۔

  4. کورونا ٹیلی تھون: وزیر اعظم کی احساس ٹرانسمیشن میں مولانا طارق جمیل اور جاوید میانداد کے بیانات پر سوشل میڈیا پر بحث