آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

کورونا وائرس: بلوچستان میں کورونا کے 304 نئے مریض، خیبرپختونخوا میں متاثرین 15 ہزار سے زیادہ

دنیا بھر میں اب تک 72 لاکھ سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد چار لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ پاکستان میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ دو ہزار سے زائد افراد اس مرض سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ سب سے زیادہ متاثرین اور ہلاکتیں صوبہ پنجاب میں ہیں۔

لائیو کوریج

  1. کورونا وائرس: مستقبل میں سفر کیسا ہو گا؟

  2. تھائی لینڈ: مسلسل 13 دنوں میں کووڈ 19 سے ایک بھی ہلاکت نہیں ہوئی

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق تھائی لینڈ میں کورونا وائرس کے آٹھ نئے متاثرین کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ ملک میں کوئی نئی ہلاکت پیش نہیں آئی۔

    متاثرین کی کل تعداد 3112 ہوگئی ہے جبکہ اب 58 اموات پیش آچکی ہیں۔ یہاں وبا جنوری میں پھیلنا شروع ہوئی تھی۔

    نئے متاثرین میں پانچ متحدہ عرب امارات، دو کویت اور ایک انڈیا سے آنے والا مسافر تھا۔

    حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ ان تمام افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا تھا جہاں تھائی لینڈ کے اکثر متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے۔

    تھائی لینڈ میں کورونا سے گذشتہ 13 دنوں کے دوران ایک بھی ہلاکت نہیں ہوئی۔

  3. پاکستان: نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں ہنگامی صوتحال سے نمٹنے والے ابتدائی امدادی عملے کا اجلاس

    پاکستان میں کورونا کے لیے بنائے گئے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں ہنگامی صوتحال سے نمٹنے والے ابتدائی امدادی عملے کے ساتھ ایک خصوصی ویڈیو کانفرنس کی گئی۔

    اس ویڈیو کانفرنس میں ریسکیو 1122 کے ڈی جی ڈاکٹر رضوان، بلوچستان، گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے نمائندوں سمیت چھپا اور ایدھی فاؤنڈیشن کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اور اپنے پاس دستیاب ایمرجسنی سروسز کے بارے میں آگاہ کیا۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اس خصوصی اجلاس میں ہنگامی صوتحال سے نمٹنے والے ابتدائی امدادی عملے کی کاوشوں کو سراہا گیا۔

  4. کورونا: وزیراعلیٰ بلوچستان کی متاثرہ وکلا کے لیے پچاس لاکھ روپے کی گرانٹ

    بلوچستان بار کونسل کی درخواست پر پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کورونا کی وبا سے متاثرہ وکلا کی امداد کے لیے پچاس لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کر دی ہے۔

    بلوچستان بار کونسل کے ایک اعلامیے کے مطابق وزیراعلی بلوچستان کو کورونا کی وبا سے متاثر وکلا کے لیے خصوصی فنڈز کے اجرا کی درخواست کی گئی تھی۔

    اس گرانٹ کا ایڈوکیٹ جنرل کے اکاؤنٹ میں ڈیپازٹ ہو کر پھر بارکونسل کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر ہونا ابھی باقی ہے۔

    اعلامیے کے مطابق جیسے ہی فنڈز بار کونسل کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر ہوں گے تو بار کونسل ہائی کورٹ بار اور کوئٹہ بار کے ساتھ ملکر پالیسی مرتب کر کے کورونا سے متاثر وکلا کو فنڈز جاری کرے گی۔

  5. لاک ڈاؤن کے دوران دور سے تصاویر بنانے والا فوٹوگرافر

    کورونا وائرس اور لاک ڈاون کی وجہ سے پوری دنیا میں جہاں لوگوں کی زندگیاں متاثر ہو رہی ہیں وہی بہت سارے لوگ ان حالات کا منفرد طریقے سے استعمال کرنا سیکھ رہے ہیں۔

    عریش زبیر عام دنوں میں فیشن اور کارپوریٹ فوٹوگرافی کرتے ہیں مگر ان دنوں وہ ’دور سے پورٹریٹ‘ لے رہے ہیں جہاں وہ لوگوں سے دور سے ہی ملتے ہیں اور سڑک سے ہی ان کی تصویریں لیتے ہیں۔

  6. انڈیا: گذشتہ ایک روز کے دوران کورونا کے تقریباً 10 ہزار نئے متاثرین

    انڈیا میں حکام کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے نئے متاثرین میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے۔

    گذشتہ ایک روز کے دوران ملک میں 9971 متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے۔ اسی دوران کووڈ 19 سے 287 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    مہاراشٹرا، گجرات، راجستھان اور دلی میں سب سے زیادہ متاثرین دیکھے گئے ہیں۔

    وزارت صحت کے مطابق کورونا کے کل متاثرین کی تعداد 2.46 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ کل اموات 6929 ہیں۔ اب تک ملک میں 1.19 لاکھ افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

    سنیچر کو 9800 سے زیادہ متاثرین اور 294 اموات کی تصدیق ہوئی تھی۔

  7. امریکہ کے بعد برازیل اور روس میں سب سے زیادہ متاثرین

    جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کووڈ 19 کے متاثرین کی تعداد 6,896,179 ہوچکی ہے۔

    سب سے زیادہ متاثرین ان ممالک میں موجود ہیں:

    • امریکہ 1,920,061
    • برازیل 672,846
    • روس 458,102
    • برطانیہ 286,294
    • انڈیا 246,628
    • سپین 241,310
    • اٹلی 234,801
    • پیرو 191,758
    • فرانس 190,759
    • جرمنی 185,450
    • ایران 169,425
  8. آئندہ دنوں کے دوران بیرون ملک سے پاکستان آنے والی پروازوں کی فہرست

    وزارت اوورسیز پاکستانیز نے ایک فہرست جاری کی ہے جس میں 8، 9 اور 10 جون کو بیرون ملک سے پاکستان آنے والی پروازیں درج ہیں۔

  9. چین ’عالمی عوامی بھلائی‘ کے لیے ویکسین بنائے گا

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق چین میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر نے کہا ہے کہ اگر ان کا ملک کورونا وائرس کی ویکسین بنانے میں کامیاب ہوتا ہے تو بین الاقوامی تعاون بڑھایا جائے گا۔

    بیجنگ میں نیوز کانفرنس کے دوران وانگ جی گانگ کا کہنا تھا کہ چین ’عالمی عوامی بھلائی‘ کے لیے ویکسین کی دستیابی یقینی بنائے گا۔

    دوسری طرف چین کے نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ حکام مسافروں کی ملک میں آمد کے لیے ’فاسٹ ٹریک‘ داخلے کے انتظامات کر رہے ہیں۔

  10. برازیل نے کووڈ 19 سے متعلق مکمل معلومات اپنی ویب سائٹ سے ہٹا دیں

    برازیل کی حکومت نے کووڈ 19 سے متعلق کئی مہینوں سے جمع کی گئی معلومات اپنی ویب سائٹ سے ہٹا دیں ہیں۔ برازیل کے صدر جیئر بولسنارو پر تنقید کی جا رہی تھی کہ ان کی حکومت وائرس پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے۔

    وزارت صحت نے کہا ہے کہ اب وہ صرف گذشتہ 24 گھنٹوں میں مصدقہ متاثرین اور اموات کی اطلاع دیں گے۔ اس سے مراد ہے کہ دوسرے ملکوں کی طرح مکمل اعداد و شمار نہیں دیے جائیں گے۔

    صدر جیئر بولسنارو کا کہنا ہے کہ مجموعی معلومات موجودہ حالات کی عکاسی نہیں کرتی۔

    برازیل کل مصدقہ متاثرین کے اعتبار سے کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔ یہاں باقی ممالک کی نسبت اموات میں بڑا اضافہ دیکھا گیا ہے۔

    لاطینی امریکہ کے اس ملک میں تاحال چھ لاکھ 40 ہزار سے زیادہ مصدقہ متاثرین ہیں۔ ٹیسٹنگ کی کمی کی وجہ سے خدشہ ہے کہ یہ اعداد و شمار اس سے بھی زیادہ ہوسکتے ہیں۔

    35 ہزار سے زیادہ لوگ یہاں کووڈ 19 سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ اس طرح اموات کے اعتبار سے برازیل تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔

  11. جرمنی میں کورونا کے 301 نئے متاثرین

    جرمنی میں حکام کے مطابق گذشتہ ایک روز کے دوران کورونا کے 301 نئے متاثرین کا اضافہ ہوا ہے۔

    اس کے بعد ملک بھر میں کووڈ 19 کے متاثرین کی مجموعی تعداد 183979 ہوگئی ہے۔

    جرمنی میں گذشتہ ایک دن میں کورونا سے 22 اموات ہوئیں۔ اب کل ہلاکتوں کی تعداد 8688 ہے۔

  12. بریکنگ, کورونا: پاکستان میں اموات دو ہزار سے بڑھ گئیں، متاثرین ایک لاکھ کے قریب

    پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 98943 ہو گئی ہے جبکہ اس سے اب تک 2002 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    37090 متاثرین اور 683 اموات کے ساتھ صوبہ پنجاب سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے۔ پنجاب کے بعد سب سے زیادہ متاثرین صوبہ سندھ میں ہیں جہاں یہ تعداد 36364 ہے جبکہ 634 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    خیبرپختونخوا میں متاثرین کی تعداد 13001 اور اموات 561 ہیں جبکہ بلوچستان میں متاثرہ افراد کی تعداد 6221 اور 54 ہلاکتیں ہیں۔

    پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اب تک 4979 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 49 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں متاثرہ افراد کی تعداد 361 اور اموات آٹھ ہے جبکہ گلگت بلتستان میں مریضوں کی تعداد 927 اور 13 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

    پاکستان میں اب تک 33465 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

  13. چین میں 11 نئے متاثرین کی تصدیق، پانچ میں علامات ظاہر نہیں ہوئیں

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق چین کے حکام نے اتوار کو بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 11 نئے متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے۔

    یہ تعداد سنیچر کو جاری کردہ اعداد و شمار سے زیادہ ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ان میں سے پانچ متاثرین بیرون ملک سے سفر کر کے چین آئے تھے۔

    جنوبی ہائنان صوبے میں مقامی منتقلی کے ایک متاثرہ شخص کی تصدیق ہوئی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ مزید پانچ متاثرین ایسے ہیں جن میں علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔

    ملک میں اب تک 83 ہزار سے زیادہ افراد میں کورونا کی تشخیص ہوچکی ہے۔ یہاں کوئی نئی اموات نہیں ہوئیں اور کل ہلاکتیں 4634 ہی ہیں۔

  14. انڈیا: ایک بستر پر دو، دو مریض

    انڈیا کی اس وائرل ویڈیو میں ممبئی کے ایک سرکاری ہسپتال میں ایمرجنسی وارڈ کے مناظر دیکھے جاسکتے ہیں۔

    یہاں کورونا وائرس کے مریضوں کی بھیڑ جمع ہونے کی وجہ سے اکثر بیڈز پر دو مریض لیٹے ہوئے ہیں۔

  15. دنیا بھر میں کورونا کے 68 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ متاثرین

    جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کووڈ 19 کے متاثرین کی تعداد 6,855,858 ہے۔

    اب تک کورونا سے 398,321 اموات ہوچکی ہیں۔ جبکہ 3,071,403 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

    سب سے زیادہ متاثرین (1,919,430) اور اموات (109,791) امریکہ میں ہوئی ہیں۔

  16. کورونا وائرس کی وبا عالمی معیشت کے لیے ’تباہ کن‘ ثابت ہوئی: عالمی بینک

    عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ میلپاس کے مطابق کورونا وائرس کی عالمی وبا عالمی معیشت کے لیے ’تباہ کن‘ ثابت ہوئی ہے۔‘

    انھوں نے خبردار کیا کہ اربوں افراد اس عالمی وبا کے نتیجے میں اپنے روزگار سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ اس وبا کے معاشی اثرات ایک دہائی تک رہیں گے۔

    گذشتہ ماہ میلپاس کی جانب سے خبردار کیا گیا تھا کہ چھ کروڑ افراد کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث ’شدید غربت‘ کا شکار ہو جائیں گے۔

    عالمی بینک کے مطابق ’شدید غربت‘ کا مطلب ایک اعشاریہ نو ڈالر فی کس یومیہ پر گزارا کرنا ہے۔

    تاہم جمعے کے روز ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ کم از کم چھ کروڑ افراد صرف ایک اعشاریہ دو ڈالرز یومیہ پر گزارا کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

  17. کورونا وائرس: کیا آپ کو خود ساختہ تنہائی میں رہنے کی ضرورت ہے؟

    کورونا وائرس سے بچاؤ اور دوسروں کو اس کا شکار ہونے سے بچانے کے لیے لوگ خود ساختہ طور پر تنہائی اختیار کر رہے ہیں۔

    آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ خود ساختہ تنہائی کے بارے میں آپ کو کیا جاننے کی ضرورت ہے اور آپ اپنے آپ کو کیسے خود ساختہ طور پر تنہا کر سکتے ہیں؟

  18. پریمیئر لیگ: کورونا ٹیسٹنگ کے چھٹے مرحلے کوئی نتیجہ مثبت نہیں آیا

    برطانوی فٹبال لیگ انگلش پریمیئر لیگ میں کیے جانے والے حالیہ 1195 کورونا وائرس ٹیسٹس میں سے کوئی بھی مثبت نہیں آیا ہے۔

    ہفتے میں دو مرتبہ کی جانے والی اس سکریننگ کا یہ چھٹا مرحلہ تھا جس میں کھلاڑیوں اور کلب کے عملے کے چار اور پانچ جون کو ٹیسٹ کیے گئے تھے۔

    پچھلے مرحلے میں صرف ایک فرد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جبکہ اب تک کیے جانے والے 6274 ٹیسٹس میں سے صرف 13 مثبت آئے ہیں۔

    خیال رہے کہ پریمیئر لیگ کو کورونا وائرس کی عالمی وبا کے پھیلاؤ کے باعث 13 مارچ کو معطل کر دیا گیا تھا تاہم اب اس کا دوبارہ آغاز 17 جون سے متوقع ہے۔

    پہلے دو میچوں میں ایسٹن ولا اور شیفیلڈ یونائیٹڈ جبکہ مانچسٹر سٹی اور آرسنل کی ٹیمیں مدِمقابل ہوں گی۔

  19. کورونا وائرس: بنا علامات اور ’خاموشی‘ سے بیماری پھیلانے والے اس وبا کو کیسے پیچیدہ بنا رہے ہیں؟

    کورونا وائرس کا بحران جیسے جیسے بڑھا، سائنسدانوں نے کورونا وائرس کے ایک عجیب اور پریشان کن پہلو کے بارے میں مزید شواہد ڈھونڈ لیے ہیں۔

    جہاں اس سے متاثرہ بہت سے افراد میں کھانسی اور بخار کے ساتھ ساتھ کھانے اور سونگھنے کی حس متاثر ہوتی ہے، وہیں کئی لوگ ایسے بھی ہیں جن میں اس بیماری کی کوئی علامات نہیں پائی جاتیں اور انھیں اس بات کا ہرگز علم نہیں ہوتا کہ انھیں کووڈ 19 ہے۔

    محققین کا کہنا ہے کہ یہ سمجھنا ضروری ہے کہ ایسے کتنے لوگ ہیں اور کیا یہ سائلنٹ سپریڈر یعنی خاموش سے اس بیماری کو پھیلا کر اس وبا کو مزید پیچیدہ بنا رہے ہیں۔

    جب سنگاپور میں 19 جنوری کو لوگ ایک چرچ میں اکھٹے ہوئے تو کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ یہ اجتماع کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں بین الاقوامی اہمیت کا حامل ہو گا۔ اس اجتماع میں 56 برس کا ایک جوڑا تھا جو اسی صبح چین سے آیا تھا۔

    دونوں بظاہر صحت مند نظر آ رہے تھے مگر 22 جنوری کو بیوی کی حالت بگڑنا شروع ہو گئی اور دو روز بعد ان کے شوہر بھی بیمار ہو گئے۔ دونوں ووہان سے آئے تھے۔ ایک ہفتے بعد تین مقامی افراد بھی وبا کا شکار ہو گئے۔

  20. اسلام آباد میں کورونا وائرس متاثرین میں تیزی سے اضافے کی وجہ کیا ہے؟

    پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے متاثرین میں اضافے کے بعد اور چند علاقوں میں حفاظتی تدابیر کی پاسداری نہ کرنے کے باعث انتظامیہ نے تقریباً نو علاقوں کو سِیل کردیا ہے۔

    یہ علاقے کون سے ہیں اور وفاق میں اس وقت کیا صورتحال ہے، اس سے ہمیں آگاہ کررہے ہیں بی بی سی کے نامہ نگار شہزاد ملک