آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

کورونا وائرس کے دوران پابندیوں میں رہنے والی ’لاک ڈاؤن جینریشن‘ کئی دہائیوں تک متاثر رہ سکتی ہے

دنیا میں کورونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 56 لاکھ 18 ہزار سے زیادہ جبکہ ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے تین لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ پاکستان میں متاثرین کی تعداد 60 ہزار کے قریب ہے۔ کراچی کے این آئی بی ڈی میں جمعرات سے کورونا اینٹی باڈی ٹیسٹنگ کا آغاز متوقع ہے جبکہ پنجاب میں عید کے بعد کاروبار صرف پیر تا جمعرات کھلیں گے۔

لائیو کوریج

  1. کورونا وائرس: امریکا روس کو طبی امداد بھیجے گا

    امریکا روس کو کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے طبی آلات اور امداد بھیجے گا۔

    امریکی فوج کا ایک سامان بردار طیارہ جمعرات کو طبی امداد کی پہلی کھیپ لے کرروس پہنچے گا۔ اس امدادی کھیپ میں 50 وینٹیلیٹر بھی شامل ہیں۔

    امریکا کی جانب سے روس میں کورونا کے بڑھتے متاثرین اور اموات کے پیش نظر طبی امداد بھجوائی گئی ہے۔ جمعرات کو روس میں 8849 نئے متاثرین میں وائرس کی تصدیق کی گئی جس کے بعد ملک میں متاثرین کی تعداد تین لاکھ 17 ہزار سے بڑھ گئی ہے جس کے بعد روس دنیا میں سب سے زیادہ متاثرہونے والا دوسرا ملک بن گیا ہے۔

    روس میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 127 افراد کورونا کے باعث ہلاک ہوئے جس کے بعد ملک میں اموات کی کل تعداد تین ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

    روس نے ملک میں بڑے پیمانے پر کورونا ٹیسٹنگ کا آغاز کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اب تک ملک میں 78 لاکھ افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ روس نے طبی امداد روس کو بھیجی تھی۔

  2. جنوبی افریقہ میں نوزائیدہ بچہ وائرس کی وجہ سے ہلاک

    ایک دو دن کا بچہ جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہونے والا سب سے چھوٹا بچہ بن گیا ہے۔ یہ بچہ کورونا وائرس کی ایک مریضہ کے ہاں وقت سے پہلے پیدا ہوا تھا۔

    یہ ملک کی پہلی نیو نیٹل یا نو زائیدہ بچے کی ہلاکت ہے۔

    وزیرِ صحت زویلی ایمخیزے کہتے ہیں کہ وقت سے پہلے پیدا ہونے والے بچے کو پھیپھڑوں کا مسئلہ تھا اور اسے پیدائش کے فوراً بعد وینٹیلیشن کی ضرورت پڑی تھی۔

    انھوں نے کہا کہ ’ماں کا کووڈ۔19 مثبت آیا تھا اور اس کے بعد بچہ میں بھی یہ مثبت ہی آیا۔ یہ اہم ہے ہم وقت سے پہلے پیدا ہونے کی پیچیدگیوں کے پیچھے حالات کو سمجھیں۔‘

    جنوبی افریقہ برِ اعظم افریقہ میں وہ ملک ہے جہاں کورونا وائرس کی سب سے زیادہ انفیکشن پائی جاتی ہے، بدھ کو ہی وہاں وائرس کی وجہ سے 27 افراد ہلاک ہوئے۔ اس طرح اب تک ہونے والی کل ہلاکتوں کی تعداد 339 ہو گئی ہے۔

    ملک میں 803 نئے مریضوں کے بعد اب کورونا وائرس سے انفیکٹ ہونے والوں کی کل تعداد 18 ہزار 3 ہو گئی ہے۔

  3. عید تعطیلات کے دوران شمالی علاقہ جات کے تفریحی و سیاحتی مقامات بند رہیں گے

    کورونا وائرس کی وبا کے باعث عید تعطیلات کے دوران پاکستان کے شمالی علاقہ جات کے تفریحی اور سیاحتی مقامات بند رہیں گے۔

    چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ نے کمشنر ہزارہ ڈویژن کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہدایات کی ہیں کہ وادی ناران سمیت ہزارہ ڈویژن میں عید تعطیلات کے دوران تمام تفریحی اور سیاحتی مقامات، ریستوران، دکانیں اور دیگر مقامات کو بند رکھا جائے۔

  4. کورونا: کوئٹہ میں گذشتہ 20 روز میں 2000 سے زائد متاثرین

    حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 20 دنوں کے دوران بلوچستان میں کورونا کے متاثرین میں بہت زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور ان متاثرین میں زیادہ تر تعداد نوجوان شامل ہیں۔

    کوئٹہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بلوچستان میں دو ماہ قبل کورونا کے 82 مریض تھے لیکن اب ان کی تعداد 2968 تک پہنچ گئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 20 دنوں میں کورونا کے سب سے زیادہ 2000 کیسز رپورٹ ہو ئے جو کہ 65 فیصد بنتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا سے 20 سے 40 سال کے عمر کے لوگ زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ بلوچستان میں کورونا سے 10 فیصد بچے بھی متاثر ہوئے ہیں جبکہ بزرگوں میں اس کی شرح 6.5 فیصد ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں کل متاثرین میں 70 فیصد مرد ہیں۔

  5. کوئٹہ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح 90 فیصد ہے: لیاقت شہوانی

    حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے صوبے میں کوئٹہ شہر کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہے جس کے پیش نظر انھوں نے کوئٹہ سے باہر کے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ عید کی خریداری کے لیے کوئٹہ نہ آئیں تاکہ اس کے پھیلاﺅ کو روکا جاسکے ۔

    کوئٹہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کو ئٹہ میں کورونا وائرس کے پھیلاو کی شرح 90 فیصدہے ۔ اس لیے لوگ عید کی خریداری کرتے وقت احتیاط کریں۔

    انھوں نے کہا کہ اس برس عید پر بلوچستان میں روایتی میلے نہیں ہوں گے اس لیے شہری عید سادگی سے منائیں۔ان کا کہنا تھا کہ سمارٹ لا ک ڈاﺅن کا جو فیصلہ کیا گیا تھا اس میں 2 جون تک توسیع کی گئی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ تاجر برادری کا یہ کہنا تھا کہ عید تک لاک ڈاون ختم نہیں کیا گیا تو کاروبار کو نقصان ہوگا۔جس پر حکومت نے لاک ڈاﺅن میں نرمی کی مگر تاجر برادی نے ایس او پیز پر عمل در آمد نہیں کیا ۔

    ان کا کہنا تھا کہ بیکریوں کو بھی لاک ڈاون سے استثنیٰ دیا گیا ہے اس لیے وہ ایس او پیز پر عمل درآمد کریں۔صوبائی حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ عید کے بعد سمارٹ لاک ڈاون کے اوقات میں تبدیلی کی جائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ پبلک ٹرانسپوٹروں کا بھی مطالبہ ہے کہ لاک ڈاون سے ٹرانسپورٹ کو بھی استثنیٰ دیا جائے۔ انھوں نے بتایا کہ بلوچستان کے 30 فیصد علاقوں میں کورونا نہیں پہنچا لیکن خدشہ ہے کہ ٹرانسپوٹ کے کھلنے سے یہ وہاں بھی پہنچ سکتا ہے۔

    ’جہاں اب تک کورونا نہیں پہنچا کوشش ہوگی وہاں نہ پہنچے۔ اس لیے عید کے لیے جو لوگ دوسرے شہروں سے کوئٹہ آتے ہیں ان سے گزارش کہ کوئٹہ نہ آئیں ۔‘

  6. کورونا کی وبا موسم سرما میں دوبارہ زور پکڑ سکتی ہے، امریکی محکمہ صحت

    امریکی محکمہ صحت کے عہدیدار کے مطابق امریکا میں اس برس موسم سرما کے دوران ایک بار پھر کورونا کی وبا زور پکڑ سکتی ہے۔

    امریکی محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیدار کا فنانشل ٹائمز سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دنیا کے اس جنوبی نصف کرہ میں وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ سے معلوم ہوتا ہے کہ اس موسم خزاں اور موسم سرما میں امریکہ میں وائرس کے تیزی سے پھیلنے کا امکان ہے۔

    رابرٹ ریڈفیلڈ کا کہنا تھا کہ امریکا کو اس وبا کو ٹریس کرنے کی صلاحیت کو آنے والے چند ماہ میں تیزی سے بڑھانا ہو گا تاکہ ایک اور صحت کے بحران سے بچا جا سکے جب عوام میں کورونا اور موسمی فلو ایک ساتھ ہوں گے۔

    امریکی محکمہ صحت کے سنٹر برائے ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ ’ہمارے سامنے آیسے شواہد ہیں جس سے تشویش بڑھتی ہے اور موسم سرما میں اس خطے میں اس کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے، جیسا کہ فلو اور اس کی علامات ایک جیسی ہو جائے گی، آپ دیکھ رہے ہیں کہ برازیل میں کیا ہو رہا ہے۔‘

    امریکا میں دنیا میں سب سے زیادہ کورونا کے مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے اور سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔

  7. میکسیکو میں ایک دن میں ریکارڈ ہلاکتیں

    میکسیکو میں بدھ کے روز کووڈ 19 کے باعث اب تک کی سب سے زیادہ 424 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔ جبکہ ایک دن میں 2248 نئے انفیکشنز رپورٹ ہوئے۔

    گذشتہ ہفتے ایک دن میں ریکارڈ ہلاکتوں کے بعد میکسیکو کے حکام نے کہا تھا کہ وہاں وبا کا عروج آ چکا ہے۔

    میکسیکو میں اب تک 56594 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 6090 ہے۔

    یہ ریکارڈ ہلاکتیں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب ملک میں لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی ہے اور معیشت کو بحال کیا گیا۔

  8. پرینکا گاندھی، یوگی حکومت کی سیاست کے بیچ انڈین مزدور پس کر رہ گئے

  9. امریکہ: ’لاک ڈاؤن میں تاخیر نے 36000 زندگیاں لے لیں‘

    نیویارک ٹائمز کے مطابق کولمبیا یونیورسٹی کے ماہرین کے اندازوں کے مطابق اگر امریکہ سماجی دوری کے اقدامات جلد نافذ کر دیتا تو ہزاروں جانیں بچ سکتی تھیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ مارچ کے نصف میں نافذ کیے جانے والی حفاظتی اقدامات اگر ہفتہ قبل کیے جاتے تو 36000 کم لوگ مرتے۔

    محققین کے اندازے کے مطابق اگر امریکہ یکم مارچ کو لاک ڈاؤن کرتے ہوئے سماجی دوری نافذ کر دیتا تو ملک میں ہونے والی زیادہ تر ہلاکتوں (83 فیصد) سے بچا جا سکتا تھا۔

    تحقیق کے سربراہ جیفری شیمن کا کہنا تھا ’یہ بہت بڑا فرق ہے۔ اس اضافے کے وقت میں ایک لمحہ بھی انتہائی نازک ہوتا ہے جس سے ہلاکتوں میں کمی کی جاسکتی ہے۔‘

  10. بریکنگ, پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا اللہ تارڑ میں کورونا وائرس کی تشخیص

    پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عطا اللہ تارڑ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔

    عطااللہ نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ میں ایسے تمام افراد جن کے ساتھ میرا گذشتہ چند دنوں میں رابطہ ہوا ہے ان سے کہوں گا کہ وہ حفاظتی اقدامات اٹھائیں۔

  11. کیا پاکستان میں اجتماعی مدافعت (ہرڈ امیونٹی) سے کورونا پر قابو پانا ممکن ہے؟, فرحت جاوید، بی بی سی اردو، اسلام آباد

    پاکستان میں گذشتہ چند دنوں سے اجتماعی مدافعت کا ذکر سننے کو مل رہا ہے اور اس کا تعلق لاک ڈاؤن میں مرحلہ وار خاتمے کے فیصلے سے بهی جوڑا جا رہا ہے۔

    مارچ کے آغاز میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہونے والے ایک اعلی سطحی اجلاس میں ملک کے حساس اداروں نے کورونا وائرس سے ہونے والے ممکنہ جانی اور معاشی نقصان سے متعلق ایک جامع رپورٹ پیش کی تهی۔

    حکومتی ذرائع کے مطابق یہی وہ پہلا موقع تها جب اجتماعی مدافعت کا ذکر سننے کو ملا اور یہ تذکرہ ہوا کہ ویکسین دریافت ہونے یا نہ ہونے کی صورت میں ہرڈ امیونٹی کا راستہ ہی اختیار کرنا پڑے گا۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں اس نکتے پر غور کیا گیا کہ ملک کے بیشتر شہری علاقے انتہائی گنجان آباد ہیں جہاں خود ساختہ آئسولیشن اور سماجی فاصلے کا تصور ناممکن ہے۔ چهوٹے چهوٹے گهروں میں بڑے خاندان رہائش پذیر ہیں اور وائرس کے پهیلاؤ کی صورت میں ہر شخص کو تنہا کر کے آئسولیٹ کرنا ممکن نہیں رہے گا۔

    ذرائع کے مطابق یہ کہا گیا کہ اس لیے بات اجتماعی مدافعت کی تیکنیک کو اپنانے تک ہی جائے گی۔

    مگر حکام نے اجتماعی مدافعت کا راستہ اختیار کرنے سے قبل دنیا بهر میں مروجہ دیگر طریقوں جیسا کہ وائرس سے متعلق آگاہی مہم، ہاتھ دهونا، ماسک پہننا اور سماجی دوری پر عملدرآمد یقینی بنانے پر زور دینے کا فیصلہ کیا۔

    گذشتہ روز وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد حسین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے آگاہ کیا کہ وزارتِ سائنس کے ماہرین پر مشتمل ایک کمیٹی نے یہ رائے دی ہے کہ اجتماعی مدافعت کا تصور انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے اور اس طرح کی کوئی حکمت عملی ہرگز نہیں اپنانی چاہیے۔

    پیر کی شام نجی ٹیلیویژن چینل سما پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ اجتماعی مدافعت کا تصور اس لیے خطرناک ہے کیونکہ اس حوالے سے نہ تو کوئی جامع تحقیق اور نہ ہی ڈیٹا دستیاب ہے۔

    تاہم اب ایسا تاثر مل رہا ہے کہ حکومت نے ملکی آبادی میں مجموعی سطح پر قوت مدافعت پیدا کرنے کا سوچ لیا ہے۔ طبی ماہرین اور انسانی حقوق کے کارکن اس ممکنہ اقدام کو ایک ’خطرناک کهیل‘ قرار دے رہے ہیں۔

  12. بریکنگ, پاکستان میں متاثرین کی تعداد 49 ہزار سے تجاوز کر گئی

    پاکستان میں کورونا وائرس کی عالمی وبا سے اب تک 49 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں پہلا کورونا وائرس کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا جس کے بعد سے ملک میں وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

    اس وقت ملک میں انفیکشن کی شرح11 فیصد سے زیادہ ہے جبکہ اموات کی شرح دو اعشاریہ 1 فیصد ہے۔

  13. بریکنگ, سندھ میں ایک دن میں ریکارڈ 20 اموات، 960 نئے مریض, سندھ میں کل متاثرین: 19924 | اموات: 336 | صحتیاب: 5645

    پاکستان کے صوبہ سندھ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 20 اموات ہوئی ہیں جبکہ 960 نئے کیس بھی سامنے آئے ہیں۔

    اس طرح صوبے میں اموات 336 ہو گئی ہیں جبکہ 20 ہزار کے قریب افراد اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

    صوبے میں اب تک 5645 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

  14. ووہان میں جنگلی جانور کھانے پر پابندی

    چین کے علاقے ووہان میں حکام نے جنگلی جانوروں کی تجارت پر پابندی کو بڑھا دیا ہے۔ گلوبل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اس پابندی میں ان کا شکار اور کھانا شامل ہے۔

    ووہان حکومت کی ویب سائٹ کے مطابق کسی بھر قسم کے جنگلی جانور کھانے پر پابندی ہوگی حتی کہ وہ محفوظ کیے گئے یا پنجروں میں موجود ہوں۔

    کورونا وائرس گذشتہ برس ووہان سے ہی شروع ہوا اور حکام کے مطابق یہ جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والی ایک مارکیٹ سے پھیلا۔

    جنوری میں چین نے جنگلی جانوروں کی تجارت پر عارضی پابندی عائد کی تھی جیسا کہ اس نے سارس کی وبا کے وقت کیا تھا۔

    ایک ماہ بعد حکومت نے لوگوں کی زندگی اور صحت کے تحفظ کے لیے جنگلی جانوروں کی تجارت اور کھانے پر مکمل پابندی عائد کر دی تھی۔

    تاہم تب سے کئی رپورٹس آئیں کہ لوگ اب بھی جنگلی جانور فروخت کر رہے ہیں۔

    اب تک کورونا وائرس کی ابتدا کے بارے میں کسی کو یقین سے علم نہیں تاہم ایک خیال ہے کہ یہ جانوروں سے پھیلا۔

  15. مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا: عید پر اپنے گھروں میں رہیں

    خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے تمام مکاتب فکر کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ کورونا کی وبا ختم نہیں ہوئی ہے اور عید پر لوگوں کو ایک دوسرے سے ملنے سے پرہیز کرنا چاہیے۔

    انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کورونا کے مریضوں کا ریکوری ریٹ ملک میں سب سے زیادہ ہے۔

  16. ’میں نے رات کو تین تین بجے بھی لوگوں کو اٹھایا ہے‘

    کورونا وائرس کے مریضوں کی دیکھ بھال کے حوالے سے اپنے صوبے کی کارکردگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے سندھ کے وزیر اعلی نے بتایا کہ وہ ذاتی طور پر رات کے تین، تین بھی انتظامیہ کو الرٹ رکھتے ہیں اور جب بھی انھیں مریضوں یا متاثرین کی جانب سے کوئی شکایت موصول ہوئی ہے وہ تو فوری طور پر انتظامیہ کو حرکت میں لاتے ہیں۔

  17. انڈیا میں اندورن ملک پروازوں کی بحالی کا عندیہ

    انڈیا میں 25 مئی سے اندرون ملک پروازوں کا سلسلہ بحال کیا جا رہا ہے۔ انڈیا میں دو ماہ سے فضائی سفر پر پابندی عائد تھی۔

    حکومت فضائی سفر اور ایئر پورٹ پر سماجی فاصلے کے حوالے سے ضوابط جاری کرے گی۔

    شہری ہوا بازی کے وزیر ہردیپ پوری کا کہنا تھا کہ صرف درمیان کی نشست خالی چھوڑنا قابل عمل نہیں۔ اس سے قیمتیوں میں اضافہ ہوگا۔ اور آپ کے پاس پھر بھی ایسی جگہیں ہوگی جہاں تجویز کردہ فاصلہ رکھنا ممکن نہیں۔‘

    انڈیا میں لاک ڈاؤن 31 مئی کو ختم ہو رہا ہے تاہم جن مقامات پر کیسز سامنے نہیں آیے وہںا پابندیوں میں نرمی کر دی گئی ہے۔ انڈیا میں کیسز میں اضافہ جاری ہے اور بدھ کو ایک دن میں 5000 سے زیادہ کیسز ریکارڈ ہوئے۔

    ملک میں مصدقہ کیسز کی تعداد 106000 ہو چکی ہے۔ تاہم صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 40 فیصد ہے۔ انڈیا مںی ہلاکتیں 3303 ہو چکی ہیں۔

  18. مراد علی شاہ کی عوام سے اپیل: لوگ عید پر گاؤں نہ جائیں

    مراد علی شاہ نے کہا کہ گنجان آباد شہروں مںی وبا پھیلتی ہے، یہ بات سب کو معلوم ہے۔

    لیکن انھوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ اس عید پر وہ اپنے گاؤں نہ جائیں کیونکہ اگر وہاں یہ وبا پھیل جاتی ہے تو بہت نقصان ہو سکتا ہے۔

  19. مراد علی شاہ: کورونا کے اعدادوشمار میں ’فراڈ‘ ہوا ہے

    کسی کا نام لیے بغیر مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس ختم کرنے سے پہلے کہا کہ کورونا کے حوالے سے غلط رپورٹنگ ہوئی ہے۔ کسی کا لقمہ دینے پر انھوں نے کہا یہ صرف ’مِس رپورٹنگ‘ نہیں بلکہ ’فراڈ‘ ہوا ہے۔

    بظاہر ان کا اشارہ وفاق کی جانب تھا لیکن انھوں نے کہا کہ وہ فی الحال اس معاملے کی تفصیل میں نہیں جانا چاہتے۔

  20. مراد علی شاہ: اس عید کو سادگی سے منائیں

    سندھ کے وزیر اعلی نے پریس کانفرنس کے دوران سوالات لینے سے انکار کر دیا ہے اور بظاہر ان کا گلا خشک ہے جس کی وجہ سے وہ پریس کانفرنس کے دوران بار بار اپنا گلا صاف کرتے سنائی دیے۔

    تاہم انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ قومی سطح پر یہ عید سادگی سے منائی جائے اور کوئی بھی نئے کپڑے نہ بنائے۔

    انھوں نے کہا ’میری خواہش ہے کہ (اس حوالے سے) ایک قومی بیانیہ سامنے آئے۔۔۔ لیکن میں صرف اپنے صوبے کے لوگوں سے کہہ سکتا ہوں‘ اور کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ جب اسمبلی کا سیشن بلایا جائے گا تو وہ بتائیں گے کہ کس نے کس کس موقعے پر کورونا کے خلاف اقدامات کو سبفتاژ کرنے کی کوشش کی ہے۔