کورونا: برطانیہ کا ویکسین کے لیے 84 ملین پاؤنڈز دینے کا اعلان، بلوچستان میں 148 نئے متاثرین
کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں اب تک 46 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر اور تین لاکھ سے زیادہ ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ پاکستان میں متاثرین کی کل تعداد 41 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ صوبہ پنجاب میں پیر سے 26 صنعتیں کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ادھر برطانیہ نے ویکسین کے لیے 84 ملین پاؤنڈز دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ چین کے شہر بیجنگ میں عوامی مقامات پر ماسک پہننے کی پابندی ختم کر دی گئی ہے۔
لائیو کوریج
بریکنگ, عمران خان: ’وہ لاک ڈاؤن نہیں کر سکتے جو یورپ، امریکہ اور چین نے کیا‘
،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں ابھی کورونا کے کیس اور بڑھنے ہیں، پاکستان میں وہ لاک ڈاؤن نہیں کر سکتے جو یورپ، امریکہ اور چین نے کیا کیونکہ ان ملکوں میں وہ غربت نہیں جو پاکستان میں ہے۔
اسلام آباد میں کورونا کی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارے ہاں مزدور اور دیہاڑی دار طبقہ ہے، 12 ہزار روپے کتنی دیر تک ایک خاندان کیلیے کافی رہیں گے۔
انھوں نے کہا کہ ملک میں لاک ڈاؤن سے 15 کروڑ لوگ متاثر ہوئے، دیکھنا ہو گا کیا ہم لاک ڈاون کے مزید متحمل ہو سکتے ہیں۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ٹرانسپورٹ بند کرنے سے سب سے زیادہ نقصان غریب کا ہوتا ہے تاہم پبلک ٹرانسپورٹ بحال کرنے کا فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ میں دس دفعہ سوچتا ہوں کہ سفید پوش لوگ کیسے گزارا کر رہے ہوں گے۔
ایران: جمعے کو ملک بھر میں کورونا وائرس کے 2000 سے زائد نئے متاثرین سامنے آ گئے
،تصویر کا ذریعہEPA
ایران میں جمعے کو پہلی بار ایک ماہ سے بھی زائدعرصے میں سب سے زیادہ نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ حکام کے مطابق اب یہ وائرس نئے خطوں کو متاثر کر رہا ہے۔
ایران کی وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہانپور نے کہا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر سے 2،102 نے مریض سامنے آئے ہیں، جس سے ایران میں کورونا وائرس متاثرین کی کل تعداد 116،635 ہو گئی ہے۔
اپریل 6 کے بعد یہ ایک دن میں سب سے زیادہ تعداد بنتی ہے۔
گریٹا تھنبرگ: کورونا وائرس سے بچے بھی محفوظ نہیں ہیں
،تصویر کا ذریعہPA Media
ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق سماجی کارکن گریٹ تھنبرگ نے سکول بند ہونے کی وجہ سے خوراک کی کمی کا سامنا کرنے والی ننھے طالبعلموں کے بارے میں بات کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس وبا کے دوران بچوں کے حقوق متاثر ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ غلط تصور کہ بچوں کو یہ وائرس نہیں ہو سکتا بھی ان کی صحت کو مشکل میں ڈال سکتا ہے۔
کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد 17 برس کی لڑکی نے سویڈن میں مارچ کو اپنے گھر میں سیلف آئسولیٹ کر دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اب لوگوں نے بھی یہ کہنا شروع کر دیا ہے کہ ان کی زندگی کا دارومدار سائنس پر ہے اور ہمیں اس بارے میں جو سائنسدان اور ماہرین کہتے ہیں ان کی بات سننی چاہیے اور اب میں اس سے بات سے بہت پر امید ہوں۔
انھوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ دیگر بحرانوں جیسے کے ماحولیاتی تبدیلی اور ماحول کو درپیش بحرانوں سے بھی نکلنے کے لیے بھی لوگ ایسا ہی رویہ اختیار کریں گے۔
بریکنگ, پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں 255 نئے کیس، مزید سات اموات
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے 255 نئے کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 5678 ہو گئی ہے۔
محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے میں مزید سات اموات کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 291 ہو گئی ہے جبکہ مزید 108 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔
X پوسٹ کا اختتام
یوکرین میں کورونا کے 483 کیسز، ایک دن میں 2.8 فیصد اضافہ
،تصویر کا ذریعہEPA
یوکرین میں گذشتہ روز 483 نئے کورنا متاثرین سامنے آئے ہیں۔
یوکرین کی وزارت صحت نے فیس بک پر ایک پوسٹ میں بتایا ہے کہ 14 مئی کو ملک میں 483 کورونا کے نئے متاثرین سامنے آئے ہیں۔ جس کے بعد یوکرین میں متاثرین کی مجموعی تعداد 17330 تک پہنچ گئی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق ایک دن میں 2.8 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔
یوکرین میں اب تک کورونا کے باعث 476 اموات ہوئی ہیں جبکہ 4473 افراد اب تک اس مرض سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
یوکرین کی مسلح افواج کی میڈیکل کور کے مطابق یوکرین کی فوج میں 15 مئی تک 46 افراد میں کورونا کی تصدیق کی گئی ہے۔ جبکہ فوج کے 65 اہلکار صحت یاب ہو چکے ہیں، دو کی اموات ہوئی ہیں جبکہ 266 خود ساختہ تنہائی اختیار ہوئے ہیں۔
بریکنگ, حکومت پاکستان کا اندرون ملک محدود فضائی آپریشن بحال کرنے کا اعلان
پاکستان کے وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے آج پارلیمنٹ کے اجلاس میں اعلان کیا ہے کہ 16 مئی سے اندرون ملک محدود فضائی آپریشن بحال کیا جائے گا۔
محکمہ ہوابازی کی جانب سے جاری نوٹیفیشکن کے مطابق یہ فضائی آپریشن ملک کے پانچ بڑے ایئرپورٹس اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ کے لیے بحال کیا جائے گا جبکہ ابتدائی طور پر پی آئی اے اور سیرین ایئرلائنز ہی اندرون ملک پروازیں چلائیں گی۔
نوٹیفیشکن کے مطابق محکمہ ہوابازی نے اس حوالے سے سخت ایس اور پیز بھی تیار کیے ہیں۔
،تصویر کا ذریعہAviation Division
سپین: ایک دن میں کورونا سے 138 ہلاکتیں
،تصویر کا ذریعہReuters
سپین کی وزارت صحت نے جمعے کو بتایا کہ ملک میں ایک دن میں 138 نئی اموات ہوئی ہیں۔ یہ پیر سے اب تک ایک دن میں ہونے والی اموات کی سب سے کم تعداد ہے۔
اس کے ساتھ ملک میں کورونا کے باعث ہونے والی اموات کی کُل تعداد 27459 ہوگئی جبکہ مصدقہ مریضوں کی مجموعی تعداد 230183 ہوچکی ہے۔
بریکنگ, خیبرپختونخوا میں سیاحتی مقامات کھولنے کے لیے ایس او پیز تیار
خیبرپختونخوا
حکومت کے ترجمان اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ صوبے کے سیاحتی مقامات کو کھولنے کے لیے ایس
او پیز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور انھیں متعلقہ کمیٹی جلد نوٹیفائی کرے گی۔
پشاور
میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کاکہنا تھا کہ سیاحت کو فروغ دینا حکومت کی ترجیحات
میں شامل ہے اوریہی وجہ ہے کہ وزیر اعلی محمود
خان خود محمکہ سیاحت کو دیکھ رہے ہیں۔
انھوں
نے کہا کہ صوبے میں بین الاقوامی معیار کے 4 مربوط سیاحتی زونز تعمیر کیے جا رہے ہیں
جس سے صوبے کی سیاحت فروغ پائے گی۔
اجمل
وزیر کا کہنا تھا کہ سیاحتی زونز میں ریستوران، پٹرول پمپس، ٹک شاپس اور پلے ایریاز
کو باقاعدہ ایک طریقہ کار کے مطابق بنایا جائے گا۔ سیاحتی زونز میںصفائی کا خاص خیال رکھا جائے گا اور گندگی پھیلانے
پر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
اجمل
وزیر کا کہنا تھا کہ عوام اور تاجر برادری سے اپیل ہے کہ لاک ڈاون میں نرمی کا غلط
فائدہ نہ اٹھائیں اور ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔لاک ڈاؤن میں نرمی
کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ کورونا کا خطرہ ٹل چکا ہے اب پہلے سے زیادہ احتیاط کرنے کی
ضرورت ہے۔
،تصویر کا ذریعہGetty Images
انڈیا کے لیے عالمی بینک کا ایک ارب ڈالر امداد کا اعلان
عالمی بینک نے جمعے کو انڈیا کے لیے ایک ارب ڈالر کے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔
عالمی بینک کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق امداد کا مقصد ملک کے سب سے پسماندہ گھرانوں کو کورونا وائرس کے باعث پیش آنے والی مشکلات سے نمٹنے کے لیے انڈین حکومت کی کوششوں میں مدد کرنا ہے۔
عالمی بینک اب تک انڈیا کو کورونا وائرس کی مد میں دو ارب ڈالر امداد دے چکا ہے۔ جس امداد کا اعلان گذشتہ ماہ ہوا تھا اس کا مقصد ملک میں صحت کے شعبے کو شہارا دینا تھا۔
نئے پیکج کے تحت دی جانے والی رقم دو حصوں میں ادا کی جائے گی:
رواں مالی سال میں 75 کروڑ ڈالر کی رقم انڈیا کو فوری طور پر مل جائے گی۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔
X پوسٹ کا اختتام
خیبر پختونخوا میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 171 نئے متاثرین، مجموعی تعداد 5423
پاکستان
کے صوبہ خیبر پختونخواہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 171نئے متاثرین کی تصدیق کی گئی ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد
5423 ہوگئی ہے۔
خیبر
پختونخوا حکومت کے ترجمان اجمل وزیر نے پشاور میں پریس کانفرنس میں نئے متاثرین کی
تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صوبےمیں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے باعث نو اموات ہوئیں
جس کے بعد اموات کی کل تعداد 284 تک پہنچ گئی ہے۔
اجمل
وزیر کا کہنا تھاکہ خیبرپختونخوا میں ایک دن میں 113 کورونا مریض صحت یاب ہونے کے
بعد صوبے میں کورونا کو شکست دینے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 1505 ہو گئی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کورونا ٹیسٹ منفی آ گیا
،تصویر کا ذریعہ@JamalKamal
وزیراعلیٰ
بلوچستان جام کمال کے کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آیا ہے۔ انھوں نے وزیر خزانہ بلوچستان
ظہور بلیدی کے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا تھا۔
وزیر
اعلیٰ نے گذشتہ روز اپنا کورونا کا ٹیسٹ کروایا تھا جس کی رپورٹ انھیں آج موصول ہوئی
ہے۔
یاد
رہے کہ گذشتہ روز وزیر خزانہ بلوچستان ظہور بلیدی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔جس
کے بعد انھوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا تھا۔
جناح ہسپتال کراچی میں ہنگامہ آرائی: ’پولیس سکیورٹی دے یا ایس او پی تبدیل کیے جائیں‘, ریاض سہیل، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
،تصویر کا ذریعہTwitter/@MWaqar_Bhatti
صوبہ سندھ کے شہر کراچی کے سب
سے بڑے سرکاری ہسپتال جناح پوسٹ گریجوئیٹ کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے
کہ حکومت انھیں پولیس سکیورٹی فراہم کرے یا پھر کورونا کے باعث ہلاک ہونے والوں کی میتیں حوالے کرنے سے متعلق ایس او پیز کو تبدیل کرے۔
گذشتہ روز
عبدلاسلام نامی ایک مریض کی ہلاکت کے بعد لاش ملنے میں تاخیر پرلواحقین نے جناح ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں توڑ پھوڑ کے دوران دروازے، کھڑکیاں،
کمپیوٹر اور پرنٹر توڑ دیئے تھے تاہم اس ہنگامہ آرائی میں پی سی آر ٹیسٹنگ مشین محفوظ رہی تھی۔
بی بی سی سی سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ اس مریض
کو تشویشناک حالت میں اوجھا کیمپس سے جناح ہسپتال ریفر کیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہسپتالوں میں تو وہ ہی مریض آرہے ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے ایکسپو سینٹر
میں تو صرف قرنطینہ کی سہولت ہے وہاں تو آکیسجن بھی موجود نہیں ہے۔‘
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔
X پوسٹ کا اختتام
اس ہنگامہ آرائی کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لواحقین کورونا سے ہلاک ہونے والے شخص کی لاش زبردستی لے گئے تھے اور پولیس اور رینجرز کے موقع پر پہنچنے کے بعد طبی عملہ دوبارہ لاش لیکر آیا تھا۔
ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ ’حکومت سندھ کی ایس او پیز کے مطابق کسی بھی کورونا کے مریض کی ہلاکت کی صورت میں متعلقہ ڈی ایچ او کو مطلع کرنا ہے، جس کے بعد ایدھی کی ٹیم لاش کو پلاسٹک میں بند کرنے کے بعد اپنے ساتھ لے جائے گی۔ اس سارے عمل پر لواحقین ناراض ہوتے ہیں۔‘
جناح ہسپتال کی ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز اور طبی عملہ اپنے اور اپنے اہل خانہ کی زندگیاں خطرے میں ڈال کر ان غیر معمولی حالات میں کام کر رہے ہیں لیکن یہ رویہ انتہائی نامناسب ہے۔
’شکر ہے کہ ڈاکٹرز اور سٹاف کو مارپیٹا نہیں گیا ورنہ یہ ہڑتال پر چلے جاتے اور صورتحال سنگین ہوجاتی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ یہ سکیورٹی کی خامی اور کوتاہی کا نتیجہ ہے اگر ایک پولیس موبائل اورچند اہلکار تعینات ہوتے تو ان لوگوں کی ایسا کرنے کی جرات نہیں ہوتی اور یہ ایک دن کا معاملہ نہیں آئے روز ایسے ہی ہلاکت ہوتی ہے اور لوگ مشتعل ہوجاتے ہیں۔
جولائی کے وسط تک اندازاً دو لاکھ کورونا مریضوں کے لیے بستر موجود ہوں گے
افریقہ میں 25 کروڑ افراد کورونا سے متاثر ہو سکتے ہیں:عالمی ادارہ صحت
،تصویر کا ذریعہEPA
عالمی ادارہ صحت کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ افریقہ میں تقریباً 25 کروڑ افراد ایک سال میں کورونا وائرس سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
بی ایم جی گلوبل ہیلتھ نامی جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ ڈیڑھ لاکھ سے ایک لاکھ 90 ہزار کے قریب افریقی باشندے کووڈ- 19 کے باعث ہلاک ہو سکتے ہیں۔
اس تحقیق میں کہا گیا ہے کہ افریقہ میں 55 لاکھ افراد کو ہستپال میں علاج کی ضرورت پیش آئے گی اور ایسے وقت میں خطے کا صحت کا نظام پہلے ہی ملیریا، تپ دق اور ایچ آئی وی جیسی بیماریوں سے جوج رہا ہے۔
کورونا وائرس کا پھیلاؤ افریقی ممالک میں قدرے سست رہا ہے تاہم اب اس وائرس نے جنوبی سوڈان کے پناہ گزین کیمپوں میں اپنے پنجے گاڑ لیے ہیں۔
یہاں وائرس کی مقامی سطح پر منتقلی کے امکان بہت زیادہ ہے اور چھوٹے ممالک میں سے موریشش میں اس وبا کے تیزی سے پھیلنے کا بہت خدشہ ہے۔ جبکہ خطے کے دیگر ممالک میں جنوبی افریقہ، کیمرون، الجریا بھی خطرے میں ہیں۔
کوئٹہ میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران ایس او پیز پر عمل نہ کیا گیا
بلوچستان
کے دارالحکومت کوئٹہ میں عوام کی بڑی تعداد نے رمضان کے آخری عشرے میں نماز جمعہ کی
ادائیگی کے لیے مساجد کا رخ کیا تاہم نماز کی ادائیگی کے دوران حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔
بازاروں
میں رش کی وجہ سے اس مرتبہ شہر کے مرکزی علاقوں میں بھی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے
مساجد میں نماز جمعہ ادا کی
نماز
جمعہ کی ادائیگی کے لیے آنے والے افراد کی اکثریت بغیر ماسک کے تھی جبکہ دیگر ایس او
پیز پر عملدرآمد کا بھی خیال نہیں رکھا گیا۔
تاہم
مساجد کے مہتممین کی جانب سے متعدد ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات
کیے گئے تھے۔
بریکنگ, پنجاب میں کورونا وائرس کے 356 نئے متاثرین، کل تعداد 13914 ہو گئی
،تصویر کا ذریعہGetty Images
پنجاب
کے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق صوبے میں 356 نئے متاثرین میں کورونا
وائرس کی تصدیق کی گئی ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی کل تعداد 13914 ہو گئی۔
ان
میں سب سے زیادہ 168 متاثرین لاہور میں سامنے آئے ہیں۔
کورونا
وائرس سے اب تک صوبے میں کل 234 اموات ہو چکی ہیں جبکہ 4720 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
بریکنگ, سندھ میں جمعہ کو مزید 870 نئے متاثرین میں وائرس کی تصدیق
وزیراعلیٰ
سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں کورونا کی وبا کی صورتحال سے متعلق بیان جاری
کرتے ہوئے جمعہ کو مزید 870 متاثرین کی تصدیق کی ہے۔
جس
کے بعد صوبے میں متاثرین کی کل تعداد 14916 ہو گئی ہے۔
وزیر
اعلیٰ سندھ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں 12 مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔ جبکہ صوبے
میں کورونا کے باعث کل اموات کی تعداد 255 تک پہنچ گئی ہے۔
وزیر
اعلی سندھ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں 533 مریض صحتیاب ہوئے
جس کے بعد صوبے میں صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 3606 ہوگئی ہے۔
بیان
کے مطابق صوبے میں اس وقت 107 مریضوں
کی حالت تشویشناک ہے اور ان میں سے 35 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
سب سے
زیادہ 567 نئے متاثرین کراچی میں رپورٹ ہوئے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ کے بیان کے مطابق
گذشتہ 24
گھنٹوں میں کل 5566 ٹیسٹ کیے گئے جس کے نتیجے میں 870 کیسز رپورٹ
ہوئے۔
سندھ میں متاثرین میں اضافے کے بعد ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 38037 ہو گئی ہے جبکہ کل اموات 815 تک پہنچ گئی ہیں۔
’امریکہ، چین تعلقات برقرار رکھنا دونوں ممالک کے مفاد میں ہے‘
،تصویر کا ذریعہReuters
چین نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کو شکست دینے کے لیے امریکہ کو بیجنگ کے ساتھ تعاون برقرار رکھنا ہوگا۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین سے باہمی تعلقات ختم کرنے کی بات کی تھی۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لیجیان ژاؤ نے جمعے کو ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا: ’امریکہ اور چین کے تعلقات میں ترقی کو برقرار رکھنا دونوں ممالک کے اقوام کے مفاد میں ہے اور دنیا میں امن اور استحکام برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔‘
’فی الحال دونوں ممالک کو وبا کے خلاف اپنی کوششوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہیے تاکہ اس کا جلد از جلد خاتمہ ہو، مریض صحتیاب ہو جائیں اور معیشت بحال ہو جائے۔ لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ امریکہ چین کو آدھے راستے میں ملے۔‘
دونوں ممالک وبا کے حوالے سے ایک دوسرے پر املازامات لگاتے رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے کئی بار کورونا کو ’چینی وائرس‘ کہہ کر پکارا ہے اور ان کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو وائرس کو چین کی کسی لیبارٹری میں ساختہ قرار دیتے رہے ہیں۔
چین نے ان الزامات کی سخت الفاظ میں تردید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ امریکی سیاستدان اپنی خامیوں پر پردہ ڈالنے اور الیکشن میں کامیابی کی خاطر چین پر الزام تراشی کر رہے ہیں۔
آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن نے حکومتی فیصلوں کو مسترد کر دیا
،تصویر کا ذریعہGetty Images
آل
پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن نے وزرا تعلیم کے فیصلوں کو مسترد کر دیا ہے۔
آل
پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کے رہنما کاشف مرزا نے کہا کہ بورڈ امتحانات منسوخ
کرنے اور طلبا کا مستقبل برباد کرنےکی بجائے بورڈ امتحانات سماجی فاصلے کو برقرار رکھ
منعقد کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے لیے تمام اضافی سرکاری و پرائیویٹ سکول اساتذہ
کی ڈیوٹیاں لگا کر سرکاری و پرائیویٹ سکولز و کالجز کو امتحانی مراکز بنایا جا
سکتا ہے۔
کاشف
مرزا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بورڈ امتحانات منسوخ کرنےکی صورت میں تعلیمی بورڈز
کی فیس اور فنڈز کی مد میں 45 لاکھ طلبا سے وصول شدہ 25 ارب روپے طلبا کوواپس کیے
جائیں۔
انھوں
نے حکومت کے متعین کردہ ضابطہ کار کے مطابق یکم جون سے سکول کھولنے کے لیے وزیر اعظم،
وزرااعلیٰ،گورنرز، چیف جسٹس اورآرمی چیف سے اپیل کی۔
آل
پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کے رہنما کاشف مرزا نے 15 جولائی
تک تعلیمی اداروں کو بند کرنے کے حکومتی فیصلہ کو مسترد کرتے ہوئے اسے تعلیم دشمن قرار
دیا ہے۔
ان
کا کہنا تھا کہ نجی تعلیمی اداروں کا معاشی قتل عام کیا جارہا ہے،15 جولائی سے تک
تعلیمی اداروں کی بندش سے 50 فیصد تعلیمی ادارے مکمل بند اور 10 لاکھ افراد بے روزگار
ہوجائیں گے۔
ان
کا کہنا تھا کہملک بھر میں سکول ٹیچرز کی
تنخواہیں فکس اور 90 فیصد سکول عمارتیں کرائے پر ہیں۔وزیر اعظم پاکستان پرائیویٹ سکولز
کے لیے ’تعلیمی ریلیف پیکیج ‘ کا اعلان کریں۔
انھوں
نے تجویز دی کی کہ سکولوں کے اوقات کار کو صبح 7 تا10 اور دو شفٹوں میں سماجی فاصلے
کو برقرار رکھ کے کلاسز جاری رکھی جا سکتی ہیں۔
بیوٹی سیلون اور پارلرز میں بیک وقت کتنے گاہک بٹھانے کی اجازت؟
،تصویر کا ذریعہGetty Images
پنجاب
کے محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر نے بیوٹی سیلون اور پارلرز کے ایس او پیز
پر وضاحت جاری کر دی۔
پنجاب
کی جانب سے وضع کردہ ضابطہ کار کے مطابق بیوٹی سیلون اور پارلرز کے سروس ایریا میں
ایک وقت میں ایک ہی گاہک کو بٹھایا جا سکے گا۔
صوبائی
حکومت کے ایس او پیز نوٹیفیکشن کی شق سی (فور) کے مطابق سیلونکے ایک سروس ایریا میں بال کاٹنے، مساج، میک اپ
وغیرہ الگ الگ ہونے کی صورت میں ایک وقت میں ایک ہی گاہک کو سروس دی جائے۔
حجام
کی دوکان یا سیلون کے ایک سروس ایریا میں ایک گاہک کی حکمت عملی اپنائی جائے۔جبکہ سیلون
کی کل گنجائش کے مطابق صرف 50 فی صد گاہکوں کو اندر آنے دیا جائے۔ اگر کل گنجائش
10 افراد کی ہو تو صرف 5 افراد کو سیلون کے اندر آنے دیا جائے۔
انتظار
گاہ میں ایک گاہک سے ذیادہ افراد نہ بٹھائے جائیں اورگاہک کو پندرہ منٹ سے زیادہ انتظار
نہ کروایا جائے۔
اس
کے ساتھ ساتھ ضابطہ کار میں کہا گیا ہے کہ گاہکوں کو ٹیلیفون کے ذریعے وقت دینے کی
حکمت عملی اپنا کر رش سے بچا جائے۔