آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

عامر جمال نے پاکستان کو فتح دلائی: ’پہلا میچ اور آخری اوور، پھر بھی اعصاب پر قابو‘

انگلینڈ کے خلاف لاہور میں سیریز کے پانچویں ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے چھ رنز سے فتح حاصل کی۔ انگلینڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے 146 رنز کا معمولی ہدف دیا مگر اچھی بولنگ کی بدولت اس کا کامیابی سے دفاع کیا گیا۔

لائیو کوریج

عمیر سلیمی

  1. نسیم شاہ آج کا میچ نہیں کھیلیں گے

    پی سی بی کے مطابق پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ وائرل انفیکشن کی وجہ سے آج کا میچ نہیں کھیلیں گے۔

  2. بابر اعظم دو نئے ریکارڈز کے قریب

    پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم دو نئے ریکارڈز کے قریب ہیں۔

    نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق بابر اعظم 84 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں اب تک 2939 رنز بنا چکے ہیں۔ اس طرح انھیں تین ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے صرف 61 رنز درکار ہیں۔

    بابراعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تین ہزار رنز مکمل کرنے والے پاکستان کے پہلے اور دنیا کے پانچویں بیٹسمین ہوں گے۔

    دیگر چار بیٹسمین انڈیا کے روہت شرما، وراٹ کوہلی، نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل اور آئرلینڈ کے پال سٹرلنگ ہیں۔

    بابراعظم اور محمد رضوان کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی اوپننگ جوڑی کا نیا ریکارڈ قائم کرنے کے لیے صرف نو رنز درکار ہیں۔

    یہ دونوں ایک ساتھ اوپنرز کی حیثیت سے کھیلتے ہوئے 33 اننگز میں 1735رنز بنا چکے ہیں۔ موجودہ ریکارڈ انڈیا کے اوپنرز روہت شرما اور شِکھر دھون کا ہے جنھوں نے 52 اننگز میں 1743 رنز بنائے ہیں۔

    بابراعظم اور محمد رضوان کی جوڑی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مجموعی طور پر 2043 رنز بنا چکی ہے۔ تاہم پانچ اننگز ایسی ہیں جن میں ان دونوں نے ایک ساتھ اوپننگ نہیں کی ہے۔

  3. عامر جمال: آج ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرنے والے پاکستانی کرکٹر کون ہیں؟

    نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق انگلینڈ کے خلاف لاہور میں کھیلے جانے والے پانچویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کرنے والے 26 سالہ عامر جمال کا تعلق میانوالی سے ہے۔

    وہ دائیں ہاتھ کے تیز بولر اور دائیں ہاتھ کے بلے باز ہیں۔ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق رواں سال نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں عامر جمال کا بیٹنگ سٹرائیک ریٹ 194.11 رہا۔

    تاہم عامر جمال کا اس سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم میں سلیکشن اس لیے حیران کن ہے کہ انھوں نے ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کسی غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا ہے۔

    انھیں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلتے ہوئے صرف ایک سال ہوا ہے اور اب تک قومی سطح پر 12 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ان کا سب سے زیادہ سکور47 ناٹ آؤٹ ہے جبکہ وہ ان 12 میچوں میں 14 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں جس میں بہترین بولنگ27 رنز کے عوض تین وکٹیں ہیں۔

    13 فرسٹ کلاس میچوں میں بھی ان کی حاصل کردہ وکٹوں کی تعداد صرف 28 ہے جس میں بہترین بولنگ 111 رنز کے عوض پانچ وکٹیں ہیں جبکہ بیٹنگ میں ان کے نام کے آگے ایک نصف سنچری درج ہے۔

    پاکستان سپر لیگ کے آغاز کے بعد سے اب تک کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ ان میں سے صرف چھ ایسے ہیں جنھوں نے پی ایس ایل کھیلنے سے قبل ہی پاکستان کے لیے ڈیبیو کیا ہے۔

    عامر جمال ان چھ میں سے ایک ہیں۔

  4. بی بی سی کی لائیو کوریج میں خوش آمدید

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چار میچ کراچی میں کھیلے گئے ہیں اور اب باقی تین میچ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

    پانچواں میچ دونوں کے لیے برتری کا موقع ہے کیونکہ فی الحال سیریز دو، دو سے برابر ہے۔