یونان میں تارکین وطن کے کیمپ میں موجود ایک خاتون میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ یہ یونان میں موجود کیمپوں کے اندر اس نوعیت کا پہلا کیس ہے۔
دارالحکومت ایتنھنز میں خاتون کے ہاں بچے کی ولادت ہوئی اور اس موقع پر ان کا کورونا وائرس کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔
حکام دیکھ رہے ہیں کہ انھوں نے حالیہ عرصے میں کن لوگوں سے میل جول کیا جبکہ ہسپتال کا کہنا ہے کہ شاید یہ وائرس ہسپتال میں منتقل ہو چکا ہے۔
نومولود بچے کے ٹیسٹ کا نتیجہ آنا ابھی باقی ہے۔
مذکورہ خاتون 2500 تارکین وطن کے لیے مخصوص کیمپ میں رہ رہی تھیں۔
تارکین وطن کے لیے لیے حکومتی وزارت کے حکام نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا ہے کہ کیمپ میں کورونا سے متاثرہ اور کوئی کیس موجود نہیں اور ایسی صورتحال کے لیے لوگوں کو تنہائی میں رکھنے کا انتظام بھی موجود ہے۔
یونان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1314 ہے جبکہ 49 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
طبی امداد کے ادارے میڈیسن سان فرنٹیئرز نے یونان کے حکام سے کہا ہے کہ وہ تارکین وطن کے کیمپوں کو فی الفور خالی کروائے۔
موریا نامی علاقے میں 3000 ہزار لوگوں کی رہائش کی گنجائش کے لیے ایک جگہ مختص ہے تاہم وہاں 18000 تارکین وطن کو رکھا گیا ہے۔