آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

کورونا وائرس: دنیا میں اب تک کیا ہوا؟

دنیا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 9 لاکھ سے اور ہلاکتیں 45 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہیں۔ صرف امریکہ میں مریضوں کی تعداد 2 لاکھ سے زیادہ ہے۔ یورپ میں 30 ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں۔ غیر یقینی صورتحال کے پیشِ نظر سعودی عرب نے مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ بکنگ کروانے سے پہلے مزید انتظار کریں۔ اس کے علاوہ برطانیہ میں ٹینس کا ٹورنامنٹ ومبلڈن بھی کینسل ہو گیا ہے۔

لائیو کوریج

  1. ڈچ سائنسدانوں کو ’اینٹی باڈی مل گئی‘, اینا ہولیگن، بی بی سی نیوز

    ڈچ سائنسدانوں نے کہا ہے کہ انھیں لگتا ہے کہ انھیں ایک ایسی اینٹی باڈی مل گئی ہے جس سے کورونا وائرس کی تشخیص اور بچاؤ میں مدد مل سکتی ہے۔ اس کو ابھی تک انسانوں پر ٹیسٹ نہیں کیا گیا ہے جس میں کئی مہینے لگ سکتے ہیں۔ یوٹریکٹ یونیورسٹی کے ایراسمس میڈیکل سینٹر کے سائنسدانوں نے اپنی دریافت کو سارس2 کی اینٹی باڈی کے طور پر بیان کیا ہے۔ یہ وہ کورونا وائرس ہے جو حالیہ عالمی وبا کووڈ۔19 پھیلا رہا ہے۔ سائنسدان پہلے ہی سارس1 کی اینٹی باڈی پر کام کر رہے تھے کہ نیا کورونا وائرس آ گیا۔ انھوں نے کہا ہے کہ انھوں نے دریافت کیا کہ اسی اینٹی باڈی نے اس انفیکشن کو بلاک کیا ہے۔ سائنسدان امید کرتے ہیں کہ وہ ایک دوائیوں کی کمپنی کو قائل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے کہ وہ دوا کے طور پر اس کو بڑے پیمانے پر بنائے جو اس وائرس کی تشخیص میں مدد اور اسے مزید پھیلنے سے روک سکتی ہے۔ علیحدہ کووڈ۔19 ویکسین کو بنانے میں کئی سال لگ سکتے ہیں اور اس وقت تک شاید یہ وائرس غائب بھی ہو گیا ہو۔

  2. ٹوکیو اولمپکس اپنے وقت پر ہوں گے، وزیراعظم جاپان

    کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور کھیلوں پر اس کے اثرات کے باوجود جاپان کے وزیرِ اعظم شنزو آبے نے کہا ہے کہ ٹوکیو اولمپکس 2020 اپنے شیڈول کے مطابق جولائی میں منعقد ہوں گے۔

    تاہم انھوں نے واضح کیا ہے کہ اس کا حتمی فیصلہ انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کو کرنا ہے کہ آیا ٹوکیو اولمپکس اپنے وقت پر ہوں گے۔

    جاپان میں کورونا وائرس کے 1400 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 28 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

  3. برطانیہ: کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 21 ہوگئی

    برطانیہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد تقریباً دگنی ہوگئی ہے۔

    نیشنل ہیلتھ سروس کا کہنا ہے کہ یہ تعداد 11 سے بڑھ کر 21 ہوگئی ہے۔

    حکومتِ برطانیہ نے اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ خوفزدہ ہو کر چیزیں خریدنے سے گریز کریں۔ انھوں نے وعدہ کیا ہے کہ سپر سٹورز پر چیزیں ختم نہیں ہوں گی۔

    کئی دکانوں نے ٹوائلٹ پیپر اور ہینڈ سینٹائزر سمیت اہم اشیا خریدنے پر خاص حد مقرر کر دی ہے۔

    اس کے باوجود سوشل میڈیا پر ایسی تصاویر سامنے آئی ہیں جس میں افراتفری کے بعد سٹورز خالی نظر آ رہے ہیں اور اشیا ختم ہوچکی ہیں۔

    نیدرلینڈز میں بھی کورونا وائرس کے کیسز بڑھ کر 959 ہوگئے ہیں۔

  4. صدر ٹرمپ کا اعلان: امریکہ میں اتوار کو یومِ دعا منایا جائے گا

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انھوں نے وائٹ ہاؤس میں کووڈ 19 سے متعلق ایک میٹنگ میں شرکت کی ہے اور وہ امریکی ریاستوں اور مقامی حکومتوں کے ساتھ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تعاون کر رہے ہیں۔

    ایک ٹویٹ میں انھوں نے لوگوں کو ’ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنے‘ کی تلقین کی ہے۔

    صدر ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ 15 مارچ یعنی اتوار کو امریکہ بھر میں قومی سطح پر یومِ دعا منایا جائے گا۔

    ’ہم نے ایک ملک ہونے کے ناتے ہمیشہ خدا سے طاقت اور تحفظ کی دعا مانگی ہے۔‘

  5. خیبر پختونخوا میں گندھارا فیسٹیول ملتوی

    کورونا وائرس کے خدشات کے باعث پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے ڈائریکٹوریٹ برائے آثارِ قدیمہ اور میوزیمز نے مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے اپریل کے پہلے ہفتے میں منعقد ہونے والے گندھارا فیسٹیول کو ملتوی کر دیا ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایسا کرنا اس فیسٹیول میں شرکت کرنے والوں کی حفاظت کے لیے ضروری تھا اور اس فیسٹیول کی نئی تاریخ کا اعلان حکومتی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

  6. کورونا: خیبر پختونخوا میں اب تک کسی مریض کی تصدیق نہیں ہوئی، صوبائی وزیر

    صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیرِ صحت تیمور جھگڑا نے کہا ہے کہ ابھی تک خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے کسی مریض کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

    انھوں نے مردان کے حوالے سے گردش کرتی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مریض میں کووِڈ 19 کی تشخیص ہونے کے بعد حکام کی جانب سے تصدیق کی جائے گی۔

    سنیچر کو صوبائی وزیر نے کہا تھا کہ اب تک 27 افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 24 ٹیسٹ نیگیٹو آئے ہیں جبکہ تین کا تجزیہ جاری ہے۔ ان تین افراد میں سے دو کا تعلق پشاور اور ایک ایبٹ آباد سے بتایا گیا ہے۔

    انھوں نے لوگوں سے مطالبہ کیا ہے کہ افواہیں پھیلانے سے گریز کریں۔

  7. اداکار امیتابھ بچن کا پیغام

    بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن نے گذشتہ روز کورونا وائرس پر شاعرانہ انداز میں تبصرہ کیا۔

    اس تناؤ بھرے ماحول میں سوشل میڈیا پر امیتابھ بچن کی یہ ویڈیو ٹرینڈ کر رہی ہے جس میں وہ کہتے ہیں کہ ’کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد لوگ ڈر کی وجہ سے گھروں میں بیٹھے ہیں۔‘

    ’ہمیں وہ سب کرنا چاہیے جو اس وائرس کے پھیلاؤ کو روک سکتا ہے۔‘

  8. سندھ میں کورونا وائرس سے متاثر افراد 16 ہوگئے

    سندھ میں کورونا وائرس کا ایک نیا کیس سنیچر کو سامنے آیا ہے۔

    نامہ نگار ریاض سہیل نے بتایا ہے کہ صوبائی محکمہ صحت کے مطابق حال ہی میں ایک 38 سالہ شخص نے سعودی عرب سے کراچی کا سفر کیا تھا اور ان میں کووِڈ 19 کی تشخیص ہوئی ہے۔

    پاکستان میں اس وقت صوبہ سندھ اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ ہے جہاں اب تک 16 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کی جا چکی ہے۔

    یاد رہے کہ ان میں سے 14 زیر علاج ہیں جبکہ دو صحت یات ہونے کے بعد اپنے گھر واپس جا چکے ہیں۔

  9. تفتان سے پانچ کیسز کوئٹہ منتقل جبکہ دو اسلام آباد میں

    پاکستان میں کورونا وائرس کے سات کیسز، جو تفتان سے آئے تھے، میں سے پانچ کوئٹہ جبکہ دو اسلام آباد میں زیرِ علاج ہیں۔

    جمعے کو قومی سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا تھا کہ ملک میں پہلے کورونا وائرس کے 21 کیس تھے لیکن سات دیگر کیس تفتان میں ایران سے آئے ہوئے افراد ہیں۔

    این آئی ایچ کے ڈاکٹر ممتاز نے بتایا ہے کہ ایران سے تفتان آنے والے ان سات نئے کیسز میں سے پانچ کو بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں فاطمہ جناح چیسٹ اینڈ جنرل ہسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔

    جبکہ دو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

  10. ترکی، سعودی عرب نے بین الاقوامی پروازیں محدود کر دیں

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ترکی نے جرمنی اور فرانس سمیت کئی یورپی ممالک کے ساتھ اپنی بین الاقوامی پروازیں 17 اپریل تک روک دیں ہیں۔

    اس پابندی کا آغاز سنیچر سے ہوگا اس کا اطلاق ملک میں داخل ہونے اور ملک سے باہر جانے والی بین الاقوامی پروازوں پر ہوگا۔

    ان یورپی ممالک میں جرمنی، فرانس، سپین، ناروے، ڈنمارک، آسٹریا، سویڈن، اٹلی، بیلجیئم اور ہالینڈ شامل ہیں۔

    اب تک ترکی میں کورونا وائرس کے پانچ کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

    دوسری طرف سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی عرب نے بین الاقوامی پروازوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    یہ دو ہفتوں کی پابندی اتوار سے شروع ہوگی اور اس کا اطلاق ملک میں داخل ہونے اور ملک سے باہر جانے والی بین الاقوامی پروازوں پر ہوگا۔

    تاہم غیر معمولی صورتحال میں اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

  11. سندھ میں 120 بستروں پر مشتمل ہسپتال قائم

    کورونا وائرس کا شکار مریضوں کے لیے حکومتِ سندھ نے 120 بستروں پر مشتمل ایک ہسپتال قائم کیا ہے جس میں 16 وینٹی لیٹر موجود ہیں۔

    حکومتِ سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے اپنے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ اس ہسپتال کو کووڈ 19 کے مریضوں کی آئسو لیشن کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔

    ’سٹریٹیجک وجوہات کی وجہ سے یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ ہسپتال کہاں واقع ہے۔‘

  12. تفتان سے سندھ واپس آنے والے زائرین کو روک لیا گیا

    ایران پاکستان سرحد تفتان سے سندھ آنے والے زائرین کو سکھر میں روک لیا گیا ہے۔

    صوبائی وزیر اطلاعات ناصر شاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن افراد میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہوں گی، ان تمام افراد کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ ’انھیں آئسولیشن وارڈ میں منتقل کیا جائے گا جبکہ باقی کو آنے والے 15 دن قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔‘

    دوسری طرف نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق ایران سے آئے کوئٹہ کے زائرین نے مزید سکریننگ کے لیے قرنطینہ سینٹر منتقلی کے خلاف سینچر کو بطور احتجاج کوئٹہ کراچی ہائی وے کو بلاک کیا تاہم بعد میں سرکاری حکام سے مذاکرات کے بعد انھوں نے احتجاج ختم کر دیا۔

    کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے 414 زائرین پاکستان بھر کے اس 1844 افراد کے قافلے میں شامل تھے جن کو سرحدی شہر تفتان میں قرنطینہ کی مدت پوری کرنے کے بعد جمعے کو ان کے علاقوں کی طرف روانہ کیا گیا تھا۔

    ایران سے متصل سرحدی شہر تفتان اور کوئٹہ میں جن افراد کو قرنطینہ مراکز میں رکھا گیا ہے وہ سہولیات کی کمی شکایت کر رہے ہیں۔ جبکہ سرکاری حکام کا کہنا ہے انھیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں قومی سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا تھا کہ ’پہلے کورونا وائرس کے 21 کیس تھے لیکن سات دیگر کیس تفتان میں ایران سے آئے ہوئے افراد ہیں۔‘

  13. بریکنگ, کورونا: اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں 30 سالہ خاتون کی حالت تشویشناک

    امریکہ سے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد آئی ایک خاتون، جن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ وہ اس وقت پمز ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

    پمز حکام کے مطابق 30 سالہ خاتون کی حالت تشویشناک ہے اور انھیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

    اس وقت اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں کورونا وائرس کے تین مریض زیرِ علاج ہیں جن میں سے دو کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    پمز کے میڈیا کوآرڈینیٹر وسیم خواجہ نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ یہ خاتون کچھ دن قبل امریکہ سے آئی تھیں اور کھانسی و بخار کی وجہ سے ایک نجی ہسپتال میں داخل ہوئی تھیں۔ بعد میں ان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی اور اب وہ دو دن سے پمز ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

    وسیم خواجہ کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ پمز میں دو اور مریض 14 دن سے موجود ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

  14. آسٹریلیا، نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز ملتوی

    آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری ون ڈے سیریز کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کر دی گئی ہے۔

    سیریز کا پہلا میچ جمعے کو سڈنی میں بغیر شائقین کے کھیلا گیا تھا جس میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 71 رنز سے شکست دی تھی۔

    نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنے وطن واپس لوٹ گئی ہے۔

    اب آسٹریلیا میں ون ڈے سیریز کے دو بقیہ میچز نہیں کھیلے جائیں گے جبکہ شیڈول کے مطابق نیوزی لینڈ میں کھیلے جانے والے تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز، جو 24 مارچ سے شروع ہونا تھے، بھی ملتوی ہو گئے ہیں۔

    کرکٹ آسٹریلیا نے کہا ہے کہ وہ یہ سریز نیوزی لینڈ کے کرکٹ بورڈ سے بات چیت کر کے دوبارہ شیڈول کریں گے۔

  15. چین: مقامی افراد کی نسبت دوسرے ممالک سے آنے والوں میں کیسز بڑھ گئے

    چین سے متعلق پہلی مرتبہ یہ اطلاع سامنے آئی ہے کہ مقامی افراد کے مقابلے دوسرے ممالک سے آنے والے لوگوں میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔

    ملک کی نیشنل ہیلتھ کمیشن کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق جمعے کو ملک بھر میں کورونا وائرس کے 11 کیسز سامنے آئے ہیں۔

    ان میں سے چار ہوبائی صوبے میں مقامی افراد کے تھے جہاں سے کورونا وائرس پھیلنا شروع ہوا تھا۔ جبکہ ان 11 نئے کیسز میں سے سات کا تعلق اٹلی، امریکہ اور سعودی عرب سے تھا۔

  16. ایپل کے سٹورز چین کے باہر بند رہیں گے

    ایپل کے سربراہ ٹم کک نے اعلان کیا ہے کہ ان کی کمپنی چین سے باہر اپنے سٹورز 27 مارچ تک بند رکھے گی تاکہ کووِڈ 19 کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

    انھوں نے 13 مارچ کو اپنے ٹویٹ میں کہا کہ چین کے اندر سٹورز کھول دیے گئے ہیں۔ کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے ایپل نے ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے۔

  17. پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا سے متعلق معلومات کے لیے ہیلپ لائن قائم

    پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا سے متعلق معلومات اور عوام کو صوبے کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ رکھنے کے لیے ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے۔

    صوبائی وزیر صحت تیمور علی جھگڑا کے مطابق اس ہیلپ لائن پر فی الحال صبح نو بجے سے رات نو بجے تک رابطہ کیا جا سکتا ہے تاہم بہت جلد اسے 24 گھنٹوں کے لیے فعال بنا دیا جائے گا۔

  18. کورونا وائرس: ’اس آگ کو ایسے ہی نہ جلنے دیا جائے‘

    عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم نے دنیا بھر کے ممالک کو کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

    انھوں نے اپنے ایک بیان کہا ہے کہ ’اس آگ کو ایسے ہی نہ جلنے دیا جائے۔‘

  19. کورونا وائرس: انڈیا میں ہلاکتوں کی تعداد دو، متاثرہ افراد کی تعداد 82 ہو گئی

    انڈیا کی وزارت صحت کے مطابق 13 مارچ کی شب تک ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 82 ہوگئی ہے۔ اس میں 65 انڈین شہری اور 17 غیر ملکی شہری شامل ہیں۔

    اس وائرس سے انڈیا میں اب تک دو افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ 10 افراد اس انفیکشن سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    حکومت کے مطابق اب تک ایئرپورٹس پر 11 لاکھ 71 ہزار سے زائد افراد کی اسکریننگ کی جا چکی ہے۔

  20. کورونا وائرس: پنجاب میں کیا طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں؟, عمردراز ننگیانہ، بی بی سی اردو، لاہور

    صوبہ پنجاب کے تمام شہروں کے ضلعی ہسپتالوں ، تحصیل اور گاؤں کی سطح پر قائم چند سہولیات میں کورونا کے مخصوص کاونٹر قائم کر دیے گئے ہیں۔ چند ضلعی ہسپتالوں اور تحصیل کی سطح پر موجود سنٹرز میں قرنطتینہ اور علیحدگی میں نگرانی کے لیے وارڈ بھی قائم کیے گئے ہیں۔

    ان مقامات پر تربیت یافتہ عملے کے ساتھ ساتھ ممکنہ طور پر زیادہ متاثر افراد کے لیے وینٹیلیٹرز یعنی مصنوعی طریقے سے سانس کی فراہمی کی مشینیں بھی دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب کے تمام اضلاع اور تحصیلوں سمیت 41 مقامات پر ایک ایک مخصوص ایمبولینس بھی موجود ہے۔

    اس کے علاوہ لاہور، فیصل آباد اور ملتان کے ہوائی اڈوں پر قرنطینہ کی سہولیات میسر ہیں جہاں ایک ایک آئسولیشن روم بنایا گیا ہے جن میں مجموعی طور پر 23 افراد کو زیرِ نگرانی رکھنے کی گنجائش ہے۔

    سیالکوٹ کے ہوائی اڈے، لاہور میں واہگہ بارڈر اور نارووال میں کرتارپور بارڈر پر قطرنطینہ کی سہولیات تو میسر نہیں تاہم ایک ایک آیسولیشن روم قائم کیا گیا ہے اور مخصوص ایبولینس موجود ہیں۔

    حکومتِ پنجاب کے حکام کے مطابق کسی مشتبہ مریض کو ہائی ڈیپینڈنسی یونٹ متنقل کرنے کے لیے ریسکیو 1122 کی مخصوص ایمبولنس کی استعمال کیا جائے گا اور یہ منتقلی ڈاکٹر کی تجویز پر ہو گی۔