آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

کورونا وائرس: دنیا میں اب تک کیا ہوا؟

دنیا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 9 لاکھ سے اور ہلاکتیں 45 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہیں۔ صرف امریکہ میں مریضوں کی تعداد 2 لاکھ سے زیادہ ہے۔ یورپ میں 30 ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں۔ غیر یقینی صورتحال کے پیشِ نظر سعودی عرب نے مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ بکنگ کروانے سے پہلے مزید انتظار کریں۔ اس کے علاوہ برطانیہ میں ٹینس کا ٹورنامنٹ ومبلڈن بھی کینسل ہو گیا ہے۔

لائیو کوریج

  1. اسلام آباد کی ضلعی عدالتوں اور ہائیکورٹ میں کام محدود

    پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے اقدامات کے تحت دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی عدالتوں اور ہائی کورٹ میں کام محدود کر دیا گیا ہے اور اب چھ اپریل تک ان عدالتوں میں صرف ضمانت اور حکمِ امتناع کے معاملات کی سماعت ہی ہو گی۔

    اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ظفر کھوکھر نے بی بی سی کے شہزاد ملک کو بتایا کہ یہ فیصلہ پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں اجلاس میں کیا گیا۔ اُنھوں نے بتایا کہ اجلاس میں ہونے والے فیصلے پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔

    اسلام آباد کی ضلعی عدالتوں میں ججوں کی تعداد 72 ہے جن میں دو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں کے علاوہ 20 ایڈیشنل سیشن ججز اور 50 سول جج شامل ہیں۔ سیشن جج کے پاس مقدمات کی کاز لسٹ کے مطابق 50 مقدمات روزانہ کی بنیاد پر سنے جاتے ہیں جبکہ ایک سول جج اوسطاٌ ایک سو کے قریب مقدمات کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر سنتا ہے۔

    وفاقی دارالحکومت کی پولیس کے حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے اڈیالہ جیل سے قیدیوں کی عدالتوں میں آمد کا عمل بھی رک جائے گا۔ حکام کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر دو سو کے قریب ملزموں کو مقامی عدالتوں میں پیش کرنے کے لیے اڈیالہ جیل سے ضلعی عدالتوں میں لایا جاتا ہے۔

    دوسری طرف اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ وفاقی دارالحکومت میں موجود درگاہوں کو بھی بند کرنے پر غور کر رہی ہےاور ضلعی حکام کا کہنا ہے کہ چیف کمشنر کی سربراہی میں اجلاس ہو رہا ہے جس میں اس بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔

  2. چین میں کورونا کے مریضوں کی تعداد باقی دنیا سے کم

    دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد اب چین میں اس وائرس کے متاثرین سے تجاوز کر گئی ہے۔

    جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے عالمی کورونا وائرس ٹریکر کے مطابق چین کے علاوہ دنیا بھر میں اب تک 87,000 سے زیادہ افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

    چینی حکام کے مطابق ملک میں اس وقت تک 80,860 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا ہے۔

    جانز ہاپکنز کے اعداد وشمار کے مطابق چین میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3,241 ہے جبکہ دنیا بھر اس سے اب تک 3,208 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

  3. دلی: کورونا کے باعث شاہین باغ میں جاری احتجاج بھی متاثر

    دلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے وبائی امراض کے قانون کے تحت ریاست بھر میں سیاسی اور مذہبی سمیت ہر قسم کے عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    حکام کے اس فیصلے سے دلی میں شاھین باغ کے مقام پر جاری شہریت کے ایک سو تئیس سال پرانے قانون کے خاتمے اور شہریت کے نئے ترمیمی قانون کے خلاف مظاہرے جاری ہیں۔

    انڈیا میں اب تک کورونا وائرس کے 110 مریض سامنے آچکے ہیں جن میں سے دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

  4. ایرانی آیت اللہ کورونا وائرس سے ہلاک

    ایرانی کے 78 سالہ آیت اللہ ہاشم بطحائی گلپائیگانی کی وفات ہوگئی ہے۔ خبر رساں ادارے ای ایف پی کے مطابق ان کی موت سے دو دن قبل ان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

    آیت اللہ ہاشم بطحائی ایران کی مجلس خبرگان رہبری کے رکن تھے جو کہ ایران کے رہبرِ اعلی کا انتخاب کرتی ہے۔

  5. عالمی منڈی میں مندی کا رجحان

    مرکزی بینکوں کی کارروائی کے باوجود دنیا بھر میں بازارِ حصص میں مندی کا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔

    لندن کی فٹسی 100 انڈیکس کاروباری دن کے آغاز کے بعد 7 فیصد گری ہے۔ اس سے قبل ایشیا کے مارکیٹس میں بھی مندی کا رجحان دیکھا گیا۔

  6. لاہور کا شاہی قلعہ سیاحوں کے لیے بند

    پنجاب حکومت کے احکامات کو مد نظر رکھتے ہوئے کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر لاہور کا شاہی قلعہ سیاحوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے

  7. پنجاب آنے والے 780 زائرین قرنطینہ منتقل

    تفتان میں قرنطینہ میں مقررہ مدت گزارنے کے بعد پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان میں داخل ہونے والے 780 زائرین کو درازندہ کے مقام پر دوبارہ قرنطینہ میں داخل کر دیا گیا ہے جہاں ان کے کورونا ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

  8. سوئٹزرلینڈ: کورونا وائرس سے 2200 افراد متاثر، ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوگئی

    سوئٹزر لینڈ کی حکومت نے پیر کو ملک میں مزید 841 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد سوئٹزرلینڈ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2200 ہوگئی ہے، جبکہ اب تک ملک میں 14 افراد اس بیماری کے باعث ہلاک ہوچکے ہیں۔

    سوئٹزر لینڈ میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے اقدامات کے تحت تمام سکولوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق ملک کی افواج ہسپتالوں میں ضرورت کے تحت تعینات کی جا سکتی ہے۔

  9. ’چھپ کر تقریبات کرنے والے خود کو نقصان پہنچائیں گے‘

    لاہور پولیس کے سی سی پی او ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ حکومت نے عوامی اجتماعات پر جو پابندی عائد کی ہے اس میں رعایت کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

    نامہ نگار عمر دراز کے مطابق پیر کو میرج ہالز، سینما ہالز اور تھیٹر کے مالکان سے ملاقات میں ان کا کہنا تھا کہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے اجتماعات سے گریز ضروری ہے اور اس وقت کاروبار کو نہیں ملکی مفاد کو دیکھنا چاہیے اور پابندیوں کو رضاکارانہ طور پر اپنانا چاہیے۔

    اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر کا کہنا تھا کہ فارم ہاؤسز میں بھی تقریبات کا انعقاد ممنوع ہے اور چھپ کر تقریبات کرنے والے خود کو نقصان پہنچائیں گے۔

    ادھر پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے انتظامات کے لیے ضلعی سطح پر ریپڈ رسپانس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو کہ مشتبہ مریضوں کو ہسپتال لانے، ان کی نگرانی میں معاونت فراہم کریں گی۔

    سیکریٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق یہ ٹیمیں تمام انتطامی محکموں سے رابطہ کر کے انتظامات میں معاونت فراہم کریں گی۔

  10. پشاور میں ایک مشتبہ مریض کی موت

    پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ایک ایسے مریض کی موت ہوئی ہے جس پر کورونا کا مریض ہونے کا شبہ تھا۔

    تاہم صوبائی وزیرِ صحت تیمور جھگڑا کے مطابق مذکورہ مریض کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج تاحال موصول نہیں ہوئے ہیں۔

    مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق مذکورہ شخص کا تعلق ہنگو سے تھا اور وہ چند دن قبل قطر سے واپس آیا تھا۔ ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ اس 31 سالہ شخص کو اتوار کو ہی ہسپتال لایا گیا تھا۔

  11. فرانس میں ’صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے‘

    فرانس کی ہیلتھ سروس نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی وبا سے پیدا ہونے والی صورتحال ’انتہائی پریشان کن‘ ہے اور یہ ’تیزی سے بگڑ رہی ہے۔‘

    خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فرانسیسی ہیلتھ سروس کے سربراہ جیروم سالومن نے کہا ہے کہ ’ملک میں ہر تیسرے دن کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دوگنا ہو رہی ہے۔‘

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایسے مریض جن کی حالت تشویشناک ہے اور جنھیں انتہائی نگہداشت کی ضرورت ہے وہ بھی سینکڑوں میں ہیں۔ فرانس میں اب تک کورونا سے پانچ ہزار افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 127 ہے۔

  12. کورونا وائرس: ملک میں کرکٹ کی سرگرمیاں مکمل طور پر ملتوی

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر پی ایس ایل کے خاتمے کے بعد ملک میں کرکٹ کی تمام سرگرمیاں معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے نتیجے میں مقامی ٹورنامنٹس کے علاوہ بنگلہ دیش کی ٹیم کا دورہ پاکستان بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔

    نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق بنگلہ دیش کی ٹیم نے اپنے دورہ کے دوسرے مرحلے میں ایک ٹیسٹ اور ایک ون ڈے میچ کھیلنے کے لئے پاکستان آنا تھا۔

    دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے 25 مارچ سے شروع ہونے والاپاکستان ایک روزہ کپ بھی غیرمعینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا ہے۔

  13. متحدہ عرب امارات میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 100 کے قریب

    اتوار کو متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کے 12 نئے مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد یہ تعداد 98 تک پہنچ گئی ہے۔

    کورونا سے ملک کی دو بڑی صنعتیں سیاحت اور ایوی ایشن بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

    متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظہبی میں ملک کی معیشت کو کورونا کے اثرات سے بچانے کے لیے نئے اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان اقدامات کے تحت ریاست کے شہریوں کو پانی اور بجلی کے بلوں میں رعایت دی جائے گی۔

  14. نیویارک اور لاس اینجلس میں ریستوران اور شراب خانے بند

    امریکہ کے شہر نیویارک میں حکام نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے سکول، ریستوران، شراب خانے اور دیگر عوامی مقامات بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    لاس اینجلس میں بھی حکام نے شہر کے شراب خانے، ریستوران، جمنازیم اور سنیما بند کر دیے ہیں۔

    امریکہ اس وقت دنیا میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں آٹھویں نمبر پر ہے اور وہاں 3700 سے زیادہ افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔

  15. امریکہ: نیو یارک کی سب سے مصروف سڑکیں سنسان پڑی ہیں

  16. چین: کورونا کے چھ نئے مریض، متاثرین کی تعداد 10000 سے کم

    چین جہاں سے کورونا وائرس کا پھیلاؤ شروع ہوا تھا وہاں اب اس کے مریضوں کی تعداد دس ہزار سے کم رہ گئی ہے۔

    پیر کو چین میں چھ نئے مریضوں کا انکشاف ہوا ہے جن میں سے چار سپین اور دو برطانیہ سے آئے تھے۔

    اس سے قبل چین کے کمیشن برائے قومی صحت نے 80860 مریضوں کی تصدیق کی جن میں سے 67 ہزار سے زیادہ صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    اس وقت چین میں مریضوں کی تعداد 9898 ہے، جن میں سے 3032 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

    چین میں کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک 3213 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

    چین میں پہلی مرتبہ باہر سے آنے والے مریضوں کی تعداد ملک کے مقامی مریضوں کی تعداد سے بڑھ گئی ہے۔

  17. انڈیا: بالی وڈ کا کام بند کرنے کا اعلان

    انڈیا میں فلم اور ٹی وی انڈسٹری نے 19 سے 31 مارچ تک تمام شوٹنگ روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    توقع کی جا رہی ہے کہ بالی وڈ کے اس اقدام سے انڈین فلم انڈسٹری کو کروڑوں ڈالروں کا نقصان ہوگا۔

    یہ فیصلہ فلم انڈسٹری کے مختلف اراکین کی ایک میٹنگ کے بعد لیا گیا۔ فیصلے کے مطابق جن جن پراجیکٹپر اس وقت کام جاری ہے ان کے پروڈیوسرز کو کام نمٹانے کے لیے تین دن کی مہلت دی گئی ہے۔

    دوسری جانب بالی وڈ سپر سٹار امیتابھ بچن نے اپنے مداحوں سے گزارش کی ہے کہ وہ اس اتوار ان کی گھر کے باہر اکٹھے نہ ہوں۔

    یہ ممبئی کی ایک روایت ہے کہ لوگ اتوار کو امیتابھ بچن کے گھر کے باہر ہر جمع ہوتے ہیں اور مشہور اداکار اپنی کھڑکی سے ہاتھ ہلا کر ان کا استقبال کرتے ہیں۔

  18. ترکی میں ایک دن میں کورونا وائرس کے 12 نئے مریض

    ترکی میں پیر کو 12 نئے مریضوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جو کہ ترکی میں ایک دن میں سامنے آنے والی سب سے بڑی تعداد ہے۔

    مریضوں میں سے دو کا تعلق ملک کے پہلے کورونا وائرس مریض سے بتایا جا تا ہے جبکہ ان میں سے سات مریض یورپ اور تین امریکہ سے سفر کر کے آئے ہیں۔

  19. بریکنگ, سندھ: کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 76 ہوگئی

    سندھ حکومت کے محکمہ صحت کے مطابق کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 76 ہوگئی ہے۔

    ان میں سے دو مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔ ان مریضوں میں سے 25 کراچی میں اور دو حیدر آباد میں ہے۔

    سکھر میں سامنے آنے والے 50 مریضوں کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ وہ سب تفتان بارڈر کے راستے ایران سے واپس آئے ہیں۔