پاکستان کرکٹ بورڈ اور سندھ کی حکومت نے کورونا وائرس کے سبب کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے میچوں کے موقع پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سندھ کی حکومت سے بات چیت کے بعد اس بات کی تصدیق کردی تھی کہ پاکستان سپر لیگ کے کراچی میں ہونے والے پانچ میچز معمول کے مطابق ہونگے جن میں 17 مارچ کو ہونے والا کوالیفائر بھی شامل ہے۔
تاہم ان میچوں میں شائقین کے لیے مناسب احتیاطی تدابیر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں پی ایس ایل کا اگلا میچ جمعرات کی شام کراچی کنگز اور لاہور قلندر کے درمیان کھیلا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اگرچہ پی ایس ایل میں شریک ٹیموں کے لیے کسی قسم کی خاص ہدایت کا باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے لیکن ٹیموں کی انتظامیہ کا یہی کہنا ہے کہ وہ پہلے سے احتیاطی تدابیر اختیار کیے ہوئے ہیں۔
ان ٹیموں کے ذرائع نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر کرکٹرز اور کوچنگ سٹاف پہلے سے احتیاط کر رہے ہیں۔ کھلاڑیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر لوگوں سے ملنے سے گریز کریں۔
کرکٹرز کی دیگر سماجی سرگرمیوں کو بھی محدود کر دیا گیا ہے لیکن ایسا بھی نہیں ہے کہ کرکٹرز کو ہوٹل کے کمروں میں قید کر دیا گیا ہو۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ تمام کرکٹرز کے بیگ میں سینی ٹائزرز موجود ہیں۔ ٹیموں کے ڈاکٹرز کھلاڑیوں کو ہدایات دینے کے لیے موجود ہیں۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اب تک ایسی کوئی تجویز سامنے نہیں آئی ہے کہ کھلاڑی میچ کے دوران ایک دوسرے سے ہاتھ نہ ملائیں۔
سندھ حکومت یہ اعلان کرچکی ہے کہ کراچی میں ہونے والے میچوں کے درمیان اسٹیڈیم آنے والے لوگوں کی تھرمل اسکریننگ کی جائے گی اور میڈیکل ٹیمیں وہاں موجود ہونگی۔
واضح رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کے مختلف انکلوژرز میں داخل ہونے کے چودہ گیٹ ہیں۔
کمشنر کراچی نے پی ایس ایل کے میچوں کے موقع پر شائقین کے لیے خاص ہدایات جاری کی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ وہ ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے یا گلے ملنے سے گریز کریں۔ اسٹیڈیم کی کرسیوں، جنگلے اور دوسری چیزوں کو غیرضروری مت چھوئیں۔ اپنے ہاتھوں کو صابن یا سینی ٹائزر سے صاف کریں۔
چھینک کی صورت میں رومال یا ٹشو پیپرز کا استعمال کریں۔ ٹشو پیپرز کو ڈسٹ بن میں ڈال دیں۔
لوگوں سے یہ بھی کہا گیا کہ نزلہ زکام اور کھانسی کی صورت میں اسٹیڈیم آنے سے گریز کریں۔ اسٹیڈیم میں خالی بوتلیں اور دیگر اشیا پھینکنے سے بھی منع کیا گیا ہے۔