آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

کورونا وائرس: دنیا میں اب تک کیا ہوا؟

دنیا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 9 لاکھ سے اور ہلاکتیں 45 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہیں۔ صرف امریکہ میں مریضوں کی تعداد 2 لاکھ سے زیادہ ہے۔ یورپ میں 30 ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں۔ غیر یقینی صورتحال کے پیشِ نظر سعودی عرب نے مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ بکنگ کروانے سے پہلے مزید انتظار کریں۔ اس کے علاوہ برطانیہ میں ٹینس کا ٹورنامنٹ ومبلڈن بھی کینسل ہو گیا ہے۔

لائیو کوریج

  1. کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ کورونا وائرس کا شکار

    کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ صوفی ٹروڈو کورونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں۔ وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’وہ (صوفی ٹروڈو) فی الحال الگ تھلگ رہیں گی۔ وہ خیریت سے ہیں اور تمام تجویز کردہ احتیاطی تدابیر اختیار کر رہی ہیں۔ ان میں (وائرس کی) کم درجے کی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔‘

    وزیر اعظم ٹروڈو اور ان کی اہلیہ اب خود ساختہ تنہائی میں رہ رہے ہیں۔ وزیر اعظم آفس کے مطابق جسٹن ٹروڈو کی صحت اچھی ہے اور ان میں وائرس کی علامات نہیں ہیں تاہم وہ آئندہ 14 روز تک الگ تھلگ رہیں گے۔ فی الوقت اس طرح کا کوئی پلان نہیں ہے کہ جسٹن ٹروڈو کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کروائے جائیں۔

    ’وزیر اعظم اپنا کام جاری رکھیں گے اور آج (جمعہ) کو کینیڈا کی عوام سے خطاب کریں گے۔‘ کینیڈا میں کورونا وائرس کے لگ بھگ 103 تصدیق شدہ کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ یاد رہے کہ بدھ کی شب لندن واپسی پر صوفی ٹروڈو میں ہلکے زکام اور بخار کی علامات ظاہر ہوئی تھیں۔

    کووِڈ وائرس کے پازیٹو نتائج سامنے آنے کے بعد صوفی کا کہنا ہے کہ ’اگرچہ میں وائرس کی بے چین کر دینے والی علامات کا سامنا کر رہی ہوں مگر میں جلد ہی صحت مند ہو جاؤں گی۔ ہم اکٹھے اس صورتحال سے نمٹیں گے۔ برائے مہربانی حقائق شیئر کریں اور اپنی صحت کا بہت زیادہ خیال رکھیں۔‘

  2. برطانیہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد پانچ ہزار سے 10 ہزار تک ہو سکتی ہے

    برطانیہ نے اپنی شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ جس کسی کو بھی بخار یا تازہ اور لگا تار کھانسی کی شکایت ہو وہ سات روز کے لیے خود کو تنہائی میں رکھے۔

    برطانیہ میں سکولوں کی بند نہیں کیا گیا ہے لیکن سکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ طالبعلموں کے بیرون ملک کے دوروں کو منسوخ کر دیں اور ایسے عمر رسیدہ لوگ جنہیں مختلف بیماریاں لاحق ہیں، وہ تفریحی بحری جہازوں پر چھٹیاں گذارنے سے پرہیز کریں۔

    برطانیہ میں کورونا وائرس کے 596 مصدقہ مریض ہیں۔ تاہم برطانیہ کے چیف سائنٹیفک مشیر سر پیٹرک والنس نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5000 سے 10 ہزار تک موجود ہو سکتی ہے۔

  3. سندھ میں تعلیمی ادارے 30 مئی تک بند کرنے کا اعلان

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کے ایک خصوصی اجلاس میں تعلیمی ادارے 30 مئی 2020 تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان نے کہا یہ گرمیوں کی چھٹیاں تصور ہوں گی۔

    صوبائی وزیر سعید غنی نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ صوبے بھر کے تعلیمی ادارے 30 مئی تک موسم گرما کی تعطیلات کےلئے بند رہیں گے۔ نویں اور دسویں جماعت کے 16 مارچ سے شروع ہونے والے امتحانات منسوخ کردیئے گئے ہیں ۔

  4. کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹس ٹروڈو قرنطینہ میں

    کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹس ٹروڈو نے از خود تنہائی اختیار کر لی ہے۔ ان کی اہلیہ صوفی گریگوائر کی کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور ان کی رپورٹس آنا ابھی باقی ہیں۔

    کینیڈا میں وزیر اعظم کے دفتر کا کہنا ہے کہ جسٹس ٹروڈو میں تاحال وائرس کی علامات سامنے نہیں آئی ہیں تاہم وہ رضاکارانہ طور پر قرنطیہ میں چلے گئے ہیں۔ ڈاکٹرز نے وزیر اعظم کو نگرانی کے ساتھ اپنے معمولات انجام دینے کی ہدایت کی ہے۔

  5. ہاتھ کیسے دھوئیں

  6. بریکنگ, بلوچستان میں کورونا سے متعلق موبائل فون پیغامات

    بلوچستان حکومت روزانہ 3 لاکھ سے زائد افراد کوموبائل فون پر کورونا وائرس سے متعلق آگاہی فراہم کرے گی۔

    ایک سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ حکومت بلوچستان و محکمہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے کیا گیا۔

    اعلامیے کے مطابق روزانہ 3 لاکھ سے زائد لوگوں کو روزانہ کی بنیاد پر موبائل فون پر پیغامات کے ذریعے کورونا وائرس کے اثرات اور احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی۔

    اعلامیے کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹس ( فیس بک , ٹوئٹر , یوٹیوب) پر ویڈیو، آڈیو، کے علاوہ پمفلٹس کی شکل میں جنوری سے آگاہی دی جا رہی ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’کورونا وائرس سے بچاﺅ ممکن ہے‘ کے نعرے کے ساتھ محکمہ صحت اور پی ڈی ایم اے کام کر رہے ہیں اور اس کو یقینی بنانے کے لیے سماجی رابطوں پر پھیلنے والی جھوٹی خبروں کی روک تھام کے لیے بھی کوشاں ہے۔

  7. بریکنگ, کوئٹہ میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لیے مخصوص کٹس ختم

    کوئٹہ میں محکمہ صحت کے پاس کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لیے مخصوص کٹس ختم ہوگئی ہیں۔

    محکمہ صحت کے ایک اہلکار نے نامہ نگار محمد کاظم کو اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا وائرس کی ٹیسٹ کی سہولت فاطمہ چیسٹ اینڈ جنرل ہسپتال میں ہے۔

    اہلکار کے مطابق جمعرات کو 9 افراد ٹیسٹ کے لیے آئے تھے جن کے نمونے حاصل کرنے کے بعد کورونا وائرس کی ٹیسٹ کے لیے مطلوبہ کٹس ختم ہوگئی ہیں۔

    خیال رہے کہ فاطمہ جناح چیسٹ اینڈ جنرل ہسپتال کوئٹہ میں واحد ہسپتال ہے جہاں کورونا وائرس کی ٹیسٹ کی سہولت موجود ہے۔

    محکمہ صحت کے اہلکار نے بتایا کہ ’دیگر ہسپتالوں سے ہم نے پوچھا لیکن کہیں بھی یہ کٹس دستیاب نہیں تھے۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز اسلام آباد میں نیشنل ہیلتھ سروسز کے حکام سے کٹس کی فراہمی کے لیے درخواست کی گئی تھی لیکن جمعرات تک یہ کٹس نہیں ملیں۔ انھوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ جمعہ تک اسلام آباد سے مزید کٹس پہنچ جائیں گی۔

  8. بریکنگ, فلپائن کے دارالحکومت منیلا کا لاک ڈاؤن

    فلپائن کے صدر روڈریگو نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے دارالحکومت منیلا کا لاک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔

    ملک میں 53 مصدقہ کیسز میں سے دو ہلاک ہو چکے ہیں۔

    صدر نے اعلان کیا شہر سے زمینی، سمندر اور فضائی سفر منسوخ کیے جا رہے ہیں تاکہ پوری کمیونٹی کو قرنطیہ میں رکھا جا سکے۔

    صدر نے شہر میں بڑے اجتماعات پر بھی پابندی عائد کر دی ہے، ایک ماہ کے لیے سکول بند ہیں اور جن علاقوں میں کیسز سامنے آئے ہیں وہاں برادریوں کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

  9. امریکی دارالحکومت کی عمارتیں عوام کے لیے بند

    خبررساں ادارے ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کی سرکاری عمارتوں میں یکم اپریل تک عوامی داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    ان عمارتوں میں ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ کی وہ تمام عمارتیں شامل ہیں جہاں پر کانگرس کے ارکان اور ان کا عملہ کام کرتا ہے۔

    عام عوام کو ان عمارتوں میں داخلے یا اپنے نمائندوں سے ملنے کے لیے خصوصی پاس جاری کیے جائیں گے۔

  10. ایمازون میں بغیر تنخواہ کے لامحدود چھٹیاں

    ایمازون کے ملازمین رواں ماہ میں لامحدود بیماری کی چھٹیاں لے سکتے ہیں لیکن کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت نہ آنے پر انہیں ان دنوں کی تنخواہ نہیں ملے گی۔

    ایسے ملازمین جن میں کووڈ 19 کی تشخیص ہوگی وہ دو ہفتوں تک بیماری کی چھٹی لے سکتے ہیں جس کی انھیں تنخواہ بھی ملے گی۔ ایک بلاگ پوسٹ میں ایمازون کا کہنا تھا اس کے ’ملازمین اور کنٹریکٹرز کی صحت اور تحفظ اس کی ترجیحات میں شامل ہے۔

    ‘امریکہ میں ایمازوں کے گوداموں میں کام کرنے والے ملازمین میں بیشتر کو سال میں صرف 10 دن کی چھٹی ملتی ہے جس میں بیماری، عام تعطیلات اور ہنگامی صورتحال کے لیے چھٹیاں شامل ہیں۔

    حالیہ وبا کی صورتحال کے پیش نظر بعض ملازمین نے اسے بدلنے کو کہا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بحائے اس کے کہ انہیں چھٹیاں دی جاتیں عملے کی کمی اور ڈیمانڈ میں اضافے کے سبب الٹا ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے کام کے اوقات بڑھائیں۔

  11. بریکنگ, کراچی میں پی ایس ایل کے بقیہ میچ تماشائیوں کے بغیر ہوں گے

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے حکومتِ سندھ کی سفارش پر کراچی میں منعقد ہونے والے پی ایس ایل 2020 کے بقیہ میچ تماشائیوں سے خالی سٹیڈیم میں منعقد کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق پی سی بی کے مطابق یہ فیصلہ کھلاڑیوں، آفیشلز، تماشائیوں اور صحافیوں کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے اور اس کا اطلاق 13 مارچ سے ہو گا۔

    فیصلے کے تحت پی سی بی سے منظور شدہ کمرشل پارٹنرز، میڈیا نمائندگان اور دیگر خدمات فراہم کرنے والے افراد پر نہیں ہوگا۔ اس کے علاوہ کھلاڑیوں، مددگار عملے اور فرنچائز مالکان کے اہلخانہ کو بھی سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہو گی۔

    پی سی بی نے کھلاڑیوں کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ وہ ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے اجتناب کریں۔

    چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ ’حکومتِ سندھ کی سفارش کے بعد ہمارے لیے بطور احتیاطی تدابیر یہ فیصلہ کرنا ضروری تھا۔‘ وسیم خان نے بتایا کہ لیگ کے لاہور میں آئندہ میچوں کے حوالے سے پی سی بی، پنجاب حکومت سے رابطے میں ہے اور اس حوالے سے پی سی بی صوبائی حکومت کی ہدایات پر مکمل عمل کرے گا۔

  12. کورونا وائرس: آپ کیسے محفوظ رہ سکتے ہیں

  13. کراچی نیشنل سٹیڈیم: ’شبہ ہونے پر ہسپتال بھیجیں گے‘

    پاکستان کے شہر کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے میچ سے قبل سندھ حکومت کی میڈیکل ٹیم میں شامل ڈاکٹر عمیر عارف تنولی نے بی بی سی کو بتایا کہ مختلف انکلوژر کے باہر شائقین کو چیک کیا جارہا ہے۔

    چند ضروری سوالات ان سے پوچھے جاتے ہیں کہ پچھلے چند روز میں انہیں بخار یا فلو تو نہیں ہوا۔ سب سے اہم بات یہ کہ ان کی ٹریولنگ ہسٹری معلوم کی جارہی ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ ’کورونا کی علامات کا شبہ ہونے پر اس شخص کو ہسپتال بھیجا جائے گا۔‘

    ڈاکٹر تنولی کا کہنا ہے کہ کراچی میں کورونا وائرس کا خطرہ اس لیے کم ہے کہ یہاں کا درجہ حرارت تیس سے زیادہ ہوتا ہے جبکہ وائرس کا خطرہ پچیس سے چھبیس ڈگری میں ہوتا ہے۔

  14. بریکنگ, سپین میں یومیہ ہلاکتوں میں اضافہ

    سپین میں کورونا وائرس کے باعث ایک دن میں ہونے والی ہلاکتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    سپین کی وزراتِ صحت کے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق جمعرات کو 84 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے، بدھ کو یہ تعداد 47 تھی۔

    اس وقت سپین میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2968 ہے۔

  15. کورونا وائرس کی علامات کیا ہیں؟

  16. دنیا بھر میں کورونا کے پھیلاؤ کی تازہ صورتحال

    دنیا بھر میں اب تک کورونا سے متاثرین کی تعداد 124000 ہو چکی ہے جبکہ 4600 افراد اس کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ عالمی ادرہ صحت نے اس وبا کو عالمی وبا قرار دے دیا ہے۔ اس حوالے سے تازہ ترین اعداد و شمار کچھ یوں ہیں:

    • چین میں 80980 افراد میں وائرس کی تصدیق، 3136 ہلاکتیں
    • اٹلی میں 12462 افراد میں وائرس کی تصدیق، 827 ہلاکتیں
    • ایران میں 10000 افراد میں وائرس کی تصدیق، 429 ہلاکتیں
    • جنوبی کوریا میں 7869 افراد میں وائرس کی تصدیق، 66 ہلاکتیں
    • فرانس میں 2269 افراد میں وائرس کی تصدیق، 48 ہلاکتیں
    • سپین میں 2140 افراد میں وائرس کی تصدیق، 49 ہلاکتیں

    اسی اثنا میں کووڈ 19 سے چند دیگر ممالک میں بھی پہلی پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے جس میں یونان، آئیوری کوسٹ، آسٹریا اور الجیریا شامل ہیں۔ بدھ کو آئر لینڈ، البانیہ ، بیلجیئم، سویڈن اور بلغاریہ میں بھی اس وائرس کی وجہ سے ہلاکتیں ہوئیں۔

    چین میں حکام کا کہنا ہے کہ وہاں وبا کا عروج ختم ہو چکا ہے۔ جمعرات کو ملک بھر سے صرف 15 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ ہوبائی جو اس وبا کا مرکز ہے وہاں بھی صرف آٹھ کیسز سامنے آئے۔

    کئی افریقہ ممالک میں ابھی تک اس وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی تاہم انھوں نے اس سے نمٹنے کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔ جنوبی افریقہ میں بھی کورونا کا پہلا کیسز سامنے آ چکا ہے۔

  17. پی ایس ایل: نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شائقین کا معائنہ

    پاکستان کا صوبہ سندھ ملک میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ ہے اور اس کے دارالحکومت کراچی میں بدھ کو پاکستان سپر لیگ کے سلسلے میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے مابین اہم میچ کھیلا جا رہا ہے۔

    اس موقع پر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں آنے والے شائقین کو طبی معائنے کے بعد ہی سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

    بی بی سی اردو کے نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق باقاعدہ تھرمل سکریننگ تو نہیں ہو رہی تاہم شائقین کا جسمانی درجۂ حرارت ضرور چیک کیا جا رہا ہے اور ان کے ہاتھ بھی صابن سے دھلوائے جا رہے ہیں۔

  18. بریکنگ, پنجاب میں ہنگامی حالت کا اعلان، بلوچستان میں سکول بند

    پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کابینہ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیشِ نظر صوبے میں طبی ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

    حکومتِ پنجاب کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شائع پیغام کے مطابق صوبے میں ایران سے آنے والے 3964 زائرین کی سکریننگ کی گئی اور وہ زیرِ نگرانی ہیں جبکہ ڈیرہ غازی خان میں 800 زائرین کے لیے قرنطینہ قائم کر دیا گیا ہے۔

    ادھر بلوچستان میں حکام نے 31 مارچ تک تمام سکول بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ بدھ کو کوئٹہ میں صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ 16 مارچ سے 31 مارچ تک سکولوں و کالجوں میں چھٹی کے لیے وزیراعلی کو خط لکھ دیا گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بندش کے فیصلے کا اطلاق سرکاری اور نجی دونوں سکولوں پر ہو گا۔ انھوں نے علما سے گزارش کی کہ وہ مدارس بھی بند کریں۔

  19. دنیا بھر میں پاکستانی سفیروں کے تحفظ کے حوالے سے ’منصوبہ زیرِ غور‘

    پاکستان کے مختلف ممالک میں موجود پاکستانی سفیروں کے تحفظ کے بارے میں بات کرتے ہوئے پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان نے بتایا کہ ’اس وقت ہم ایک پلان تشکیل کررہے ہیں جس کے تحت ہم یہ تعین کررہے ہیں کہ کسی بھی صورتحال میں ہم ان سفیروں کی مدد کیسے کرسکتے ہیں۔ پاکستان کے وزیرِ خارجہ اور خارجہ سیکرٹری کے ہمراہ وزارتِ خارجہ میں یہ بات زیرِ بحث ہے کہ پاکستانی سفیروں کے تحفظ کو کیسے یقینی بنایا جائے۔‘

    پاکستان سے باہر رہنے والے پاکستانیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے ترجمان نے بتایا کہ جن جن ممالک میں پاکستانی رہائش پذیر ہیں وہاں کی حکومت اُن کا تحفظ کررہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم ان تمام پاکستانیوں کو تلقین کریں گے کہ وہ ان تمام قواعد کی پاسداری کریں اور اپنا تحفظ یقینی بنائیں۔

    اسلامی ممالک کی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے تحت کونسل برائے وزرا خارجہ (سی ایف ایم) کاایک اہم اجلاس اپریل میں افریقی ملک نائجر میں منعقد ہونا تھا جو اب کہا جارہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوچکا ہے۔ اس بارے میں ترجمان نے کہا کہ ’تفصیلات سے بہت جلد آگاہ کردیا جائے گا۔‘

  20. چین کی جانب سے ماؤنٹ ایورسٹ پر چڑھنے پر پابندی, نوین سنگھ کھڑکا، نامہ نگار برائے ماحولیات بی بی سی

    کورونا وائرس کے پیش نظر عائد کی جانے والی پابندیوں کے تحت چین نے اپنی جانب سے ماؤنٹ ایورسٹ کے لیے موسم بہار کی مہم جوئی منسوخ کر دی گئی ہیں۔

    آپریٹرز کا کہنا ہے کہ احکامات ہیں کہ ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کے خواہاں کوہ پیماؤں کو پہلے 14 دن قرنطیہ میں رہنا ہوگا اور تبت جہاں اس چوٹی کا نصف حصہ واقع ہے وہاں کے لیے پروازیں بدستور معطل ہیں۔

    نصف درجن کے قریب آپریٹرز جو کہ پانچ ٹیموں کے 50 کے قریب کوہ پیماؤں کے ذمہ دار ہیں اب اپنی مہمات کو نیپال منتقل کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

    اگرچہ زیادہ تر کوہ پیما نیپال میں جنوبی سمت سے چوٹی سر کرتے ہیں لیکن حالیہ برسوں میں چین سے ہونے والی مہمات بھی کافی مقبول ہیں۔

    نیپالی حکام کا کہنا ان کے اں اس سال نسبتاً کم مہمات متوقع ہیں۔ کیونکہ چین، جنوبی کوریا، جاپان، اٹلی اور امریکہ سے مہمات کو منسوخ کیا گیا ہے۔