الیکشن 2024: پاکستان کے عام انتخابات سے جڑے اہم حقائق اور سوالات

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کی تاریخ کے بارہویں عام انتخابات کا انعقاد آج ہو رہا ہے جس کے نتیجے میں عوام کو حق رائے دہی کے تحت اپنے نمائندے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں بھیجنے کا موقع ملے گا۔
آج 12 کروڑ 79 لاکھ سے زیادہ رجسٹرڈ ووٹرز قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں پر اپنے حق کا استعمال کریں گے۔ 17 ہزار 758 امیدواروں میں سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں میں اپنے امیدواروں کا انتخاب کریں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اب تک قومی اسمبلی کے ایک اور صوبائی اسمبلیوں کے تین حلقوں سمیت چار انتخابی حلقوں میں امیدواروں کی اموات کی وجہ سے پولنگ ملتوی کی جا چکی ہے۔



