الیکشن 2024: حکومت سازی سے متعلق ن لیگ، پی ٹی آئی اور دیگر سے کوئی باضابطہ گفتگو نہیں ہوئی: بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ لاہور میں اُن کی حکومت سازی کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ ن سمیت کسی سیاسی جماعت سے کوئی گفتگو نہیں ہوئی ہے۔ ادھر پاکستان تحریکِ انصاف کے سینیئر رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی جماعت قومی اسمبلی میں حکومت بنانے کے لیے عددی اکثریت حاصل کر چکی ہے اور اب پی ٹی آئی وفاق، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں حکومتیں بنائے گی۔

لائیو کوریج

  1. بریکنگ, ریٹرننگ افسران آدھے گھنٹے میں نتائج کا اعلان کریں ورنہ سخت کارروائی ہو گی: الیکشن کمیشن

    ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے تمام صوبائی الیکشن کمشنرز اور ریٹرننگ افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ اگلے آدھے گھنٹے میں تمام نتائج کا اعلان کریں ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    اعلامیے میں مزید کہا ہے کہ مختلف میڈیا چینلز کی جانب سے الیکشن کمیشن ذرائع سے منسوب بیانات الیکشن کمیشن کی جانب سے نہیں دیے گئے۔

    الیکشن کمیشن کی ترجمان نگہت سدیقی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کو کچھ نتائج موصول ہو گئے ہیں اور چیف الیکشن کمشنر جلد ان کا اعلان کر دیں گے۔

  2. الیکشن کمیشن کی جانب سے نتائج کے اعلان کے لیے دی گئی پہلی ڈیڈ لائن ختم، ایک بھی نتیجے کا اعلان نہ ہو سکا

    پاکستان میں انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہوئے نو گھنٹے گزر چکے ہیں لیکن الیکشن کمیشن کی جانب سے ابھی تک کسی بھی حلقے کا انتخابی نتیجہ جاری نہیں کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ 31 جنوری کو ایک اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا تھا کہ ’ہماری کوشش ہو گی کہ ہم قانون کے مطابق حتمی نتائج کا اعلان رات ایک بجے تک کر دیں۔'

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے نتائج کے اعلان میں تاخیر کی وجہ تاحال نہیں بتائی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے حکام نے بی بی سی کے نامہ نگار شہزاد ملک کو بتایا کہ ریٹرنگ اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز رات دو بجے تک الیکشن کے نتائج بھیجنے کے پابند ہیں۔

    حکام کے مطابق اگر ریٹرنگ اور ڈسٹرک ریٹرنگ آفیسرز رات دو بجے تک نتائج بھیجنے سے قاصر رہتے ہیں تو انھیں جمعے کو صبح 10 بجے تک نتائج بھیجنے ہوں گے اور تاخیر کی وجہ تحریری طور پر بتانی ہو گی۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بھی انتخابی نتائج کے اعلان میں سُست روی پر خدشات کا اظہار کیا گیا تھا۔

  3. فارم 45 اور 47 کیا ہوتا ہے؟

    پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے مختلف حلقوں میں آر اوز کی جانب سے فارم 45 اور 47 نہ دینے کے دعوے کیے جا رہے ہیں۔

    آئیے جانتے ہیں کہ فارم 45 ہوتا کیا ہے۔

    فارم 45 پاکستانی انتخابی عمل میں ایک اہم ریکارڈ شمار کیا جاتا ہے۔ اس فارم میں پولنگ سٹیشن کا نمبر، حلقے کا نام، رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد، ڈالے گئے ووٹوں کی کل تعداد اور ہر امیدوار کے حاصل کردہ ووٹوں کی تفصیل شامل ہوتی ہے۔

    انتخابی عمل میں شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے اجازت دی گئی ہے کہ امیدوار پولنگ سٹیشن سے فارم 45 کے ذریعے اپنے حاصل کردہ ووٹوں کی تعداد خود گن سکتے ہیں۔

    فارم 47

    الیکشن کمیشن کے مطابق فارم 47 میں انتخابی حلقے کے ’غیر مصدقہ نتائج‘ کے بارے میں معلومات شامل ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ اس فارم میں ووٹوں کی کل تعداد اور منسوخ کیے گئے ووٹوں کی تعداد کا بھی ذکر ہوتا ہے۔

  4. الیکشن کے ابتدائی نتائج 'حوصلہ افزا' ہیں: بلاول بھٹو زرداری

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ الیکشن کے نتائج جاری کرنے میں تاخیر کی جا رہی ہے لیکن ابتدائی نتائج ان کی جماعت کے لیے 'حوصلہ افزا' ہیں۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر ایک پیغام میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی پی پی اور اس کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ابتدائی نتائج کے مطابق اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

    یاد رہے اس سے قبل پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے بھی نتائج کے اعلان میں سُست روی پر خدشات کا اظہار کیا گیا تھا۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے نتائج کے اعلان میں تاخیر کی وجہ تاحال نہیں بتائی گئی ہے۔

  5. بریکنگ, الیکشن 2024: پولنگ کا عمل ختم ہونے کے سات گھنٹے بعد بھی نتائج کا انتظار جاری

    ecp

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان میں آج عام انتخابات میں دن پانچ بجے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد سے سات گھنٹے سے زیادہ وقت گزرنے کے باوجود بھی ابھی نتائج کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

    سرکاری ٹی وی پی ٹی وی اور مقامی میڈیا نے نتائج بتانے کا سلسلہ شروع کیا تاہم پھر بھی ابھی تک سندھ اور خیبرپختونخوا کے چند حلقوں کے نتائج کے علاوہ اس میں خاطر خواہ پیشرفت نہیں ہو سکی ہے۔

    اگرچہ اندرون سندھ سے نتائج موصول ہو رہے ہیں مگر صوبے کے دارالحکومت اور ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ابھی تک نتائج بہت سست روی سے سامنے آ رہے ہیں۔

    اسی طرح ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں بھی نتائج بہت سست روی سے موصول ہو رہے ہیں۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے بھی نتائج کا انتظار جاری ہے۔

    تحریک انصاف کی طرف سے اس تاخیر پر تشویش اور خدشات کا اظہار کیا ہے۔

    خیال رہے کہ سنہ 2018 میں جب آر ٹی ایس کے ذریعے نتائج جاری ہونا شروع ہوئے تھے تو پھر رات کو یہ نظام بھی رک گیا اور نتائج موصول ہونے کا سلسلہ آگے نہ بڑھ سکا۔

    نتائج جب اگلے دن تک مؤخر ہو گئے تو پھر پیپلز پارٹی اور ن لیگ سمیت سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں نے تشویش اور خدشات کا اظہار کیا تھا۔

    واضح رہے کہ آر ٹی ایس نادرا کی طرف سے تنائج مرتب کرنے کے لیے متعارف کروایا گیا تھا۔ اس بار الیکشن کمیشن نے نتائج کے لیے جو نظام متعارف کروایا اسے الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) کا نام دیا گیا۔

    اس نظام کے پریزائیڈنگ افسران نے نتائج ریٹرنگ افسران کو موبائل کے ذریعے بھیجنے تھے۔ مگر آٹھ فروری کو سکیورٹی کے پیش نظر موبائل نیٹ ورک کو بند رکھا گیا جس سے یہ نتائج سست روی کا شکار ہوئے۔

    الیکشن کمیشن کے حکام نے انتخابات سے قبل ای ایم ایس سے متعلق بی بی سی کو بتایا تھا کہ اگر انٹرنیٹ سے نتائج نے بھیجے جا سکے تو پھر پریزائیڈنگ افسران خود نتیجہ لے کر ریٹرنگ افسران کے پاس لے کر جائیں گے۔

  6. تحریکِ انصاف کا 'کثیر تشستوں پر واضح برتری' کا دعویٰ، ملک بھر میں ووٹوں کی گنتی جاری

    پاکستان تحریکِ انصاف کے سینیئر رہنماؤں عمر ایوب خان اور بیرسٹر علی ظفر نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ابتدائی نتائج کے مطابق ان کی جماعت کے حمایت یافتہ امیدوار 'کثیر نشستوں پر واضح برتری کے ساتھ آگے ہیں۔'

    خیال رہے پاکستان کے الیکشن کمیشن نے حتمی نتائج جاری کرنے کا سلسلہ اب تک شروع نہیں کیا ہے۔ بی بی سی کے نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے رات 11 بجے نتائج کے اعلان کا سلسلہ شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

    جمعرات کو پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے جاری بیان میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ 'ابتدائی نتائج میں عمران خان کے امیدواروں کی کامیابی کے قوی امکانات کے بعد نتائج کو تشویشناک سُست روی کا شکار کیا جا رہا ہے۔'

    بیرسٹر علی ظفر اور عمر ایوب خان سے منسوب بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 'نتائج میں مداخلت سے شکست خوردہ عناصر کی شکست کو جبراً کامیابی میں بدلنے کی کسی کوشش کو عوام قبول نہیں کریں گے۔'

  7. الیکشن کمیشن کے دفتر میں تیاریاں، مکمل نتائج کا سلسلہ رات 11 بجے سے شروع ہونے کا امکان

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد میں اپنے دفتر میں نتائج کا اعلان کرنے کے لیے الیکشن سٹی قائم کیا ہے۔

    بی بی سی کے نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق الیکشن سٹی میں لگائی گئی سکرین پر جیتنے والے امیدواروں کے نام اور ان کے انتخابی نشان دکھائے جائیں گے اور اگر کوئی آزاد امیدوار جیتتا ہے تو اس کا انتخابی نشان بھی سکرین پر دکھایا جائے گا۔

    گذشتہ عام انتخابات میں کسی بھی امیدوار کی کامیابی کی صورت میں سکرین پر فارم 45 دکھایا جاتا تھا لیکن اس بار صرف فارم 47 ہی دکھایا جائے گا جو کہ حتمی نتیجہ ہوگا۔

    نتائج کا اعلان 11 بجے متوقع ہے اور یہ اعلان چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے کیا جائے گا جس کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

    اس وقت ایسے امکانات نظر نہیں آ رہے کہ کسی حلقے کا پورا نتیجہ سامنے آ جائے۔

    جیسے ہی الیکشن کا نتیجہ آئے گا وہ الیکشن سٹی میں لگی سکرین پر دکھا دیا جائے گا اور اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر بھی میڈیا سے بات کریں گے۔

  8. پاکستانی فوج کی عام انتخابات کے ’پُرامن انعقاد‘ پر قوم کو مبارکباد

    پاکستانی فوج

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ’عام انتخابات کے پرامن اور تشدد سے پاک انعقاد پر‘ قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

    ایک بیان میں آئی ایس پی آر نے کہا کہ ’انتخابی عمل کے دوران پاکستانی فوج نے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیے۔‘

    آئی ایس پی آر کے مطابق ملک بھر میں ایک لاکھ سینتیس ہزار فوجی و سول سکیورٹی اہلکار 6000 کے قریب حساس پولنگ سٹیشنز پر تعینات کیے گئے تھے۔ ’اس کے علاوہ کوئیک رسپانس فورس کے 7800 سے زیادہ اہلکاروں نے پولنگ کے عمل کو عوام کے لیے محفوظ بنایا۔‘

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’دہشت گردوں کی جانب سے کے پی اور بلوچستان میں 51 بزدلانہ حملوں کے ذریعے امن وامان کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی‘ تاہم سپاہیوں نے ’ملک بھر میں سکیورٹی اور امن کو بحال رکھا۔‘

    تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ ان حملوں میں 10 سکیورٹی اہلکاروں سمیت کل 12 افراد ہلاک ہوئے اور 39 زخمی ہوئے۔

    ان آپریشنز میں کل پانچ دہشت گردوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے۔

  9. الیکشن 2024: آج دن بھر کیا ہوا؟

    ELECTION
    • پاکستان میں عام انتخابات کے غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مختلف علاقوں میں موبائل سروس جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہو گئی ہے۔
    • وزارت داخلہ نے پولنگ شروع ہونے سے ایک گھنٹہ قبل سکیورٹی خدشات کی بنا پر ملک بھر میں موبائل فون سروس معطل کر دی تھی۔
    • ووٹنگ کے عمل کو دیکھیں تو مختلف علاقوں میں پولنگ کا عمل مجموعی طور پر تاخیر سے شروع ہوا، جس کی وجہ سیاسی جماعتوں کے ایجنٹس کی عدم موجودگی قرار دی گئی۔
    • کراچی سے اطلاعات ملیں کہ ہر پولنگ بوتھ میں سیاسی جماعت کے دو دو ایجنٹس کو بیٹھنے کی اجازت تھی، خالی بیلٹ باکس ان کے سامنے سیل ہونا تھے لیکن کئی مقامات پر ایسا ممکن نہیں ہوسکا۔`
    • الیکشن کمیشن کے ترجمان ہارون شنواری نے کہا کہ شہروں میں رات 10، 11 بجے سے مکمل نتائج آنا شروع ہو جائیں گے تاہم پہاڑی اور دوردراز علاقوں میں اس میں تاخیر ہوسکتی ہے۔
    • چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ایک بیان میں کہا کہ موبائل سروس کی بندش الیکشن کمیشن کے ہاتھ میں نہیں، یہ سکیورٹی اداروں کا فیصلہ ہے اور الیکشن کمیشن اس ضمن میں اداروں کو صرف گزارشات دے سکتا ہے لیکن سروس کو بحال کرنا حکومت کی صوابدید ہے۔
    • وزارت داخلہ کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا کہ ملک بھر میں عارضی طور پر موبائل سروس بند کرنے کا فیصلہ جمعرات کی علی الصبح خفیہ ادروں کی طرف سے ملک میں امن امان کی صورت حال سے متعلق دہشت گردی سے نمٹنے والے ادارے نیکٹا کو بھیجی جانے والی رپورٹس کی روشنی میں کیا گیا۔
    ELECTION
    • نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر اور شمالی وزیرستان سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 40 سے نامزد امیدوار محسن داوڑ نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی ہے کہ وہ اس حلقے میں قائم خواتین کے تین پولنگ سٹیشنز پر طالبان کے مبینہ قبضے اور ووٹرز کو دھمکیاں دینے کے معاملے کا نوٹس لے۔
    • موبائل سروس معطل ہونے کے بعد ووٹرز کو پریشانی کا سامنا ہوا اور پاکستان پیپلز پارٹی سمیت چند سیاسی جماعتوں نے اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے نگراں حکومت سے سروس فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
    • الیکشن کمیشن نے سہ پہر کو ایک بیان میں کہا کہ مختلف صوبوں سےزیادہ تر شکایات کارکنوں کے آپسی لڑائی جھگڑوں سے متعلق تھیں۔
    • شمالی وزیرستان میں تھانہ میر علی کی حدود میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے راکٹ حملہ کیا ہے جس میں ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔
    • بلوچستان کے علاقے خاران میں لیویز فورس کی گاڑی پر بم حملے میں لیویز فورس کے دو اہلکار ہلاک جبکہ چھ اہلکار زخمی ہو گئے۔
    • ملتان میں این اے 149 میں خواتین کے پولنگ بوتھس کے باہر موجود پولنگ ایجنٹس نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کو بوتھ کے اندر بیٹھنے کی جگہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے وہ پولنگ کی عمل کا جائزہ نہیں لے سکتیں۔
    • تحریک انصاف کی جانب سے پولنگ کے عمل میں توسیع کا مطالبہ تھا تاہم الیکشن کمیشن نے معیاد نہ بڑھانے کا اعلان کر دیا۔
    • اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ انتخابی عملے اور سامان کی بحفاظت الیکشن کمیشن واپسی تک سکیورٹی موجود رہے گی۔
    • نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ملک بھر میں ’عام انتخابات کے کامیاب انعقاد‘ پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
    • 12ویں عام انتخابات میں عوام کو حق رائے دہی کے تحت اپنے نمائندے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں بھیجنے کا موقع ملا۔ مجموعی طور پر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 79 لاکھ سے زیادہ ہے جبکہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے کل 855 حلقوں پر 17 ہزار 758 امیدوار انتخابات لڑ رہے ہیں۔
  10. پنجاب اور اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ پر

    پنجاب

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    صوبہ پنجاب کے پولیس چیف ڈاکٹر عثمان انور نے پولنگ کے اختتام کے بعد سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیا ہے۔

    آئی جی پنجاب نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ عام انتخابات کے تمام حلقوں میں قانون کی پاسداری ہر صورت یقینی بنائیں، ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ’خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیں، شر پسند عناصر اور مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھی جائے اور ناکوں پر چیکنگ مزید سخت کر دیں۔‘

    ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ ڈولفن سکواڈ، پیرو اور ایلیٹ ٹیمیں کیمپ آفسز اور اہم مقامات کے اطراف پٹرولنگ بڑھا دیں۔

    ادھر ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کا کہنا ہے کہ ’مختلف علاقوں سے عام انتخابات 2024 کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔ اگر کسی علاقے میں فائرنگ یا ہنگامہ آرائی کا کوئی واقعہ پیش آتا ہے تو فوری پولیس کو اطلاع دیں۔‘

    ان کا مزید کہنا ہے کہ ’فائرنگ ایک غیرقانونی عمل ہے جس پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اسلام آباد پولیس کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے ہر طرح سے الرٹ ہے۔

    ’تمام امیدواران اور ان کے سپورٹران اس حوالے سے آگاہ رہیں کہ کسی بھی غیرقانونی عمل کی اجازت نہیں ہوگی۔‘

  11. تصاویر: پاکستان میں ووٹوں کی گنتی جاری

    الیکشن 2024

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    الیکشن 2024

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    الیکشن 2024

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    الیکشن 2024
    الیکشن

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    الیکشن 2024

    ،تصویر کا ذریعہReuters

  12. بریکنگ, ملک کے مختلف علاقوں میں موبائل سروس جزوی طور پر بحال ہونا شروع

    mobile

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان میں انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے جبکہ ملک کے مختلف علاقوں میں موبائل سروس جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہو گئی ہے۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق راولپنڈی ڈویژن، ٹیکسلا، گوجر خان، چکری، بھکر اور سرگودھا کے علاقوں میں موبائل سروس جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہو گئی ہے۔ جبکہ بلوچستان میں لورالائی، سبی، جھل مگسی کے علاقوں میں سروس بحال ہونا شروع ہو گئی ہے اسی طرح صوبہ سندھ میں ملیر اور کراچی کے علاوہ باقی تمام صوبے میں موبائل سروس بحال ہونا شروع ہو گئی ہے۔

  13. ڈوگر ہاؤس اور گیلانی ہاؤس ملتان میں انتخابی نتائج کا انتظار

    DOGAR HOUSE

    پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار عامر ڈوگر کی ملتان میں موجود رہائش گاہ کے باہر موجود لوگ الیکشن کے نتائج کے انتظار میں ہیں۔

    دوسری جانب گیلانی ہاؤس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے حامی موجود ہیں۔

    دونوں جانب حامی اراکین کی نگاہیں سکرینز پر مرکوز ہیں تاہم ابھی غیر حتمی اور غیر سرکاری اعدادو شمار سامنے آ رہے ہیں۔

    ELECTION
  14. ’یہ ہمارا حق ہے۔۔۔‘ 78 سالہ ووٹر کی بی بی سی سے گفتگو

    رخسانہ نصیر

    78 سالہ ووٹر رخسانہ نصیر کہتی ہیں کہ ’یہ ہمارا حق ہے۔‘

    بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’جب بھی الیکشن ہوتے ہیں تو ہمیں ملک اور عوام کے لیے بہترین رہنما کا انتخاب کرنا ہوتا ہے۔‘

    ان کا کہنا ہے کہ ’میری مرضی کے مطابق مجھے اس بہترین شخص کو ووٹ دینا ہوتا ہے۔ اگر آپ پاکستانی ہیں تو آپ کو اپنے ملک کے لیے کچھ کرنا ہے۔‘

  15. زیادہ تر شکایات کارکنوں کے آپسی لڑائی جھگڑوں سے متعلق تھیں: الیکشن کمیشن

    اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے انچارج مانیٹرنگ کنٹرول سینٹر ہارون شنواری کا کہنا ہے کہ کمیشن کو پولنگ کے روز کل 76 شکایات موصول ہوئیں جن کو حل کر لیا گیا۔

    ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ’شکایات نارمل نوعیت کی ہیں۔ زیادہ تر کارکنوں کے آپس میں گرما گرمی، لڑائی جھگڑے کی تھیں جس کو موقع پر قابو کر لیا گیا تھا اور پولنگ جاری کرا دی گئی تھی۔‘

  16. کیا پاکستان میں پولنگ کے روز موبائل سروس کی بندش کا نشانہ تحریک انصاف ہے؟

  17. الیکشن 2024: پاکستان کے عام انتخابات اور ان کے نتائج سے جڑے اہم حقائق و سوالات

  18. آر ٹی ایس نہ آر ایم ایس: اس بار الیکشن کمیشن نتائج کا اعلان کیسے کرے گا اور یہ نیا نظام کتنا قابل بھروسہ ہے؟

    الیکشن کمیشن نتائج

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان میں عام انتخابات میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ انتخابی نتائج الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم سی) کے ذریعے مرتب کیے جائیں گے جو انٹرنیٹ کے بغیر آف لائن نتائج دینے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

    الیکشن کمیشن کے حکام کا اصرار ہے کہ یہ نظام گذشتہ رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس) سے یکسر مختلف ہے۔ البتہ اسے الیکشن کمیشن کے اپنے رزلٹ مینیجمنٹ سسٹم (آر ایم ایس) کی نئی شکل ضرور کہا جا سکتا ہے۔

    الیکشن حکام کے مطابق یہ سافٹ ویئر ایک نجی کمپنی کی جانب بنایا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ اس بار کل 24 کروڑ سے زائد ووٹ کی پرچیاں چھاپی گئی ہیں۔ اب ووٹ تو سو فیصد نہیں کاسٹ ہوں گے مگر الیکشن کمیشن ان تمام سو فیصد پرچیوں کا حساب رکھنے کا پابند ہے۔

    بی بی سی اردو نے الیکشن کمیشن کے ان حکام سے تفصیل سے بات کی ہے، جو اس نئے نظام کی تیاری کے عمل میں شریک رہے ہیں، جس پر 27 جنوری کے بعد بھی مزید تجرباتی اجلاس بلائے گئے۔

  19. قوم کو الیکشن 2024 کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں: نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ

    نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ملک بھر میں ’عام انتخابات کے کامیاب انعقاد‘ پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

    ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ’میں الیکشن کمیشن، نگران صوبائی حکومتوں، مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں، انتخابی عملے، میڈیا اور دیگر افراد و اداروں کی کوششوں کو سراہتا ہوں جنھوں نے صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد میں حصہ ڈالا۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’بڑا ووٹر ٹرن آؤٹ عوام کے ملک کے مستقبل کے لیے عزم کی واضح علامت ہے۔‘

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

  20. الیکشن کے مکمل نتائج کب دستیاب ہوں گے؟

    الیکشن کمیشن کے ترجمان ہارون شنواری کا کہنا ہے کہ شہروں میں رات 10، 11 بجے سے مکمل نتائج آنا شروع ہو جائیں گے تاہم پہاڑی اور دوردراز علاقوں میں اس میں تاخیر ہوسکتی ہے۔

    سرکاری چینل پی ٹی وی سے گفتگو کے دوران انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے نتائج کے لیے بنا ای ایم ایس نظام آف لائن موڈ پر بھی نتائج دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، لہذا موبائل و انٹرنیٹ سروسز کی معطلی سے اس پر فرق نہیں پڑے گا۔

    ہارون شنواری نے کہا کہ سندھ، بلوچستان، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے صوبوں میں جن علاقوں میں فاصلے زیادہ ہیں اور دیگر مسائل ہیں وہاں مکمل نتائج آنے میں تاخیر ہوگی۔

    نوٹ: بی بی سی کی ویب سائٹ پر کسی بھی حلقے کے انتخابی نتائج الیکشن کمیشن کی جانب سے مکمل نتیجے کے اعلان کے بعد ہی دستیاب ہوں گے۔