ایبٹ آباد میں موسلا دھار بارش کے بعد سیلابی صورتحال، گھروں اور ہسپتال میں پانی داخل

ایبٹ آباد میں موسلا دھار بارشوں سے شہر میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوچکی ہے۔ ایبٹ آباد مانسہرہ روڈ پر کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہے جبکہ ایوب میڈیکل ہسپتال سمیت کئی کالونیوں اور آبادیوں میں پانی داخل ہوا ہے۔

لائیو کوریج

  1. خیبر: باڑہ میں پولیس کمپاؤنڈ پر حملے میں ایک اہلکار اور دو دہشتگرد ہلاک, بلال احمد/ بی بی سی اردو، پشاور

    خیبر پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تحصیل باڑہ میں مسلح شدت پسندوں کے حملے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوا ہے۔

    ادھر خیبر پختونخوا کے پولیس سربراہ اختر حیات نے کہا ہے کہ دو خودکش حملہ آوروں نے ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں پولیس کمپاؤنڈ پر حملہ کیا۔

    پشاور میں میڈیا ٹاک کے دوران آئی جی کے پی کا کہنا تھا کہ ’ایک حملہ آور نے فرنٹ گیٹ، دوسرے نے عقب سے عمارت میں داخلے کی کوشش کی۔

    ’پولیس کی جوابی فائرنگ میں دونوں خودکش حملہ آور مارے گئے، حملہ آوروں کو عمارت کے اندر داخل ہونے نہیں دیا گیا۔‘

    وہ مزید کہتے ہیں کہ ’ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے حملہ آوروں کے اعضا کے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں۔‘

    ایک بیان میں خیبر پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے ممکنہ طور پر پولیس کمپاؤنڈ پر خودکش حملہ کیا گیا مگر گیٹ پر موجود اہلکار انھیں بروقت کارروائی سے روکنے میں کامیاب رہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں طیب آفریدی نامی ایک اہلکار ہلاک ہوا جبکہ چار اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ دہشتگروں کی جانب سے کیے گئے دھماکے کی وجہ سے عمارت اور گیٹ کو نقصان پہنچا ہے۔ ’حملہ آوروں نے اندر جانے میں ناکامی پر خود کو اُڑایا۔ حتمی طور پر تفتیش کے بعد ہی کچھ کہنا ممکن ہوگا۔‘

  2. خیبر: تحصیل باڑہ کے کمپاؤنڈ میں دھماکہ، ریسکیو آپریشن جاری

    خیبر

    ،تصویر کا ذریعہRESCUE1122

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں تحصیل باڑہ کے کمپاؤنڈ میں دھماکے سے ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    ایک بیان میں ریسکیو 1122 نے کہا ہے کہ تحصیل کمپاونڈ، جہاں پولیس سٹیشن بھی موجود ہے، میں دھماکے سے عمارت کی چھت گر گئی جس سے ایک شخص ہلاک ہوا۔ ہیوی مشینری موقع کی جانب روانہ کر دی گئی ہے اور عمارت کے ملبے تلے پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

    زخمیوں کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے ریسکیو حکام نے بتایا ہے کہ ایک زخمی کو ایچ ایم سی، تین کو مقامی ہسپتال جبکہ چھ کو موقع پر طبی امداد فراہم کی گئیں ہیں۔

    تاحال دھماکے کی نوعیت کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکا ہے۔

    ادھر پشاور پولیس لائن میں گذشتہ رات تھانہ ریگی کی چیک ہوسٹ پر حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے دو پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پشاور پولیس لائنز میں ادا کردی گئی ہے۔

    منگل کے روز حیات آباد میں فرنٹیئر کور کی گاڑی کے قریب خود کش حملہ کیا گیا تھا جس میں آٹھ اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

  3. فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی: ’میں ترجمان تھا، پارٹی کی پوزیشن بیان کی تھی‘

    فواد چوہدری

    ،تصویر کا ذریعہEPA

    توہین الیکشن کمیشن کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ذاتی حیثیت میں الیکشن کمیشن سے معذرت کر لی ہے مگر چیف الیکشن کمشنر نے انھیں تحریری طور پر معافی نامہ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

    اس کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے کی جس دوران فواد چوہدری نے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ ناقابل ضمانت گرفتاری وارنٹ غلط پتے پر بھیجے گئے اور ’میں اکثر گھر پر نہیں ہوتا‘ جس پر چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ ’ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کا علم تو ہوگیا آپ کو۔‘

    فیصل چوہدری نے استدعا کی کہ ’الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہوا ہے، وہ شو کاز نوٹس ہائی کورٹ میں چیلنج ہے جس پر فیصلہ محفوظ ہے۔ الیکشن کمیشن ہائی کورٹ کے فیصلے تک کیس پر کارروائی آگے نہ بڑھائے، اگلی سماعت پر شو کاز نوٹس کا جواب جمع کرا دیں گے۔‘

    تحریک انصاف کے سابق رہنما فواد چوہدری نے سماعت کے دوران کہا کہ ’میں بطور ترجمان اپنی سیاسی جماعت کا سفیر تھا، جو بیان دیا اس پر الیکشن کمیشن سے معذرت کرتا ہوں۔‘ انھوں نے استدعا کی کہ ’الیکشن کمیشن بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میری معافی قبول کرے، الیکشن کمیشن شوکاز نوٹس واپس لے کر کیس پر کارروائی ختم کرے۔‘

    وہ کہتے ہیں کہ ’پارٹی ایک ادارہ ہے اور میں ان کا ترجمان تھا، ذاتی حیثیت میں معذرت کر سکتا ہوں۔

    ’میں قانونی کیسز میں نہیں پڑنا چاہتا، میں الیکشن کمیشن اور اس کے ممبران کی دل سے عزت کرتا ہوں۔ اس وقت پارٹی کی پوزیشن تھی جو میں نے بیان کی۔‘

    چیف الیکشن کمشنر نے ان سے استفسار کیا کہ ’پارٹی چیف اگر آپ سے قتل کروائیں تو کیا آپ کردیں گے؟‘ فواد چوہدری نے جواب دیا ’میں ایسا نہیں کروں گا۔‘

    چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ ’پارٹی چئیرمین کوئی غلط بات کرے تو مان لیں گے؟ آپ کی جماعت نے الیکشن کمیشن اور میری ذات کے حوالے سے کیا کچھ نہیں کہا، میری بیوی کے بارے میں اوپن جلسے میں کہا گیا، میری فیملی کو دھمکیاں دیں بعد میں مکر گئے۔‘

    فواد چوہدری نے جواب دیا کہ ’سپریم کورٹ کے ججز کے بارے میں کیا کیا کہا جا رہا ہے۔‘ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ ’ماحول ہم نے ہی ٹھیک کرنا ہے۔‘

    فواد چوہدری نے استدعا کی کہ ’الیکشن کمیشن میری معذرت قبول کرتے ہوئے کیس کو ختم کرے۔‘

    چیف الیکشن کمشنر نے فواد چوہدری کو تحریری طور پر معافی نامہ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ ’میں نے الیکشن کمیشن میں پیش ہو کر زبانی طور پر معافی مانگ لی ہے‘ جس پر سکندر سلطان راجہ نے کہا ’معافی تحریری ہوتی ہے۔‘

    ’اگر آپ تحریری طور پر معافی نامہ جمع کرائیں گے تو الیکشن کمیشن غور کرے گا۔‘

    معافی نامے جمع کرانے کی ہدایت کے بعد کیس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی کر دی گئی۔

  4. بجلی کی قیمتوں میں 1.90 روپے فی یونٹ اضافہ, تنویر ملک، صحافی

    نیپرا نے فیول چارجز ایڈجسمنٹ کی مد میں بجلی 1 روپے 90 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی ہے۔

    نیپرا نے مئی کے مہینے کے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

    قیمتوں میں اضافے کا اطلاق جولائی کے ماہ کے بلوں پر ہوگا۔

    نیپرا نے 5 جولائی کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر سماعت کی تھی۔ اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر ہوگا۔

  5. کوئٹہ میں وکیل کے قتل کے معاملے پر عمران خان سپریم کورٹ کے سامنے ذاتی حیثیت میں طلب

    عمران خان

    ،تصویر کا ذریعہPTI

    کوئٹہ میں وکیل کے قتل کے مقدمے میں نامزدگی کے خلاف جمع کروائی گئی درخواست پر جسٹس یحییٰ آفریدی نے وکیل چیئرمین پی ٹی آئی لطیف کھوسہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ریلیف لینے کے لیے درخواست گزار کو ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر عدالت کے سامنے سرنڈر کرنا ہوتا ہے۔‘

    سپریم کورٹ نے کوئٹہ وکیل قتل کیس میں عمران خان کو 24 جولائی کو ذاتی حثیت میں طلب کر لیا ہے۔

    جسٹس یحییٰ خان آفریدی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی۔ جسٹس یحیی آفریدی نے وکیل چیئرمین پی ٹی آئی لطیف کھوسہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ریلیف لینے کیلئے درخواست گزار کو ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر عدالت کے سامنے سرنڈر کرنا ہوتا ہے۔

    جسٹس یحیی آفریدی نے ریمارکس دیے کہ چئیرمین پی ٹی آئی کو کہیں کہ وہ خود عدالت میں پیش ہوں۔

    جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے سوال کیا ’تو کیا چئیرمین پی ٹی آئی آج پیش ہو سکتے ہیں؟‘

    وکیل لطیف کھوسہ نے جواب دیا کہ ایک گھنٹے میں سپریم کورٹ آ جائیں گے جس پر جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کہا کہ چئیرمین پی ٹی آئی کو آج آنے کا کہہ دیتے ہیں۔

    تاہم جسٹس یحیی آفریدی نے ریمارکس دیے کہ ’بہتر ہو گا پہلے حکومتی وکیل کا اس کیس میں جواب آجائے پھر چئیرمین پی ٹی آئی پیش ہوں۔‘

    پراسیکیوٹر جنرل بلوچستان نے جواب جمع کروانے کے لیے مہلت کی استدعا کی تو عدالت نے فریقین کو جواب جمع کروانے کے لیے مہلت دیتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کو کوئٹہ وکیل قتل کیس میں 24 جولائی کو صبح دس بجے ذاتی حثیت میں طلب کر لیا۔

  6. بی بی سی کی نئی لائیو پیج کوریج میں خوش آمدید

    اب تک کی بڑی خبریں:

    • سپریم کورٹ نے کوئٹہ میں ایک وکیل کے قتل کے مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 24 جولائی کو ذاتی حثیت میں طلب کر لیا ہے
    • سائفر کی تحقیقات کے معاملے پر ایف آئی اے نے عمران خان کو 25 جولائی جبکہ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سابق وزیر اسد عمر کو 24 جولائی کو طلب کیا ہے
    • وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا دعویٰ ہے کہ عمران خان کے سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان نے سائفر سے متعلق اپنا بیان مجسٹریٹ کے سامنے ریکارڈ کروایا ہے جس میں انھوں نے عمران خان کو قصوروار ٹھہرایا ہے
  7. بچوں کے ریپ کے پریشان کن اعدادوشمار