اسلام آباد ہائی کورٹ نے پرائیویٹ اشخاص کی ٹیلی فونک گفتگو کی ریکارڈنگز اور آڈیو لیکس پر اٹارنی جنرل سے معاونت طلب کر لی, شہزاد ملک، بی بی سی اردو اسلام آباد
اسلام آباد ہائی کورٹ نے پرائیویٹ اشخاص کی ٹیلی فونک گفتگو کی ریکارڈنگز اور آڈیو لیکس پر اٹارنی جنرل سے معاونت طلب کر لی ہے۔
عدالت نے وفاق، وزارت داخلہ، وزارت دفاع اور پی ٹی اے کو بھی پٹیشن میں فریق بنانے کی ہدایت کی ہے۔
سیکرٹری قومی اسمبلی سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں اور پٹیشن پر پیراوائز کمنٹس جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عدالت نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کو آڈیو لیک پر خصوصی کمیٹی میں طلبی کا سمن معطل کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے۔
اس حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے سات صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے۔
اعتزاز احسن، مخدوم علی خان، میاں رضا ربانی اور محسن شاہنواز رانجھا کو عدالتی معاونین مقرر کیا گیا ہے۔
دورانِ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آئین اور قانون شہریوں کی کالز کی سرویلنس اور خفیہ ریکارڈنگ کی اجازت دیتا ہے؟
عدالت نے سوال کیا کہ اگر فون ریکارڈنگ کی اجازت ہے تو کون سی اتھارٹی یا ایجنسی کس میکنزم کی تحت ریکارڈنگ کر سکتی ہے؟
عدالت نے یہ بھی استفسار کیا کہ آڈیو ریکارڈنگ کو خفیہ رکھنے اور اس کا غلط استعمال روکنے کے حوالے سے کیا سیف گارڈز ہیں؟ اور اگر اجازت نہیں تو شہریوں کی پرائیویسی کی خلاف ورزی پر کون سی اتھارٹی ذمہ دار ہے؟
عدالت نے یہ بھی سوال کیا کہ غیر قانونی طور پر ریکارڈ کی گئی کالز کو ریلیز کرنے کی ذمہ داری کس پر عائد ہو گی؟ اور عدالت نے مزید سوال کیا کہ بتائیں کہ پارلیمنٹ کسی پرائیویٹ شخص کے معاملے پر انکوائری کر سکتی ہے؟
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا رولز اس بات کی اجازت دیتے ہیں کہ اسپیکر پرائیویٹ اشخاص کی گفتگو لیک ہونے پر خصوصی کمیٹی بنائیں؟
عدالت نے ریمارکس دیے کہ پارلیمنٹ کے احترام میں تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے خصوصی کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن معطل نہیں کیا جا رہا۔
عدالت کا کہنا ہے کہ پٹیشنر نجم الثاقب کو خصوصی کمیٹی کی جانب سے طلب کرنے کا 25 مئی کا سمن آئندہ سماعت تک معطل رہے گا۔






