ملیکہ بخاری کے بعد مسرت جمشید چیمہ اور ان کے شوہر بھی تحریکِ انصاف چھوڑ گئے

پاکستان تحریکِ انصاف کی رہنما مسرت چیمہ اور ان کے شوہر جمشید چیمہ نے سیاست اور پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سے قبل رہنما پی ٹی آئی ملیکہ بخاری نے اڈیالہ جیل سے رہا ہونے کے بعد ایک پریس کانفرنس میں تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

لائیو کوریج

  1. ملک ریاض اور این سی اے میں خفیہ معاہدہ تھا کہ پیسے سپریم کورٹ میں جمع ہوں گے، عمران خان

    تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک ریاض اور این سی اے میں خفیہ معاہدے کے تحت 190 ملین پاؤنڈ سپریم کورٹ میں جمع ہوئے جو کابینہ کی منظوری کے بغیر پاکستان واپس نہیں آ سکتے تھے۔

    ٹوئٹر پر صارفین سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے دعوی کیا کہ القادر یونیورسٹی کے لیے ملک ریاض زمین عطیہ کی جس پر مئی 2018 میں ٹرسٹ نے کام شروع کر دیا۔

    عمران خان نے کہا کہ اسی سال دسمبر میں ملک ریاض اور برطانیہ کی این سی اے کے درمیان خفیہ معاہدہ ہوا کیوں کہ ملک ریاض کے اکاوئنٹ فریز کیے ہوئے تھے۔

    عمران خان نے کہا کہ ’ملک ریاض اور این سی اے خفیہ معاہدہ کرتے ہیں کہ یہ پیسے سپریم کورٹ میں ملک ریاض کے اکاوئنٹ میں بطور جرمانہ جمع ہوں گے۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’کابینہ میں یہ چیز آئی کہ اگر آپ اس معاہدے کو مانتے ہیں تو پیسہ آ جائے گا، ورنہ آپ کو انگلینڈ میں اس پر کیس کرنا ہو گا۔‘

    عمران خان نے کہا کہ ’ہمارے وزیر قانون نے مشورہ دیا کہ پاکستان باہر ایک سو ملین ڈالر کیسوں میں ہار چکا ہے۔‘

    ’کابینہ کو بتایا گیا کہ 190 ملین پاؤنڈ لے لیں یا پھر برطانیہ میں مقدمہ کر لیں اور ہار گئے تو پیسے برطانیہ میں رہ جائیں گے۔‘

    عمران خان نے کہا کہ ’مجھے ذاتی طور پر کیسے فائدہ ہوا؟ پیسہ سپریم کورٹ میں پڑا ہوا ہے۔ نیب کیس کر دے۔ القادر یونیورسٹی سے بھی مجھے کوئی فائدہ نہیں ہوا، میں تو اس سے کوئی تنخواہ بھی نہیں لیتا۔ میں صرف ٹرسٹی ہوں، جس کی کوئی مداخلت تک نہیں ہوتی۔‘

    عمران خان نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ ’پاکستان کی سپریم کورٹ ہمیں بچائے گا کیوں کہ تقسیم کے باوجود سپریم کورٹ میں دونوں طرف زبردست جج ہیں اور وہ یہ تباہی نہیں ہونے دیں گے۔‘

    عمران خان نے کہا کہ ’حکومت میں آ کر نگران وزرائے اعلی اور آئی جیز پر کیسز بنائیں گے۔‘

    عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ’کل چانس ہے کہ مجھے گرفتار کر لیا جائے گا۔‘ عمران خان نے کہا کہ ’میں نے آخر تک جنرل باجوہ کے ساتھ کام کرنے کی کوشش کی جب مجھے پتہ تھا کہ وہ سازش کر رہے ہیں۔‘

    عمران خان نے کہا کہ ’موجودہ چیف سے بھی میرا کوئی اختلاف نہیں لیکن وہاں سے کوئی اختلاف ہے جو وہ ہی بتا سکتا ہے۔‘

    عمران خان نے کہا کہ ’میں فوج کی تنقید اس طرح کرتا ہوں جیسے بچوں پر تنقید کرتا ہوں، جس کا مقصد اصلاح کرنا ہوتا ہے۔‘

  2. کور کمانڈر ہاؤس کو جلانا جرم ہے لیکن یہ پی ٹی آئی کے خلاف منظم ساش تھی، عمران خان

    کور کمانڈر ہاؤس

    ،تصویر کا ذریعہSOCIAL MEDIA

    تحریک انصاف چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کور کمانڈر ہاؤس کو جلانا جرم ہے لیکن اس واقعے کی انکوائری تک نہیں ہوئی۔

    ٹوئٹر پر صارفین سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’یہ کہا جا رہا ہے کہ پی ٹی آئی نے کور کمانڈر کا گھر جلایا۔ دو تین چیزیں اور بتائی جا رہی ہیں کہ ہماری پارٹی نے جلائی ہیں۔‘

    عمران خان نے کہ ’کور کمانڈر ہاؤس پر بھی انکوائری نہیں ہوئی۔‘ انھوں نے کہا کہ ’جلاؤ گھیراؤ جرم ہے، ریڈیو پاکستان یا کور کمانڈر ہاؤس جنھوں نے بھی جلایا وہ جرم ہے، لیکن پرامن احتجاج جرم نہیں ہے۔‘

    عمران خان نے کہا کہ ’ہمیں انتشار کی کیا ضرورت ہے؟ انتشار کوئی اور چاہ رہا ہے۔ ہم تو الیکشن چاہتے ہیں۔ اگر انتشار ہو گا تو الیکشن تو نہیں ہوں گے۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’یہ ایک منظم سازش ہوئی ہے۔ ماضی میں ایسا ہو چکا ہے کہ ایسے واقعات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مخالفوں کو ختم کیا گیا۔‘

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ’یہ سب اس لیے کیا جا رہا ہے کہ عمران خان کو اقتدار میں نہیں آنے دینا۔ اسی لیے گرفتاریوں کے ذریعے خوف کی فضا بنائی جا رہی ہے۔‘

    ’حکومت نے ہار کے خوف سے آئین اور عدالت کے حکم کی خلاف ورزی کی۔‘

  3. تحریک انصاف پنجاب میں نئی تعیناتیاں

    تحریک انصاف چیئرمین عمران خان نے فرخ حبیب اور صداقت عباسی کو پنجاب میں نئی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔

    پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق فرخ حبیب کو صدر مغربی پنجاب جبکہ صداقت عباسی کو صدر شمالی پنجاب تعینات کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ فرخ حبیب کو فیض اللہ کموکا کی جگہ پر صدر مغربی پنجاب تعینات کیا گیا ہے جنھوں نے سوموار کے دن پارٹی کو چھوڑنے کا اعلان کیا۔

    صداقت عباسی کو عامر کیانی کی جگہ تحریک انصاف شمالی پنجاب کا صدر تعینات کیا گیا ہے جنھوں نے چند ہی دن قبل پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

  4. شیریں مزاری کو رہائی کے بعد پھر گرفتار کر لیا گیا، تحریک انصاف

    تحریک انصاف نے دعوی کیا ہے کہ پارٹی رہنما ڈاکٹر شیریں مزاری کو اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد پنجاب پولیس نے ایک بار پھر گرفتار کر لیا ہے۔

    واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے شیریں مزاری کو رہا کرنے کے احکامات دیے تھے۔

    تحریک انصاف رہنما فرخ حبیب نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ان کو رہائی کے بعد پھر سے گرفتار کر لیا گیا۔

    شیریں مزاری کی بیٹی ایمان مزاری نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی والدہ کو چوتھی بار حراست میں لیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اس وقت شیریں مزاری کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔

  5. عمران خان کے ساتھ ہیں، کوشش رہی فوج سے تعلقات اچھے رہیں، پرویز الہی, عمر دراز نگیانہ، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور

    پرویز الہی

    ،تصویر کا ذریعہPERVEZ ELAHI

    سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدیر پرویز الہی نے کہا ہے کہ ’ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔‘

    ایک ویڈیو پیغام میں پرویز الہی نے کہا کہ ’میں وجاہت حسین کے خلاف نہیں، اس نے حالات دیکھے اور فیصلہ کیا، مجھے اس پر رنج نہیں ہے۔‘

    یاد دہے کہ چوہدری وجاہت حسین، چوہدری پرویز الہی اور چوہدری شجاعت حسین کے چھوٹے بھائی ہیں۔

    پرویز الہی نے کہا کہ ’میں اور مونس عمران خان کے ساتھ ہی کھڑے رہیں گے۔‘ انھوں نے کہا کہ ’فوج ہمارا ادارہ ہے اور میری کوشش رہی ہے کہ فوج، عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات اچھے رہیں۔‘

    پرویز الہی نے کہا کہ ’عمران خان نے ہم سے جو وعدے کیے وہ پورے کیے اور اب مشکل وقت میں ہم ان کے ساتھ رہیں گے۔‘

  6. جنرل عاصم منیر نے بطور ڈی جی آئی ایس آئی عمران خان سے کہا تھا کہ آپ کی اہلیہ کرپشن میں ملوث ہیں، شہباز شریف

    وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو جنرل عاصم منیر نے بطور ڈی جی آئی ایس آئی کہا تھا کہ آپ کی اہلیہ کرپشن میں ملوث ہیں۔

    واضح رہے کہ عمران خان نے گزشتہ رات برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کی ایک خبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’اس میں دعوی کیا گیا ہے کہ میں نے جنرل عاصم منیر کو ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے سے اس لیے ہٹوایا کیوں کہ انھوں نے مجھے میری اہلیہ بشری بیگم کے کرپشن کیسز دکھائے تھے۔‘

    عمران خان نے اس دعوے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’جنرل عاصم نے مجھے میری اہلیہ کی کرپشن کے کوئی شواہد دکھائے نہ ہی میں نے انہیں اس بنیاد پر مستعفیٰ ہونے پر مجبور کیا۔‘

    وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان کے اس دعوے کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’میں ایوان میں پوری ذمہ داری سے بلا خوف تردید کہہ سکتا ہوں کہ موجودہ سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے بطور ڈی جی آئی ایس آئی عمران خان کو کہا کہ آپ کی اہلیہ کرپشن میں ملوث ہیں۔‘

    شہباز شریف نے کہا کہ ’جنرل عاصم منیر نے یہ بات حقائق کی بنیاد پر بتائی لیکن عمران خان کو غصہ چڑھا اور ان کو یہ بات پسند نہیں آئی۔‘

    ’یہی وجہ تھی کہ اس وقت عاصم منیر کی ٹرانسفر کی گئی کہ انھوں نے وزیر اعظم کو کنفرنٹ کیا کہ آپ کے اہلخانہ کرپشن میں ملوث ہیں۔‘

    شہباز شریف نے کہا کہ ’یہ بات میرے ذاتی علم میں ہے۔ وقت آیا تو فیکٹس سامنے آ جائیں گے۔‘

    شہباز شریف نے کہا کہ ’60 ارب روپے کی کرپشن کو آپ کہاں لے جائیں گے؟ کیبنٹ نے بنا دیکھے ایک بند لفافے پر فیصلہ دیا۔‘

    نو مئی کے واقعات پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ’تمام مقدمات آئین کے تحت آرمی ایکٹ کے تحت چلیں گے، کوئی نیا قانون نہیں بنایا جا رہا۔‘

  7. پنجاب اسمبلی کے سابق ڈپٹی سپیکر دوست مزاری کی ن لیگ میں شمولیت, عمر دراز ننگیانہ، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور

    پنجاب اسمبلی کے سابق ڈپٹی سپیکر دوست مزاری

    ،تصویر کا ذریعہPML-N

    پنجاب اسمبلی کے سابق ڈپٹی سپیکر دوست مزاری نے ن لیگ میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

    دوست محمد مزاری نے ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز سے ملاقات کی اور پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر لی۔

    اس موقع پر مریم نواز نے دوست محمد مزاری کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے جنوبی پنجاب میں ن لیگ مزید مضبوط ہو گی۔

  8. پنجاب انتخابات پر الیکشن کمیشن کی نظر ثانی اپیل پر سماعت کل ہو گی, شہزاد ملک، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

    پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کروانے کے عدالتی حکم پر نظر ثانی کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے دائر درخواست پر منگل کے دن سپریم کورٹ میں سماعت ہو گی۔

    اس کیس کی سماعت کرنے والے بینچ کی سربراہی چیف جسٹس عمر عطا بندیال کریں گے جبکہ جسٹس اعجاز الحسن اور جسٹس منیب اختر بھی بینچ میں شامل ہونگے۔

    عدالت کی جانب سے کل کی سماعت کے لیے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔

  9. پاکستان سٹاک ایکسچنج میں مندی، انڈیکس 400 پوائنٹس تک گر گیا, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان سٹاک ایکسچنج میں سوموار کے روز مندی کا رجحان غالب رہا اور انڈیکس میں 400 پوائنٹس کی بڑی کمی دیکھی گئی۔

    مارکیٹ تقریباً پورے سیشن میں فروخت کے دباؤ کا شکار رہی۔

    سٹاک مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق ملک میں سیاسی بحران اور آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کے کم امکانات کے ساتھ نئے بجٹ میں کارپوریٹ شعبے پر مزید ٹیکسوں کی خبروں نے مارکیٹ میں منفی رجحان کو جنم دیا۔

    تجزیہ کار شہریار بٹ کے مطابق سیاسی بحران نے جہاں منفی اثر مرتب کیا تو اس کے ساتھ آئی ایم ایف پروگرام کے بغیر بجٹ کی تیاری مشکلات پیدا کر رہی ہے اور اس کے ساتھ نئے ٹیکس لگانے کی خبروں نے مارکیٹ پر منفی اثرات مرتب کیے۔

  10. ٹوئٹر کے ذریعے قوم سےرابطہ رکھوں گا: شیخ رشید

    شیخ رشید

    ،تصویر کا ذریعہAFP

    سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپنی ممکنہ گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر کہا ہے کہ وہ ابھی ٹویٹر کے ذریعے ہی رابطہ رکھ سکیں گے۔

    اپنی ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا ’میری اورمیرے بھتیجے شیخ راشد شفیق کی گرفتاری کے لیے پولیس جگہ جگہ چھاپے مار رہی ہے۔ میرے سٹاف کو اٹھا کرلے گئے ہیں۔

    شیخ رشید کے مطابق ’جب تک پولیس گرفتارنہیں کرلیتی ٹوئٹرکےذریعے قوم سےرابطہ رکھوں گا۔

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’صرف سپریم کورٹ سیاسی بحران سے نکال سکتی ہے۔

  11. تحریک انصاف نے ملک بھر میں آرٹیکل 245 کے نفاذ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا

    سپریم کورٹ

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھر میں آرٹیکل 245 کے نفاذ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

    پی ٹی آئی کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ’عدالت آرٹیکل 245 کا نفاذ اور اس کے تحت ہونے والا کریک ڈاون کالعدم قرار دے۔ ‘

    تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے بیرسٹر گوہر کے توسط سے ملک بھر میں آرٹیکل 245 کے نفاذ کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔

    درخواست کے مطابق ’آرٹیکل 245 کا استعمال سیاسی مقاصد کے لیے نہیں کیا جا سکتا، آرٹیکل 245 کا نفاذ سیاسی مخالفین کو افواج کے ساتھ لڑانے کے لیے ہے۔ فوجی عدالتوں میں ٹرائل بنیادی حقوق کے خلاف ہے۔ ‘

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ ’آئین پر شہری کو شفاف اور منصفانہ ٹرائل کا حق دیتا ہے، تاریخ میں کبھی ہزاروں سیاسی کارکنوں اور لیڈرز کا فوجی عدالت میں ٹرائل نہیں ہوا۔‘

    واضح رہے آرٹیکل 245 کے تحت سول انتظامیہ کسی ہنگامی صورت حال یا امن وامان کی صورت حال کو کنٹرول کرنے کے لیے فوج کو طلب کرسکتی ہے۔

  12. ’عام انتخابات کی تاریخ دینے کا سپریم کورٹ کا اختیار نہیں بلکہ ریاست کے دیگر اداروں کو ہے`, شہزاد ملک/ بی بی سی اردو، اسلام آباد

    پنجاب کی نگران حکومت نے صوبےمیں فوری انتخابات کی مخالفت کرتے ہوئے تحریری جواب سپریم کورٹ میں جمع کردیا ہے۔

    چیف سیکریٹری پنجاب کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیارسپریم کورٹ کو نہیں۔ الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار ریاست کے دیگراداروں کو ہے۔

    تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ ’14 مئی الیکشن کی تاریخ دیکر اختیارات کے آئینی تقسیم کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔‘

    پنجاب کی نگران حکومت نے اپنے جواب میں کہا کہ ’آرٹیکل 218 کے تحت صاف شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، اختیارات کی تقسیم کے پیش نظر سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا الیکشن کی تاریخ نہیں دی۔‘

    تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ ’الیکشن پروگرام میں تبدیلی کا اختیار الیکشن کمیشن کا ہے، 9 مئی کے واقعے کے بعد سیکیورٹی حالات صوبے میں تبدیل ہو گئے ہیں۔

    چیف سیکرٹری پنجاب نے جواب میں کہا کہ ’عمران خان کی گرفتاری کے بعد سول ملٹری املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔ عمران خان کی گرفتاری کے بعد پر تشدد احتجاج اور مظاہرے ہوئے جن میں 162 پولیس اہلکار زخمی ہوئے اور پولیس کی 97 گاڑیوں کا جلایا گیا‘

    تحریری جواب کے مطابق ’پنجاب میں الیکشن کیلئے 5 لاکھ 54 ہزار سیکورٹی اہلکار درکار ہون گے،اس وقت اگر الیکشن ہوئے تو صرف 77 ہزار کی نفری دستیاب ہے۔‘

  13. لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے فیاض الحسن چوہان کو رہا کرنے کا حکم دیا

    لاہورہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے سابق صوبائی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان کی نظر بندی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انھیں رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔

    عدالت نے فیاض الاحسن چوہان کے وکیل کو حکم دیا ہے کہ ان کے موکل رارلپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کو تحریری طور پر یقین دہانی کروائیں کہ وہ مستقبل میں ایسی کسی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہوں گے۔

    راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے فیاض الاحسن چوہان کو سولہ ایم پی او کے تحت اڈیالہ جیل میں نظر بند کر رکھا ہے۔

  14. بریکنگ, مبینہ آڈیو لیکس کے تحقیقاتی کمیشن کو پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا, شہزاد ملک/ بی بی سی اردو، اسلام آباد

    مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن کو پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے یہ درخواست بابر اعوان نے دائر کی ہے۔

    آڈیو لیک چیلینج

    ،تصویر کا ذریعہPTI

    جوڈیشل کمیشن کے خلاف سپریم کورٹ میں دائراس درخواست میں کہا گیا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان کی اجازت کے بغیر کسی جج کو کمیشن کے لیے نامزد نہیں کیا جاسکتا۔

    درخواست میں اس بات کا بھی زکر کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے کس جج کے خلاف تحقیقات یا کارروائی کا فورم صرف سپریم جوڈیشل کونسل ہے۔

  15. بریکنگ, اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت پانچ روپے اضافے کے بعد 306 روپے ہو گئی, تنویر ملک، صحافی

    ڈالرز

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں سوموار کے روز بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا جب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت پانچ روپے اضافے کے بعد 306 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔

    گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 301 روپے پر بند ہوئی تھی۔

    کرنسی ڈیلروں کے مطابق اس وقت نجی ایکسچینج کمپنیوں میں ڈالر کی شدید قلت ہے جس کی وجہ ڈالر کی سپلائی میں کمی ہے۔ ان کے مطابق اس وقت کچھ کچھ کمپنیاں صرف ڈالر خرید رہی ہیں کیونکہ ان کے پاس فروخت کے لیے ڈالر موجود نہیں ہے۔

    دوسری جانب انٹربنک میں بھی ڈالر کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور اب تک ڈالر کی قیمت میں 2.18 روپے کا اضافہ ہو چکا ہے۔

    اس وقت انٹر بنک میں ڈالر کی قیمت 288 روپے تک پہنچ چکی ہے۔ ڈیلرز کے مطابق ملک میں سیاسی بحران اور آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کے معدوم ہونے والے امکانات ڈالر کی قیمت میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں۔

  16. حکومت کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے تحمل کا مظاہرہ کیا ہے: اسلام آباد ہائی کورٹ, شہزاد ملک/ بی بی سی اردو، اسلام آباد

    اسلام آباد ہائی کورٹ میں تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر شیری مزاری کی رہائی بعد دوبارہ گرفتاری پر دائرتوہین عدالت کیس کی سماعت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی۔

    عدالت کے استفسار پر ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا ’چیف کمشنر نے پنجاب پولیس کی درخواست پر مناسب اقدامات کی ہدایت کی۔‘

    جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے دوران سماعت ریمارکس دیے’اسلام آباد پولیس نے چیف کمشنر کے احکامات مانے اور اس عدالت کے حکم کی خلاف ورزی کی۔ یہ توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کرنے کے لیے فِٹ کیس ہے۔‘

    عدالت نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل حکام کو مخاطب کر کے کہا ’یاد رکھیں یہ ایم پی او کے تحت جیل میں ہیں، کسی کریمنل کیس کے ملزم نہیں۔‘

    عدالت کا کہنا تھا کہ حکومت کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔

    جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے کہا اس درخواست پر آئی جی اسلام آباد کو توہین عدالت کا نوٹس جاری نہیں کیا جا سکتا کیونکہ انھیں فریق ہی بنایا گیا۔ انھوں نے کہا کہ اس پر حکم نامہ جاری کریں گے

  17. اسلام آباد ہائیکورٹ کا ملائیکہ بخاری اور علی محمد خان کی دوبارہ گرفتاری پر اسلام آباد پولیس سے جواب طلب

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنماؤں ملائیکہ بخاری اور علی محمد خان کی دوبارہ گرفتاری کے خلاف درخواست پر اسلام آباد پولیس سے جواب طلب کر لیا ہے۔

    اسلام اباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پی ٹی آئی رہنماؤں ملائیکہ بخاری اور علی محمد خان کی دوبارہ گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

    اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے ان دونوں رہنماؤں سے متعلق لاعلمی کا اظہار کر دیا۔اسلام آباد پولیس نے عدالتی استفسار پر بتایا کہ معلوم نہیں کہ ملائیکہ بخاری اور علی محمد خان کس کی تحویل میں ہیں۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے کہا کہ دونوں پی ٹی آئی رہنما ایم پی او کے تحت پولیس کی تحویل میں تھے۔ اسلام آباد پولیس سے جواب طلب کیا جائے کہ دونوں کو رہائی کے بعد کس نے گرفتار کیا؟

    انھوں نے کہا کہ دونوں کو اگر اڈیالہ جیل میں رکھا گیا ہے تو ملاقات کا موقع دیا جائے۔

    عدالت نے اسلام آباد پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کر لیا ہے

  18. مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات: جوڈیشل کمیشن کے پاس کیا اختیارات ہوں گے؟

    جیوڈیشل کمیشن

    ،تصویر کا ذریعہJUDICIARY

    ٹی او آرز کے مطابق مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن کو تحقیقات کے لیے 30 دن کا وقت دیا گیا ہے۔تاہم کمیشن کو تحقیقات کے لیے مزید وقت درکار ہوا تو وفاقی حکومت توسیع کر سکتی ہے۔

  19. بریکنگ, مبینہ آڈیو لیکس: تحقیقاتی کمیشن نے کارروائی پبلک کرنے کا اعلان کر دیا, شہزاد ملک/ بی بی سی اردو، اسلام آباد

    تحقیقاتی کمیشن

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    وفاقی حکومت کی طرف سے مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے قاٸم تین رکنی کمیشن کا اجلاس سپریم کورٹ کے کورٹ روم نمبر7 میں ہوا۔

    تحقیقاتی کمیشن میں سپریم کورٹ کے سینیٸر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس نعیم اختر افغان اورچیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق شامل ہیں۔

    اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے اس کمیشن کی تشکیل کے حوالے سے آرڈر پڑھ کر سنایا اور بتایا کہ ’انکوائری کمیشن ایکٹ 2016 کے تحت تشکیل دیا گیا ہے۔‘

    مبینہ آڈیو لیکس تحقیقاتی کمیشن نے کارروائی پبلک کرنے کا اعلان کر دیا۔ کمیشن کے مطابق ’کوئی حساس معاملہ سامنے آیا تو ان کیمرا کارروائی کی درخواست کا جائزہ لیں گے۔‘

    کمیشن کے سربراہ جسٹس فائز عیسیٰ نے کہا کہ ’انکوائری کمیشن کمیشن کی کارروائی سپریم کورٹ اسلام آباد بلڈنگ میں ہوگی۔ جن سے متعلق انکوائری کرنی ہے ان میں دو خواتین بھی شامل ہیں، اگر درخواست آئی تو کمیشن کارروائی کے لیے لاہور بھی جا سکتا ہے۔‘

    جسٹس فائزعیسیٰ نے اٹارنی جنرل کو کمیشن کے لیے آج ہی موبائل فون اور سم فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔

    کمیشن کے مطابق ’جوڈیشل کمیشن کے لیے فراہم کردہ فون نمبر پبلک کیا جائے گا۔‘

    کمیشن کے مطابق ’اٹارنی جنرل نے حساس معلومات کے علاوہ تمام کارروائی کھلی عدالت میں ہونے کی حمایت کی ہے تاہم حکومت کسی سطح پر کارروائی ان کیمرہ کرنے یا جگہ تبدیل کرنے کا کہہ سکتی ہے۔

    جوڈیشل کمیشن نے اٹارنی جنرل کو تمام متعلقہ افراد کو نوٹسز جاری کرنے اور ان کی تعمیل فوری کرانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ’نوٹس متعلقہ شخص کو ملنے پر اس کا ثبوت تصویر یا دستخط کی صورت میں فراہم کیا جائے۔‘

    جوڈیشل کمیشن نے اٹارنی جنرل پاکستان سے تمام آڈیوز کے ٹرانسکرپٹ، آڈیوز میں شامل تمام افراد کے نام، پتے اور رابطہ نمبرز بھی طلب کر لیے۔

    اٹارنی جنرل کو تمام ریکارڈ 24 مئی سے پہلے جمع کروانے کی ہدایت کر دی گئی۔

  20. لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کا شیریں مزاری کے خلاف دوسرا مقدمہ نہ ہونے کی صورت میں فوری رہائی کا حکم

    شیریں مزاری

    ،تصویر کا ذریعہTwitter

    لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری کی نظر بندی کو کالعدم قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اگر ان کے خلاف کوئی اور مقدمہ نہیں ہے تو انھیں فوری رہا کیا جائے۔

    دوران سماعت سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ’ابھی تک شریں مزاری کے خلاف اور کوئی مقدمہ نہیں ہے۔‘

    لاہور ہائی کورٹ کے جج چوہدری عبدالعزیز نے درخواست گزار کی وکیل کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ’شیریں مزاری مستقبل میں ایسی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہونے سے متعلق راولپنڈی کی انتظامیہ کے پاس بیان حلفی جمع کروایں۔‘

    واضح رہے کہ چند روز قبل پنجاب پولیس نے شیریں مزاری کو اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ سے خدشہ نقص امن کے تحت گرفتار کیا تھا۔