آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

تحریک انصاف کی آج پھر احتجاج کی کال، حکومت نے عمران خان سے شواہد مانگ لیے

سابق وزیر اعظم عمران خان پر حملے کے خلاف تحریک انصاف نے آج دوبارہ تمام شہروں میں احتجاج کی کال دی ہے۔ ادھر وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان خود تحقیقات میں شامل ہوں اور ثبوت فراہم کریں۔

لائیو کوریج

  1. پی ٹی آئی کی سینیئر قیادت کا اجلاس جمعے کو لاہور میں، لانگ مارچ جاری رہے گا: فواد چوہدری

  2. شوکت خانم ہسپتال کے باہر کیا ہو رہا ہے؟

    وزیر آباد میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے قافلے میں فائرنگ کے واقعے اور عمران خان کے زخمی ہونے کے بعد سربراہ تحریک انصاف کو لاہور کے شوکت خانم ہسپتال میں طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا ہے۔

    شوکت خانم ہسپتال کے باہر سے بی بی سی کا فیس بک لائیو

  3. ملزم کو ابھی حراست میں لیا ہے، کوئی حتمی بات نہیں کہہ سکتے: آر پی او گجرات

    گجرات کے ریجنل پولیس آفیسر ڈاکٹر اختر عباس نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ لانگ مارچ کے دوران پولیس کی جانب سے متعدد مرتبہ بلٹ پروف گلاس اور روسٹرم استعمال کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں لیکن ان پر عمل نہیں ہوا۔

    ان کے مطابق سکیورٹی ہدایات پر عمل کیا جاتا تو عمران خان کے زخمی ہونے کا واقعہ رونما نہ ہوتا۔

    صحافی احتشام شامی کے مطابق ڈاکٹر اختر عباس کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس حملے کے ملزم کو حراست میں لیا گیا ہے اور اس نے ابھی تک ابتدائی بیان میں کچھ نہیں کہا۔

    ان کے مطابق ملزم کو ابھی حراست میں لیا گیا ہے اور اس کے حوالے سے کوئی حتمی بات نہیں کہی جا سکتی اور نہ ہی یہ بتایا جا سکتا ہے کہ ملزم سے کیا کچھ برآمد ہوا۔

    آر پی او گجرات کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملزم سے تفتیش کے لیے سی ٹی ڈی اور ضلعی پولیس کے اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

  4. بریکنگ, حملے کے ذمہ دار وزیراعظم شہباز شریف، وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللہ اور میجر جنرل فیصل ہیں: عمران خان کی جانب سے اسد عمر کا بیان

    پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیرآباد میں لانگ مارچ پر فائرنگ سے زخمی ہونے والے پارٹی کے سربراہ عمران خان نے ان پر ہونے والے حملے کا ذمہ دار وزیراعظم شہباز شریف، وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللہ اور آئی ایس آئی کے کاؤنٹر انٹیلیجنس شعبے کے سربراہ میجر جنرل فیصل نصیر کو قرار دیا ہے۔

    جمعرات کی شام ایک ویڈیو بیان میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے انھیں اور وزیرِاعلیٰ پنجاب کے مشیر برائِے داخلہ اسلم اقبال کو بلا کر ان کی طرف سے یہ بیان جاری کرنے کو کہا ہے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا ’تین لوگوں کے بارے میں میرا یقین ہے جنھوں نے یہ سب کچھ کرایا، وہ شہباز شریف، رانا ثنا اللہ اور میجر جنرل فیصل ہیں‘۔ ان کے مطابق عمران خان نے بتایا کہ ’ان کے پاس پہلے سے بھی کچھ معلومات آ رہی تھیں جس کی بنیاد پر وہ یہ کہہ رہے ہیں کہ یہ جو قاتلانہ حملہ کرایا گیا ہے یہ ان لوگوں نے کروایا ہے۔

    اسد عمر نے بتایا کہ عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ ان تنیوں افراد کو ان کے عہدوں سے ہٹایا جائے ورنہ ملک گیر احتجاج ہو گا۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ اگر عمران حان کا مطالبہ پورا نہیں کیا جاتا تو جس دن، جس وقت عمران خان کال دیں گے ملک بھر میں کارکن باہر نکل کر احتجاج شروع کریں گے۔

    ویڈیو میں میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ وہ شہباز شریف، رانا ثنا اللہ اور میجر جنرل فیصل کے خلاف عمران خان پر حملے کا مقدمہ درج کروا رہے ہیں اور اس سلسلے میں عمران خان کا بیان بھی لے لیا گیا ہے۔

    عمران خان کی جانب سے جاری کیے جانے والے اس بیان پر تاحال حکومت کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

  5. رانا ثنااللہ کے گھر پر مشتعل افراد کا حملہ

    فیصل آباد میں وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کے گھر پر مشتعل افراد نے حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی ہے۔

  6. وزیرِ اعظم کینیڈا جسٹن ٹروڈو کی عمران خان پر حملے کی مذمت

    وزیرِ اعظم کینیڈا جسٹن ٹروڈو نے عمران خان اور ان کے ساتھیوں پر حملے کو ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔

    اُنھوں نے کہا کہ تشدد کی سیاست، کسی بھی جمہوریت اور ہمارے معاشرے میں جگہ نہیں ہے۔

    جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ وہ عمران خان اور تمام زخمیوں کی فوری صحتیابی کے خواہاں ہیں۔

  7. عمران خان پر فائرنگ کے بعد مختلف شہروں میں احتجاج، کئی سڑکیں بند

    عمران خان پر فائرنگ کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج جاری ہے، جس کی وجہ سے کئی سڑکیں بند ہیں۔

    راولپنڈی میں شمس آباد سے فیض آباد تک جانے والی مری روڈ احتجاج کی وجہ سے بند ہے۔

    اسلام آباد پولیس کے مطابق فیض آباد روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے جبکہ مری روڈ سے آنے والی ٹریفک کو اسلام آباد ایکسپریس ہائی وے کی جانب موڑا جا رہا ہے۔

    اسلام آباد پولیس کے مطابق آئی جے پی روڈ سے آنے والی ٹریفک کو نائنتھ ایوینو اور سٹیڈیم روڈ کی جانب موڑا جا رہا ہے۔

    لاہور میں احتجاج کی وجہ سے شاہدرہ چوک، لبرٹی چوک جانے والے تمام راستے اور مال روڈ بند ہیں۔

    کراچی میں فائیو سٹار چورنگی، قائد آباد ملیر، شارعِ فیصل اور نرسری کے مقام پر سڑکیں بند ہیں۔

    ادھر پشاور میں ہشت نگری چوک بھی احتجاج کی وجہ سے بند ہے۔

  8. شاہ محمود قریشی: حملے کے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا

    پی ٹی آئی کے نائب سربراہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کو سکیورٹی خدشات تھے مگر وہ کسی بلٹ پروف گلاس کے پیچھے کھڑے ہونے سے انکاری تھے۔

    اے آر وائے نیوز سے گفتگو میں اُنھوں نے کہا کہ اس وقت حملے کی جزئیات و تفصیلات سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا کیونکہ یہ خطرناک ہو سکتا ہے۔

  9. پرویز الہٰی کی شوکت خانم ہسپتال آمد، عمران خان کی عیادت

    وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی نے شوکت خانم ہسپتال لاہور میں چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی عیادت کی ہے۔ چودھری پرویزالٰہی کے ہمراہ ایم پی اے حافظ عمار یاسر اور راسخ الہٰی بھی تھے۔

  10. مریم نواز کی عمران خان پر حملے کی مذمت

  11. عمران خان سمیت 14 افراد زخمی، ایک شخص ہلاک

    پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں فائرنگ سے عمران خان سمیت پانچ افراد گولی لگنے سے زخمی ہوئے ہیں جبکہ زخمیوں کی کل تعداد 14 ہے۔

    حکام کی جانب سے اب تک ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

  12. وزیرآباد میں عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کے ویڈیو مناظر

  13. بابر اعظم کی عمران خان پر حملے کی مذمت

    پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے عمران خان پر حملے کی مذمت کی ہے۔ اُنھوں نے عمران خان اور پاکستان کی حفاظت کی دعا کی۔

  14. لانگ مارچ کے دوران فائرنگ کا واقعہ قابل مذمت ہے، آئی ایس پی آر

    آئی ایس پی آر کی جانب سے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران مرکزی کنٹینر پر فائرنگ کے واقعے کی مذدمت کی گئی ہے۔

    آیی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’لانگ مارچ کے دوران فائرنگ کا واقعہ قابل مذمت ہے، پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سمیت تمام زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔‘

  15. بریکنگ, مریم اورنگزیب: عمران خان پر فائرنگ کرنے والا شخص پولیس کی حراست میں ہے

    وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان پر فائرنگ کرنے والا شخص اس وقت گجرات پولیس کی حراست میں ہے اور اس سے تفتیش جاری ہے۔

    ایک نیوز کانفرنس سے خطابق کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ جب تک کہ حتمی رپورٹ نہیں آ جاتی تب تک غیر ذمہ دارانہ بیانات سے گریز کیا جائے۔ اُنھوں نے کہا کہ اس طرح کے بیانات کے نتائج عوام کو بھگتنے پڑتے ہیں۔

    مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی سیاست اس طرح کے واقعات کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ مریم اورنگزیب نے عمران خان کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔

  16. مریم اورنگزیب: سیاسی میدان خونی میدان میں تبدیل نہیں ہونے چاہییں

    وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے کنٹینر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی میدان خونی میدان میں نہیں تبدیل ہونی چاہییں۔

    جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات میں جس طرح کا تعاون پنجاب کو چاہیے وہ انھیں فراہم کیا جائے۔

    مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب حکومت کو چاہیے کہ جائے وقوعہ کو سیل کر کے عوام کو وہاں سے بے دخل کرے۔

    اُنھوں نے کہا کہ واقعے کے حقائق سامنے لانا پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہے۔

  17. یہ عمران خان پر منصوبہ بند قاتلانہ حملہ تھا:فواد چوہدری

  18. بریکنگ, رانا ثنا اللہ کا پنجاب حکومت سے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا مطالبہ

    وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے وزیر آباد میں عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کے لیے پنجاب حکومت سے اعلی سطح کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

  19. پی ٹی آئی لانگ مارچ میں فائرنگ کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاج

    وزیر آباد میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے قافلے میں فائرنگ کے واقعے اور عمران خان کے زخمی ہونے کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا جا رہا ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے اسلام اباد کے جڑواں شہر راولپنڈی میں مری روڈ کو مختلف مقامات سے بلاک کر دیا ہے جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والی سڑک کو فیض آباد سے بھی بند کر دیا گیا ہے۔

    اسلام اباد پولیس کے حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائی وے ابھی تک دونوں جانب سے کھلا ہے۔

    اس کے علاوہ سیالکوٹ میں بھی رنگپورہ سمیت شہر کے متعدد چوراہے بلاک کر دیے گئے ہیں۔

  20. عمران خان اور ان کے ساتھیوں پر فائرنگ کی مذمت کرتا ہوں، نواز شریف