حلیم عادل شیخ کا حفاظتی ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع
پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے ممکنہ طور پر ہراساں کرنے اور حفاظتی ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔
حلیم عادل شیخ نے عدالت میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ اقتدار کی تبدیلی کے بعد پی ٹی آئی کو ہدف کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انھوں نے عدالت میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ’باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا کہ حکومت ان سمیت دیگر پارٹی ممبرز کو سبق سکھانے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ’سعودی عرب میں مسجد نبوی کے واقعے پر درج ایف آئی آرز میں نامزد نہیں مگر نامعلوم افراد میں شامل کر کے گرفتار کیا جا سکتا ہے۔‘
انھوں نے اس ضمن میں دائر درخواست میں استدعا کی ہے کہ ’غیر قانونی ہراساں کرنے کو روکا جائے اور ملک بھر میں درج تمام ایف آئی آرز کا ریکارڈ طلب کیا جائے۔‘
درخواست میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کی حفاظتی ضمانت منظور کی جائے تاکہ متعلقہ کورٹ کے سامنے پیش ہو سکے۔
عدالت نے پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی درخواست پر حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے 10 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

















