تحریک عدم اعتماد کے پیچھے کوئی سازش نہیں، بلاول بھٹو
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی تحریک عمد اعتماد کے پیچھے کوئی سازش نہیں ہے۔
بلاول بھٹو نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کر رہے تھے۔
وزیر اعظم عمران خان کے قوم سے خطاب پر ردعمل میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان کی بھرپور کوشش ہے کہ انگلی کٹا کر خود کو شہید ثابت کریں۔
انھوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت نے مبینہ دھمکی آمیز خط عدالت میں کیوں پیش نہیں کیا؟
انھوں نے کہا ہمارا مطالبہ تھا کہ خط عدالت میں پیش کرو، وزیراعظم نے عدالت میں خط پیش کیا نہ قومی اسمبلی میں لارہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ تحریک انصاف حکومت نے جو انتخابی اصلاحات کیں، وہ یکطرفہ تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان اصلاحات میں اپوزیشن سمیت حکومت نے اتحادی جماعتوں سے بھی مشاورت نہیں کی۔ بلاول نے کہا کہ نئی حکومت انتخابی اصلاحات کا عمل مکمل کرے گی اور پھر الیکشن کی جانب بڑھے گی۔


