وزیر داخلہ شیخ رشید نے ’پاکستان کے ذمہ داران‘ سے مطالبہ کیا ہے کہ ’روزوں کے بعد نہیں تو حج کے بعد فوری انتخابات کا اعلان کیا جائے تاکہ قوم فیصلہ کرے۔‘
انھوں نے راولپنڈی میں ایک خطاب کے دوران کہا کہ ’پاکستان کے ذمہ داران سے کہتا ہوں کہ دنیا میں بحران ہے۔۔۔ دنیا میں ہم بہت اہم علاقائی جگہ پر واقع ہیں۔۔۔ آگے بڑھیں اور اس ملک میں روزوں کے بعد نہیں تو حج کے بعد الیکشن کا اعلان کریں۔‘
’فوری اعلان ہونا چاہیے تاکہ قوم فیصلہ کرے۔ منصفانہ انتخاب میں لوگ اپنی مرضی کے مطابق ایسے لوگوں کو نہ لائیں جو پیسوں کی خاطر ضمیر فروشی کرتے ہوں۔‘
انھوں نے اپنے خطاب کے آغاز میں کہا ’پتا نہیں کل میں نے سیاست میں ہونا ہے یا کہاں ہونا ہے۔‘
وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’آج سارے عمران خان کے خلاف اکٹھے ہوگئے ہیں۔ میں چٹان کی طرح عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں۔‘
شیخ رشید نے کہا کہ ’راولپنڈی شہر غداروں کو پسند نہیں کرتا۔ لوگ نہیں چاہتے یہ غریبوں کی بستیاں ترقی کریں۔ غریب طبقہ مشکلات کا شکار ہے، بجلی مہنگی ہوئی ہے۔۔۔ اس کے باوجود وہ عمران خان کو پسند کرتے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اتوار کو چاہے عدم اعتماد کامیاب ہوجائے مگر ’ان سے وہ شکست نہیں مانے ہیں۔‘
’اگر چوک اور چوراہے کی سیاست ہوئی تو بچہ بچہ عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوگا۔‘