وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ’اسمبلی میں جیتے یا عوام میں، وہ چھا جائے گا‘ جبکہ اپوزیشن رہنماؤں کو ’کچھ نہیں ملنے والا۔‘
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انھوں نے اپوزیشن اور بالخصوص جے یو آئی کو مخاطب کر کے کہا کہ ’آپ کا حق ہے ریلی کریں لیکن اگر آپ نے تصادم کی کوشش کی تو اسلام آباد کی انتظامیہ ایکشن لے گی۔‘ انھوں نے جے یو آئی کو شوکاز نوٹس بھیجنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
’سری نگر ہائی وے بند کرنے کی اجازت نہیں۔ ان کا جمہوریت کا معیار گِر چکا ہے۔ قاتلوں کو دبئی سے بلایا جا رہا ہے۔ دبئی میں بیٹھے بندے کو ضمانت دی گئی۔‘
وہ کہتے ہیں کہ ’عمران خان آخری اوور اور آخری بال تک کھیلیں گے۔۔۔ آج تاریخی جلسہ ہو رہا ہے۔ جے یو آئی سے کہنا چاہتا ہوں سری نگر ہائے وے ن لیگ نے جگہ لی ہے۔ بڑے شوق سے جلسہ کرے۔ اگر مقصد انتشار یا ہنگامہ آرائی ہے تو ایسا نہیں ہوگا۔‘
وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ ’ہم یہاں بیٹھے ہیں۔ تمام راستوں کو اپنے کنٹرول روم سے چیک کر رہا ہوں۔‘
وہ کہتے ہیں کہ ’بلاول عمران خان سے استعفی مانگ رہا ہے۔ مولانا کہہ رہے ہیں کل اس نے آخری تقریر کرنی ہے۔ جو نتیجہ بھی نکلے میرے پاس اندر کی خبر ہے تمھیں کچھ نہیں ملنے والا۔ عمران خان اسمبلی میں جیتے یا عوام میں، وہ چھا جائے گا۔‘
شیخ رشید نے کہا کہ ’بھگوڑوں کی پارٹی کی نہ پاکستان میں اولادیں نہ جائیدادیں ہیں۔‘
’میرے پاس خبر ہے۔ وہ نہیں ہونے جا رہا جو تم سوچ رہے ہو۔ اقتدار آپ کی جھولی میں نہیں آئے گا۔ آج عمران خان کی تقریر ہوجائے تو میں چار تاریخ تک روز پریس ٹاک کرتا رہوں گا۔‘
انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو بھی جائے تو اللہ عمران خان کو بہت زیادہ عزت دینے جا رہا۔‘