پاکستان: پہلی بار ایک دن میں 1300 سے زیادہ نئے مریض، کُل اموات 486

پاکستان میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 21 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 486 ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں پہلی مرتبہ 1300 سے زیادہ کورونا متاثرین ایک دن میں سامنے آئے ہیں۔

لائیو کوریج

  1. اسلام آباد: کس سیکٹر میں کتنے متاثرین ہیں، دیکھیے اس چارٹ میں

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اب تک کورونا کے 415 مصدقہ متاثرین سامنے آ چکے ہیں۔ اب تک چار متاثرہ مریض ہلاک جبکہ 56 صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    اگر آپ جاننا چاہتے ہیں کہ اسلام آباد کی کس سیکٹر میں کتنے متاثرہ افراد موجود ہیں تو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ یہ چارٹ دیکھیے۔

    پاکستان

    ،تصویر کا ذریعہ@hamzashafqaat

  2. لاک ڈاؤن کے دوران دنیا کے مختلف ممالک میں کیا ہو رہا ہے؟ دیکھیے تصویری جھلکیاں

    پاکستان

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    کورونا وائرس کے باعث دنیا کے مختلف ممالک میں لاک ڈاؤن ہے۔ وبا کے اس دور میں ہم نے دنیا بھر سے چند بہترین تصاویر کا انتخاب کیا ہے۔

  3. اگر وزیر اعظم کی کام کرنے میں دلچسپی نہیں تو استعفی دیں: بلاول بھٹو

    پاکستان

    ،تصویر کا ذریعہ@MediaCellPPP

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی نااہل حکومت 18ویں ترمیم کو ہاتھ بھی نہیں لگا سکتی کیونکہ نہ تو ان میں اتنی ہمت ہے اور نہ ہی اتنا دم۔

    سندھی زبان کے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کنٹینر سے اتریں اور وزیراعظم بن کر کام کریں۔

    ’اگر انھیں کام کرنے میں دلچسپی نہیں تو استعفی دیں اور کسی اہل آدمی کو یہ کام سونپیں تاکہ ہم یکجا ہو کر اس وبا کا سامنا کرسکیں۔‘

    انھوں نے کہا کہ صوبہ سندھ پر آج وہ ٹولہ تنقید کر رہا ہے جس کا انتخابی منشور ہی اس صوبے (سندھ) کے ٹکڑے کرنے پر مشتمل تھا۔ ’اس بدنیت ٹولے کا مقصد محض ہماری دھرتی کے ٹکڑے کرنا ہے۔‘

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کرونا وائرس وبا کے بحران کے دوران اگر وفاقی حکومت کی یہ پالیسی رہی کہ سندھ اپنی مشکلات کو خود دیکھے اور بلوچستان اپنے آپ کو خود سنبھالے تو پھر وفاق اسلام آباد تک محدود ہو جائے گا۔

    بلاول کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت روزانہ کی بنیاد پر صوبہ سندھ میں نہ صرف سب سے زیادہ کورونا کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں بلکہ صوبہ سندھ کی فی کس ٹیسٹ کی شرح انڈیا اور بنگلا دیش سے بھی زیادہ ہے۔

    انھوں نے کہا کہ فوج نے کورونا کی روک تھام اور اس سے نمٹنے کے اقدامات میں صوبائی حکومت کی مدد کی ہے جس سے صوبائی حکومت کو حوصلہ ملا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ جس طرح آج صحت کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اسی طرح یہ ضرورت تعلیمی نظام کے لیے بھی ہے۔

  4. بریکنگ, وفاقی حکومت عوام کی جانوں پر معیشت کو ترجیح دے رہی ہے: بلاول بھٹو

    پاکستان

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے وفاقی حکومت عوام کی جانوں سے زیادہ معیشت کو ترجیح دے رہی ہے۔

    سندھی زبان کے ذرائع ابلاغ کے ساتھ ایک انٹرویو میں بلاول کا کہنا تھا کہ ’اس وبا کے دوران پوری دنیا میں کہیں بھی عوام کی جانوں پر معیشیت کو ترجیح نہیں دی گئی لیکن ہماری وفاقی حکومت نے پہلے دن سے یہ پیغام دیا کہ عوام کی جانوں اور طبی عملہ کو ریلیف دینے سے ذیادہ اہم تعمیراتی شعبہ ہے۔ یہ ایک غلط پیغام ہے۔‘

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی کورونا پرکافی حد تک قابو پانے کی واحد وجہ ہمارا متحد ہونا ہے جو پہلے دو ہفتوں میں بہت واضح تھا مگر بعد میں وفاق کی جانب سے صوبوں پر بے جا تنقید کی وجہ سے اس یکجہتی کو نقصان پہنچا۔

    پیپلز پارٹی چیئرمین نے کہا کہ اگر 18ویں ترمیم کے ناقدین موجودہ وقت میں اس کو چھیڑیں گے تو وہ یاد رکھیں کہ ہر صوبہ زیادہ مالی امداد اور وسائل کا مطالبہ کرے گا کیونکہ اب تک وفاق نے کسی صوبے کی ایک روپے تک کی امداد نہیں کی۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ اس وقت قومی سطح پر ہماری اولین ترجیح صحت کا نظام ہونی چاہیے اور پورا ملک گواہ ہے کہ سندھ حکومت کی شعبہ صحت کی کارکردگی ملک میں سب سے بہتر ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پہلے ہی روز سے کورونا وائرس کا مقابلہ کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت، تمام تنظیمیں اور کارکنان عوام کو آگاہی دینے میں مصروف عمل ہیں۔

    سندھ حکومت کے بروقت اٹھائے گئے حفاظتی اقدامات، لاک ڈاؤن اور دیگر صوبوں کی سندھ کے ان فیصلوں کی تائید نے پاکستان کو اٹلی، ووہان اور ایران بننے سے بچا لیا۔

  5. وفاقی اداروں کے ملازمین کو تنخواہیں 21 مئی تک ادا کی جائیں: وزارتِ خزانہ

    وفاقی حکومت نے ملازمین کو مئی کے مہینے کی تنخواہ 21 مئی کو ادا کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

    وفاقی وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ ایک نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ عید الفطر 25 یا 26 مئی کو ہونے کا امکان ہے اور اسی وجہ سے وفاقی اداروں کے ملازمین کو تنخواہیں 21 مئی تک ادا کر دی جائیں۔

  6. کورونا کے شکار ڈاکٹر فرقان ’جنھیں طبی سہولت نہیں ملی‘

  7. پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کورونا کے تین نئے مریض

    کشمیر

    ،تصویر کا ذریعہM.A.JARRAL

    پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے ضلع کوٹلی میں دو خواتین سمیت تین افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد اس خطے میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 74 ہو گئی ہے۔

    میرپور ڈویژن کے کمشنر محمد رقیب خان کے مطابق متاثرہ خواتین کا تعلق ضلع کوٹلی کے علاقے کھوئی رٹہ سے ہے اور وہ گذشتہ ماہ کراچی سے آنے والے اپنے ایک خاندان کے رکن سے متاثر ہوئیں ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے دوسرے شخص کا تعلق نکیال سے ہے اور وہ گذشتہ ماہ کراچی سے آیا تھا۔

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے حکام کے مطابق اس خطے میں کورونا وائرس کے مریضوں میں سے مزید پانچ افراد صحت یاب ہوکر گھروں کو روانہ ہو چکے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 49 ہو گئی ہے۔

    حکام کے مطابق اب تک اس خطے کے مختلف قرنطینہ مراکز میں 2300 کے قریب مشتبہ افراد کو لایا گیا ہے جس میں سے 69 افراد کے کورونا ٹیسٹس کا انتظار ہے۔

  8. سندھ: لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر 136 افراد گرفتار، 46 مقدمات درج

    پاکستان

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    صوبہ سندھ میں پولیس نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے 136 افراد کو گرفتار کر کے 46 مقدمات درج کیے ہیں۔

    لاک ڈاؤن کے نفاذ کے بعد سے اب تک سندھ پولیس نے مجموعی طور پر لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کے مرتکب 10 ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کر کے تین ہزار سے زائد مقدمات درج کیے ہیں۔

    گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی سے 82 افراد، میرپور خاص سے دو، سکھر سے 14 اور لاڑکانہ سے 38 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

  9. کورونا وائرس کی وبا آخر کب ختم ہو گی؟

    کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کڑوروں افراد اپنے اپنے گھروں میں محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔

    دنیا بھر کے ممالک میں معیشتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور لاکھوں افراد بے روزگار ہوئے ہیں۔

    مگر کیا یہ وبا کبھی ختم ہو گی اور اگر ہاں تو اس میں کتنا عرصہ لگ سکتا ہے، دیکھیے اس ڈیجیٹل ویڈیو میں۔

    YouTube پوسٹ نظرانداز کریں
    Google YouTube کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو Google YouTube کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے Google YouTube ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔ YouTube کے مواد میں اشتہارات ہو سکتے ہیں۔

    YouTube پوسٹ کا اختتام

  10. عیدالفطر پر نئے کرنسی نوٹوں کا اجرا نہیں کیا جائے گا: سٹیٹ بینک

    پاکستان

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    سٹیٹ بینک آف پاکستان نے عید الفطر کے موقع پر نئے کرنسی نوٹ جاری نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    بینک کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ رواں برس عیدالفطر کے موقع پر عام شہریوں، بینک ملازمین اور دیگر اداروں کو نئے کرنسی نوٹوں کا اجرا نہیں کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ عمومی طور پر سٹیٹ بینک شہریوں کے لیے عید الفطر اور عید الضحی کے مواقع پر نئے نوٹ جاری کرتا ہے جو مختلف بینکوں سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

    کورونا کے خطرات کے پیشِ نظر سٹیٹ بینک پہلے ہی کثیر تعداد میں نئے نوٹوں کا اجرا کر چکا ہے۔

    pakistan

    ،تصویر کا ذریعہSTATE BANK OF PAKISTAN

  11. پاکستان میں مصدقہ متاثرین کی مجموعی تعداد 21 ہزار کے لگ بھگ

    pakistan

    گلگت بلستان محکمہ صحت کے مطابق چار مئی کے روز کورونا وائرس کے آٹھ نئے مصدقہ متاثرین سامنے آئے ہیں جس کے بعد گگلت بلستان میں مریضوں کی مجموعی تعداد 372 ہو گئی ہے۔

    گلگت بلتستان میں نئے مریض سامنے آنے کے بعد ملک میں کورونا کے مصدقہ متاثرین کی مجموعی تعداد 21 ہزار کے لگ بھگ ہو گئی ہے۔

    گلگت بلتستان میں آج 13 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں اور اب یہاں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 279 ہو گئی ہے۔ اس وقت گلگت بلستان کے ہسپتالوں میں 90 مریض زیر علاج ہیں جبکہ یہاں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد تین ہے۔

  12. بریکنگ, بلوچستان میں کورونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 1321 ہو گئی

    بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شہوانی کے مطابق صوبے میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 103 نئے متاثرین سامنے آنے کے بعد اب بلوچستان میں مصدقہ مریضوں کی مجموعی تعداد 1321 ہو چکی ہے۔

    ترجمان کے مطابق سامنے آنے والے 103 نئے مریضوں میں سے 92 کا تعلق کوئٹہ، چار کا لسبیلہ، تین کا سبی، دو کا چاغی جبکہ ایک، ایک کا قلعہ عبداللہ اور نوشکی سے ہے۔

    صوبے میں 151 زائرین مریض ہیں جبکہ 1170 کیسز مقامی منتقلی کے ہیں۔

    بلوچستان میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اب پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 20987 ہو چکی ہے جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 476 ہے۔

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

  13. بلوچستان: وزارتِ خزانہ کو آئندہ بجٹ میں مالی معاونت کے پروگرام شامل کرنے کی ہدایت

    پاکستان

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ‎وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ کورنا وائرس کے معیشت پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور ہزاروں لوگوں کا روزگار خطرے میں ہے۔

    بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدرات کرتے ہوئے جام کمال خان نے محکمہ خزانہ بلوچستان کو ہدایات جاری کی ہیں کہ آئندہ مالی سال کے صوبائی بجٹ میں مالی معاونت کے پروگرام شامل کیے جائیں۔

    انھوں نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ معاشی ترقی و تعاون اور روزگار کے مواقع میں اضافے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تکمیل کے قریب منصوبوں کو فنڈز فراہم کر کے انھیں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ اجلاس میں مالی سال 2020-21 کے ترقیاتی پروگرام کے مجوزہ خدوخال کا جائزہ بھی لیا گیا۔

  14. کورونا کی روک تھام اور معاشی سرگرمیوں کی روانی میں توازن کو یقینی بنایا جائے: وزیرِ اعظم

    پاکستان

    ،تصویر کا ذریعہPM OFFICE

    وزیر اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت کورونا وائرس کی صورتحال اور اس وبا کی روک تھام سے متعلق اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس آج وزیر اعظم آفس میں منعقد ہوا ہے۔

    ایک سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم کو اس موقع پر کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال، وبا کے معاشی اور سماجی اثرات اور روک تھام کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسی پالیسی مرتب کی جائے جس سے کورونا کی روک تھام اور معاشی سرگرمیوں کی روانی میں توازن کو یقینی بنایا جا سکے۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات اور ان کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان کی صورتحال قدرے بہتر ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ اس بہتری کی بڑی وجہ حکومت کی جانب سے بروقت اقدامات، مؤثر پالیسی سازی اور بہتر کوارڈینیشن ہے۔

    وزیرِ اعظم نے کہا کہ کورونا کی روک تھام کے حوالے سے عوام میں آگاہی پھیلانے اور ان کو رضاکارانہ طور پر حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی طرف راغب کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے اور اشیائے ضروریہ کی وافر مقدار میں دستیابی اور ان کی ترسیل کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

    وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے خلاف پالیسی سازی کے دوران ان کی اولین ترجیح ملک کے غریب عوام اور کمزور طبقہ اور ان کی ضروریات ہوتی ہیں۔

    اجلاس میں وفاقی وزرا مخدوم خسرو بختیار، حماد اظہر، سید شبلی فراز، سید فخر امام، اسد عمر، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی لیفٹینٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، ڈاکٹر ظفر مرزا، ڈاکٹر معید یوسف، چیئرمین این ڈی ایم اے اور دیگر سینیئر افسران نے شرکت کی۔

  15. بریکنگ, خیبرپختونخوا: گذشتہ 24 گھنٹوں میں پانچ اموات، 159 نئے متاثرین

    صوبہ خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 159 نئے متاثرین سامنے آئے ہیں جبکہ پانچ مزید مریض وبا کے ہاتھوں اپنی جانیں گنوا بیٹھے ہیں۔

    خیبرپختونخوا میں اب کورونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد بڑھ کر 3288 ہو چکی ہے جبکہ اموات کی کُل تعداد 185 ہو گئی ہے۔

    گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلاک ہونے والے پانچ افراد میں تین کا تعلق پشاور جبکہ ایک، ایک کا صوابی اور بنوں سے ہے۔

    گذشتہ ایک دن میں خیبرپختونخوا میں 45 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد کورونا سے صحت یاب ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 856 ہو گئی ہے۔

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

  16. بلوچستان: نادرا دفاتر کے باہر سماجی فاصلے کے اصول کی خلاف ورزی

    پاکستان

    ‎ملک کے دیگر حصوں کی طرح سوموار کی صبح جب بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نادرا کے دفاتر کھلے تو دفاتر کے باہر لوگوں کا جم غفیر لگ گیا۔

    پاکستان

    نمائندہ بی بی سی محمد کاظم کے مطابق کوئٹہ شہر میں ‎زرغون روڈ پر واقع نادرا دفتر کے باہر موجود سینکڑوں افراد نے سماجی فاصلے کا خیال نہیں رکھا۔

    پاکستان

    جہاں شہریوں کی جانب سے ہدایات کی خلاف ورزی دیکھنے میں آئی وہیں متعلقہ حکام کی جانب سے بھی اس بات کا اہتمام نہیں کیا گیا تھا کہ شہریوں کو ایک دوسرے سے دور کھڑے ہونے پر مجبور کیا جائے۔

  17. پاکستان، افغانستان سرحد کی بندش کے خلاف احتجاج

    pakistan

    ،تصویر کا ذریعہJIBRAN SHINWARI

    پاکستان اور افغانستان کے درمیان طورخم بارڈر کی بندش کے خلاف افغان شہریوں نے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر لنڈی کوتل میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور بطور احتجاج شہر کی مرکزی شاہراہ کو بلاک کر دیا۔

    افغان شہریوں نے حکومت پاکستان اور افغانستان سے مطالبہ کیا ہے کہ بارڈر کو کھولا جائے تاکہ وہ اپنے گھروں کو واپس پہنچ سکیں۔

    انھوں نے کہا کہ افغان شہری سرحد کی بندش کی وجہ سے انتہائی سخت حالات میں سرحدی شہر لنڈی کوتل میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انھوں نے کہا کہ متاثرین میں خواتین، بچے، بوڑھے اور بیمار بھی شامل ہیں۔

  18. احساس کیش پروگرام: مناسب سماجی فاصلہ برتنے کے اصول کی شدید خلاف ورزی

    پاکستان

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ملک بھر کے مختلف شہروں میں نادرا دفاتر نے آج سے اپنے آپریشنز کا آغاز کر دیا ہے۔

    وفاقی حکومت کے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت امداد حاصل کرنے والے ہزاروں شہری مختلف شہروں میں واقع نادرا دفاتر انگوٹھے کے نشانات کی تصدیق کے لیے پہنچے۔ تاہم اس موقع پر مناسب سماجی فاصلہ اختیار کرنے کے ہدایت کی سخت خلاف ورزی دیکھنے میں آئی۔

    پاکستان

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    نادرا کے مطابق نادرا دفاتر پہنچنے والے تمام شہریوں کو فیس ماسک مہیا کیے گئے تھے اور کھڑے ہونے کے لیے نشانات بھی لگائے گئے تھے

    تاہم مختلف شہروں سے سامنے آنے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہری اگرچہ فیس ماسک تو پہنے ہوئے ہیں تاہم وہ سماجی فاصلے کے اصول کی سخت خلاف ورزی کرتے ہوئے قطار میں ایک دوسرے کے انتہائی قریب کھڑے ہیں۔

    پاکستان

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

  19. خیبرپختونخوا: ’ضلع سوات میں کورونا کے 80 فیصد کیس مقامی منتقلی کے ہیں‘

    pakistan

    ،تصویر کا ذریعہDr Ikram Shah

    صوبہ خیبر پختونخوا میں ضلع سوات کے ڈسڑکٹ ہیلتھ آفسیر ڈاکٹر محمد اکرام شاہ کا کہنا ہے کہ ضلع سوات میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 198 ہے جبکہ ہلاکتوں کی کُل تعداد 14 ہے۔

    صحافی محمد زبیر خان سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر اکرام نے کہا کہ یہ کہنا درست نہیں ہے کہ سوات میں مریضوں کی تعداد دیگر اضلاع کے مقابلے میں زیادہ ہے بلکہ صورتحال یہ ہے کہ سوات میں اس وقت محکمہ صحت بہت زیادہ فعال ہے اور یومیہ 100 کے لگ بھگ ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ اب تک ضلع سوات میں مجموعی طور پر 1400 ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔

    ’دیگر اضلاع کے مقابلے میں ہماری ٹیسٹنگ کافی زیادہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہاں مثبت کیسز کی تعداد بھی زیادہ ہے۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ سوات میں مقامی طور پر وائرس کی منتقلی کے کیس 80 فیصد ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ اس وقت سیدو میڈیکل کمپلیکس میں 25 بستروں پر مشتمل آئسولیشن وارڈ موجود ہے اور ضرورت پڑنے پر اس کی گنجائش 50 بستروں تک بڑھائی جا سکتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح اس وقت سو ٹیسٹ کی سہولت حاصل ہے جس کو آنے والے دونوں میں بڑھا کا 400 تک کیا جا سکتا ہے۔

  20. سری لنکا میں پھنسے 40 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے ہیں

    pakistan

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    سری لنکا میں پھنسے 40 پاکستانی سری لنکن ایئرلائنز کی ایک خصوصی پرواز کے ذریعے وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔

    ریڈیو پاکستان کے مطابق پاکستان واپس آنے والے شہریوں کو کولمبو میں بندرانائیکا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پاکستانی سفارت خانے کے عملے نے الوادع کیا۔

    وطن واپس لوٹنے والے پاکستانیوں نے کولمبو میں پاکستانی ہائی کمیشن کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں سفارت خانے کی جانب سے مشکل کی گھڑی میں ہر طرح کی اعانت اور سپورٹ حاصل رہی۔