حکام کے مطابق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ایک صحافی سمیت دو افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
خطے میں مصدقہ متاثرین کی کل تعداد 68 ہوگئی ہے۔
اس خطے کے وزیر اعظم کے پریس سیکرٹری راجہ وسیم کے مطابق دارالحکومت مظفرآباد میں مزید ایک صحافی میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جو ’پہلے سے متاثر ہونے والے صحافیوں سے متاثر ہوئے۔‘
حکام کے مطابق متاثر ہونے والے صحافی کو آئسولیشن ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ مذکورہ صحافی گھر میں آئسولیٹ تھے جس بنا پر ان کے خاندان کے افراد کو بھی اپنے گھر میں آئسولیٹ کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے اس خطے میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے صحافیوں کی تعداد تین ہوگئی ہے۔
دوسری جانب کمشنر محمد رقیب خان نے بی بی سی کو بتایا کہ بھمبر سے تعلق والے ایک شخص میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ ان کے مطابق مذکورہ شخص نے عمان سے سفر کیا۔ ان کو پہلے سے قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔
حکام کے مطابق اس خطے میں قائم مختلف قرنطینہ مراکز میں اب تک 2000 سے زائد مشتبہ افراد کو لایا گیا ہے جس میں 116 کے قریب افراد کے نتائج کا انتظار کیا جا رہا ہے جبکہ اب تک 43 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔