وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کووِڈ-19 کے اثرات کا اندازہ لگانے کے لیے علاقائی سطح پر تحقیق کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس کے تحت کراچی کی دو یونین کونسلوں میں 'سیروپری ویلنس اسٹڈیز' کی جائیں گی۔
سیروپری ویلنس ایک ایسی آبادی میں ایسے افراد کی تعداد ہے جن کے سیرولوجی کے نمونوں کی بنیاد پر کووِڈ-19 کے ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے۔
سنیچر کو وزیرِ اعلیٰ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں مراد علی شاہ کے حوالے سے بتایا گیا کہ وائرس انفیکشن سے بحال ہونے والے مریضوں کے لیے 380 ٹیلی میڈیسن ڈاکٹروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ کمیونٹی کی نگرانی وقت کی ضرورت ہے، لہٰذا انھوں نے اپنی ٹیم کو ڈیجیٹل اسسمنٹ ایپ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہم نے کراچی کی دو یونین کونسلوں میں سیروپری ویلنس تحقیقی مطالعے ابتدائی طور پر یونین کونسل کھارادر اور ضلع جنوبی کے کہکشاں میں کی جائے گی۔