’انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن ممبر ممالک کا اجلاس طلب کرے‘
پاکستان نے بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن پر زور دیا ہے کہ وہ وبائی امراض کی وجہ سے دنیا بھر کے مزدوروں کو درپیش مسائل کے حل اور اس حوالے سے ایک جامع حکمت عملی تیار کرنے کے لیے ممبر ممالک کا ورچوئل اجلاس طلب کرے۔
وزارت سمندر پار پاکستانی کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ سید ذوالفقار عباس بخاری نے اس ضمن میں لیبر آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل گے رائڈر کو درخواست بھجوا دی ہے۔
اس درخواست میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس وبائی مرض کی وجہ سے پاکستان اور پوری دنیا میں کارکنوں کو مسائل درپیش ہیں۔
انھوں نے مزدوروں پر کورونا وائرس کے باعث پڑنے والے معاشی اثرات کو کم سے کم کرنے میں مدد کے لیے عالمی سطح پر بات چیت شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔