آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

پاکستان: پہلی بار ایک دن میں 1300 سے زیادہ نئے مریض، کُل اموات 486

پاکستان میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 21 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 486 ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں پہلی مرتبہ 1300 سے زیادہ کورونا متاثرین ایک دن میں سامنے آئے ہیں۔

لائیو کوریج

  1. لاہور: کیا ایکسپو سینٹر ہسپتال میں گندگی کی وجہ سے مریضوں کے ٹیسٹ مثبت آ رہے ہیں؟

    لاہور کے ایکسپو سینٹر فیلڈ ہسپتال کے غسل خانے میں پانی کھڑا ہے اور یہاں داخل تمام افراد کورونا کے مصدقہ مریض ہیں، اس پانی میں کورونا وائرس کی موجودگی کا امکان مسترد نہیں کیا جا سکتا نہ ہی وہ جتنی بار غسل خانے میں جاتے ہیں اس سے بچ پاتے ہوں گے۔

    تو سوال یہ ہے کہ ایسے میں پھر کیا ان کا ٹیسٹ کبھی منفی آ پائے گا؟ اور کیا ان کا یہ خوف درست ہے کہ وہ کبھی لاہور کے ایکسپو سنٹر فیلڈ ہسپتال سے باہر نہیں نکل پائیں گے؟

    ایکسپو سنٹر میں رکھے گئے 400 سے زائد کورونا کے مریضوں کی ایک بڑی تعداد نے گذشتہ چند روز سے مسلسل احتجاج کر رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر یہ مناظر بڑی تعداد میں دیکھنے کو ملے۔

    جمعے کے روز احتجاج کے دوران مشتعل مظاہرین نے ایکسپو سنٹر سے باہر نکلنے کی کوشش میں داخلی گیٹ بھی توڑ دیا۔

  2. کورونا وائرس: پاکستان میں اموات کی تعداد 462 ہو گئی، 24 گھنٹوں میں مزید 981 مریض

    پاکستان میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 462 ہو گئی ہے جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1083 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق پاکستان میں متاثرین کی کل تعداد 20186 ہو گئی ہے جن میں سے 173 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ اب تک صحتیاب ہونے والے افراد کی کل تعداد 5593 ہے۔

    اس وقت ملک بھر کے 717 ہسپتالوں میں 3839 مریض زیرعلاج ہیں۔

  3. کورونا لاڈلا کھیلن کو مانگے چاند رے, وسعت اللہ خان، تجزیہ کار

    تادمِ تحریر پاکستان میں کورونا سے لگ بھگ 440 اموات ہوئی ہیں۔ کوئی بتائے گا پچھلے دو ماہ میں بھوک سے کتنے لوگ مرے ہیں؟

    اس عرصے میں کورونا سے لگ بھگ 20 ہزار افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ کوئی بتائے گا کہ اس عرصے میں فاقے کے وائرس سے کتنے پاکستانی نڈھال ہو کے گرے ہیں؟

    اب ایک نئی میڈ ان پاکستان اصطلاح متعارف ہوئی ہے۔ سمارٹ ٹیسٹنگ، سمارٹ لاک ڈاؤن۔ جن پر روایتی لاک ڈاؤن لاگو نہ ہو سکا ان پر سمارٹ لاک ڈاؤن کا مسمریزم کیا جائے گا؟

    جتنی ریاست سمارٹ بننے کی کوشش کر رہی ہے اس سے کہیں زیادہ عوام سمارٹ ثابت ہو رہے ہیں۔

    ایسے لوگوں کو کیسے لاک ڈاؤن کیا جا سکتا ہے جنھیں قبرستانوں میں مرکزی دروازے سے نہ جانے دیا جائے تو پچھلی دیوار کے شگافوں سے اندر گھس جائیں۔

    جہاں ڈبل سواری پر پابندی ہو مگر بچوں اور خواتین کو موٹر سائیکل پر گھمانے کا استثنیٰ ہو۔

    دکاندار آدھے شٹر کھول کے بیٹھے ہوں اور پولیس کی گاڑی دیکھتے ہی شٹر بند کر کے پھر کھول لیتے ہوں۔

    طیارے اور ٹرینیں بند ہوں مگر پرائیویٹ ٹیکسیوں کے لیے ہائی ویز کشادہ ہوں اور لوگ پہلے کی طرح ٹھنسے ہوئے اونچے اونچے کرائے دے کر لمبے لمبے سفر کر رہے ہوں۔

  4. وزیراعظم عمران خان پیر کی دوپہر کورونا ریلیف ٹائیگر فورس سے خطاب کریں گے

  5. بریکنگ, پشاور میں مزید 8 نرس کورونا کا شکار, صوبے میں اب تک 25 مرد اور 23 خواتین نرسز متاثر

    پاکستان میں کورونا وائرس کے سبب متاثر ہونے والے طبی عملے کی تعداد میں بھی اصآفہ دیکھا جا رہا ہے۔ پشاور میں فرآئض کی ادئیگی کے دوران نرسز بھی کورونا کا شکار ہو رہے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 8 مزید نرسز میں کورونا کے ٹیسٹ پازیٹیو نکل آئے ہیں۔

    ینگ نرسز ایسوسی ایشن پشاور کے مطابق 2 مئی تک صوبہ بھر میں 40 نرسز کورونا سے متاثر ہوئیں تھیں اور اب متاثرہ نرسز کی تعداد 48 ہوچکی ہے۔

    35 کورونا پازیٹیو نرسز مختلف ہسپتالوں میں داخل ہیں جبکہ اب تک 13 نرسز کورونا سے صحت یاب ہوچکیں۔

    متاثرہ نرسز میں 25 مرد جبکہ 23 خواتین نرسز شامل ہیں۔

  6. راولپنڈی: گذشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 35 نئے کیس، مزید 3 اموات

    پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی میں گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے 35 نئے کیس سامنے آئے ہیں جبکہ 3 اموات بھی ہوئی ہیں۔

    ضلعی انتظامیہ راولپنڈی کے اعدادوشمار کے مطابق شہر میں اب تک 572 افراد کورونا وائرس سے متاثر جبکہ 36 ہلاک ہو چکے ہیں۔

  7. پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا جسٹن ٹروڈو سے ٹیلی فونک رابطہ

    پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اور کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں کورونا وائرس کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیراعظم عمران خان نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وبائی مرض سے ہونے والی تباہی سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کی ضرورت ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ دیگر ترقی پذیر ممالک کی طرح پاکستان کو بھی زندگیاں بچانے اور انفیکشن پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ کمزور معیشت کے چیلنج کا بھی سامنا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کووڈ 19 کے وبائی مرض کے تناظر میں انڈیا میں مسلم اقلیت پر ہونے والے مظالم پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔

  8. افریقی ممالک میں جڑی بوٹیوں سے تیار کردہ ’کورونا کی دوا‘ کا چرچہ

  9. کورونا وائرس: بیماری کے خوف سے کیسے نمٹیں؟

    کورونا وائرس نے دنیا کو غیر یقینی کی صورت حال میں ڈال دیا ہے اور اس وبا سے متعلق مسلسل خبریں بڑی بے رحم لگ سکتی ہیں۔

    اس سے لوگوں کی ذہنی صحت بھی متاثر ہو سکتی ہے اور کئی افراد میں یہ پہلے سے جاری مسائل کو مزید بگاڑ سکتی ہے۔

  10. لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی، صوبہ سندھ میں مزید 203 افراد گرفتار

    پاکستان کے صوبہ سندھ میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر پولیس کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور آج بھی تقریباً 42 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

    پولیس سے ملنے والے اعدادوشمار کے مطابق صوبے میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر گرفتار ملزمان کی تعداد 10 ہزار 308 ہو گئی ہے جبکہ صوبے میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر درج ہونے والے مقدمات کی تعداد 3 ہزار 249 تک جا پہنچی ہے۔

    لاک ڈاؤن کے بیالیسویں روز کراچی سے 124 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

  11. کورونا وائرس: کیا آپ صحت یابی کے بعد دوبارہ کووڈ-19 کا شکار ہو سکتے ہیں؟

    کیا آپ کو صحت یاب ہونے کے بعد دوبارہ بھی کورونا وائرس نشانہ بنا سکتا ہے؟ کچھ مریض دوسروں کے مقابلے میں زیادہ بیمار کیوں ہیں؟ کیا یہ مرض ہر سردی میں واپس آئے گا؟ کیا ویکسین کارگر ثابت ہو گی؟

    کیا امیونٹی پاسپورٹ کی مدد سے ہم میں سے کچھ لوگ کام پر واپس جا سکتے ہیں؟ اس وائرس سے نمٹنے کے لیے کن طویل المدتی اقدامات کی ضرورت ہے؟

  12. کورونا وائرس: بلوچستان میں فرائض سے غفلت برتنے پر محکمہ صحت کے8 اہلکار معطل

    ‎پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں کورونا کے حوالے سے ہیلتھ ایمرجنسی کے دوران فرائض سے غفلت برتنے پر محکمہ صحت کے8 اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔

    معطل اہلکاروں کا تعلق کوئٹہ شہر کے دو بڑے ہسپتالوں بولان میڈیکل کمپلیکس اور سنڈیمن پروونشل ہسپتال سے ہے۔

    ڈائریکٹر جنرل صحت حکومت بلوچستان ڈاکٹر سلیم آبرو کا کہنا ہے کہ ان اہلکاروں نےکووڈ 19 کے دوران غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعین زمہ داریاں نبھانے سے انکار کیا تھا۔

    ڈی جی صحت نے کہا کہ بلوچستان سمیت پورے ملک میں غیر معمولی حالات ہیں طبی عملہ فرائض سے غفلت کا مرتکب ہوگا تو عوام کہاں جائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ تمام تر حفاظتی سامان کی فراہمی کے باوجود طبی عملے کی فرائض سے غفلت المیے سے کم نہیں۔

  13. بلوچستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1218 ہو گئی

    بلوچستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1218 ہو گئی ہے۔

    بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق آج مزید 46 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ جن میں سے 44 افراد کا تعلق کوئٹہ آور 2 کا تعلق پشین سے ہے۔

    ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق کورونا سے متاثرہ مقامی افراد کی تعداد 1067 ہوگئی ہے۔

  14. ملک بھر میں کورونا سے متاثر طبی عملے کی تعداد 503 تک پہنچ گئی, محمد زبیر خان، صحافی

    پاکستان کے قومی ادارہ برائے صحت کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے طبی عملے کی تعداد 503 تک پہنچ چکی ہے۔

    مجموعی طور پر طبی عملے کے نو افراد کورونا وائرس سے ہلاک بھی ہوئے ہیں۔

    قومی ادارہ برائے صحت کے مطابق اسلام آباد میں طبی عملے کے 50، پنجاب میں 102، سندھ میں 97، صوبہ خیبر پختوںخوا میں 123، بلوچستان میں 107، کشمیر میں چار اور گلگت بلستان میں 20 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

    قومی ادارہ صحت کے مطابق کشمیر میں ایک ڈاکٹر اور تین پیرا میڈیکس سٹاف شامل ہیں جو کہ چاروں صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    گلگت بلستان میں ایک ڈاکٹر، ایک نرسنگ سٹاف اور پیرامیڈیکس سٹاف کے 18 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ ان میں سے نو صحت یاب جبکہ دو ہلاک ہوچکے ہیں۔

    اسلام آباد میں 23 ڈاکٹر، 12 نرسنگ سٹاف اور پیرا میڈیکس کے 15 افراد متاثر ہیں، جن میں سے چھ صحت یاب جبکہ ایک ہلاک ہوا ہے۔

    بلوچستان میں 68 ڈاکٹر، چار نرسنگ سٹاف اور پیرامیڈیکس سٹاف کے 35 افراد متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے دس صحتیاب جبکہ ایک ہلاک ہوا ہے۔

    خیبر پختوںخوا میں 63 ڈاکٹر، پندرہ نرسنگ سٹاف اور پیرا میڈیکس سٹاف کے 45 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ جن میں سے 21 صحت یاب جبکہ دو ہلاک ہوئے ہیں۔

    پنجاب میں 58 ڈاکٹر،21 نرسنگ سٹاف اور پیرا میڈیکس کے 23 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ جس میں سے 38 صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ہے۔

    سندھ میں 43 ڈاکٹر، 17 نرسنگ سٹاف اور پیرامیڈیکس سٹاف کے 37 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ جس میں سے 23 صحت یاب جبکہ تین ہلاک ہوئے ہیں۔

    قومی ادارہ صحت کے مطابق ملک بھر میں طبی عملے کے 2460 ٹیسٹ ہوئے ہیں جس میں 2257 کے نتائج ملے جبکہ 203 کے نتائج کا انتظار ہے۔

  15. قومی ادارہ برائے آفات نے ڈاکٹروں میں تقسیم کیے گئے حفاظتی سامان کی تفصیلات جاری کر دیں

    پاکستان کے قومی ادارہ برائے آفات (این ڈی ایم اے) نے ٹوئٹر پر ملک بھر میں ڈاکٹروں اور طبی عملے میں تقسیم کیے گئے حفاظتی سامان کی تفصیلات جاری کی ہیں۔

  16. کیا لاہور کے ایکسپو سینٹر فیلڈ ہسپتال میں گندگی مریضوں کے ٹیسٹ مثبت آنے کا سبب بن رہی ہے؟

    لاہور کے ایکسپو سینٹر فیلڈ ہسپتال کے غسل خانے میں پانی کھڑا ہے اور یہاں داخل تمام افراد کورونا کے مصدقہ مریض ہیں۔

    اس پانی میں کورونا وائرس کی موجودگی کا امکان مسترد نہیں کیا جا سکتا نہ ہی وہ جتنی بار غسل خانے میں جاتے ہیں اس سے بچ پاتے ہوں گے۔

  17. بریکنگ, پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 20 ہزار سے زیادہ ہو گئی

    پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 20091 ہو گئی ہے جبکہ اموات کی تعداد 457 ہے۔

    کورونا وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں اب تک خیبر پختونخوا میں ہوئی ہیں جہاں اموات کی کل تعداد 180 ہے۔

    کورونا کے سب سے زیادہ مریض پاکستان کے صوبہ پنجاب سے ہیں جہاں متاثرین کی تعداد 7494 ہے۔

  18. بریکنگ, خیبر پختونخوا میں 222 نئے کیس، آٹھ اموات

    خیبر پختونخوا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کے 222 نئے کیس سامنے آئے ہیں جبکہ آٹھ اموات ہوئی ہیں۔

    تازہ ترین اعدادوشمار کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 3129 جبکہ اموات کی تعداد 180 ہو گئی ہے۔

    خیبر پختونخوا میں اب تک کورونا وائرس کے 811 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

  19. گلگت بلتستان کی وادی ہنرہ میں دو افراد میں کورونا کی تشخیص, محمد زبیر خان، صحافی

    گلگت بلتستان کی وادی ہنرہ میں پہلی مرتبہ دو افراد کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے۔

    ڈسرکٹ ہیلتھ آفسیر ہنزہ ڈاکٹر محمد ممتاز نے صحافی محمد زبیر خان کو بتایا کہ ایک مریض محکمہ صحت کا اہلکار ہے جبکہ دوسرا شخص سبزی فروش ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم نے محکمہ صحت کے تمام اہلکاروں کے ٹیسٹ کروائے تھے۔ جس میں وادی ہنزہ میں واحد اس شخص کا ٹیسٹ پازئیٹو آیا ہے۔

    متاثرہ شخص کو قرنطنیہ منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ان کے خاندان کے ٹیسٹ بھی کروائے گے ہیں۔ جس میں سے ایک بچے کے نتائج کا انتطار ہے جبکہ باقی نیگٹو ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ مریض کی حالت بھی تسلی بخش ہے اور اس میں کوئی شدید علامات نہیں ہیں۔

    ڈاکٹر محمد ممتاز کے مطابق محکمہ صحت کے اہلکار کا کوئی سفری ریکارڈ نہیں ہے تاہم ان کے رشتہ دار استور میں موجود ہیں، جو کچھ عرصہ قبل تک آتے جاتے رہے ہیں۔

    ڈاکٹر محمد ممتاز کے مطابق دوسرا متاثرہ شخص بھی سات ماہ سے ہنزہ وادی ہی میں تھا اور ان کے رابطے میں رہنے والے لوگوں کی شناخت کی جا رہی ہے، جس میں سے کچھ کے نمونے حاصل کر کے ان کو گھروں میں ہی قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

    ڈاکٹر محمد ممتاز کے مطابق مقامی طور پر سخت اقدمات کیے جا رہے ہیں کہ ہنزہ کو کورونا سے پاک رکھا جائے۔

  20. کورونا وائرس کی علامات کیا ہیں اور اس سے کیسے محفوظ رہا جائے؟

    محققین کے مطابق دنیا میں کورونا سے متاثر ہونے والے 80 فیصد افراد میں اس کی معمولی علامات ہی دکھائی دی ہیں اور ایسے لوگ جن میں یہ علامات شدت سے پائی گئیں اقلیت میں ہیں۔