آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پاکستان: پہلی بار ایک دن میں 1300 سے زیادہ نئے مریض، کُل اموات 486
پاکستان میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 21 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 486 ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں پہلی مرتبہ 1300 سے زیادہ کورونا متاثرین ایک دن میں سامنے آئے ہیں۔
لائیو کوریج
طبی عملے میں کورونا کی تشخیص: لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا شعبہ امراض نسواں عارضی طور پر بند
صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں واقع لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے شعبہ امراض نسواں (گائناکالوجی) کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ گائناکالوجی ڈیپارٹمنٹ میں اپنے فرائض سرانجام دینے والے تین درجن کے لگ بھگ طبی عملے کے اہلکاروں میں کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق کے بعد کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران گائنی وارڈ کے ڈاکٹروں اور نرسوں سمیت طبی عملے کے 35 اہلکاروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ کورونا سے متاثر ہونے والوں میں گائنی ڈیپارٹمنٹ کی ایک اسسٹنٹ پروفیسر, 14 ٹی ایم اوز, تین ہاؤس آفیسرز, دو ہیڈ نرسز سمیت ایک آیا اور خاکروب کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گائنی ڈیپارٹمنٹ کو بند کرنے کا فیصلہ مجبوری کے تحت کیا گیا ہے اور یہاں موجود متاثرہ عملے کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کے اہلخانہ کو بھی مفت ٹیسٹ کی سہولت دی جائے گی۔ جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’گائنی ڈیپارٹمنٹ میں کام کرنے والے تمام عملے کی سکریننگ جاری ہے۔ ایسے حالات میں مریضوں کو یہاں داخل کرنا خطرناک ہو گا۔ عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائنز کے مطابق پورے گائنی ڈیپارٹمنٹ کو ڈس انفیکٹ کیا گیا ہے۔‘
انتظامیہ نے کہا ہے کہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور آئندہ چند دنوں میں گائنی ڈیپارٹمنٹ کو مریضوں کے لیے دوبارہ کھول دیا جائے گا۔
آپ نے لوگوں کو بتانا ہے کہ کیوں ایک جگہ اکھٹے نہیں ہونا، عمران خان
ٹائیگر فورس سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ آپ لوگوں کا کام ہے کہ لوگوں میں آگاہی پھیلانی ہے اور انھیں بتانا ہے کہ کیوں ایک جگہ اکھٹے نہیں ہونا اور معاشرتی دوری کے قواعد پر عمل کرنا ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر وزیرِ اعظم عمران خان نے رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے ایسے مشکل وقت میں ملک کی مدد کی۔
برطانیہ جیسے ملک میں بھی وزیرِ اعظم نے رضاکار فورس سے مدد مانگی، عمران خان
وزیرِ اعظم عمران خان نے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اکیلی حکومت کچھ نہیں کر سکتی، برطانیہ جیسے ملک میں بھی وزیرِ اعظم نے رضاکار فورس سے مدد مانگی۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ آہستہ آہستہ لاک ڈاؤن میں نرمی کریں گے اور اس وقت ٹائیگر فورس کا کام ہو گا کہ وہ لوگوں میں آگاہی پھیلائے اوران سے ایس اور پیز پر عمل درآمد کروائے۔
ٹائیگر فورس کے اراکین سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ آپ نے ہمارے ساتھ مل کر بنا تنخواہ کے جہاد کرنا ہے اور کہیں پیسے نہیں اکھٹے کرنے۔
ایس او پیز کے موثر نفاذ کے لیے ٹائیگر فورس کا کردار اہم ہے، ظفر مرزا
کورونا ریلیف ٹائیگر فورس سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا ایس او پیز کے موثر نفاذ کے لیے ٹائیگر فورس کا کردار اہم ہے اور لاک ڈاون میں نرمی کے وقت ہمیں فیلڈ فورس کی ضرورت ہے۔
کورونا: ’صوبوں اور وفاق میں عدم تعاون کی وجہ غرور اور انا ہے‘
عمران خان: آنے والے دنوں میں لاک ڈاؤن میں نرمی لائیں گے
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ زمینی حقائق خصوصاً ملکی معاشی حالات اور عام آدمی کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں لاک ڈاؤن میں بتدریج نرمی کی جائے گی۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے اپنی جماعت سے تعلق رکھنے والے قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین کو ہدایت کی ہے کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں نہ صرف عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوششوں میں بھرپور کردار ادا کریں بلکہ عوام کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ترغیب دیں تاکہ جہاں ہر طبقے کو ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے وہاں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو موثر طریقے سے روکا جا سکے۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ ہر شعبے کے لئے حفاظتی اقدامات پر مبنی جامع ایس او پیز تیار کیے جا چکے ہیں جن پر عمل درآمد کرانے کے لئے عوامی نمائندگان متحرک کردار ادا کریں۔
ٹوئٹت پر تحریک انصاف کے اکاؤنٹ سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے مشکلات کے باوجود مجموعی طور پر 1.25 کھرب روپے کے معاشی پیکیج کا اعلان کیا۔
جو ملک میں سوا کروڑ مستحق خاندانوں کو بارہ ہزار روپے کی فراہمی یقینی بنائے گا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ یہ بات نہایت حوصلہ افزا ہے کہ کورونا کی مشکل صورتحال سے نمٹنے کے لئے ملک کے طول و ارض میں زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے نہایت جوش و خروش سے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں شمولیت اختیار کی ہے۔
ان کے مطابق دس لاکھ رضاکاروں پر مشتمل کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کو برؤے کار لانے کے لئے ٹی او آرز تیار کیے جا چکے ہیں۔
ان کے مطابق ٹائیگر فورس نہ صرف عوام کو ریلیف کی فراہمی میں ضلعی انتظامیہ کی مدد کرے گی بلکہ عوامی مقامات پر حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد میں معاونت، یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ کے اسٹاک کی صورتحال کے بارے میں انتظامیہ کو آگاہ رکھنے جیسی اہم سرگرمیاں سر انجام دے گی۔
پاکستان: ہلاکتوں اور متاثرین میں 70 فیصد سے زیادہ مرد
پاکستان میں کووڈ 19 کے متاثرین اور ہلاک ہونے والوں میں اکثریت مرد حضرات کی ہے۔
کورونا وائرس کے اعدادوشمار سے متعلق پاکستان کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق کورونا وائرس کے متاثرین میں تقریباً 73 فیصد مرد اور 21.4 فیصد خواتین شامل ہیں۔
ویب سائٹ کے مطابق مرنے والے افراد میں مردوں کی شرح 74.92 ہے جبکہ اس کے مقابلے میں 25.07 فیصد خواتین ہلاک ہوئیں۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے 152 نئے کیس، متاثرین کی کل تعداد 7676 ہو گئی
پنجاب میں کورونا وائرس کے 152 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد متاثرین کی کل تعداد 7646 ہو گئی ہے۔
پنجاب کے ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کی جانب سے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق اب تک پنجاب میں کورونا وائرس سے کل 126 اموات اور 2680 افراد صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ 25 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔
ترجمان کےمطابق پنجاب میں متاثرین کی کل تعداد میں سے 768 زائرین سنٹرز، 1926 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 86 قیدیوں اور 4866 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق 152 نئے کیس میں عام شہریوں کی تعداد زیادہ ہے اور لاہور شہر میں کورونا وائرس کے 2532 تصدیق شدہ مریض موجود ہیں۔
ترجمان کے مطابق صوبے میں اب تک کل 96854 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
کورونا وائرس: بلوچستان میں مزید 14 افراد صحتیاب
بلوچستان میں کورونا سے متاثرہ مزید 14افراد صحتیاب ہوگئے ہیں۔
بلوچستان کے محکمہ صحت کی یومیہ رپورٹ کے مطابق ان 14 افراد کی صحتیابی کے بعد بلوچستان میں صحتیاب افراد کی تعداد 183سے بڑھ کر 197 ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق صحت یاب ہونے والے تمام افراد نے گھروں میں ہی آئیسولیشن اختیار کی تھی-
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں 78 فیصد لوگوں میں کورونا کی علامات معمولی نوعیت کی ہیں۔
بلوچستان میں 3 مئی کو مزید دو افراد کی ہلاکت کے بعد مجموعی طور پر ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 21 ہوگئی ہے ۔
سندھ میں کورونا کی تازہ صورتحال: 24 گھنٹوں میں 417 نئے متاثرین، مزید سات افراد ہلاک
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں کورونا کے 417 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس سے سندھ میں متاثرین کی کل تعداد 7882 ہو گئی ہے جبکہ سات مزید اموات اور 74 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔
سید مراد علی شاہ کے مطابق گذشتہ روز مزید 2571 ٹیسٹ کیے گئے اس طرح اب تک 66623 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
سات مزید اموات کے بعد سندھ میں کورونا کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد 137 ہوگئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق صوبے میں کورونا کے 6116 مریض زیرعلاج ہیں جن میں سے 4994 مریض گھروں میں آئیسولیٹ ہیں۔ 615 مریض آئیسولیشن مراکز اور 507 ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 79 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 16 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
مراد علی شاہ کے مطابق 417 نئے کیسز میں سے 357 افراد کا تعلق کراچی سے ہے۔
ہوٹلوں میں قرنطینہ میں رہنے والے افراد کو مہنگے داموں کھانے کی فروخت، عثمان بزدار نے نوٹس لے لیا
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب کے ہوٹلوں میں قرنطینہ میں رہنے والے افراد کو غیر معیاری اور مہنگے داموں کھانے کے معاملے کا نوٹس لیا ہے۔
بیرون ملک سے آکر ہو ٹلوں میں قرنطینہ ہونے والے مسافروں نے ہوٹل انتظامیہ کے متعلق شکایات کی تھیں۔ احتجاج کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سحری وافطاری میں غیر معیاری اور مہنگے داموں کھانا دیا جا رہا ہے
عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر لاہور ڈویژن اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کو غیر معیاری اور مہنگے داموں کھانے کی شکایات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔
وزیر اعلی پنجاب نے ہدایات کی کہ ذمہ داروں کا تعین کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور ہوٹلوں میں مقیم قرنطینہ مسافروں کو معیاری اور مناسب نرخوں پر کھانے کی فراہمی یقینی بنائی جائے-
ان کا کہنا تھا کہ ہوٹلوں میں قرنطینہ میں رہنے والوں کے لیے مہنگے داموں غیر معیاری کھانا فراہم کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔
کووڈ 19 کے مریضوں کے علاج کے لیے تمام تر وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں، ڈاکٹر یاسمین راشد
پنجاب کی صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے تمام تر وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں اور کورونا کے مریضوں کا علاج کرنے والے تمام ڈاکٹرزکا حوصلہ بلند ہے۔
اس بات کا اعلان انھوں نے پنجاب کے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹرسلمان شاہد، سی ای او مئیو ہسپتال پروفیسر ڈاکٹراسد اسلم خان، ڈاکٹرمحمود شوکت، ڈاکٹر کامران، لاہورکے ٹیچنگ ہسپتالوں سے پلمانولوجسٹس اوروڈیو لنک کے ذریعے تمام میڈیکل ٹیچنگ یونیورسٹیزاورہسپتالوں کی انتظامیہ نے شرکت کی۔
ڈاکٹریاسمین راشد نے اجلاس کے دوران ہسپتالوں کے انتہائی نگہداشت یونٹس میں کورونا وائرس کے شکار مریضوں کے اعدادوشمار اور علاج کے لیے درکار مزید اقدامات کا جائزہ لیا۔
اس دوران تمام میڈیکل ٹیچنگ یونیورسٹیز، اداروں اورہسپتالوں کے سربراہان نے وزیر صحت کوانتہائی نگہداشت یونٹس میں کورونا وائرس کا شکار مریضوں کے اعدادوشمار کے بارے تفصیلات سے آگاہ کیا۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پنجاب کے تمام ٹیچنگ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز، نرسزاورپیرامیڈیکل سٹاف وافرتعداد میں موجود ہیں اور انتہائی نگہداشت یونٹس میں کورونا وائرس کے مریضوں کی جان بچانے کے لیے مزید اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انتہائی نگہداشت یونٹس میں کورونا وائرس کے مریضوں کی زیادہ سے زیادہ صحتیابی کے لیے کوشش کررہے ہیں اور آئی سی یو کے تمام ماہرین کا اجلاس طلب کرنے کامقصد کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کو مزید بہتر بنانا اور ماہرین کے تجربے سے فائدہ حاصل کرنا ہے۔
پاکستان: ہلاک ہونے والوں میں 80 فیصد سے زیادہ معمر افراد
پاکستان میں کووڈ 19 کے متاثرین میں اکثریت 10 سے 49 برس کی عمر کے افراد کی ہے تاہم ہلاک ہونے والوں میں سے 80 فیصد سے زیادہ افراد کی عمریں 50 سال سے زیادہ ہیں۔
کورونا وائرس کے اعدادوشمار سے متعلق پاکستان کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق کورونا وائرس کے متاثرین میں تقریباً 60 فیصد 50 سال سے کم عمر کے ہیں۔
لیکن ویب سائٹ کے مطابق مرنے والوں میں 50 برس سے زیادہ عمر کے افراد کی شرح 82 فیصد ہے۔
پاکستان میں کام کرنے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز کو کن مشکلات کا سامنا ہے؟
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن: خیبر پختونخوا کے 67 ڈاکٹروں میں کورونا وائرس کی تصدیق
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے مطابق صوبے میں اب تک 67 ڈاکٹروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی طرف سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق یہ ڈاکٹر دوران ڈیوٹی وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور پختونخوا کے ہسپتالوں میں سب سے زیادہ متاثرین کی تعداد ڈاکٹروں کی ہے جس کی وجہ مناسب حفاظتی کٹس کی قلت ہے۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق تقریباً 24 ڈاکٹرز کا تعلق سینئیر اور سپیشلسٹ کیڈر سے ہے۔ دیگر متاثرہ ڈاکٹرز مختلف شعبوں کے میڈیکل آفیسرز، منیجمنٹ کیڈر ڈاکٹرز، پوسٹ گریجویٹ ریزیڈنٹ میڈیکل آفیسرز اور ہاؤس آفیسرز ہیں۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ حکومتی تر جمان کے مطابق وافر مقدار میں کٹس مہیا کیے جا رہے ہیں لیکن حقیقتاً کٹس موجود نہیں جس کی جانچ پڑتال ضروری ہے تا کہ زمہ داران کا تعین ہو سکے۔
ینگ ڈاکٹرز ایسیوسی ایشن کے مطابق ہسپتالوں کے کٹس میں اکثر این 95 ماسک اور فیس شیلڈ موجود نہیں ہوتیں جو کہ حفاظتی کٹس کا اہم ترین جز ہے۔
پریس یلیز میں یہ بھی کہا گیا کہ کٹس کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ینگ ڈاکٹرز ایسیوسی ایشن خیبر پختونخوا کے ڈاکٹروں سے چندا جمع کر رہی ہے اور دیگر متعدد این جی اوز اور ڈونرز کیساتھ رابطے میں ہے۔
انھوں نے وزیر اعلی اور وزیر صحت سے گزارش کہ ضلعی اور سول انتظامیہ کو ذخیرہ اندوزوں کیخلاف حرکت میں لائیں اور کٹس کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
کورونا وائرس کی وبا آخر کب ختم ہوگی؟
زلفی بخاری: جہانگیر ترین تحریکِ انصاف کے خلاف کچھ نہیں کریں گے
صدر غیر وابستہ ممالک کی تحریک کے ورچوئل اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے
پاکستان کے صدر عارف علوی آج غیر وابستہ ممالک کی تحریک کے ورچوئل اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
یہ خاص اجلاس آذربیئجان کے صدر الحام علییو کی درخواست پر منعقد کیا جا رہا ہے جو اس تحریک کے موجودہ صدر ہیں۔ اس آن لائن اجلاس میں سربراہانِ مملکت اور غیر وابستہ ممالک کی تحریک کے ممران شامل ہوں گے۔
اجلاس میں کوورنا وائرس کے خلاف مل کر جدوجہد کرنے کا عہد کیا جائے گا اور اس کے علاوہ کورونا وائرس ممبر ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے لیے طریقہ کار ڈھونڈنے پر زور دیا جائے گا۔
لاہور کی ضلعی انتظامیہ اور کورونا ٹائیگرفورس کے رضاکاروں کا پہلا اجلاس
لاہور کی ضلعی انتظامیہ اور کورونا ٹائیگرفورس کے رضاکاروں کے درمیان پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اصغر جوئیہ نے ٹائیگر فورس کے رضاکاروں کو کام اور ذمہ داری کے حوالے سے بریفنگ دی۔