وزیر اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت کورونا وائرس کی صورتحال اور اس وبا کی روک تھام سے متعلق اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس آج وزیر اعظم آفس میں منعقد ہوا ہے۔
ایک سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم کو اس موقع پر کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال، وبا کے معاشی اور سماجی اثرات اور روک تھام کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسی پالیسی مرتب کی جائے جس سے کورونا کی روک تھام اور معاشی سرگرمیوں کی روانی میں توازن کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات اور ان کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان کی صورتحال قدرے بہتر ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ اس بہتری کی بڑی وجہ حکومت کی جانب سے بروقت اقدامات، مؤثر پالیسی سازی اور بہتر کوارڈینیشن ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ کورونا کی روک تھام کے حوالے سے عوام میں آگاہی پھیلانے اور ان کو رضاکارانہ طور پر حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی طرف راغب کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے اور اشیائے ضروریہ کی وافر مقدار میں دستیابی اور ان کی ترسیل کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔
وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے خلاف پالیسی سازی کے دوران ان کی اولین ترجیح ملک کے غریب عوام اور کمزور طبقہ اور ان کی ضروریات ہوتی ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزرا مخدوم خسرو بختیار، حماد اظہر، سید شبلی فراز، سید فخر امام، اسد عمر، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی لیفٹینٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، ڈاکٹر ظفر مرزا، ڈاکٹر معید یوسف، چیئرمین این ڈی ایم اے اور دیگر سینیئر افسران نے شرکت کی۔