آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پاکستان: پہلی بار ایک دن میں 1300 سے زیادہ نئے مریض، کُل اموات 486
پاکستان میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 21 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 486 ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں پہلی مرتبہ 1300 سے زیادہ کورونا متاثرین ایک دن میں سامنے آئے ہیں۔
لائیو کوریج
کورونا وائرس: بلاول بھٹو کا ملک میں اموات میں اضافے پر تشویش کا اظہار
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلی سندھ کی سربراہی میں ایک وفد نے بلاول بھٹو کو صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر بلاول بھٹو نے کہا کہ دنیا کورونا وائرس کے خلاف سندھ حکومتوں کی کاوشوں کی تعریف کرتی رہی ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کورونا وائرس سے لڑنے کی بجائے سندھ حکومت سے لڑتی رہی۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ایک خاتون سمیت مزید تین افراد میں کورونا کی تشخیص, ایم اے جرال، صحافی
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی کے مطابق خطے میں ایک خاتون سمیت مزید تین افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، جس کے بعد اس خطے میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 71 ہو گئی ہے۔
ان کے مطابق ان تینوں متاثرہ افراد کا تعلق ضلع کوٹلی سے ہے جن میں ایک خاتون سمیت دو افراد سرگودھا میں وفات پانے والے اس شخص کے قریبی رشتہ دار ہیں جن کی میت کو تدفین کی غرض سے سرساوہ کوٹلی لایا گیا تھا۔
ان کے مطابق یہ دونوں افراد سرگودھا سے میت کے ہمراہ آنے والے لواحقین سے متاثر ہوئے ہیں۔
وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی نے بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے دوسرے ایک شخص کا تعلق کھوئی رٹہ سے ہے جس نے گزشتہ ماہ کراچی سے کھوئی رٹہ کا سفر کیا اور یہاں پہنچنے پر انھیں قرنطینہ سنٹر منتقل کیا گیا اور ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔
اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 میں کورونا کے نو نئے مریض
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 میں کورونا وائرس کے نو نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات کے مطابق سیکٹر آئی 10 میں 70 لوگوں کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے نو کی رپورٹ مثبت جبکہ 57 کی منفی آئی ہے۔
وہ پاکستانی ڈاکٹرز جو چوبیس گھنٹے ڈیوٹی پر ہیں!
کورونا وائرس سے متاثرہ یا اس وائرس کے مشتبہ مریضوں کا علاج کرنے والے بہت سے ڈاکٹر اور دیگر طبی عملہ ان دنوں تقریباً چوبیس گھنٹے ڈیوٹی پر رہتے ہیں اور اپنے گھر والوں سے نہیں مل سکتے۔
ایسے ہی ایک ڈاکٹر ضیا اللہ خان ہیں جو خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں صبح اپنی ڈیوٹی سر انجام دیتے ہیں اور شام کو سوات کے مقامی ریڈیو پر جاری پروگرام ریڈیو کلینک میں لوگوں کو مشورے اور علاج تجویز کرتے ہیں۔
بلوچستان: کورونا کے 1172 متاثرین میں سے 1019 مقامی منتقلی کے کیس, محمد کاظم، نامہ نگار، کوئٹہ
بلوچستان میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کا شمار کورونا کے حوالے سے سب سے زیادہ متاثرہ شہروں میں ہوتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ کورونا کی مقامی منتقلی کے سب سے زیادہ کیسز کوئٹہ سے رپورٹ ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق بلوچستان میں 86.6 فیصد کیسز میں وائرس مقامی طور پر منتقل ہوا ہے۔
محکمہ صحت کی یومیہ رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں کورونا کے مجموعی 1172 متاثرین میں سے مقامی منتقلی کے کیسز کی تعداد 1019 ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان 1019 کیسز میں 882 کیسز کوئٹہ سے رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ کوئٹہ شہر سے سب سے زیادہ کیسز خروٹ آباد کے علاقے سے سامنے آئے ہیں جن کی تعداد 123 ہے۔
کوئٹہ کے بعد سب سے زیادہ کیسز پشین سے رپورٹ ہوئے جن کی تعداد 45 ہے جبکہ تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ جعفرآباد سے کیسز سامنے آئے جن کی تعداد 21 ہے۔
دیگرعلاقوں میں سے چاغی سے 15، لورالائی سے7، خضدار سے ایک، مستونگ سے 14، خاران سے تین، نوشکی سے دو، قلعہ عبد اللہ سے 9، سبی سے 8، زیارت سے 6 پنجگور سے 4 اور ہرنائی سے دو کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
کورونا لاڈلا کھیلن کو مانگے چاند رے
چینل 24 اور سٹی 42 کے چیف ایگزیکٹو کا ہیڈ آفس بند کرنے کا فیصلہ
پاکستان کے نجی ٹی وی چینل 24 نیوز اور سٹی 42 کے چیف ایگزیکٹو محسن نقوی نے کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر لاہور میں چینل کا ہیڈ آفس بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انھوں نے کہا کہ سوموار سے ان کا 90 فیصد سٹاف گھروں سے کام کرے گا۔
مسلم لیگ (ن): حکومت اپنی ترجیحات درست کرے
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کورونا کے مریضوں کے لیے ’پنجاب میں ہسپتالوں میں بیڈز کی عدم دستیابی‘ پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ’کورونا کی بڑھتی تعداد اور ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے بیڈز کی عدم دستیابی پریشان کن اور لمحہ فکریہ ہے۔
حکومت بیان بازی اور پریس کانفرنسوں کے بجائے ہسپتالوں کے انتظامی امور پر فوری توجہ دے۔‘
انھوں نے مریضوں کو فوری بیڈز مہیا کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ صورتحال کو سنجیدگی سے لیا جائے۔
’حکومت اپنی ترجیحات درست کرے، تمام ہسپتالوں کے انتظامی امور کا فی الفور جائزہ لیا جائے۔‘
اسد عمر: لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ صوبوں سے مشاورت کے بعد ہوگا
وفاقی وزیر اسد عمر نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ 9 مئی تک ملک میں بندشیں برقرار رہیں گی۔ تاہم اس میں توسیع کا فیصلہ صوبوں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اس وقت ہمارا ہدف یہ ہے کہ صحت کے نظام پر بوجھ پیدا نہ ہو۔۔۔ پاکستان میں کورونا کے متاثرین اور اموات بڑھ رہی ہیں۔‘
انھوں نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں تمام صوبوں سے مشاورت کے بعد قومی رابطہ کمیٹی میں مزید فیصلے کیے جائیں گے۔
’ہم مغربی ممالک کی اندھی تقلید نہیں کرسکتے۔۔۔ سب کچھ ایک دم کھولنے سے صحت کا نظام مفلوج ہوسکتا ہے۔‘
اسد عمر نے تسلیم کیا کہ 20 ہزار ٹیسٹنگ روزانہ کا ہدف حاصل کرنے میں کچھ وقت لگ رہا ہے اور اس کے لیے مزید ایک ہفتہ درکار ہوسکتا ہے۔
’کل نو ہزار سے زیادہ ٹیسٹ ہوئے ہیں۔ ہم نے ٹیسٹنگ کی صلاحیت میں 19 گنا اضافہ کیا ہے۔‘
سندھ میں 363 نئے مریض, کل متاثرین 7465، اموات 130
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ آج 363 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 231 کراچی کے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ سندھ میں اس وقت کورونا کے 7465 کیسز ہوچکے ہیں۔
’آج 214 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو جا چکے ہیں۔ مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 1555 ہے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 8 مریض ہلاک ہوچکے ہیں اور کل اموات 130ہوگئی ہیں۔
’اس وقت تک 5780 کورونا کے مریض زیرِ علاج ہیں۔‘
پنجاب: مزید 638 افراد میں کورونا کی تشخیص, کل متاثرین 7494، اموات 121
صوبائی محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں مزید 638 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ اس سے کل مصدقہ متاثرین کی تعداد 7494 ہو گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق 768 زائرین، 1926 رائے ونڈ تبلیغی جماعت سے منسلک افراد، 86 قیدیوں، 4714 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔
اب تک صوبے میں 121 اموات ہوئی ہیں جبکہ 2591 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔
عام شہروں میں سب سے زیادہ لاہور میں کورونا وائرس کے 2476 مصدقہ مریض ہیں۔
بریکنگ, پاکستان میں کل 19,855 مصدقہ متاثرین, اموات کی تعداد 449 ہوگئی
پاکستان کے صوبہ سندھ اور پنجاب میں کورونا وائرس کے نئے متاثرین میں اضافہ ہوا ہے۔
کل مصدقہ متاثرین کی تعداد 19,855 ہوگئی ہے جبکہ 449 اموات پیش آئی ہیں۔
اب تک 5416 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔
بریکنگ, اسد عمر: پاکستان میں ایک کروڑ 80 لاکھ افراد بے روزگار ہوسکتے ہیں
وفاقی وزیر اسد عمر نے سرکاری اعداد و شمار بتاتے ہوئے کہا کہ ایک حکومتی تحقیق کے مطابق کم از کم دو کروڑ سے لے کر سات کروڑ افراد معاشی بندشوں کی وجہ سے غربت کی لکیر سے نیچے جا سکتے ہیں۔
انھوں نے ایک دوسری تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کورونا اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے زیادہ سے زیادہ ایک کروڑ 80 لاکھ افراد بے روزگار ہوسکتے ہیں۔
’گیلپ کے ایک سروے میں ہر چار میں سے ایک پاکستانی نے خوراک میں کمی کی نشاندہی ہے۔‘
دنیا بھر میں طبی عملہ بڑی تعداد میں کووڈ 19 کا شکار کیوں ہو رہا ہے؟
بریکنگ, اسد عمر: موجودہ صورتحال جاری رہی تو آئندہ ماہ 720 اموات ہوسکتی ہیں
وفاقی وزیر اسد عمر نے بتایا ہے کہ آنے والے ایک ماہ میں کورونا سے 720 اموات ہوسکتی ہیں اگر موجودہ صورتحال جاری رہتی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہر ماہ 4800 سے زائد افراد ٹریفک حادثات میں ہلاک ہوتے ہیں۔
انھوں نے لوگوں سے مطالبہ کیا ہے کہ سماجی فاصلے کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ اس وبا سے بچا جاسکے۔
بریکنگ, اسد عمر: پچھلے چھ دنوں کے دوران روزانہ اوسطاً 24 اموات ہو رہی ہیں
اسلام آباد میں وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ موجودہ لاک ڈاؤن اور بندشیں نو مئی تک جاری رہیں گی اور نو مئی سے قبل قومی رابطہ کمیٹی کے میٹنگ میں اس سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
انھوں نے بتایا ہے کہ ’پچھلے چھ دنوں کے دوران 24 اموات روزانہ کی اوسط ہے۔ یہ اچھی خبر نہیں ہے۔‘
’گذشتہ 46 دنوں میں پاکستان میں ہر 10 لاکھ شہریوں میں سے دو افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔‘
انھوں نے بتایا کہ یہ اعداد و شمار انڈیا میں ایک، سپین میں 414، اٹلی میں 305 اور امریکہ میں 116 ہیں۔
بریکنگ, وزیر خارجہ: پاکستان ویکسین کی تیاری کے لیے تمام ممالک سے رابطے میں ہے
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لاہور میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ویکسین کی تیاری کے لیے چین سمیت تمام ممالک سے رابطے میں ہے۔
’پاکستان سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر ہمارے ملک کے سفیر ہیں۔‘
انھوں نے کہا ہے کہ برآمدات گِرنے سے زرِ مبادلہ پر اثر پڑے گا۔ مشرق وسطیٰ میں پاکستانی بےروزگار ہوں گے جس سے ترسیلات پر اثر پڑے گا۔
’اسی لیے عمران خان نے عالمی سطح پر قرضوں کی شرائط میں نرمی کا مطالبہ کیا ہے۔‘
گذشتہ ہفتے کا پاکستان تصاویر میں
وزیر اعلیٰ سندھ کی افطار پارٹی کی تصاویر، حقیقت کیا ہے؟
وزیر اعلیٰ سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کو بدنام کرنے کے لیے ایک باقاعدہ مہم چلائی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ایسی تصویر شیئر کی جا رہی ہے جس میں مراد علی شاہ پاکستان پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ گذشتہ سال افطار پارٹی پر موجود ہیں۔
’رواں سال ایسی کوئی تقریب نہیں ہوئی کیونکہ تمام سماجی اجتماعات پر پابندی ہے۔ یہ تصویر مئی 2018 کی ہے۔‘
صحافی اور سوشل میڈیا کے صارف سنجے سادھوانی نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بھی اس دعوت پر موجود تھے جو گذشتہ سال ہوئی تھی۔